پانامہ کا فیصلہ آتے ہی وزارت اور اسمبلی رکنیت چھوڑ دونگا

اسلام آباد (کرائم رپورٹر) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے پاناما لیکس عملدرآمد کیس کا کوئی بھی فیصلہ آنے پر وزارت اور قومی اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دینے کا اعلان کردیا۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ پریس کانفرنس سے متعلق کسی کو اطلاع نہیں دی، یہ پریس کانفرنس وبال جان بن گئی تھی، آج زندگی کی مشکل پریس کانفرنس ہے جس میں سوالات کے جوابات نہیں دوں گا اور چند دنوں بعد میڈیا سے کھل کر بات کروں گا۔  پنجاب ہاوس مٰن پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کابینہ کے اجلاس میں بہت سی باتیں کیں، کابینہ میں کی گئی کچھ باتیں غلط رپورٹ ہوئیں، میں کسی سے ناراض نہیں ہوں، نواز شریف اور پارٹی کے لیے اپنی ذات ایک طرف رکھ کر خدمت کی، پارٹی اور قیادت پر مشکل وقت ہے، ایسے وقت میں پارٹی سے کیوں الگ ہوں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ 33سال سے پارٹی کے ہر اجلاس میں شریک ہوتا ہوں، لیکن گزشتہ ڈیڑھ ماہ کے دوران اہم اجلاس میں نہیں بلایا گیا اور میں بن بلائے کسی اجلاس میں نہیں جاتا۔  وزیر داخلہ نے کہا کہ میں نے کوئی ٹرین مس نہیں کی، کسی آوارہ ٹرین کا مسافر نہیں ہوں، پریس کانفرنس سے پہلے شہباز شریف، اسحٰق ڈار اور سعد رفیق نے رابطہ کیا، اتوار اور پیر کی پریس کانفرنس میں بڑا اعلان کرنا تھا، اعلان تجزیوں کے مطابق ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے بانی اراکین میں شامل ہوںانہوں نے کہا کہ 1985 میں جو لوگ پارٹی بنانے میں نواز شریف کے ساتھ تھے ان میں صرف میں بچا ہوں، باقی سب لوگ یا تو پارٹی چھوڑ گئے یا دنیا چھوڑ گئے۔  ان کا کہنا تھا کہ مخالفین بھی اس بات کا اعتراف کرتے ہیں کہ چوہدری نثار پارٹی نہیں چھوڑ سکتا، جمعرات کو پنجاب ہاﺅس اسلام آباد میں پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ میں نے سینکڑوں پریس کانفرنس کی ہیں لیکن یہ سب سے مشکل پریس کانفرنس ہے ، ،میڈیا کو شارٹ نوٹس پر طلب کیا ہے، سینئر پارٹی رہنماو¿ں کو بھی اس بارے میں اطلاع نہیں دی تھی، میاں شہباز شریف اور دیگر رفقاءنے کہا کہ ہم یہاں بیٹھے ہیں اور آپ پریس کانفرنس کر رہے ہیں، مگر میں نے کہا کہ یہ معاملہ چونکہ پریس کانفرنس سے شروع ہوا تھا، اس لئے اب یہ پریس کانفرنس ناگزیر ہو چکی ہے، میرے لئے یہ پریس کانفرنس وبالِ جان بن چکی تھی۔ زندگی کی مشکل پریس کانفرنس ہے جس میں سوالات کے جوابات نہیں دوں گا اور چند دنوں بعد میڈیا سے کھل کر بات کروں گا۔انہوں نے کہا کہ چند دن پہلے میں نے پریس کانفرنس کا اعلان کیا تھا کیونکہ اس کی ضرورت اس لئے پیش آئی کہ کابینہ کا کلوز سیشن تھا جس میں صرف وزراءتھے اور سرکاری افسران نہیں تھے ۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس کے دوران میں نے جو کچھ کہا تھا ان میں سے کچھ باتیں صحیح طریقے سے باہر گئیں جبکہ کچھ کا تاثر غلط دیا گیا ۔ میں کسی سے ناراض نہیں ہوں وزیرِ داخلہ نے کہا کہ میں اندر سے مشکلات اور سازشوں کا شکار رہا ہوں، میں ضرورت سے زیادہ منہ پر بات کرنے کا عادی تھا، مخالفین 1985ءسے مجھ پر ایک ہی الزام لگاتے آئے ہیں، میں نے گزشتہ پریس کانفرنس میں بڑا فیصلہ کر لیا تھا، وہ فیصلہ وہی تھا جو تجزیے کئے جا رہے تھے، پارٹی کے اندر مخالفین کے پاس میرے خلاف کچھ نہیں ہوتا،نواز شریف اور پارٹی کیلئے اپنی ذات ایک طرف رکھ کر خدمت کی ۔ پارٹی اور قیادت پر مشکل وقت ہے ایسے وقت میں پارٹی سے کیوں الگ ہونگا۔ انہوں نے کہا کہ 33 سال سے پارٹی کے ہر اجلاس میں شریک ہوتا رہا ہوں لیکن گزشتہ ڈیڑھ ماہ کے دوران اہم اجلاس میں بھی نہیں بلایا گیا اور میں بن بلائے کسی اجلاس میں نہیں جاتا ۔وزیر داخلہ نے کہا کہ میں نے تمام عمر نواز شریف کے سامنے سچ کہنے کی جسارت کی، سچ کتنا بھی کڑوا ہو نواز شریف کے سامنے کہتا تھا، مشکل ترین وقت آیا تو اندر سے سازش چلی، مجھے مشاورتی عمل سے الگ کر دیا گیا، ہر مقام سے میرے خلاف پراپیگنڈا کیا گیا، 3 ماہ پہلے میاں صاحب کے سامنے غلطیوں کی نشاندہی کی، میاں صاحب سے پوچھا کہ غلطیوں کی نشاندہی کرتا رہوں یا نہیں تو انہوں نے کہا کہ نہیں چودھری صاحب آپ کرتے رہیں، مجھے آپ کی باتیں بہت اچھی لگتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ 1985 میں جو لوگ پارٹی بنانے میں نواز شریف کے ساتھ تھے ان میں سے میں ہی بچا ہوں باقی سب لوگ یا تو پارٹی چھوڑ کر چلے گئے یا دنیا چھوڑ گئے ۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین بھی اس بات کا اعتراف کرتے ہیں کہ چوہدری نثار پارٹی نہیں چھوڑ سکتا لیکن جب مشکل وقت آیا تو پھر سازش چلی اور مجھے مشاورتی عمل سے الگ کر دیا گیا کچھ لوگ دیکھ رہے تھے کہ جگہ خالی ہو جائے تو ہمارا راستہ بن جائے ۔ حکمران سے اصل وفاداری تو یہ کہے کہ انہیں حقیقت کے بارے میں بتایا جائے میں نے وزیراعظم سے کہا کہ آپ نے دوسروں کی باتیں کیوں سنیں ؟ آپ مجھے بلا کے پوچھ لیتے لیکن جب حالات نہیں سنبھلے تو ایک انتہائی فیصلہ کیا ۔چودھری نثار نے کہا کہ میں تین موضوعات پر بات کرنا چاہتا ہوں، ایک، مجھ پر فوج سے قربت کا الزام لگایا جاتا ہے، دوسرا میں ڈان لیکس پر بات کرنا چاہتا ہوں، تیسرا پارٹی میں کچھ لوگ میرے خلاف میاں صاحب کو شکایتیں لگاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں نے 33 سال اپنی ذات کو ایک ہی طرف رکھ کر ساری زندگی داﺅ پر لگائی اس لئے مشکل وقت میں کیوں پارٹی سے منہ موڑوں گا ۔ مجھے صرف تین میٹنگز میں بلایا گیا جن میں نیشنل سیکیورٹی اجلاس ، کابینہ اجلاس اور پارلیمانی پارٹی کے اجلاس شامل تھے پہلے دونوں اجلاسوں میں میں گیا جبکہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں عرصہ دراز سے نہیں گیا ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ میں نے کوئی ٹرین مس نہیں کی میں کسی آوارہ ٹرین کا مسافر نہیں ہوں 33 سال سے اسی ٹرین کا سوار ہوں حالات کچھ بھی ہوں ٹرین نہیں بدلی شیخ رشید جیسے لوگ ٹرین بدلتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف ، اسحاق ڈار، شاہد خاقان عباسی ، خواجہ سعد رفیق بضد تھے کہ میں پریس کانفرنس نہ کروں مگر میں نے کہا کہ میں اعلان کر چکا ہوں دوستی کا مجھ پر بہت بوجھ ہے ۔ پیر کو جو پریس کانفرنس کرنا تھی تو ایک بڑا فیصلہ کر لیا تھا جو تجزیوں کے عین مطابق تھا جس شخص نے زندگی کے 33 سال پارٹی کو دیئے نواز شریف نے پارٹی کو اپنی محنت اور ثابت قدمی سے ثابت کیا اس میں چند اور دوست بھی شامل ہیں مجھے فخر ہی نہیں بلکہ اطمینان ہے کہ میں اگلی صفوں میں کھڑا ہونیوالا ہوں۔رانا تنویر آفتاب شیخ سردار مہتاب اور سرتاج عزیز اس وقت سر کردہ لیڈر نہیں تھے جبکہ میں پارٹی کی فرنٹ لائن پر تھا ۔ جس شخص نے 33 سال اس پارٹی کو دیئے وہ مشکل وقت میں کیسے ساتھ چھوڑ سکتا ہے ۔ میں مشکور ہوں میڈیا اور اپوزیشن رہنماﺅں کا جنہوں نے یہ کہا ہے کہ نثار سے 100 اختلافات ہوں لیکن وہ پارٹی نہیں چھوڑے گا میرے لئے اس سے بڑا تغمہ اور اطمینان نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے میاں صاحب کو ہمیشہ صحیح مشورہ دیا یہ وفاداری نہیں کہ میں غلط کو غلط کہوں میں بہت گنہگار آدمی ہوں میں منافقت نہیں کر سکتا سیدھے راستے پر چلنے کی کوشش کرتا ہوں میں نے کابینہ میں کہا کہ مجھے وہ جگہ اور مقام پتہ ہے کہ کس نے کیا بات کی؟چودھری نثار نے کہا کہ 1999 ءمیں کابینہ میں خوشامد پر خوشامد ہو رہی تھی، میں نے میاں صاحب کو کہا کہ خوشامد پر پابندی لگانی چاہئے اور اس کا آغاز کابینہ سے کریں ، اس بات پر خاموشی ہو گئی، جب حالات نہیں سنبھلے تو پھر بڑا فیصلہ کیا، میرا ارادہ تھا کہ میں ڈان لیکس کے حوالے سے بات کروں، ایک شخص کے مالی اور اخلاقی ایشوز ہیں، فوج سے قربت کے حوالے سے بات کرنا چاہتا تھا، ہمیشہ سول اور فوجی تعلقات میں توازن قائم کرنے کی کوشش کی، مجھ پر فوج سے قربت کے الزام 85ءسے لگ رہے ہیں، اپنے خاندان کے فوجی پس منظر پر فخر ہے۔ دادا سے لے کر میری کئی نسلیں فوج میں خدمات سر انجام دی رہی ہیں میرے والد اور بھائی فوج میں تھے ،میرے تین بہنوئی فوجی ہیں اس پر مجھے فخر ہے لیکن میں ایک سیاستدان ہوں اور میں نے کبھی سول بالادستی پر سمجھوتہ نہیں کیا ۔ جب 1991 ءمیں جنرل بیگ گلف وار پر بیان دیا تو اس کا جواب میں نے دیا حالانکہ میں جنرل بیگ سے بہت اچھے تعلقات تھا ۔ میں نے وہ بیان اپنی وجہ سے نہیں نواز شریف حکومت کی وجہ سے دیا ۔ میرے تعلقات دو تین سال جنرل بیگ سے پھر بہتر نہیں رہے جب جنرل آصف نواز جنجوعہ نے حکومت کے مینڈیٹ کیخلاف ایم کیو ایم کیخلاف ایکشن لیا تو اس پر میں بولا یہ میری کوئی ذاتی بات نہیں تھی میں جنرل مشرف کو کرنل کے زمانے سے جانتا ہوں لیکن جب حکومت کو فارغ کیا گیا تو میری ان کے ساتھ دشمنی کی حد تک مخالفت ہوئی جنرل کیانی جنرل راحیل شریف اور جنرل موجود ہیں میں نے کبھی اپنی لیڈر شپ کیخلاف کبھی ایک لفظ تک نہیں کہا جنرل پاشا کے ساتھ تعلقات بہت اچھے تھے لیکن میں اس حد تک گیا کہ اگر ان کو توسیع ملی تو سپریم کورٹ جاﺅں گا ، جنرل مشرف کو کرنل بننے کے وقت سے جانتا تھا لیکن جب اس نے ہماری حکومت کا تختہ الٹا تب سے جنرل مشرف سے دشمنی کی حد تک مخالفت ہوئی۔چودھری نثار نے کہا کہ ہمیشہ حکومت اور لیڈر شپ کی بات کو آگے رکھا، جنرل پاشا سے بہت قربت تھی، جنرل پاشا نے زیادہ سیاسی مداخلت کی تو شدید مخالفت کی، یہاں تک کہا کہ اگر جنرل پاشا کو دوبارہ توسیع ملی تو کورٹ جاو¿ں گا، سویلین اتھارٹی پر کبھی کمپرومائز نہیں کیا، جنرل بیگ نے 91ءمیں گلف وار پر حکومت کے مینڈیٹ کے خلاف بیان دیا تو انہیں سخت جواب دیا، میرے علاوہ کابینہ میں سے اور کوئی نہیں بولا، سیاست سے جی اچاٹ ہو گیا ہے میں نے فیصلہ کر لیا تھا کہ پانامہ کیس کا فیصلہ آتے ہی استعفیٰ دے دوں گا، سپریم کورٹ کا جو بھی فیصلہ آیا، استعفیٰ دوں گا، آئندہ الیکشن بھی نہیں لڑوں گا، سیاست میں لوگوں نے اپنے بت بنائے ہوئے ہیں، میں نے ہمیشہ عزت کے لئے سیاست کی ہے، آج گالم گلوچ کی سیاست ہو رہی ہے، سیاست بہتان اور مذاق بن گئی ہے، اللہ کرے فیصلہ وزیر اعظم کے حق میں آئے، وزیر اعظم انتہائی شریف النفس انسان ہیں۔وزیر داخلہ نے کہا کہ نواز شریف کی شرافت سے لوگ فائدہ اٹھاتے ہیں، میں نے نواز شریف کا درد محسوس کیا ہے، فیصلہ ہمارے خلاف آیا تو چٹان کی طرح سب سے آگے ہوں گا۔ انہوں نے وزیر اعظم کو مشورہ دیتے ہوئے کہا، میاں صاحب فیصلہ حق میں آیا تو پاو¿ں زمین پر رکھئے گا، اگر فیصلہ خلاف آئے تو صبرو تحمل سے کام لیں، آپ کے اردگرد لوگ مخالفین کے سر قلم کرنے کو کہیں گے، پارٹی کو قائم دائم رکھیں، میں پچھلی صفوں میں آپ کے ساتھ ہوں گا، میاں صاحب آپ کو اس قوم نے بہت کچھ دیا ہے، آپ قوم کی خاطر عدالت کا فیصلہ قبول کریں۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ اپنی سپیس چاہتے ہیں مگر میں کسی عہدے کا خواہشمند یا امیدوار نہیںہوں عزت عہدوں سے نہیں کردار سے آتی ہے میں اپنے کردار کے حوالے سے بہت حساس ہوں۔سپریم کورٹ کا فیصلہ تمام سیاسی پارٹیوں اور قوم کو قبول کرنا ہو گا ہماری پارٹی سے بہت سے لوگوں کو خدشات ہیں میں ان سے اتفاق کرتا ہوں انہوں نے کہا کہ ہمیں اداروں میں ہم آہنگی رکھنی ہے اس پر بات کر کے میں پہلے ہی نقصان اٹھا چکا ہوں ۔ بنگلہ دیش بننے کے بہت سے عوامل تھے مگر الزام جنرل یحییٰ پر آیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ملک اس وقت شدید مشکلات سے دوچار ہے ہمیں گھیرے میں لیا جا رہا ہے وزیراعظم نے صرف اپنا نہیں ملک کا بھی تحفظ کرنا ہے دو سویلین اور دو فوج کے لوگوں کو پتہ ہے کہ ملک کن خطرات سے دو چار ہے ۔پاکستان کے ارد گرد بہت گہرے بادل منڈلا رہے ہیں ایسے حالات میں قوم کو یکجا ہونے پڑے گا اگر ہم ہارے بھی تو دل بڑا کر کے قوم کو یکجا کریں۔

ورلڈ ہیپاٹائٹس ڈے

ڈاکٹرنوشین عمران
ہیپا ٹائٹس جگر میں انفکشن کا باعث ہونے والی سوزش اور ورم کا نام ہے۔ انفکشن کی زیادہ تر وجہ وائرس ہے جبکہ بعض اوقات شراب، کچھ ادویات کا بے جا استعمال یا انسان کے اپنے مدافعاتی نظام کی خرابی بھی اس کا باعث بن سکتی ہے۔ طبی سائنس جگر کو انسانی جسم کا سب سے برا عضو اور گلینڈ تصور کرتی ہے جو جسم کے سب سے اہم کام سرانجام دیتا ہے۔ جس کاکام جسم کے فاسد زہریلے مادے نکالنا، وٹامنز اور کئی ضروری غذائی اجزا کو ذخیرہ کرنا، خوراک ہضم کرنا اور جسم کی ضرورت کے مطابق اس خوراک سے توانائی حاصل کرنا (میٹابولزم کا عمل) جسمانی ضرورت کے مطابق پروٹین تیار کرنا، خوراک ہضم کرنے کے لئے کیمیکل بنانا، شوگر اور کولیسٹرول کی مقدار کو توازن میں رکھنا، گلوکوز ذخیرہ کرنا اور ضرورت پڑنے پر اس سے توانائی حاصل کرناہے۔ جسم کے یہ سب سے اہم کام جگر کے خراب ہونے پر متاثر ہو جاتے ہیں۔ آج کل جگر خرابی کی سب سے بڑی وجہ وائرس سے ہونے والی انفکشن ہے۔ اگر انفکشن چھ ماہ سے کم ہے تو Acute کہلائے گی اور اگر اس کا دورانیہ چھ ماہ سے بڑھ جائے تو Chronic کہلائے گی۔ وائرس سے ہونے والے انفکشن عموماً وائرس A,B,C,D,E سے ہوتے ہیں۔
وائرس سی ‘C’ سے ہونے والا ہیپاٹائٹس بڑی خاموشی سے جگر کو نقصان پہنچاتا ہے۔ اس وائرس کے کرانک ہونے یا دائمی ہونے کا رسک سب سے زیادہ ہے۔ جگر کو جتنا زیادہ نقصان ہو گا، جگر کے سرطان کا خطرہ بھی اتنا ہی بڑھ جائے گا۔ البتہ یہ عمل سالوں پر محیط ہے۔ سی وائرس خون کے ذریعے ایک سے دوسرے شخص میں منتقل ہوتا ہے۔ متاثرہ شخص کی استعمال کردہ سرنج، سوئی، بلیڈ، ناک کان چھدوانے والا آلہ، جسم پر ٹیٹو بنوانے کا آلہ، دانت کا علاج کرنے والے آلات یا ایسے کوئی بھی آلات جو جسم میں داخل ہو کر جلد کے اندر یا خون میں شامل ہوں، وائرس کو منتقل کرنے کی وجہ بنتے ہیں۔ سی وائرس سے زیادہ علامات نہیں ہوتی اگر ہوں تو بھوک کی کمی، وزن میں کمی، متلی قے، جسم پر خارج، پیلی رنگت ہو سکتے ہیں۔ 2012ءتک اس کے علاج کے لئے صرف انٹرفیرون شیکے استعمال کہے جاتے تھے لیکن اب گولیوں کی صورت قدرے سستی ادویات دستیاب ہیں جیسا کہ رائیبادین، پروٹینیز، ڈی اے اے وی۔ علاج کا دورانیہ چوبیس سے چالیس ہفتے ہو سکتا ہے۔
ہیپاٹائٹس بی کے پھیلاﺅ کے طریقے بھی وائرس سی جیسے ہی ہیں۔ حاملہ ماں سے بچے کو اور ازدواجی تعلقات سے بھی وائرس پھیلتا ہے۔ ماں سے بچے کو منتقل ہونے والے 95 فیصد بچوں میں مرض دائمی کرانک بن جاتا ہے۔ ایسے مریض جن میں یرقان ہو جائے ان میں کرانک سٹیج کا خدشہ کم ہو جاتا ہے۔ ہیپاٹائٹس بی کی علامات فلو، نزلہ، زکام، ہلکا بخار، تھکن، جسم درد، سردرد، متلی، بھوک کی کمی، پیٹ درد، دست یا قبض، جلد پر دھبے، یرقان، جوڑوں میں درد ہو سکتی ہیں۔ ہیپاٹائٹس بی کی ویکسین دستیاب ہے جس کا کورس مکمل کروانے سے مرض سے بچاﺅ ممکن ہے۔
ہیپاٹائٹس اے A کا وائرس فضلے سے خارج ہوتا ہے اور آلودہ پانی اور خوراک سے صحت مند شخص میں منتقل ہوتا ہے۔ یہ کچھ عرصہ میں جسم سے ختم ہو جاتا ہے لیکن اس کی علامات میں یرقان، قے متلی، دست، بخار سرفہرست ہیں۔
دنیا بھر میں ہونے والی زیادہ تر ہلاکتیں وائرل ہیپاٹائٹس اور اس کی پیچیدگی کے باعث ہوتی ہیں۔
٭٭٭

بلا مقابلہ سینیٹر منتخب ہو کر پی پی کی سیٹ چھین لی

اسلام آباد(اے این این) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما آصف کرمانی بلا مقابلہ سینیٹر منتخب ہوگئے۔ سینیٹ کی یہ نشست پیپلز پارٹی چھوڑ کر پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہونے والے ڈاکٹر بابر اعوان کے مستعفی ہونے کے بعد خالی ہوئی تھی۔الیکشن کمیشن کے مطابق بابر اعوان کے استعفے کے بعد ان کی نشست کے لیے آصف کرمانی کے علاوہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما محمد نعمان اور آزاد امیدوار سرفراز قریشی نے کاغذات جمع کرائے تھے۔تاہم محمد نعمان نے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے جبکہ آزاد امیدوار سرفراز قریشی کے کاغذات اعتراض کے بعد مسترد کردیئے گئے، جس کے بعد آصف کرمانی کو بلا مقابلہ سینیٹر منتخب کردیا گیا۔آصف کرمانی کے مقابلے پر پاکستان تحریک انصاف، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ق سمیت کسی اپوزیشن پارٹی نے امیدوار کھڑا نہیں کیا۔مذکورہ نشست کے لیے آزاد امیدوار خرم قریشی نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے تاہم وہ تکنیکی بنیادوں پر مسترد کر دیے گئے تھے جبکہ ن لیگ کے ایک اور امیدوار ملک نعمان احمد لنگڑیال نے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے تھے۔آصف کرمانی کے منتخب ہونے کے بعد مسلم لیگ ن 27 ارکان سینیٹ کے ساتھ ایوان میں پہلے نمبر پر آگئی جبکہ پیپلز پارٹی کا دوسرا نمبر ہے۔آصف کرمانی اس سے قبل وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور کے طور پر کام کر رہے تھے۔واضح رہے کہرواں سال جون میں سینیٹر اور سابق وفاقی وزیرِ قانون ڈاکٹر بابر اعوان نے پی پی پی سے 21 سالہ رفاقت کو ختم کرتے ہوئے پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا تھا، انھوں نے یہ اعلان اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کے اعزاز میں دی گئی افطار پارٹی کے موقع پر کیا تھا۔

تیسری با ر بھی مدت پو ری نہ کر نیوالے واحد وزیر اعظم،اہم خبر

اسلام آباد(ویب ڈیسک)سپریم کورٹ کے تاریخی فیصلے کے بعدنواز شریف تیسری بار بھی اپنی مدت مکمل کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکے تاہم یہ ان کا طویل ترین دور حکومت تھا۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے پانچوں ججوں نے پاناماکیس پر وزیراعظم نواز شریف کو نااہل قرار دےدیا۔اس سے قبل بھی نواز شریف دو مرتبہ وزارت عظمیٰ پر فائز ہوئے لیکن اپنا دور اقتدار مکمل نہ کر پائے تھے۔ پہلی بار انہیں 93 میں صدر غلام اسحاق خان نے 58 ٹو بی کے تحت عہدے سے فارغ کیا تھا جس کے بعد 99 میں انہیں مشرف نے مارشل لا کے ذریعے باہر کردیا تھا۔ دونوں بار ہی نواز شریف اپنی وزارت عظمیٰ کے تیسرے سال میں تھے اور اب وہ اپنی حکومت کے آخری سال میں عہدے سے فارغ ہوئے ہیں اور وہ پاکستان کی تاریخ کے پہلے شخص ہیں جو تین دفعہ وزیر اعظم بنے اور تینوں بار ہی اپنی مدت مکمل نہ کر سکے۔

وہ دن دور نہیں جب۔۔۔۔۔۔سابق وزیر مملکت برائے اطلاعات کا تازہ بیان

اسلام آباد (ویب ڈیسک)وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نوازشریف کو وزیراعظم کی کرسی کی ضرورت نہیں ، پاکستان کا کوئی بھی وزیر اعظم ہو عوام کے دلوں کا وزیرا عظم نوازشر ہے اور وہ دن دور نہیں جب نوازشریف پاکستان کے چوتھی دفعہ منتخب وزیر اعظم ہونگے۔پاناما کیس کے فیصلے میں وزیر اعظم کی تاحیات نااہلی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قانونی ماہرین سے مشورہ کر کے آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ کریں گے ، ”کارکنوں سے کہنا چاہتی ہوں آپ کی قیادت پر ایک پیسے کی سرکاری کرپشن ثابت نہیں ہوئی “۔ نوازشریف وہ حقیقت اور تاریخ ہیں جسے کسی بھی طرح پاکستان کے عوام کی خدمت سے روکا نہیں جا سکتا۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ نواز کو سیاسی منظر سے ہٹایا گیا۔ پاکستان کے دلوں کا وزیر اعظم نوازشریف ہے تاہم آج سپریم کورٹ کے فیصلے سے حیرانی ہوئی ہے۔ نواز لیگ ایک حقیقت ہے اور پورے ملک میں سب سے زیادہ کارکن ہماری جماعت کے ہیں۔مشورہ کر کے اگلے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے اور عوام ہمارے ساتھ ہونگے۔

عابد شیر علی کو کھلاڑیو ں نے گھیر لیا ،پھر کیا ہوا ،دلچسپ خبر

اسلام آباد(ویب ڈیسک)وفاقی وزیر مملکت عابد شیر علی کو تحریک انصاف کے کارکنوں نے گھیر لیا۔گو نواز گو، وزیراعظم عمران خان وزیراعظم عمران خان کے نعرے لگائے۔تفصیلات کے مطابق پاناماکیس کافیصلہ آنے کے بعد عابد شیر علی کمرہ عدالت سے باہر آئے تو تحریک انصاف کے کارکنوں نے انہیں گھیر لیا اور نعرے بازی کی جس پر بجلی کی طرح حکومتی رکن کچھکہے بغیر وہاں سے چل دیئے۔

نااہلی کے فیصلے کے بعدمرکزی لیگی رہنماءبھی میدان میں آگئے،اہم اعلان متوقع

اسلام آباد (ویب ڈیسک) پانامہ کیس میں نواز شریف کی وزارت عظمیٰ سے نااہلی کے بعد لیگی رہنما?ں نے بھی نیوز کانفرنس کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق خواجہ سعد رفیق اور شاہد خاقان عباسی ساڑھے چار بجے نیوز کانفرنس کریں گے جس میں بیرسٹر سیف اللہ اور زاہد حامد بھی شریک ہوں گے۔پانامہ کیس میں سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد مسلم لیگ (ن) کی جانب سے یہ پہلا باقاعدہ ردعمل ہو گا اور یہی وجہ ہے کہ پوری قوم اب ساڑھے چار بجنے کے انتظار میں لگ گئی ہے۔

مختلف شہرو ں میں کھلاڑی اور متوالے آمنے سامنے،کشیدگی

لاہور (ویب ڈیسک)لاہور سمیت مختلف شہروں میں پاناما فیصلے کیخلاف ن لیگ کے کارکنوں کا احتجاج ،دکانیں بند کر دیں، سپریم کورٹ کا فیصلہ نامنظور کے نعرے، ٹائر جلا کر روڈ بلاک کر دیئے۔تفصیلات کے مطابق پاناما کیس میں وزیراعظم کی نااہلی کے بعد لاہور میں ریگل چوک میں کارکنوں نے ٹائر جلا کر سڑکیں بند کر دیں اورعدالتی فیصلے کیخلاف نعرے بازی کی اور دھرنا دیا جس سے ٹریفک کا نظام جام ہو گیا اور شہریوںکو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔گوجرانوالہ میں لیگی کارکنوں نے ٹائر جلا کر جناح روڈٹائر جلا کر بلاک کر دی۔پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر آگ پر پانی ڈال کر ٹریفک کو رواں دواں کیا۔اور مظاہرہ کرنے والے ڈپٹی میئر بھی شامل تھا پولیس نے احتجاج کرنے والوں کو کمرے میں بند کر دیا۔