تازہ تر ین

ناخن سے مرض کی تشخیص

ڈاکٹر نوشین عمران
ہاتھ پیر کے ناخن ایک سخت پروٹین کیراٹن سے بنتے ہیں۔ ہاتھ کے ناخن ایک ماہ میں تقریباً 3 اور پیر کے ایک ملی میٹر بڑھتے ہیں۔ بظاہر چھوٹے نظر آنے والے ناخن کے چھ حصے ہوتے ہیں۔ یہ نیل بیڈکے ذریعے جلد سے جڑا ہوتا ہے۔ باہر نظر آنے والے ناخن کے حصے کی سرخی دراصل اس کے نیچے موجود خون کی باریک نالیوں کی وجہ سے ہے۔ ناخن کی اصل ساخت ناخن یا جلد کے اندر خرابی سے بدل جاتی ہے۔ بعض اوقات جسم کے کسی عضو یا نظام کی خرابی بھی ناخن کی رنگت‘ ساخت یا شکل بدل دیتی ہے۔ اسی لئے طبی معائنے میں ہاتھ اور ناخن ضرور چیک کئے جاتے ہیں۔
ناخن کے سرے پر سرخ یا کالا ہلال سانس کی بیماری ظاہر کرتا ہے کیونکہ جسم میں آکسیجن کی کمی سے یہ ہلال نما نشان ناخن پر ابھر آتا ہے۔ اچانک سرخ نشان یا ہلال بہت واضح ہونا کاربن مونو آکسائیڈ کی جسم میں زیادتی ظاہر کرتا ہے۔ نیلے یا آسمانی رنگ کا ہلال ولسن ڈیزیز (موروثی مرض) سے بنتا ہے۔ البتہ کینسر کی ادویات سے بھی ایسا ہو سکتا ہے۔
کلبنگ میں ناخن کے نیچے ٹشو زیادہ ہونے سے ناخن موٹے، چوڑائی لمبائی کے رخ بڑھ جاتے اور بھدے نظر آتے ہیں۔ کلبنگ ایک یا دونوں ہاتھوں میں ہو سکتی ہے۔ ایک ہاتھ میں کلبنگ خون کی نالیوں کی خرابی، ٹانگوں کی کمزوری یا فالج کا خدشہ ظاہر کرتی ہے۔ دونوں ہاتھوں میں ہو تو دمہ، سانس کا مرض، شریانوں میں سختی، نظام ہضم اور غدود میں خرابی ظاہر کرتی ہے۔
ناخن کا باہر نظر آنے والا حصہ اگر جڑ یا بیڈ سے الگ نظر آئے، لیکن سوزش نہ ہو تو یہ تھائرائیڈ گلینڈ کے ہارمون کی زیادتی کے باعث ہوگا۔ ایسے افراد اپنا تھائراکسن لیول ضرور ٹیسٹ کروائیں۔
ناخن مقعر شکل کا یعنی نشیب دار چمچ کی طرح گہری شکل کے ہو جائیں تو پٹرولیم مصنوعات کے اثر، خون کی کمی انیمیا، تھائرائیڈ ہارمون تھائی راکسن کی کمی سے ہو سکتی ہے۔
ناخن کا گوشت کے ساتھ لگا حصہ اگلے حصے سے الگ ہو جائے تو خوراک کی کمی، لمبی مدت کا بخار، کسی دوا کے مسلسل استعمال سے مضر اثر، پھیپھڑوں میں پیپ یا پھوڑا یا پھر جلد کی بیماری پیمپیگس ولگارس ظاہر کرتاہے۔
ناخن کے اوپر ترچھی لکیریں نمودار ہوں، ناخن کے بڑھنے کی رفتار کم ہو جائے تو چوٹ، غذا کی کمی، پروٹین کی کمی ظاہر کرتی ہیں۔
ناخن بظاہر صاف نظر آئے لیکن انگلی پھیرنے پر کھردرا محسوس ہو یا اس پر ابھار محسوس ہوں تو وٹامن ڈی کی کمی ظاہر کرتا ہے۔
ناخن کے درمیان میں گڑھے پڑے نظر آئیں تو چنبل، مثانے کی نالی کی سوزش، سارکا ڈوسز(جسم میں لمف کی گلٹیاں بن جانا) رئیر سنڈروم (جنسی مرض) ظاہر کرتا ہے۔
ناخن کے سرے پر سفید نشان یا لکیریں، اگر دو یا زائد ہوں خون میں پروٹین البیومن کی کمی، اگر پورے ناخن پر ہوں تو گردے کے امراض، جگر کا مرض ظاہر کرتی ہیں۔
چمکدار ناخن، سرے پر سرخ گلابی موٹی لکیریں جگر کا سیروسز ظاہر کرتی ہیں۔
ناخن کے جڑ کے پاس سے خون رس کر باہر آنا دل کے والوز کی بیماری، جگر کے سکڑنے، گردے کے کام نہ کرنے، وٹامن سی کی شدید کمی ظاہر کرتا ہے۔
٭٭٭


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain