اسلام آباد (آن لائن) سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کے لئے برطانوی ویزے کے حصول میں رکاوٹیں پیدا ہوتی نظر آ رہی ہیں۔ میاں نواز شریف نے برطانوی سفارتخانے کو10 سال کے ویزے کی درخواست دے رکھی ہے لیکن اینٹی منی لانڈرنگ قوانین کے باعث اس بات کا امکان ہے کہ برطانیہ میاں نواز شریف کی درخواست کو رد کر دے۔ سابق وزیراعظم نے ریڈ پاسپورٹ کی مدت ختم ہونے کے بعد بلیو پاسپورٹ حاصل کر کے برطانیہ ایمبیسی کو10سالہ ویزے کے حصول کی درخواست دے رکھی ہے، تاحال برطانوی ایمبیسی کی طرف سے میاں نواز شریف کی 10سالہ ویزے کی درخواست منظور نہیں کی ہے۔ عالمی قوانین کے مطابق کوئی بھی ایسا شخص جس پر منی لانڈرنگ اور قومی دولت چوری کرنے کے الزامات موجود ہوں اور عدالت اسے نا اہل بھی قرار دے چکی ہو تو ایسے شخص کے لئے برطانوی ویزے کا حصول تقریباً نا ممکن ہو جاتا ہے۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے اندر اس حوالے سے کافی تشویش پائی جاتی ہے کہ اگر برطانوی ایمبیسی نے ویزے کی درخواست رد کر دی تو جگ ہنسائی ہو گی۔ ذرائع کے مطابق برطانوی ایمبیسی میاں نواز شریف کی درخواست کو تمام قوانین کی روشنی میں دیکھ رہی ہے۔
نوا ز شریف کا برطانوی ویزہ ،اہم رکاوٹیں سامنے آگئی

