کراچی (نیوز ڈیسک) کراچی پولیس نے ڈیفنس میںچند روز قبلمبینہ طور پر فلیٹ سے کود کر خودکشی کرنے والی معروف ماڈل کی ہلاکت کی تفصیلات جاری کردیں۔ ایس ایچ او کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق واقعہ خودکشی معلوم ہوتا ہے۔ ماڈل کا شادی کے بعد ماڈلنگ جاری رکھنے کے معاملے پر شوہر سے تنازع چل رہا تھا۔ ایس ایچ او اورنگزیب خٹک نے بتایا کہ 7نومبر کو پولیس کو اطلاع ملی کہ ایک خاتون نے رہائشی عمارت کی دوسری منزل سے کود کر خودکشی کر لی ہے۔ تفتیش پر معلوم ہوا کہ متوفیہ کرن بلوچ نے پہلی شادی عمر نامی شخص سے کی تھی جس سے اس کی ایک بیٹی تھی‘ عمر کے انتقال کے بعد متوفیہ نے 2010ءمیں بلاول ہاﺅس کے سابق چیف سکیورٹی آفیسر خالد شہنشاہ کے بھائی حیدرشہنشاہ سے دوسری شادی کر لی اور مذکورہ فلیٹ میں رہائش اختیار کی۔ اس دوران اس کے 3بچے پیدا ہوئے جن میں 2بیٹیاں اور ایک بیٹا شامل ہے۔ کچھ عرصہ قبل متوفیہ نے اپنے شوہر سے دوبارہ ماڈلنگ کرنے کی خواہش کا اظہار کیا جس پر شوہر نے انکار کردیا تو ان کے درمیان جھگڑے ہونے لگے اور اسی دوران اس نے منشیات کا استعمال بھی شروع کر دیا جس میں وہ نشہ آور ادویہ لینے کے ساتھ انجکشن سے بھی نشہ کرنے لگی۔ واقعے والے روز بھی اس نے نشہ کیا ہوا تھا۔ اگر کسی نے رابطہ کیا تو مقدمہ درج کیاجائے گا۔ کرن بلوچ کی ہلاکت کی خبریں مسلسل میڈیا پر آئیں تو پولیس کو بھی ہوش آیا اور پولیس نے اب باقاعدہ طور پر اداکارہ کے قتل یا خودکشی کے پہلوﺅں پر تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔
کرن بلوچ
بلاول ہاﺅس کی سابق افسر کی بھاوج بارے سنسنی خیز انکشاف

