کمیشن کی فورنزک رپورٹ کا انتظار آٹا، چینی بحران ذمہ داروں کو نہیں چھوڑونگا، عمران خان

اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ آٹا اور چینی کے بحرانوں کے ذمے داروں کے خلاف 25 اپریل کو فورنزک رپورٹ آنے کے بعد ایکشن لوں گا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ اعلیٰ اختیاراتی کمیشن کی فورنزک رپورٹ کا انتظار ہے، رپورٹ آنے کے بعد کوئی طاقتور لابی عوام کے پیسے سے فائدہ نہیں اٹھا سکے گی۔وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ وعدے کے مطابق چینی اور گندم کی قیمت اچانک بڑھنے کی تحقیقاتی رپورٹ جاری کر دی۔انہوں نے کہا کہ چینی اور گندم کی قیمت اچانک بڑھنے کی تحقیقاتی رپورٹ میں ٹیمپرنگ نہیں کی گئی، رپورٹ کا اجراءپاکستان کی تاریخ میں مثال ہے۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ ماضی کی سیاسی قیادت میں ایسی رپورٹس جاری کرنے کی ہمت نہیں تھی۔

”کرونا“ کا نام نہیں لینا پابندی ہے

لاہور (ویب ڈیسک) وسطی ایشیائی ریاست ترکمانستان میں کورونا وائرس کا نام لینے پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔ ترکمانستان حکومت نے میڈیا سمیت عوام پر بھی کورونا وائرس کا نام لینے پر پابندی لگادی۔غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اخبارات کے ساتھ ساتھ، اسپتالوں، اسکولوں میں تقسیم کیے گئے طبی معلومات کے پرچوں سے بھی کورونا کا لفظ ہٹایا جارہا ہے۔ رپورٹس کے مطابق سادہ لباس اہلکار ترکمانستان میں ماسک پہننے والوں اور عالمی وبا کا تذکرہ کرنے والوں کو بھی گرفتار کر رہے ہیں۔ مشرقی یورپ اور وسطی ایشیا ڈیسک کے سربراہ نے صورتحال پر سخت تنقید کرتے ہوئے عالمی برادری سے نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔ یاد رہے کہ ترکمانستان کے جنوب میں ایران وہ ملک ہے جو کورونا سے شدید متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے۔

چینی کمپنی کا بلوچستان کیلئے 4 کروڑ روپے کے طبی سامان کا عطیہ

اسلام آباد(ویب ڈیسک) چینی کمپنی نے بلوچستان کے طبی عملے کے لیے 4 کروڑ روپے کا طبی سامان عطیہ کیا ہے۔چینی خبررساں ادارے کے مطابق میٹالرجیکل کارپوریشن آف چائنا(ایم سی سی) کی جانب سے کورونا وائرس کا علاج معالجہ کرنے والے طبی عملے کے لیے طبی سامان پاکستان پہنچ چکا ہے۔تفصیلات کے مطابق 2 لاکھ ڈسپوزببل ماسک، کورونا وائرس کی ٹیسٹنگ میں استعمال ہونے والے محلول کی 4 ہزار بوتلیں، 2 ہزار حفاظتی لباس،دستانوں کے 2 ہزار جوڑے، 2 ہزار حفاظتی چشمے اور 100 فاصلاتی تھرما میٹر پر مبنی کھیپ اسلام آباد پہنچ چکی ہے اور اسے تقسیم کرنے کے لیے جلد بلوچستان پہنچا دیا جائے گا۔اس سے قبل بھی چینی کمپنی ایم سی سی نے بلوچستان کے علاقے سینڈک کے چھ دیہات میں 300 سے زائد غریب خاندانوں میں راشن تقسیم کیا تھا۔

گندم چینی بحران کے ذمہ داروں کے خلاف تفصیلی رپورٹ آنے پر کارروائی ہوگی، وزیراعظم

اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کا کہان ہے کہ گندم چینی بحران کے ذمہ داروں کے خلاف تفصیلی رپورٹ آنے پر کارروائی ہوگی۔سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ وعدے کے مطابق گندم اور چینی کی قیمتوں میں اچانک اضافے کی تحقیقاتی رپورٹ بغیر ردوبدل سامنے لے آئے، ایسی رپورٹ پبلک کرنے کی پاکستان کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی جب کہ سابقہ حکومتوں میں اپنے مفاد اور مصلحتوں کے باعث ایسی رپورٹس جاری کرنے کی اخلاقی جرات نہیں تھی۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اعلیٰ اختیاراتی کمیشن سے تفصیلی فرانزک رپورٹ کا انتظار کر رہا ہوں، کمیشن کی رپورٹ 25 اپریل کو آئے گی جس کے بعد گندم چینی بحران کے ذمہ دار افراد کےخلاف کارروائی ہوگی، رپورٹس آنے کے بعد کوئی بااثر لابی عوام کا پیسہ نہیں کھا سکے گی۔ملک میں چینی کے بحران پر وزیراعظم عمران خان کی جانب سے قائم کردہ تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ منظرعام پر آگئی جس میں بتایا گیا ہے کہ چینی کے بحران میں سب سے زیادہ فائدہ حکومتی جماعت تحریک انصاف کے سینئر رہنما جہانگیر ترین نے اٹھایا۔
جہانگیر ترین نے سبسڈی کی مدد میں 56 کروڑ روپے کمائے جب کہ وفاقی وزیر خسرو بختیار کے رشتہ دار نے آٹا و چینی بحران سے 45 کروڑ روپے کمائے، چوہدری منیر رحیم یارخان ملز، اتحاد ملز ٹو اسٹار انڈسٹری گروپ میں حصہ دار ہیں، اس بحران میں مسلم لیگ (ن) کے سابق ایم پی اے غلام دستگیر لک کی ملز کو 14کروڑ کا فائدہ پہنچا۔

پاکستان نے وزیر اعظم کے بیان پر بھارتی ردّعمل مسترد کردیا

لاہور(ویب ڈیسک)پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے بھارتی اقدامات سے متعلق وزیر اعظم عمران خان کے مذمتی بیان پر بھارتی ردّ عمل مسترد کردیا ہے۔دفتر خارجہ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم نے بھارت کی جانب مقبوضہ کشمیر میں عوام کے بنیادی حقوق سلب کرنے کی مزمت کی تھی جس پر بھارت نے روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کیا ہے۔ بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کے امور کو اندرونی قراردینے کی رٹ، اس کے جھوٹ کو سچ میں تبدیل نہیں کرسکتی نہ ہی اس سے بھارت کے غیر قانونی قبضے کو قانونی حیثیت مل سکتی ہے۔ پاکستان کی قیادت اور عوام کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت سے کبھی دستبردار نہیں ہوں گے۔ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کا کہنا تھا اس وقت جب دنیا کورونا کی وباءکا مقابلہ کر رہی ہے، بھارت نے کشمیریوں کے لئے ڈومیسائل کے قانون میں تبدیلی کا اقدام کیا۔ یہ بی جے پی کی حکومت کے اخلاقی دیوالیہ پن کی ایک مثال ہے۔ مودی سرکار آرایس ایس اور ہندوتوا نظریات کو مسلط کرنا چاہتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر کو سلامتی کونسل کی قراردادیں متنازعہ علاقہ قراردیتی ہیں۔ اس کے مستقبل کا حتمی فیصلہ اقوام متحدہ کے تحت کشمیری عوام کے استصواب رائے سے ہی ہوگا۔ بھارت کا کوئی بھی عمل مقبوضہ جموں و کشمیر میں ریاستی دھشت گردی کا جواز نہیں ہوسکتا۔ بھارت کی طرف سے طاقت کا وحشیانہ استعمال کشمیری عوام کو ان کے مقصد سے نہیں ہٹاسکتا۔

حریت رہنماﺅں اور تنظیموں کا کولگام میں شہید نوجوانوں کو خراج تحسین

سری نگر (ویب ڈیسک) کل ، ضلع کولگام میں حریت رہنماوں اور تنظیموں نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید کئے جانے والے چار کشمیری نوجوانوں کو شاندار خراج تحسین پیش کیا ہے۔ فوجیوں نے گذشتہ روز ضلع کولگام کے ہارڈمنگوری علاقے میں ایک کورڈن اور سرچ آپریشن کے دوران نوجوانوں کو شہید کیا۔ جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے چیئرمین شبیر احمد ڈار نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ کیران ، کپواڑہ کے چار شہداءاور کلگام کے چار شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا ، مٹی کے ان غیور بیٹوں نے ہندوستان کو بلند اور واضح پیغام دیا ہے کہ ان کے دن کشمیر میں گنے جا چکے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر میں بھارت کی طرف سے جاری دہشت گردی کا راج مکمل طور پر بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کے اعلانات کے منافی ہے۔ انہوں نے کہا ، ان مجاہدین کی بڑی قربانیوں سے دہلی میں پالیسی سازوں کو یہ سمجھنے میں مدد ملے گی کہ ان کی دہشت گردی کی تدبیریں کبھی نتیجہ خیز ثابت نہیں ہو سکتی اور وہ اب کشمیر کو اپنے زبردستی قبضے میں نہیں رکھ سکتے ہیں۔

گندم چینی بحران رپورٹ وزیراعظم اور وزیراعلی پنجاب کے خلاف فرد جرم ہے،شہبازشریف

لاہور(ویب ڈیسک) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے گندم چینی بحران کی رپورٹ کو وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کے خلاف فرد جرم قرار دے دیا۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے گندم چینی بحران سے متعلق ایف آئی اے رپورٹ پر کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ میں عوام کے ساتھ مل کر کورونا وائرس کے خلاف جنگ کرنے کے لئے لندن سے آیا تھا، میں یہ سوچ کر وطن واپس آیا تھا کہ سیاست اور ذاتی پسند و ناپسند سے بالاتر ہوکر قوم کی خدمت کرنی ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ ایف آئی اے رپورٹ سنگین انکشاف ہے جس کی روشنی میں بحران میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے، یہ رپورٹ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کے خلاف فرد جرم ہے۔شہباز شریف نے مزید کہا دیکھتے ہیں کہ وزیراعظم جو اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے چیئرمین ہیں، اپنے اور وزیراعلی بزدار کے خلاف اس بڑے پیمانے پر ہونے والی کرپشن اور اقربا پروری پر کیا سزا مقرر کرتے ہیں۔

پاکستانی سفارتخانے نے بھارت میں پھنسے پاکستانیوں کیلیے ہیلپ لائن قائم کردی

لاہور(ویب ڈیسک) پاکستانی سفارتخانے نے بھارت میں کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاون کی وجہ سے پھنسے پاکستانیوں کی رہنمائی کے لیے ہیلپ لائن قائم کردی۔نئی دہلی میں پاکستانی سفارتخانے کے حکام نے بتایا کہ بھارت میں کورونا وائرس کی وجہ سے لاک ڈاون کیا گیا ہے جب کہ پاکستان اور بھارت کے مابین واہگہ، اٹاری سرحد بھی بند ہے، ایسی صورتحال میں جو پاکستانی اس وقت بھارت کے مختلف شہروں میں پھنسے ہیں اور واپس پاکستان نہیں جاسکتے وہ کسی بھی پریشانی کی صورتحال میں ہیلپ لائن نمبر 00918130950519 پر 24 گھنٹے رابطہ کرسکتے ہیں۔پاکستانی ہائی کمیشن کی طرف سے ای میل ایڈریس helplinephc@gmail.com اور pahicnewdehlhi@mofa.gov.pk بھی دیا گیا ہے جس کے ذریعے رابطہ کیا جاسکتا ہے۔کراچی سے تعلق رکھنے والی ایک فیملی جو اس وقت ممبئی میں اپنے رشتہ داروں کے ہاں مقیم ہیں انہوں نے  متعدد بار بھارت آتے جاتے رہتے ہیں لیکن اب کورونا وائرس اورلاک ڈاون کی وجہ سے وہ پریشان ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ لاک ڈاون کی وجہ سے وہ گھروں سے بھی نکل سکتے ہیں، ان کی طرح درجنوں پاکستانی ممبئی، دہلی سمیت مختلف شہروں میں قیام کیے ہوئے ہیں۔دوسری طرف لاک ڈاون کے دوران بھارتی حکومت نے غیر ملکی شہریوں کے ویزوں میں توسیع کا اعلان کررکھا ہے، اس وقت درجنوں پاکستانی اور بھارتی شہری اپنے رشتہ داروں سے ملنے کے لیے ایک دوسرے ملک میں موجود ہیں اور بارڈربند ہونے کی وجہ سے واپس اپنے ملک نہیں جاسکتے ہیں۔

قومی ائیرلائن کا جزوی فضائی آپریشن معطل ہونے کا امکان

اسلام آباد(ویب ڈیسک) پالپا کی جانب سے جہاز اڑانے سے روکنے کے باعث قومی ائیرلائن پی آئی اے کا جزوی فضائی آپریشن معطل ہونے کا امکان ہے۔پالپا نے پائلٹس کو جہاز اڑانے سے روکتے ہوئے پائلٹس کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ فضائی آپریشن کے دوران کورونا وائرس کے ایس او پیز کو مدنظر نہیں رکھا جا رہا لہذا پالپا اپنے ممبران کی سیفٹی پر کوئی لاپرواہی نہیں کرے گی۔
دوسری جانب ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے بیرون ملک فلائٹ آپریٹ کرنے والے کریو کے کورونا ٹیسٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، سندھ حکومت پی آئی اے کریو کو کورنٹائن کر رہی ہے تاہم کریو کر کورنٹائن کرنے پر پالپا نے احتجاج کیا ہے۔
ترجمان پی آئی اے نے کہا کہ پالپا کو بتایا ہے کہ یہ ہمارا نہیں سندھ گورنمنٹ کا فیصلہ ہے، پالپا کے ساتھ پی آئی اے انتظامیہ رابطے میں ہے، پی آئی اے کریو کی سفیٹی پر انتظامیہ سمجھوتا نہیں کرے گی، پالپا کے ساتھ بات چیت چل رہی ہے فلائٹ آپریشن متاثر نہیں ہونے دیں گے۔

پاکستانی ایئر ٹریفک کنٹرولرز کی امدادی سامان لے جانیوالے بھارتی طیاروں کی رہنمائی

کراچی(ویب ڈیسک) کورونا وائرس کا امدادی سامان لے جانے والے 2 بھارتی کارگو طیاروں کو پاکستان ایئر ٹریفک کنٹرولرز نے تیکنیکی معاونت فراہم کی جب کہ بھارتی ریلیف پروازوں کا ایرانی ائرٹریفک سے رابطہ منقطع ہوگیا تھا۔ذرائع کے مطابق کورونا وائرس کا طبی سامان کے ہمراہ کراچی ریجن کی فضائی حدود سے گذرنے والے 2 بھارتی طیاروں کو پاکستانی ائرٹریفک کنٹرولرز نے تیکنیکی معاونت فراہم کی،بھارتی کپتانوں اور پاکستانی ائر ٹریفک کنٹرولرز میں رابطہ رسمی جملوں اور خیرسگالی کے الفاظ سے ہوا۔
ایک بھارتی طیارہ ممبئی سے فرینکفرٹ جبکہ دوسرے طیارے نے نیو دہلی سے آڑان بھری تھی،فرینکفرٹ کے لیے دونوں ریلیف پروازیں امدادی سامان کی ترسیل پر مامور تھیں، سی اے اے کے ائر ٹریفک کنٹرولر نے خیرسگالی کے طور بھارتی طیاروں کو ڈائریکٹ روٹس فراہم کیا۔عام حالات میں کسی طیارے کو براہ راست شارٹ روٹ فراہم نہیں کئے جاتے اور ائر ویز اور نیوی گیشن رولز کو لازمی فالو کرنا پڑتا ہے،آپ بہت اچھا کام کررہے ہیں، پاکستانی ائیر ٹریفک کنٹرولر کا انڈین پائلٹ کو پیغام،آپ کا بہت بہت شکریہ، انڈین پائلٹ کا پاکستانی ائر ٹریفک کنٹرولر کو جواب۔پاکستانی فضائی حدود میں محو پرواز دو نوں بھارتی بوئنگ 777 اور 787 ساختہ طیاروں کا ایرانی ائر ٹریفک کنٹرولر سے رابطہ نہیں ہو پا رہا تھا، سول ایوی ایشن کے اے ٹی سی نے ایرانی ائر ٹریفک کنٹرولرسے لینڈ لائن کے ذریعے رابطہ کیا اور بھارتی طیاروں سے متعلق آگاہ کیا کہ ان کے پائلٹ سے رابطہ کر لیں جس پر ایرانی اے ٹی سی نے بھارتی پائلٹ سے رابطہ کرکے انہیں ایک ہزار کلو میٹر کا براہ راست روٹس فراہم کیا۔ذرائع کے مطابق دونوں بھارتی پائلٹ نے پاکستانی ائر ٹریفک کنٹرولر کی جانب سے مکمل تعاون اور رہنمائی فراہم کر نے اور رویے کو سراہتے ہو ئے شکریہ بھی ادا کیا۔