گرمی بڑھنے پر بھی کورونا وائرس کا پھیلاو جاری رہ سکتا ہے، چینی ماہرین

لاہور(ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے چین کے ڈاکٹروں اور ماہرین کے وفد نے ملاقات کی جس میں کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے لئے دو طرفہ تعاون اورمشترکہ کاوشوں کو فروغ دینے پر اتفاق ہوا۔چینی میڈیکل ٹیم نے کورونا وباکی روک تھام کے لئے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی قیادت میں صوبائی حکومت کے موثر اقدامات کی تعریف کی۔ انہوں نے پنجاب حکومت کے حفاظتی اقدامات اور علاج معالجہ کے طریقہ کار کوموثر قرار دیا۔اس موقع پر چینی وفد کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کورونا وائرس کا پھیلاو روکنے کے لئے حکومت کے اقدامات موثر ثابت ہورہے ہیں، عوام کو کورونا وائرس سے بچانے کے لیے وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے فوری اور تیز رفتاری سے صحیح سمت میں اقدامات کئے ہیں، عوام کے تحفظ کے لئے یہ اقدامات قابل تحسین ہیں۔ملاقات کے دوران چینی ڈاکٹروں اور چیف نرس نے کورونا وبا سے نمٹنے کے لئے اپنے مشاہدات بیان کئے اور تجربات بھی بتائے۔ چینی ڈاکٹروں اور ماہرین نے مشورہ دیتے ہوئے کہا کورونا وائرس کا پھیلاو¿ جلد ازجلد اور کم سے کم جگہ پر روکا جائے، چینی ڈاکٹر مامنگ ہوئی کے مطابق گرمی میں بھی کورونا وائرس کے پھیلنے کے امکان کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔چینی وفد کا کہنا تھا کہ سماجی فاصلے کورونا وائرس سے بچاومیں اہم کردار ادا کرتے ہیں، کم ازکم 28دن کے لئے لاک ڈاون پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے جس کے بعد محتاط انداز میں مرحلہ وار پابندیاں نرم کی جانی چاہئیں۔ کورونا وائرس کے شکار مریض کو گھر میں رہنے کی بجائے اسپتال /قرنطینہ مرکز میں آنا چاہیے، مریض کی جان بچانے کے لئے انتہائی ناگزیر صورت میں پلازمہ کا استعمال مفید ثابت ہواہے۔چینی ماہرین نے بتایا کہ متاثرہ مریض کےلیے 3اینٹی وائرل ادویات کا استعمال مفید ثابت ہوا، بعض اوقات کورونا وائرس کی علامات ظاہر نہیں ہوتیں اور زیادہ قوت مدافعت رکھنے والے افراد جلد صحت یاب ہوجاتے ہیں، معمر افراد اور دیگر بیماریوں میں مبتلا لوگوں کے لئے کورونا وائرس خطرناک ہوسکتا ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے چینی ڈاکٹروں اور چیف نرس کی جانب سے تعاون کی یقین دہانی پر اظہار تشکرکرتے ہوئے کہا چین قابل اعتماد دوست ہے،جس نے ہر مشکل وقت میں ساتھ نبھایا ہے۔ چین نے کورونا وائرس پر کم ازکم وقت میں قابو پا کر قابل تقلید مثال قائم کی ہے۔ کورونا سے بچاواور سدباب کے لئے چین کے تجربات سے فائدہ اٹھائیں گے۔ کورونا کی وباءپر قابو پانے کے لئے چین کا ماڈل دنیا کے لئے ایک نئی مثال ہے۔ چینی ڈاکٹروں کے مشورے اور سفارشات پر عمل کریں گے۔

لاک ڈاون میں کمی ہوگی یا اضافہ کچھ نہیں کہہ سکتے، اسد عمر

اسلام آباد(ویب ڈیسک) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ موجودہ صورت حال میں یہ نہیں بتا سکتا کہ 14 اپریل کے بعد لاک ڈاون کی پابندیوں میں کمی کی جائے گی یا ان میں مزید اضافہ ہوگاپریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ لاک ڈاون کے ملکی معیشت پر منفی اثرات پڑ رہے ہیں۔ جن سے امیر اور غریب دونوں ہی متاثر ہورہے ہیں۔ تاہم موجودہ صورت حال میں یہ نہیں بتا سکتا کہ 14 اپریل کے بعد لاک ڈاون کی پابندیوں میں کمی کی جائی گی یا ان میں اضافہ ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ لاک ڈاون سے وائرس کا پھیلاو روکنے میں مدد ملی۔ پاکستان میں کورونا وائرس پھیلنے کی رفتار سست ہے جو حوصلہ افزا بات ہے۔ پاکستانی قوم نظم و ضبط کا مظاہرہ کررہی ہے اور یہی اس وبا سے مقابلے کا واحد طریقہ ہے تاہم بعض علاقوں میں احتیاطی تدابیر پر مکمل عمل درآمد نہیں ہورہا۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر اور طبی عملہ ہمارے ہیروز ہیں انہیں حفاظتی سامان کی فراہمی کے لیے ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے۔ طبی عملے کو حفاظتی سامان کی براہ راست فراہمی پر غور کیا جارہا ہے۔ حالیہ دنوں میں ملک کی کورونا ٹیسٹنگ کی استعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ وائرس پھیلنے سے صحت کے نظام پر بوجھ پڑ سکتا ہے، کوشش ہے صورت حال قابو سے باہر نہ ہو۔

قیدی کے بنیادی حقوق نہ ملنے پر ریاست پر ہرجانے کا دعویٰ کرسکتا ہے، اسلام آباد ہائی کورٹ

اسلام آباد (ویب ڈیسک)اسلام آباد ہائی کورٹ نے ملک بھر کی جیلوں میں قیدیوں کو بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے کہا کہ جیلوں میں بنیادی حقوق نہ ملنے پر قیدی ریاست پر ہرجانے کا دعویٰ کرسکتا ہے۔ہائی کورٹ نے ملک بھر کی جیلوں میں قیدیوں کی حالت زار سے متعلق کیس کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا۔ چیف جسٹس ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے 38 صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کیا۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے قرار دیا کہ یہ جیلوں میں قیدیوں کے حالات آئینی اور انسانی حقوق کا مقدمہ ہے، بنیادی حقوق نہ دینے پر قیدیوں کا ریاست سے ہرجانے کا مطالبہ درست ہے۔ہائیکورٹ نے حکومت کو غریب قیدیوں کی مفت قانونی معاونت کے لیے اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے لیگل ایڈ آفس ایکٹ 2009 پر عملدرآمد کا حکم دیا۔ عدالت نے کہا کہ وفاقی حکومت فوری طور پر قیدیوں سے متعلق قوانین کو فعال بنائے، چیف کمشنر اسلام آباد کو پراسیکیوشن برانچ کے قیام اور جیل کی جلد تعمیر کی ہدایات جاری کی جائے، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز،ڈی سی راولپنڈی اور ڈی سی اسلام آباد اڈیالہ جیل کا دورہ کریں۔عدالت نے ہدایت کی کہ اڈیالہ جیل کے قیدیوں کو سہولیات فراہمی کے حوالے سے رپورٹ جمع رجسٹرار کے پاسپورٹ جمع کرائیں، قیدی جیل میں ہراساں کرنے پر جیل حکام اور ریاست پر ہتک عزت کا دعوی کرسکتا ہے۔

آٹا چینی بحران رپورٹ میں سلمان شہباز کاذکربھی ہے، فردوس عاشق

اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیراعظم کی معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ شہبازشریف آٹا،چینی بحران کی رپورٹ پربغلیں نہ بجائیں کیونکہ اس میں ان کے بیٹس لمان شہباز کاذکربھی ہے۔فردوس عاشق اعوان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نےقوم سےوعدہ کیاتھاکہ دو نہیں ایک پاکستان بناوں گا، آٹے،چینی بحران کی انکوائری رپورٹ کومنظرعام پرلاکروزیراعظم نےاپناوعدہ پوراکیا، گندم چینی رپورٹ میں جس جس کی نشاندہی ہے اس کیخلاف کارروائی ہوگی، تمام ذمے داران کوقانون کےکٹہرے میں لانےکافیصلہ کیاگیاہے۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ رپورٹ میں سلمان شہبازکو1ارب کروڑروپےسبسڈی دینےکاذکربھی ہے، شہبازشریف آٹا،چینی بحران کی رپورٹ پربغلیں نہ بجائیں، دیک ھتےہیں شہبازشریف سزادینےکیلئے کب اپنےبیٹےکوبلاتےہیں، رپورٹ میں شریف گروپ کی بدمعاشی بےنقاب ہوگئی ہے، چینی کی برآمدپرشریف خاندان نے 22ارب روپےکی سبسڈی لی۔معاون خصوصی اطلاعات نے کہا کہ اس رپورٹ نے30 سال کےجاری کھیل کاپردہ چاک کردیاہے اور دوچیزیں واضح ہوگئیں، جوچینی برآمدہوئی اس سےطاقتور اوربااثر لوگوں نےفائدہ اٹھایا،چینی ،آٹےکامصنوعی بحران پیداکرکےعوام کی مشکلات میں اضافہ کیاگیا۔فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ عمران خان نےخوداحتسابی کاعمل اپنی جماعت سےشروع کیاہے، انکوائری میں سامنےآنیوالےشواہدپرفرانزک کیلئے25اپریل کی ڈیڈ لائن دی گئی ہے، منافع خوری اورذخیرہ اندوزی کرنیوالوں پرکڑی نظررکھی جارہی ہے۔

حکومت بجلی و گیس کے بلز کی معافی کا اعلان کرے، سراج الحق

لاہور(ویب ڈیسک) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹرسراج الحق نے حکومت سے بجلی و گیس کے بلز معاف کرنے کا مطالبہ کردیا۔
سینیٹرسراج الحق نے ایک بیان میں کہا ہے کہ حکومت فوری طور پر بجلی و گیس کے بلوں کی معافی کا اعلان کرے، حکومت روزانہ امدادی پیکیج کے اعلانات کرتی ہے مگر ابھی تک کسی کو ایک روپیہ نہیں ملا، دیہاڑی دار مزدوروں کے گھروں میں فاقوں کی نوبت آگئی ہے۔
سینیٹرسراج الحق کا کہنا تھا کہ کہ کورونا کیسز میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے ،حکومت بچاﺅ کیلئے سرعت اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرے، یوٹیلٹی اسٹورز پر آٹے اور چینی سمیت اشیائے خور ونوش کی دستیابی کو یقینی بنائے۔سینیٹرسراج الحق نے مزید کہا کہ حکومت ٹائیگرز کیلئے خطیر رقم خرچ کرکے چار لاکھ شرٹس بنوار ہی ہے، یہی رقم ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل عملے کی حفاظت کیلئے خرچ کی جاسکتی تھی، ڈاکٹرز اور عملے کو معیاری پرسنل پروٹیکشن ایکوپمنٹس (پی پی ای) دیئے جائیں، ڈاکٹرز کے مشورے سے ایک نیا کوڈ آف کنڈیکٹ بنانے کی ضرورت ہے، کورونا وائرس کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑنے والے ڈاکٹرز اور عملہ کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے

لاک ڈاون؛ سڑکوں پر ہو کا عالم، زندگی مفلوج، خلاف ورزیوں پر مقدمات درج

اسلام آباد / لاہور / کراچی / کوئٹہ / نیویارک(ویب ڈیسک) ملک بھرمیں کورونا وائرس حملے ، لاک ڈاون کے باوجودشہری خلاف ورزی کرتے رہے، سیکڑوں مقدمات درج، سڑکوں پر ٹریفک نہ ہونے کے برابر،صبح 8بجے سے شام 5بجے تک پٹرول پمپس، گوشت، سبزی، کریانہ کی دکانیں، بیکریاں اور میڈیکل اسٹورز کھلے رہے۔لاہورمیں کورونا سے بچاوکیلیے محکمہ صحت، پاک فوج اور دیگر سرکاری اداروں کے ساتھ مل کرمحکمہ بلدیات پنجاب کے ہنگامی اقدامات، صوبے بھر میں 1563 عوامی مقامات پر ہاتھ دھونے کیلئے سہولت فراہم کر دی ،بس و ریلوے اسٹیشنوں، اسپتالوں، مصروف مارکیٹوں اورسڑکوں سمیت 29502عوامی مقامات کی کلورین ملے پانی سے دھلائی ،سپرے کیا گیا ہے۔سماجی فاصلے کی پالیسی کے تحت دکانوں و بینکوں سمیت 67014 عوامی مقامات پر دائرے اور نشان لگا دیئے گئے۔علماءکے تعاو ن سے 26879 مساجد سے کارپٹ ہٹا دیئے گئے، صفائی امور پر تعینات عملے کیلئے 5297 حفاظتی کٹس موجود ہیں۔سیکرٹری بلدیات پنجاب احمد جاوید قاضی کے مطابق ابتک کرونا وباءسے جان بحق 18 میتوں کی تدفین کی جاچکی۔ جزوی لاک ڈاون کے بارہویں روز بھی شہری گھروں پر رہنے کو ترجیح دیتے رہے۔ اوکاڑہ ، شیخوپورہ، ننکانہ، ساہیوال ، بہاولنگر، قصور، پتوکی وویگر میں بھی زندگی کا پہیہ جام ہے۔لاہور میں خلاف ورزی پر 3200 گاڑیاں، موٹرسائیکل، 1358 ایف آئی آرز درج، ضلعی انتظامیہ کاکورونا سے ڈرنا نہیں، لڑنا ہے کے پیغام عام کیا جا رہا ہے۔دریں اثناءسندھ بھر کی مرکزی شاہراہوں سمیت ملحقہ سڑکوں پر پولیس اور رینجرز اہلکار تعینات رہے۔وزیرِ صحت سندھ عذرا پیچوہو کے مطابق سندھ میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 839 ہو چکی ، اسلام آباد سے ذوالفقار بیگ کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں بھی کرونا سے بچاوکیلئے لاک ڈاون پر عملدرآمد یقینی بنایاجارہاہے، تجارتی اورکارباری مراکز، میٹروبس سروس اور پبلک ٹرانسپورٹ بھی بند ہے۔
داخلی اور خارجی راستوں پر سیکورٹی کے اہلکار تعینات، ڈپٹی مئیر اسلام آباد ذیشان نقوی نے کہا اپنی مدد آپ کے تحت سینی ٹیشن عملہ کو ماسک، سینیٹائزر مہیا کئے ہیں لیکن عوام تعاون نہیں کررہے،سی ڈی اے کے ڈائریکٹر سنیٹشن سردار خان زمری نے کہا محدود وسائل کے باجود کاوش جاری ہے۔ادھر گوگل نے لاک ڈاون کے دوران پاکستان میں عوامی نقل و حرکت پر رپورٹ جاری کردی ہے، پاکستان میں ریٹیل اور تفریحی مقامات میں عوامی نقل و حرکت میں 70 فیصد کمی دیکھنے میں آئی ،لاہورپولیس نے صبح 8 سے رات 8 بجے کی چھوٹ کے بعد باہر آنیوالے شہریوں سے سختی سے نمٹنے کا فیصلہ کر لیا ، ایمبولینس، گڈز ٹرانسپورٹ، میڈیا، ڈاکٹرز اور پولیس کے علاوہ غیر ضروری افراد کو باہر نکلنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔راولپنڈی سے قیصر شیرازی اور مرزا جمیل کے مطابق لاک ڈاون 12ویں روزبھی چھوٹی بڑی مارکیٹیں،تجارتی مراکز بند ہونے سے روزانہ 50 کروڑ روپے سے60کروڑ روپے کا کاروبار بری طرح متاثر، 12 دنوں میں معاشی نقصان 7ارب سے کراس کر گیا،مسلسل لاک ڈاون سے شہر میں جرائم کی شرح میں بھی کمی آئی ہے۔

تحقیقاتی کمیٹی کی سفارش پر انکوائری کمیشن قائم، شوگر ملز کا فارنسک آڈٹ شروع

اسلام آباد(ویب ڈیسک) چینی بحران کے ذمے داروں کو سزا دینے کیلیے تحقیقات کرنیوالی کمیٹی کی سفارش پر انکوائری کمیشن قائم کر دیا گیا۔وزیراعظم عمران خان نے چینی بحران کے ذمے داروں کو سزا دینے کا عزم ظاہرکرتے ہوئے تحقیقات کرنیوالی کمیٹی کی سفارش پر انکوائری کمیشن قائم کر دیا ہے، یہ کمیشن انکوائری ایکٹ 2017 کے تحت قائم کیا گیا ہے اور یہ پہلے ہی اپنا کام شروع کر چکا ہے۔
انکوائری کمیشن کی 9 ٹیمیں بحران سے فائدہ اٹھانے والی شوگر ملز کا فرانزک آڈٹ کر رہی ہیں ان میں جہانگیر ترین کی شوگر ملز بھی شامل ہیں۔کمیشن اپنا کام 40 دنوں میں مکمل کرے گا۔

پنجاب میں گندم لانیوالی گاڑیوں کو سندھ میں روک لیا گیا

لاہور(ویب ڈیسک) پنجاب گندم لانیوالی گاڑیوں کو سانگھڑ، پنوں عاقل اور اباڑو میں گاڑیوں کو روک لیا گیا۔گندم کی بین الصوبائی ترسیل کے معاملے پر سندھ اور پنجاب میں تنازعہ پیدا ہو گیا،سول اور عسکری حکام کے ذریعے طے پانے والے معاہدے اور طریقہ کار کے باوجود محکمہ خوراک سندھ کے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولرز نے اپنے ہی سیکرٹری فوڈ سندھ کے تحریری احکامات تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے سرکاری پرمٹ رکھنے والی پنجاب جانیوالی گندم سے بھری گاڑیاں روکنا شروع کردیں۔تاجروں نے الزام عائد کیا ہے کہ بغیر پرمٹ والی گاڑیوں کو سندھ فوڈ کی جانب سے پنجاب کی سرحد کنارے بنائی گئی چار چیک پوسٹوں پر مبینہ طور پرفی گاڑی 1 لاکھ20 ہزار روپے رشوت وصول کر کے گندم لی جانے دی جا رہی ہے،حکومت پنجاب نے سندھ کے عدم تعاون کے پیش نظر گندم کی ترسیل کا معاملہ آج کورونا رابطہ کمیٹی ایجنڈے میں شامل کروا دیا۔علاوہ ازیں پنجاب میں گندم کی نئی فصل سے اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت میں 500 روپے فی بوری کمی ہو گئی۔ مزید برآں محکمہ خوراک آج ضلع راجن پورکے مراکز پر کسانوں کو باردانہ کا اجراءکرے گا۔واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے آٹابحران خدشات کے پیش نظرہفتہ قبل سندھ سے 10 ہزار ٹن گندم کی درخواست کی تھی ،ایس اوپیزبھی بن گئے تھے، سیکرٹری فوڈ سندھ نے لیٹر کے باوجود سانگھڑ، پنوں عاقل اور اباڑو میں گاڑیوں کو روک لیا گیا۔ سیکرٹری فوڈ پنجاب وقاص علی محمود نے کہا مسائل ہیں لیکن سندھ سے رابطہ ہے۔سیکرٹری فوڈ سندھ محمد لئیق نے کہا کہ کچھ مسائل تھے جنہیں دور کر لیا گیا ،دو اضلاع میںگاڑیوں کو جانے دیا گیا ہے۔ چیک پوسٹوں پر پیسے لئے جانے کے الزامات کی تحقیقات کی جائیں گی۔
پاکستا ن فلورملز ایسوسی ایشن کے مرکزی چیئرمین عاصم رضا نے کہا کہ بالخصوص لاڑکانہ ڈویڑن میں سب سے زیادہ مسائل ہیں۔

عباسی شہید اسپتال کی ڈاکٹر کورونا وائرس کا شکار

کراچی(ویب ڈیسک) عباسی شہید اسپتال کی خاتون ڈاکٹر کورونا وائرس کا شکار ہوگئیں جب کہ عباسی شہید اسپتال کا طبی عملہ بغیر حفاظتی اقدامات کے کام کرنے پر مجبور ہے۔خاتون ڈاکٹر میں کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد اسپتال کے دیگر ڈاکٹرز بھی پریشانی میں مبتلا ہوگئے،سینئر ڈائریکٹر میڈیکل اینڈ ہیلتھ سروسز کے ایم سی ڈاکٹر سلمیٰ کوثر نے خاتون ڈاکٹر میں کورونا وائرس کی تصدیق کردی اور کہا کہ اسپتال انتظامیہ نے عباسی شہید اسپتال کی ڈاکٹر کو نجی اسپتال میں داخل ہونے کی اجازت دے دی ہے، خاتون ڈاکٹر کے ساتھ کام کرنے والے تمام افراد کے ٹیسٹ کرانے کی بھی ہدایت کردی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ متاثرہ ڈاکٹر کے ساتھ کام کرنے والے عملے کو 14 روز تک گھر رہنے کی ہدایت کی ہے، خاتون ڈاکٹر کا شوہر بھی ڈاکٹر ہے جو سول اسپتال میں کام کرتا ہے وہ بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہے، خاتون ڈاکٹر کے شوہر کی ڈیوٹی ایئرپورٹ پر تھی خدشہ ہے، خاتون کو اپنے شوہر سے کورونا وائرس منتقل ہوا ہو۔انھوں نے مزید کہا کہ ہم بلدیہ عظمی کراچی کے تمام اسپتالوں کے عملے کو حفاظتی سامان فراہم کررہے ہیں تاکہ وہ وائرس سے محفوظ رہ سکیں۔

کورونا وائرس ٹیسٹ کیلیے نمونے گھروں سے حاصل کرنے کی اجازت

کراچی(ویب ڈیسک) سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن (ایس ایچ سی سی) نے سندھ میں کورونا ٹیسٹ کی سہولیات فراہمی کیلیے ایڈوانس لیب اور اس کے پارٹنر ہاشمانی لیب کو معائنے کے بعد کورونا وائرس ٹیسٹ کیلیے نمونے گھروں سے حاصل کرنے کی اجازت دیدی۔
کمیشن نے سندھ میں کورونا وائرس ٹیسٹ کی سہولیات بڑھانے کیلیے ایڈوانس لیب اور ہاشمانی لیب کا معائنہ کیا اور ان چند سفارشات پر عمل درآمد کے بعد گھروں سے سیمپل حاصل کرنے کی اجازت دے دی، جبکہ ضیا الدین یونیورسٹی اسپتال اور کراچی چلڈرن اسپتال کی انتظامیہ کو بھی ٹیسٹ کرنے کی اجازت دیدی۔سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کی انسپکشن ٹیم نے کمشنر اور ڈپٹی کمشنرز میرپور خاص سے آئسو لیشن وارڈ اور قرنطینہ سینٹرز قائم کرنے کیلیے ملاقات کیں، اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے آئسو لیشن وارڈ اور قرنطینہ سینٹر قائم کرنے کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا۔میٹنگ کے بعد مشترکہ ٹیم نے محمد میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج بوائز ہاسٹل کے 3 ہال، 40بیڈ اور 12وینٹی لیٹرز پر مشتمل سہولت کا جائزہ لیا۔جبکہ نیو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال میرپور خاص میں چار ہال، 40 بیڈ اور پانچ وینٹی لیٹرز کی سہولت کا جائزہ لیا، اس کے بعد کورونا وائرس کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلیے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اور میڈیکل سپرٹینڈنٹ میرپور خاص اسپتال سے بھی میٹنگ کی۔کورونا وائرس ایمرجنسی کمیٹی آف بورڈ آف کمشنرز نے پی سی آر، آئسو لیشن، قرنطینہ اور ٹریٹمنٹ سینٹرز قائم کرنے کیلیے اپنی سفارشات محکمہ صحت سندھ کو ارسال کردیں، چیف سیکریٹری کی جانب سے لیبارٹریز اور تشخیصی مراکز کے حوالے سے بنائی گئی ٹیکٹیکل کمیٹی جس میں سی ای او ایس ایچ سی سی ڈاکٹر منہاج قدوائی، ڈاکٹر ایاز مصطفی، آغا اسپتال اور انڈس اسپتال کے ماہرین نے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلیے الگورتھم تیار کرلیا، انسداد اتائیت ڈائریکٹوریٹ کی ٹیم نے 144لیبارٹریز اور تشخیصی سینٹرز کا معائنہ کیا۔ٹیم نے گذشتہ ایک ہفتے کے دوران مزید 4 کلینکس کو سیل کردیا، سندھ بھر میں اب تک 3498اتائیوں کے کلینکس کو سیل کیا جاچکا ہے، 1254دیگر مراکز کو تنبینہ نوٹسز جاری کیے جاچکے ہیں، انسداد شکایات ڈائریکٹوریٹ کو اسپتالوں سے متعلق مریضوں کی 132شکایات وصول ہوچکی ہیں جس میں سے 87کو کامیابی کے ساتھ حل کیا جاچکا ہے جبکہ 39دیگر مختلف مراحل میں ہیں اور 7کو قانونی طریقے سے حل کیاجارہا ہے۔ڈائریکٹوریٹ ا?ف لائسنسنگ اینڈ ایکریڈیشن کو اب تک 10,739طبی مراکز نے رجسٹریشن کیلیے درخواستیں جمع کروائیں جن میں سے 9509رجسٹرڈ کیا جاچکا ہے، ڈائریکٹوریٹ نے وینٹی لیٹرز اور آئسو لیشن وارڈز کا ڈیٹا مرتب کرلیا اور متعلقہ اداروں کو رپورٹ بھیج دی۔صوبائی وزیر صحت عذرا فضل پیچوہو کی ہدایت کی روشنی میں لیبارٹریز کو کوروٹا وائرس کے مریضوں کا ڈیٹا شیئر نگ کے حوالے سے لیٹرز جاری کردیے ہیں، ڈائریکٹوریٹ آف کلینکل گورننس نے کورونا کے مرض سے ہلاک ہونے والے افراد کی تدفین کیلیے پالیسی مرتب کرلی اور متعلقہ ادارے کو ارسال کردی ہیں، آئسو لیشن کے قیام سے متعلق پالیسی ترتیب دیدی گئی ہے اس حوالے سے سادہ فارم مرتب کر لیا ہے۔