کاجول اور بیٹی نائسا کو کورونا ہونے کی خبروں پر اجے دیوگن نے خاموشی توڑ دی

ممبئی(ویب ڈیسک) بالی ووڈ اداکار اجے دیوگن نے اپنی اہلیہ کاجول اور بیٹی نائسا کو کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی خبروں پر خاموشی توڑ دی۔گزشتہ کچھ دنوں سے بھارتی میڈیا میں خبریں گردش کررہی تھیں کہ کاجول اور نائسا سنگاپور سے واپس ممبئی آنے کے بعد کووڈ 19 میں مبتلا ہوگئی ہیں۔ اجے اور کاجول کی بیٹی نائسا سنگاپور میں تعلیم کی غرض سے موجود تھیں تاہم وہ گزشتہ ہفتے ہی اپنی والدہ کے ساتھ ممبئی لوٹی ہیں۔
سنگاپور سے لوٹنے کے بعد دونوں نے خود کو اپنے گھر میں قرنطینہ کرلیا تھا اس کے علاوہ ان دونوں کو اسپتال میں بھی دیکھا گیا تھا جس کے بعد بھارتی میڈیا میں خبریں گردش کرنے لگیں کہ دونوں کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئی ہیں۔تاہم اب اجے دیوگن نے ان خبروں پر خاموشی توڑتےہوئے ٹوئٹر پر بیان جاری کیا ہے کہ میری بیوی کاجول اور بیٹی نائسا بالکل ٹھیک ہیں اور ان کی صحت کے حوالے سے میڈیا پر گردش کرنے والی خبریں بالکل بے بنیاد اور جھوٹی ہیں۔ اس سے قبل بالی ووڈ کی نامور گلوکارہ کنیکا کپور کورونا وائرس میں مبتلا ہوچکی ہیں اور فی الحال کولکتہ میں اپنے گھر میں قرنطینہ میں وقت گزار رہی ہیں۔

کسی کو بھی وبا کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے ، آرمی چیف

راولپنڈی(ویب ڈیسک) چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ قوم کی اجتماعی کوششوں سے تمام مسائل کو خطرہ بننے سے پہلے حل کر لیں گے اور معاشرے کے کسی بھی طبقے کو وبا کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف نے بدھ کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے خصوصی اجلاس میں شرکت کی جس میں کورونا وائرس وبا کی روک تھام میں فوج کی جانب سے وفاقی و صوبائی انتظامیہ کو فراہم کی جانے والی معاونت اور اہل کاروں کی تعیناتی سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ اس موقعے پر آرمی چیف نے کہا کہ فوجی دستے شہریوں کو وبا سے بچانے کے ساتھ ساتھ مشکلات کے شکار عوام کے لئے آسانیاں پیدا کریں۔ قومی اجتماعی کوششوں سے تمام مسائل کو خطرہ بننے سے پہلے حل کر لیں گے۔ پاک فوج عوام کی مدد اور سہولت کے لئے کوئی کسر نہیں اٹھا رکھے گی۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ رنگ و نسل اور مذہب کی تفریق کے بغیر ہمیں متحدہ ہوکر حالات کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ موجودہ صورت حال دشوار ضرور ہے تاہم ہم بحیثیت قوم ماضی میں بھی مشکل حالات کا سامنا کرچکے ہیں۔ اس چیلنج کی نوعیت ماضی کے مقابلے میں مختلف ہے۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ فوج سرحدوں کی حفاظت کے ساتھ ساتھ کورونا وبا کے مقابلے کے لیے قوم کے شانہ بہ شانہ کھڑی ہے۔

قیدیوں کی رہائی کے بعد سے ڈکیتیاں بڑھ رہی ہیں: چیف جسٹس

اسلام آباد(ویب ڈیسک) چیف جسٹس پاکستان گلزار احمد نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کا پھیلاو¿ روکنے کےلیے قیدیوں کی رہائی کے بعد سے ڈکیتیاں بڑھ رہی ہیں۔ سپریم کورٹ میں کورونا وائرس کے باعث قیدیوں کی رہائی کیخلاف اپیل پر سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس پاکستان گلزار احمد نے ریمارکس دیے کہ کس قانون کے تحت ملزمان اور مجرموں کو ایسے رہا کیا جا سکتا ہے، ایسا نہیں ہو سکتا کہ کوئی خود کو بادشاہ سمجھ کر حکم جاری کرے، ملک میں جو بھی کام کرنا ہے قانون کے مطابق کرنا ہوگا، اسلام آباد ہائی کورٹ کا قیدیوں کی رہائی کا فیصلہ قانون کے مطابق نہیں، سندھ ہائی کورٹ میں بھی کسی بادشاہ نے شاہی فرمان جاری کیا، چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے چار سطروں کی مبہم پریس ریلیز جاری کی، جس سے کتنے ہی قیدیوں کو رہائی ملی۔ چیف جسٹس نے کہا کہ جب سے ہائی کورٹ سے ضمانت ہوئی ڈکیتیاں بڑھ رہی ہیں، کورونا مریض کی چیکنگ کے نام پر ڈاکو گھروں کا صفایا کر رہے ہیں، کراچی میں ملزمان کی ضمانت ہوتے ہی ڈکیتیاں شروع ہو گئی ہیں، ڈیفنس کا علاقہ ڈاکوو¿ں کے کنٹرول میں ہے، وہاں رات کو تین بجے ڈاکو کورونا مریض کے نام پر آتے ہیں،، ان حالات میں جرائم پیشہ افراد کو کیسے سڑکوں پر نکلنے دیں؟ ان کا کوئی مستقل ٹھکانہ بھی نہیں ہوتا، ملزمان کو پکڑنا پہلے ہی ملک میں مشکل کام ہے اور پولیس کورونا کی ایمرجنسی میں مصروف ہے۔ چیف جسٹس گلزار احمد کا کہنا تھا کہ سندھ میں کرپشن کے ملزمان کو بھی رہا کر دیا گیا ، کرپشن کرنے والوں کا دھندا لاک ڈاو¿ن سے بند ہوگیا، کرپشن کی بھوک رزق کی بھوک سے زیادہ ہوتی ہے، کرپٹ کو روز پیسہ کمانے کا چسکا لگا ہوتا ہے، اسے موقع نہیں ملے گا تو وہ دیگر جرائم ہی کرے گا۔ اٹارنی جنرل نے کہا کہ جیلوں میں وائرس پھیلا تو الزام سپریم کورٹ پر آئے گا۔ اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ عدالت نے قانون کو دیکھنا ہے، کسی الزام کی پروا نہیں، سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کی ہدایت پر کئی ملزمان کو چھوڑا گیا، کس کس کو چھوڑا گیا نہیں معلوم، ایسے لوگوں کو رہا کرنا ہے تو جیلوں کا سسٹم بند کر دیں، قیدیوں کی رہائی کی فہرستیں کس نے بنائی، سب نے اپنے رشتہ داروں کو چھوڑا دیا ہوگا۔ سپریم کورٹ نے بلوچستان اور سندھ کی جیلوں میں قرنطینہ مراکز قائم کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ کسی قیدی میں کورونا کی علامات ظاہر ہوں تو اسے قرنطینہ کیا جائے۔ سپریم کورٹ نے جیلوں میں جانے والے تمام نئے قیدیوں کی اسکریننگ کا حکم دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت چھ اپریل تک ملتوی کردی۔

ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ کو رمضان ٹرانسمیشن کی میزبانی کی پیشکش

لاہور(ویب ڈیسک)معروف ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ کو ایک ٹی وی چینل کی جانب سے رمضان ٹرانسمیشن کی میزبانی کی پیشکش ہوئی ہے۔حریم شاہ کے نام سے منسوب ٹوئٹر اکاونٹ سے یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ حریم شاہ کو ایک معروف ٹی وی چینل نے رواں برس رمضان ٹرانسمیشن کی میزبانی کی پیشکش کی ہے۔ یہ ٹوئٹ دوروز قبل 30 مارچ کو کیا گیا تھا جس میں حریم شاہ نے یہ اطلاع دیتے ہو ئے لوگوں سے سوال پوچھا تھا کہ کیا آپ مجھے رمضان کے پروگرام کی میزبانی کرتے ہوئے دیکھنا چاہتے ہیں۔حریم شاہ کے اس سوال پر سینکڑوں لوگوں نے انہیں جواب دیا۔ فرح نامی صارف نے اسے خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا چلیں ٹھیک ہے اگر اللہ آپ کو اپنی طرف لانا چاہتا ہے تو یقین جانئے آپ اس ٹرانسمیشن سے ہی اپنے آپ کو اللہ کی طرف رجوع کرسکتی ہیں۔ ہم سب گناہگار ہیں پر بخشنے والی ذات رب کی بہت اعلیٰ ہے۔ رمضان کے صدقے اللہ پاک آپ کو اور ہم سب کو ہدایت دے آمین۔

لاک ڈاﺅن 14 اپریل تک رہے گا ، اسد عمر

اسلام آباد (ویب ڈیسک) ملک بھر میں کیا گیا لاک ڈاون 14 اپریل تک جاری رکھنے کا اعلان، وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا ہے کہ آج مشترکہ طورپرفیصلہ ہواکہ یکم سے14اپریل تک موجودہ صورتحال کوجاری رکھاجائیگا، بندشوں کی وجہ سے کوروناوائرس کے پھیلاو¿میں کمی ہوئی ہے، تاہم مزید بندشوں کی ضرورت محسوس نہیں کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اسد عمر نے پریس کانفرنس میں اعلان کیا ہے کہ آج مشترکہ طورپرفیصلہ ہواکہ یکم سے14اپریل تک موجودہ صورتحال کوجاری رکھاجائیگا۔ 14اپریل سے پہلے این سی سی میٹنگ میں فیصلہ کرینگے کہ بندشیں کم کی جائیں یابڑھائی جائیں۔ وہ سروسزاورصنعتیں جوبنیادی ضرورت کی چیزیں بناتی ہیں،کھلی رہیں گی۔ کھانے پینے کی اشیا،ادویات کی صنعتوں کومکمل طورپرکھلارکھنا بہت ضروری ہے۔ گڈزٹرانسپورٹ پرکوئی بندش نہیں ہوگی،ایک آدھ شکایات آرہی ہیں۔ وفاقی وزیر نے بتایا ہے کہ تمام فریقین نے یقین دہانی کرائی ہے کہ این سی سی کے فیصلے پرعملدرآمدیقینی بنائیں گے۔

اسلام آباد میں طبی ایمرجنسی نافذ

اسلام آباد (ویب ڈیسک) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں طبی ایمرجنسی نافذ کر دی گئی، وفاقی حکومت کے زیر انتظام تمام ہسپتالوں کی او پی ڈیز تا حکم ثانی بند، ڈاکٹرز، نرسوں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی چھٹیاں منسوخ، صحت یاب ہونے والے مریضوں کو ڈسچارج کرنے کا حکم۔ تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس خدشات کے باعث اسلام آباد میں فوری طبی ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ اس حوالے سے وزارت ہیلتھ سروسز نے وفاقی ہسپتالوں کے سربراہان کو کرونا وائرس خدشات کے پھیلاو کے باعث نئی ہدایات جاری کی ہیں۔ حکم دیا گیا ہے کہ او پی ڈی سروسز تا حکم ثانی بند رہیں گی۔ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں، جبکہ ہسپتالوں میں صحت یاب ہونے والے مریضوں کو ڈسچارج کرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی جانب سے جاری کردہ تازہ اعدادو شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس کیسز کی تعداد 2071 ہے۔ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ سندھ میں کورونا وائرس کیسز کی تعداد 676 ہوگئی، پنجاب میں کورونا وائرس کیسز کی تعداد 740 ہوگئی، کے پی کے میں 253 بلوچستان میں 158 اور گلگت بلستان میں 184 کیسز ہوگئے۔کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق اسلام آباد میں 54 اور آزاد کشمیر میں چھ کورونا وائرس کیسزہیں ،پاکستان میں کورونا سے متاثرہ 82 مریض صحتیاب ہیں ،پاکستان میں کورونا سے اموات کی تعداد 26 ہوگئی۔ کمانڈاینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق ملک بھرمیں کورونا وائرس کے 1963 مریض زیر علاج ہیں۔

کورونا وبا؛ ہماری لاپرواہی سے لاتعداد زندگیوں کو خطرے میں ڈال سکتی ہے، مہوش حیات

کراچی(ویب ڈیسک) اداکارہ مہوش حیات نے عوام سے درخواست کرتے ہوئے کہا ہے کہ براہ مہربانی ذمہ داری کا مظاہرہ کریں کیونکہ ہماری ذرا سی لاپرواہی لاتعداد زندگیوں کو خطرے میں ڈال سکتی ہے۔مہوش حیات نے کورونا وائرس کے خطرے اور اس سے بچاو کے حوالے سے ایک آگاہی ویڈیو جاری کی ہے جس میں انہوں نے لوگوں سے درخواست کی ہے کہ اس وائرس کو سنجیدگی سے لیں۔ مہوش حیات نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا پاکستان کو اس وقت کورونا وائرس کی صورت میں سب سے بڑے چیلنج کا سامنا ہے، ہم جو کچھ بھی آج کریں گے اس سے ہماری آنے والی نسلوں کی قسمت کا تعین ہوگا۔ دنیا بھر کا صحت کی دیکھ بھال کا نظام بھی اس وبا کے آگے ناکام ہوتا نظر آرہا ہے اور وہ لوگ ہزاروں کی تعداد میں اموات کے لیے خود کو تیار کررہے ہیں لہذا اس صورتحال میں ہمارے لیے کیا مواقع ہیں۔مہوش حیات نے پاکستان کے گنجان آباد شہر کراچی کو درپیش کورونا وائرس کے خطرے سے لوگوں کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کراچی کی آبادی دو کروڑ عوام پر مشتمل ہے جن کے لیے اسپتالوں میں بیڈز کی تعداد صرف 600 ہے۔ جب کہ پاکستان کی آبادی 22کروڑ عوام پر مشتمل ہے اور پورے ملک میں وینٹی لیٹرز کی تعداد صرف 17 سو ہے۔ یہ اعدادوشمار بتاتے ہوئے مہوش حیات نے ان تمام ڈاکٹرز اور نرسز کا بھی شکریہ ادا کیا جو دن رات اس وائرس کے خلاف لڑنے میں مصروف ہیں۔مہوش حیات نے حکومت اور اداروں سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ میڈیکل کے عملے کے پاس وہ تمام ضروری آلات موجود ہوں جن کی انہیں اس وبا کے خلاف لڑتے ہوئے ضرورت ہے۔
مہوش حیات نے عوام سے بھی گزارش کی کہ قوانین کی پاسداری کریں اور گھروں میں رہیں۔ یہ چھٹیاں نہیں ہیں، ملک بھر میں 1900 سے زائد کورونا وائرس کے کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے جب کہ 25 افراد اس وائرس کا شکار ہوکر جان کی بازی ہار چکے ہیں اور دن بدن یہ تعداد بڑھتی جارہی ہے۔ ہماری ذرا سی لاپرواہی لاتعداد زندگیوں کو خطرے میں ڈال سکتی ہے۔ لہٰذا ذمہ دار شہری بنیں اپنی اور اپنے پیاروں کی زندگیوں کی حفاظت کریں آئیں مل کر کورونا وائرس کووڈ 19 کو شکست دیں، پاکستان زندہ باد۔

پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن بحال

اسلام آباد (ویب ڈیسک) پی آئی اے کو فلائٹ آپریشن بحال کرنے کی اجازت مل گئی، فلائٹ آپریشن جزوی طور پر بحال کیا جائے گا، اجازت وزیراعظم کی جانب سے دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق حکومت نے قومی ائیر لائنز کو جزوی طور پر فلائٹ آپریشن بحال کرنے کی اجازت دیدی۔ وزیر خارجہ اور وزیر امور ہوابازی کی خصوصی کاوشوں سے وزیر اعظم عمران خان نے پروازوں کی بحالی کی منظوری دی۔ پہلے مرحلے میں محدود تعداد میں مسافروں کو واپس لایا جائے گا تا کہ این آئی ایچ کی صلاحیت کے مطابق مربوط ٹیسٹنگ کی جا سکے۔ پہلے مرحلے میں کینیڈا اور برطانیہ کے لئے کراچی، لاہور اور اسلام آباد سے پروازیں چلائی جائیں گی۔ ٹورنٹو کے لئے فلائٹ آپریشن 03 اپریل سے بحال ہو گا۔ برطانیہ کے لیے فلائٹ آپریشن 04 اپریل سے شروع ہو گا۔ فلائٹ آپریشن بندش کے دوران متاثرہ مسافروں کو ترجیح دی جائے گی۔ تمام پروازیں واپس صرف اسلام آباد ائیر پورٹ پر لینڈ کریں گی۔ پروازیں اترنے کے بعد لاﺅنج میں تمام مسافروں کا ٹیسٹ کیا جائے گا۔ اسلام آباد میں تمام مسافروں کو چھ گھنٹے کے لئے مقامی ہوٹلوں میں رکھا جائے گا جو مسافروں کلیئر ہوں گے ان کو گھر بھیج دیا جائے گا۔ متاثرہ مسافروں کو قرنطینہ سینٹر منتقل کیا جائے گا۔ پی آئی اے تمام حفاظتی اقدامات پر سختی سے عمل کرے گی۔ تمام طیاروں میں مکمل طور پر ڈس انفیکشن کی جائے گی۔ پی آئی اے اپنے عملے کی حفاظتی کو یقینی بنانے کے لئے تمام حفاظتی امور پر سختی سے عمل پیرا ہے۔ ترجمان نے کہا ہے کہ احتیاط کے پیش نظر پی آئی اے ویب سائٹ سے گھر رہ کر شفاف طریقے سے خریداری کو ترجیح دیں۔تمام مسافروں سے التماس ہے کی سفر سے پہلے ماسک پہن کر آئیں، اس کے بغیر سفر کی اجازت نہیں ہوگی۔

اماراتی ٹیلی کام کمپنی اتصالات نے تمام صارفین کو شاندار خبر سنا دی

ابوظبی(ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات میں کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے جزوی کرفیو لگایا گیا ہے۔ حکام کی جانب سے عوام کو گھروں تک ہی محدود رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، اور پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کو جرمانے کی سزا سے ڈرایا جا رہا ہے۔ ایسے میں متحدہ عرب امارات کی سب سے بڑی ٹیلی کام کمپنی اتصالات نے عوام کو گھروں میں ہی رکھنے کے لیے ایک شاندار اعلان کر دیا ہے۔
اتصالات کی جانب سے خوشخبری سنائی گئی ہے کہ اس کے تمام صارفین کو اپریل اور مئی کے دو مہینوں کے دوران انٹرنیٹ آڈیو اور ویڈیو کالز مفت کرنے کی سہولت فراہم کر دی گئی ہے۔ اتصالات کی جانب سے صارفین کو بھیجے گئے ایس ایم ایس میں لکھا ہے ”اس مشکل کی گھڑی میں اپنے پیاروں سے رابطے میں رہنے کی خاطر، اپریل اور مئی کے مہینوں میں انٹرنیٹ کالنگ پلان کی سروس سبسکرائب کر لیجیے، جو بالکل مفت ہے۔اس سہولت کے تحت آپ مخصوص ایپس کی مدد سے مفت ویڈیو اور آڈیو کالز کر سکتے ہیں۔ یہ سہولت سبسکرائب کرنے کے لیے ‘ICP’ لکھ کر 1012پر بھیج دیں۔ گھروں پر اکٹھے مل بیٹھنا بہت ضروری ہے۔“ اتصالات کی جانب سے اس آفر کا مقصد لوگوں کو گھروں پر زیادہ سے زیادہ وقت گزارنے کی ترغیب دینا ہے جس دوران وہ اپنی وقت گزاری کے لیے مفت کی ویڈیو اورآڈیو کالز کر سکیں گے۔ اتصالات کی جانب صارفین کو پوسٹ پیڈ اور پری پیڈ موبائل کالنگ پلانز، موبائل کا بل کم رکھنے کی خاطر ڈیلی پلان اور ای لائف ہوم کا ماہانہ پلان بھی متعارف کرایا گیا ہے۔ اتصالات کے کسی بھی انٹرنیٹ کالنگ پلان کو سبسکرائب کرنے کے بعد صارفین BOTIM، HiU، Voice UAE اور C’Me جیسی ایپس کی مدد سے اپنے پیاروں کو آڈیو اور ویڈیو کالز کر سکیں گے۔

کورونا وائرس کا خدشہ، اومان کا صوبہ مطرہ لاک ڈاون کر دیا گیا

مسقط(ویب ڈیسک) خلیجی ریاست اومان میں بھی کورونا وائرس نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔ مملکت میں اب تک کورونا کے سینکڑوں مریض سامنے آ چکے ہیں۔ جبکہ دو روز قبل کورونا کا ایک مریض جان کی بازی بھی ہار گیا ہے۔ مملکت میں کورونا سے نمٹنے کے لیے ایک اہم انتظامی فیصلہ لیا گیا ہے۔اومان کے صوبہ مطرہ کو مکمل طور پر لاک ڈاون کر دیا گیا ہے۔رائل اومانی پولیس کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ آج بدھ کے روز سے مطرہ میں مکمل لاک ڈاون کیا جا رہا ہے، تاکہ کورونا کے خطرے پر قابو پایا جا سکے، کیونکہ مطرہ میں کورونا کے مریضوں کی گنتی میں اضافہ ہو رہا ہے، جس کے پھیلاوکو دوسرے علاقوں میں روکنے کی خاطر یہ فیصلہ لیا گیا ہے۔ رائل اومانی پولیس کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ کورونا کی روک تھام کی خاطر رائل اومان پولیس نے دیگر اداروں کے ساتھ مشاورت کے بعد مطرہ کو لاک ڈاون کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔جس کے بعد مطرہ کو جانے والی تمام ٹریفک بند کر دی گئی ہے۔ جس سے رووی، ہمریو، وادی الکبیر اور درست کے کچھ علاقے متاثر ہوں گے۔ تاہم کھانے پینے کا سامان، ادویات و طبی آلات اور اشیائے ضروریہ کا سامان لے جانے والی گاڑیوں اور ٹرکوں کو داخلے کی اجازت ہو گی۔ تاہم مطرہ میں عوام اور تارکین وطن کا پیدل یا نجی گاڑیوں پر داخلہ ممنوع ہو گا، اسی طرح مطرہ سے بھی کوئی بھی شخص اور گاڑی باہر نہیں نکلنے دی جائے گی۔رائل پولیس کے ترجمان میجر محمد الہاشمی نے لوگوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس لاک ڈاون کے دوران اپنے گھروں میں ہی رہیں، غیر ضروری طور پر سڑکوں پر آنے سے اجتناب کریں، البتہ غذائی اشیاءاور ادویات کی خریداری اور کسی میڈیکل ایمرجنسی کی صورت میں باہر نکلنے کی اجازت ہو گی۔