دبئی میں مہنگے داموں میں سینی ٹائزر اور چہرے کے ماسک بیچنے والوں کے خلاف کریک ڈاون

دبئی (ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات میں کورونا وائرس کی وبا پھیلنے کے بعد سینی ٹائرزر اور فیس ماسک کی طلب میں بے پناہ اضافہ ہو گیا ہے۔ ان اشیاءکی طلب اور لوگوں کی مجبوری کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کئی فارمیسیز نے ماسک اور سینی ٹائزر انتہائی مہنگے داموں فروخت کرنا شروع کر دیئے ہیں۔ تاہم دبئی کے حکام نے ان گراں فروشوں کے خلاف کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔ دبئی میں حکام نے تین دواخانوں کو چہرے کے ماسک اور سینی ٹائزر مہنگے داموں فروخت کرنے پر جرمانے عائد کیے ہیں۔ دبئی اکانومی کے شعبہ تحفظ صارفین (سی سی سی پی) نے الجمائرہ ،الخوانیج اور مردیف میں تین فارمیسیوں کو چہرے کے ماسک اور سینی ٹائزر کی قیمتوں میں ردوبدل کرنے پر جرمانے عاید کیے گئے ہیں۔ان میں سے دو فارمیسیوں نے چہرے کے ماسک کی قیمت کو از خود بڑھا لیا تھا اور تیسرا دوا خانہ سینی ٹائزر کو زیادہ قیمت پر فروخت کررہا ہے۔بہت سے صارفین نے حکام کو ان اشیاءکو مہنگے داموں فروخت کرنے کی شکایت کی تھی۔سی سی سی پی نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ اگر ان دوا خانوں نے دوبارہ ان اشیاءکو مہنگے داموں فروخت کیا تو ان پر دگنا جرمانہ عاید کیا جائے گا اور انھیں بند بھی کیا جاسکتا ہے۔دبئی اکانومی نے ملک میں کاروبار کرنے والے تمام اداروں پر زوردیا ہے کہ وہ چہرے کے ماسک ، سینی ٹائزر اور جراثیم کش اشیاءکو مہنگے داموں فروخت کرنے سے گریز کریں۔اس نے دواخانوں اور طبی سامان مہیا کرنے والوں سے کہا ہے کہ وہ اپنی سماجی ذمے داری کا احساس کرتے ہوئے جراثیم کش اشیاءکی قیمتوں میں ازخود ہی کمی کریں۔

کروناوائرس :احتیاط نہ کی تو 25 اپریل تک متاثرین کی تعداد 50 ہزار ہو جائے گی، وزیراعظم

اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ عوام نے احتیاط نہ کی تو خدشہ ہے پاکستان میں 25 اپریل تک کورونا وائرس کیسز کی تعداد 50 ہزار ہو جائے گی، تمام صورتحال پر نظر رکھی ہوئی ہے، کیسز رپورٹ ہونے کی موجودہ رفتار برقرار رہی تو ایک ماہ کے دوران ملک میں کیسز کی تعداد 20 سے 25 ہزار کے درمیان ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام سے اپیل ہے کہ وہ حکومتی ہدایات پر عمل کریں اور احتیاطی تدابیر سے گریز نہ کریں۔ وزیراعظم نے کہا ہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے پھیلاو میں کمی کا دار و مدار اس بات پر ہے کہ عوام کس حد تک احتیاط کرتے ہیں۔ وزیراعظم کا کہنا ہے کہ اندازہ یہ ہے کہ اگلے ایک ماہ تک پاکستان میں کرونا وائرس کیسز کی تعداد 20 سے 25 ہزار تک ہو سکتی ہے، اس لیے ہم مریضوں کی اتنی تعداد کو طبی سہولیات فراہم کرنے کی تیاریاں کر چکے ہیں، تاہم اگر عوام نے احتیاط نہ کی تو پھر پاکستان میں 25 اپریل تک کرونا وائرس کیسز کی تعداد 50 ہزار تک پہنچنے کا خدشہ ہے، اور اگر ایسا ہوا تو پھر اس وقت ہمارے پاس اتنی بڑی تعداد میں مریضوں کو طبی امداد دینے کیلئے سہولیات ناکافی ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان نے مزید کہا ہے کہ کرونا وائرس کی وباءابھی مزید بڑھنی ہے، کتنی بڑھے گی ایک ہفتے میں پتہ چل جائے گا۔ واضح رہے کہ بدھ کو کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر نے تازہ اعدادو شمار جاری کر دئیے جس کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس کیسز کی تعداد 2071 ہوگئی۔کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر نے اپنی رپورٹ میں کہاکہ سندھ میں کورونا وائرس کیسز کی تعداد 676 ہوگئی، پنجاب میں کورونا وائرس کیسز کی تعداد 740 ہوگئی، کے پی کے میں 253 بلوچستان میں 158 اور گلگت بلستان میں 184 کیسز ہوگئے۔ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق اسلام ا?باد میں 54 اور ا?زاد کشمیر میں چھ کورونا وائرس کیسزہیں ،پاکستان میں کورونا سے متاثرہ 82 مریض صحتیاب ہیں ،پاکستان میں کورونا سے اموات کی تعداد 26 ہوگئی۔ کمانڈاینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق ملک بھرمیں کورونا وائرس کے 1963 مریض زیر علاج ہیں۔

ورلڈبینک نے داسو ہائیڈروپاور کیلئے 70 کروڑ ڈالر کی منظوری دیدی

اسلام آباد(ویب ڈیسک) ورلڈ بینک بورڈ آف ڈائریکٹرز نے بدھ کے روز داسو ہائیڈرو پاور منصوبے کے پہلے مرحلے کے لیے 70 کروڑ ڈالر کی اضافی فنانسنگ کی منظوری دے دی جس سے پاکستان کو لاکھوں صارفین کو سستی بجلی کی فراہمی کے لیے کم لاگت، قابل تجدید توانائی پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔ عالمی بینک کے اسلام آباد میں دفتر سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ عالمی بینک کی طویل المدتی ترقی کے لیے یہ تعاون ایسے وقت میں سانے آیا جب بینک وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر کورونا وائرس کے پھیلنے کے فوری چیلنج کی تیاری اور اس پر رد عمل دینے کے لیے بھی کام کر رہا ہے۔ اضافی فنڈز داسو ہائیڈرو پاور پلانٹ کے پہلے مرحلے کو مکمل کرنے کے لیے ٹرانسمیشن لائن کی مالی اعانت فراہم کریں گے جو دریائے سندھ کے ساتھ ساتھ 2 ہزار 160 میگاواٹ صلاحیت پیدا کرے گی دوسرے مرحلے کی توسیع کے منصوبے سے یہ گنجائش دوگنی ہو کر 4 ہزار 320 میگاواٹ ہوجائے گی جس سے داسو ملک کا سب سے بڑا پن بجلی گھر بن جائے گا۔ پاکستان کے لئے ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ایلنگو پیٹچاموتو نے کہا کہ پاکستان کا توانائی کا شعبے اعلی قیمت اور غیر فعال ایندھنوں سے کم لاگت اور قابل تجدید توانائی کی طرف نیشنل گرڈ کو بجلی کی فراہمی کی طرف بڑھنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیرف کے اسٹرکچر میں اصلاحات کے ساتھ، داسو ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کے نتیجے میں ایندھن کی کم درآمد ہوگی جس سے ملک کے موجودہ اکاﺅنٹ خسارے پر تناﺅ کم ہوگا اس منصوبے سے پاکستان میں بجلی پیدا کرنے کی مجموعی لاگت کو کم کرنے میں مدد ملے گی جس سے لاکھوں بجلی استعمال کرنے والے گھروں اور پیداواری شعبوں جیسے مینوفیکچرنگ اور زراعت کے لیے بجلی کو مزید سستی فراہم ہوگی داسو ہائیڈرو پاور پلانٹ گرمیوں کے مہینوں جب طلب زیادہ ہوگی تو زیادہ بجلی فراہم کرے گا۔

ولی عہد کا پاکستانیوں اور دیگر غیر ملکیوں کے نام خصوصی پیغام

ابوظہبی (ویب ڈیسک) ولی عہد کا پاکستانیوں اور دیگر غیر ملکیوں کے نام خصوصی پیغام، شیخ محمد بن زاید کہتے ہیں: آپ کو امارات کا قومی ترانہ پڑھتا دیکھ کر میری آنکھوں میں آنسو آگئے، آپ کسی طرح بھی اس ملک کے شہریوں سے کم تر نہیں، اللہ آپ سب کی حفاظت کرے، انشاءاللہ ہم جلد ان مشکل حالات سے باہر نکل جائیں گے۔اماراتی ولی عہد شیخ محمد بن زاید کی جانب سے متحدہ عرب امارات میں مقیم غیر ملکیوں کے نام خصوصی پیغام جاری کیا گیا ہے۔اپنے پیغام میں شیخ محمد بن زاید نے امارات میں مقم غیر ملکیوں کا خصوصی شکریہ ادا کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے حال ہی میں غیر ملکیوں کی جانب سے امارات کا قومی ترانہ پڑھنا کی ایک ویڈیو دیکھی ہے۔میں نے دیکھا کہ لاک ڈاون کے باعث اپنے گھروں میں محصور غیر ملکی کیسے گھروں کی بالکنی میں آگئے اور پھر انہوں نے مل کر امارات کا قومی ترانہ پڑھا۔ شیخ محمد بن زاید کہتے ہیں کہ یہ ویڈیو دیکھ کر ان کی آنکھوں میں آنسو آگئے۔ وہ امارات کے غیر ملکی رہائشیوں کا بتانا چاہتے ہیں کہ وہ کسی طور پر اماراتی شہریوں سے کم تر نہیں ہیں۔ غیر ملکی رہائشی امارات کیساتھ ویسے ہی وفادار ہیں جیسے امارات کے اپنے شہری۔میری دعا ہے اللہ آپ سب کی حفاظت کرے، اور انشاءاللہ ہم سب اس مشکل وقت سے جلد چھٹکارا حاصل کر لیں گے۔ اماراتی ولی عہد کے اس پیغام کو سوشل میڈیا پر کافی پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔ یہاں واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات کرونا وائرس کے پھیلاو کے باعث اس وقت لاک ڈاون کی حالت میں ہے۔ امارات میں اب تک کرونا وائرس کے 664 کیسز سامنے آ چکے، جبکہ 6 مریض جاں بحق ہوئے۔

پنجاب میں لاک ڈاون سخت؛ دکانوں کے نئے اوقات کار مقرر

لاہور(ویب ڈیسک) پنجاب میں کریانہ، گروسری اور جنرل اسٹورز صبح 9 بجے سے شام 5بجے تک کھلیں گے۔کورونا سے بچاوکے لئے پنجاب حکومت نے لاک ڈاون کو مزید سخت کردیا ہے اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے صوبہ بھر میں کریانہ، گروسری اور جنرل اسٹورز کے نئے اوقات کار مقرر کر دئیے گئے ہیں جن پرعملدرآمد یکم اپریل سے شروع ہوگا۔نئے اوقات کار کے مطابق جنرل اسٹورز، گروسری اور کریانے کی دکانیں صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک کھلیں گی، تاہم میڈیکل اسٹورز اور فارمیسی کو نئے اوقات کار کی پابندی سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ نئے اوقات کار کا فیصلہ عوام کی صحت اور زندگی کے تحفظ کے لئے کیا گیا ہے، اور اس کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کرتے رہیں گے-

راولپنڈی میں نجی اسکولوں اورکالجز کو انتظامی دفاتر کھولنے کی اجازت

راولپنڈی(ویب ڈیسک) انتظامیہ کی جانب سے ضلع بھر میں تمام پرائیویٹ اسکولوں اور کالجز کو انتظامی دفاتر کھولنے کی اجازت دے دی گئی۔ آج یکم اپریل سے تمام پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے دفاتر باقاعدہ کھل گئے۔ضلعی تعلیمی آفیسر کے مطابق اجازت ٹیچرز اور نان ٹیچنگ اسٹاف کو تنخواہ ادا کرنے اور تدریسی عمل آن لائن کرنے کے لئے دی گئی ہے۔ اجازت ملنے کے بعد 3 ملازمین دفتری اوقات میں بیٹھ سکیں گے۔ممبر ڈسٹرکٹ رجسٹریشن اتھارٹی عرفان مظفر کیانی کے مطابق کھولے گئے دفاتر میں ملازمین کے لئے ماسک،گلوز، سینی ٹائزر کا استعمال لازمی ہوگا جب کہ سماجی فاصلے کے ایس او پی پر عملدرآمد بھی لازمی ہوگا۔

الخدمت فاونڈیشن کی طرف سے دیہاڑی دار مزدوروں میں راشن کی تقسیم

اسلام آباد(ویب ڈیسک) الخدمت فاونڈیشن پاکستان کی طرف سے دیہاڑی دار مزدوروں میں راشن تقسیم کیا گیا۔اسلام آباد میں الخدمت فاونڈیشن کی طرف سے 1 ہزار دیہاڑی دار مزدوروں میں راشن تقسیم کیا گیا۔ الخدمت فاونڈیشن اسلام آباد کے صدر حامد اطہر ملک نے بتایا کہ دو ہزار راشن پیکٹس تقسیم کر چکے ہیں آج مزید 1 ہزار کر رہے ہیں۔مرکزی نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے مزدوروں میں راشن تقسیم کرنے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تین ہزار خاندانوں کو گھر گھر راشن پہنچا رہے ہیں اور الخدمت الرازی اسپتال کو کررونا قرنطینہ اور آئی سی یو بنا دیا گیا ہے۔لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ پوری انسانیت اور پاکستان اس وبا سے انشاءاللہ نجات پائیں گے، کورونا وائرس پھیلنے کے بعد غیر مسلم حکمران بھی اللہ کی طرف رجوع کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے اور متاثرین تک راشن پہنچانے کا حکومت کے پاس کوئی شفاف نظام نہیں۔

مسلمان حج کی تیاریاں موخر کردیں، سعودی وزیر حج

ریاض(ویب ڈیسک) سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر محمد صالح بن طاہر بنتن نے کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی غیر یقینی صورتحال کے باعث مسلمانوں سے حج کی تیاریاں موخر کرنے کا کہا ہے۔سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر محمد صالح بن طاہر بنتن نے سرکاری ٹی وی الاخباریہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب حج و عمرہ زائرین کی خدمت کے لیے پوری طرح تیار ہے اور سعودی حکومت عازمین عمرہ کو کسی بھی وقت آنے کی اجازت دے سکتی ہے۔ڈاکٹر محمد صالح بن طاہر بنتن نے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث موجودہ حالات کے پیش نظر سعودی حکومت مسلمانوں اور اپنے شہریوں کی صحت و تندرستی کے حوالے سے فکرمند ہے، اس لیے ہم دنیا بھر میں اپنے مسلمان بھائیوں سے کہتے ہیں کہ صورتحال واضح ہونے کا انتظار کریں اور حج معاہدے نہ کریں۔سعودی حکومت نے پاکستان سمیت تمام مسلم ممالک کی حکومتوں کو حج معاہدے کرنے سے روک دیا ہے جبکہ رواں سال کے شروع میں عمرے کو بھی معطل کردیا ہے اور اس سال حج بھی موقوف ہونے کا خدشہ ہے۔سعودی عرب میں کورونا وائرس کے 1500 سے زائد کیسز سامنے آچکے ہیں اور 10 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ حکومت نے ملک میں لاک ڈاون کردیا ہے اور تمام غیر ملکی پروازیں بھی معطل کردی گئی ہیں۔ گزشتہ سال دنیا بھر سے 25 لاکھ حاجیوں نے حج کے مقدس فریضے کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب کا سفر کیا تھا۔

کورونا وبا؛ اقوام متحدہ کا غریب ممالک کیلئے عالمی فنڈ قائم کرنے کا اعلان

نیویارک(ویب ڈیسک) اقوام متحدہ نے کورونا وبا کے پیش نظر غریب ممالک کے لیے عالمی فنڈ قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کورونا کے تباہ کن سماجی و معاشی اثرات کو دور کرنے کے منصوبے کا آغازکردیا۔ منصوبے میں کم اور درمیانی آمدنی والے ممالک کے لیےعالمی فنڈ قائم کیا جائے گا۔سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ کوویڈ 19 اقوام متحدہ کی تشکیل کے بعد سے اب تک کا سب سے بڑا امتحان ہے، کورونا وائرس معاشروں اور لوگوں کی زندگیوں کو نشانہ بنا رہا ہے، جس سے معیشت پر طویل مدتی اثرات ہوں گے جنہیں حل کرنے کے لئے مل کر کام کرنا ہوگا۔ایک رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس سے اب تک 33 ہزار 257 اموات ہو چکی ہیں، جب کہ 204 ممالک میں 6 لاکھ 97 ہزار 244 تصدیق شدہ کیسز سامنے آئے ہیں۔ آئی ایم ایف کے اعلان کے بعد یہ رپورٹ سامنے آئی ہے کہ دنیا 2009 کے بعد سے اب تک کے سب سے بدتر بحران کا شکار ہوگئی ہے۔اقوام متحدہ کے مطابق سیکرٹری جنرل نے کم اور درمیانی آمدنی والے ممالک کے لئے رسپانس اینڈ ریکوری فنڈ قائم کیا ہے، جس سے بحران کی شکار حکومتوں کو تیزی سے مدد فراہم کرنے اور ان کی بحالی میں مدد کی جائے گی۔

حرم شریف میں مطاف کے حصے میں طواف کا سلسلہ دوبارہ شروع

مکہ المکرمہ(ویب ڈیسک) حرم شریف میں مطاف کے حصے میں طواف کا سلسلہ دوبارہ شروع کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے تاہم اس دوران کم لوگوں کا اجتماع ہی طواف کر سکے گا۔کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے سعودی حکومت نے 23 مارچ سے 21 روز کے لیے جزوی کرفیو کا اعلان کر رکھا ہے۔اس سے قبل حفاظتی اقدامات کے تحت تمام مساجد بشمول مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے اندرونی اور بیرونی حصے میں پنجگانہ نماز اور نماز جمعہ کی ادائیگی پر مکمل پابندی عائد کی جا چکی ہے۔سعودی حکام نے اس سے قبل وائرس سے بچاو? کے لیے خانہ کعبہ کے اطراف سپرے کے لیے مطاف خالی کرایا تھا اور طواف کے عمل کو روک دیا گیا تھا جب کہ بعد میں مطاف کو زائرین کے لیے کھولا گیا تو انہیں کعبہ کے قریب جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔