تازہ تر ین

سعودی عرب میں رمضان المبارک کا چاند نظر نہیں آیا، پہلا روزہ 13 اپریل کو ہوگا

سعودی عرب میں رمضان المبارک کا چاند نظر نہیں آیا اور اب اب وہاں پہلا روزہ منگل 13 اپریل کو ہوگا۔

سعودی عرب کی رویت ہلال کمیٹی نے یہ اعلان کیا۔

سعودی عرب میں 11 ااپریل کو 29 شعبان 1442 ہے اور وہاں رمضان المبارک کے چاند کو دیکھنے کے لیے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ہوا۔

تاہم چاند نظر نہیں آیا اور اب وہاں رمضان کا آغاز 13 اپریل کو ہوگا۔

دوسری جانب پاکستان میں رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلیے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 13 اپریل کو ہو گا۔

اس حوالے سے وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اپریل کے آغاز میں الگ الگ ٹوئٹس میں پیشگوئی کی تھی کہ پاکستان میں رواں سال پہلا روزہ 14 اپریل کو ہوگا۔

بیان میں کہا گیا کہ رمضان کا چاند اسلام آباد، لاہور، پشاور اور کراچی میں صاف دکھائی دے گا۔

خیال رہے کہ سرکاری سطح پر چاند کی رویت کا اعلان کرنے کا اختیار رویت ہلال کمیٹی کو حاصل ہے۔

دوسری جانب فواد چوہدری کی ٹوئٹ پر مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے نومنتخب چیئرمین نے برہمی کا اظہار کیا تھا۔

رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ ماضی میں چاند دیکھنے سے متعلق متعدد اعلانات کی وجہ سے ملک کے امیج کو نقصان پہنچا۔

مولانا عبدالخبیر آزاد نے بتایا کہ یہ شریعت کی نافرمانی کی بات نہیں ہوگی لیکن ملک میں رمضان اور عید کی مختلف تاریخیں ہونے پر قومی فخر کو نقصان پہنچتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریاست نے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو یہ اختیار دیا ہے کہ وہ اسلامی مہینوں کے آغاز کے لیے نئے چاند سے متعلق حتمی اعلان کرے۔

مولانا عبدالخبیر نے کہا کہ فواد چوہدری کو کمیٹی کے اجلاس کا انتظار کرنا چاہیے تھا کیونکہ وزارت سائنس کا ایک سینئر افسر کمیٹی کا ممبر ہے۔

چیئرمین نے کہا کہ ہم 13 اپریل کو رمضان کے چاند کو دیکھنے کے لیے آئندہ اجلاس پشاور میں کر رہے ہیں اور مفتی پوپل زئی سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ اس میں شریک ہوں یا اپنے نمائندوں میں سے کسی کو بھیجیں تاکہ اتفاق رائے سے فیصلہ ہو۔

رویت ہلال کمیٹی کے سربراہ مولانا عبدالخبیر نے بتایا کہ پہلی مرتبہ مرکزی کمیٹی نے ضلعی سطح پر رویت ہلال کمیٹیاں تشکیل دی ہیں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ گواہوں کی جانچ پڑتال کی جاسکے۔


اہم خبریں
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2016 All Rights Reserved