تازہ تر ین

سابقہ حکومتوں نے عوام کو گدھ بن کر نوچا ہے، فردوس عاشق اعوان

معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سابقہ حکومتوں نےعوام کو گدھ بن کر نوچا ہے۔

تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ پاس نہ ہونے دینے کا الاگ الاپنے والی اپوزیشن بجٹ کی منظوری کے بعد دم دبا کر بھاگ نکلی۔

 انہوں نے یہ بھی کہا کہ اپوزیشن میں حکومت کو للکارنے کا دم خم نہیں، حکومت کی عوامی فلاح کے منصوبوں کو اپوزیشن نہیں روک سکتی، وزیراعلیٰ کے اثاثوں اور گاڑیوں کے متعلق منفی پراپوگنڈہ کیا جارہا ہے، وزیر اعلیٰ کو ان کے والد نے گاڑی دی، وزیراعلیٰ کے اثاثے ڈکلیئر ہیں۔

 فردوس عاشق نے مزید کہا کہ ن لیگ کے تمام حواری اور جواریوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں، سرٹیفائیڈ چور عدالتوں کو جواب دینے کے بجائے بمعہ اہل و عیال ملک سے باہر ہیں، زبان دراز کنزیں ڈھاری پکی کرنے کیلئے حقائق کے برعکس پراپوگنڈا کررہی ہیں۔

انہوں نے مزید یہ بھی کہا کہ عمران خان کرپٹ مافیا کے خلاف ڈٹ کر کھڑا ہے، فنڈ کی پائی پائی عوام کے فلاح کے منصوبوں پر خرچ کر کے عمران خان کے ویژن پر کارفرما ہیں، پی ٹی آئی نے جو وعدے کیے تھے ان کی تکمیل کا وقت ہے، خوشحال پنجاب، پنجاب کے بسنے والوں کی منزل ہے،  ملک کی خدمت کرنے والوں کو بلیک میل کرنا اپوزیشن کا وطیرہ ہے۔

 فردوس عاشق اعوان نے یہ بھی کہا کہ عثمان بزدار کرپٹ عناصر کے سامنے ڈٹ کر کھڑا ہے، احتساب کا عمل جاری و ساری رہے گا، پنجاب کے اندر کرپشن کے بتوں کو ملیا میٹ کریں گے، عثمان بزدار کی قیادت میں عوامی حقوق کے تحفظ کو یقینی بناتے رہیں گے۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ شاہی خاندان نے انسانی وسائل پر خرچ کرنے بجائے ان کی توجہ پاکستان کو کنکریٹ کا جنگل بنانا ہے، بہترین صحت کی سہولیات کی فراہمی پی ٹی آئی حکومت کی اولین ترجیح ہے، پی ٹی آئی کی حکومت انسانی ترقی و خوشحالی پر خرچ کررہی ہے، صحت اور تعلیم کا فروغ پی ٹی آئی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت میں صحت اور تعلیم کے شعبے میں انقلاب برپا کررہے ہیں، صحت کے میدان میں دی جانے والی سہولیات ترقی یافتہ ممالک کے ہم پلہ ہیں، پی ٹی آئی حکومت صحت کے شعبہ میں بڑے پیمانے پر اصلاحات لیکر آئی ہے، صحت کے شعبہ کیلئے 370 ارب روپے کے فنڈز مختص سلام کرنا وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی جانب سے قوم کیلئے تحفہ ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے یہ بھی کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے 106 ارب روپے کا کوویڈ ریلیف پیکج دیا گیا ہے، شعبہ صحت کے ترقیاتی بجٹ میں 182 فیصد اضافہ کر کے 96 ارب روپے کردیا گیا ہے، یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام کیلئے 80 ارب روپے کے فنڈز مختص کیے گئے ہیں، یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام کے تحت رواں مالی سال کے دوران پنجاب کی 100 فیصد آبادی کو علاج کی مفت اور معیاری سہولت فراہم کی جائے گی۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain