ممبئی : (ویب ڈیسک) سابق بھارتی اداکارہ سائرہ بانو اپنے شوہر اور لیجنڈ بھارتی اداکار دلیپ کمار کو بھارتی حکومت کی جانب سے دیا گیا اعلی سول ایوارڈ وصول کرتے ہوئے جذباتی ہوگئیں۔
ممبئی میں ہونے والی ایک تقریب میں سائرہ بانو نے بھارت رتن ڈاکٹر امبیڈکر ایوارڈ وصول کیا، چند روز قبل بھارتی حکومت کی جانب سے دلیپ کمار کو ایوارڈ دینے کا اعلان کیا گیا تھا، ایوارڈ وصول کرتے ہوئے سائرہ بانو جذباتی ہوگئیں اور شدت جذبات سے رو پڑیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سائرہ بانو نے کہا کہ دلیپ کمار صاحب بھارت کے کوہ نور تھے اور کوہ نور کا حق بنتا تھا کہ اسے یہ ایوارڈ دیا جائے۔
سائرہ بانو کا مزید کہنا تھا کہ دلیپ صاحب اب بھی یہیں ہیں، وہ میری یادوں میں نہیں بلکہ مجھے یقین ہےکہ وہ ہر قدم پر میرے ساتھ ہیں جس کی وجہ سے میں زندہ ہوں، میں سوچ بھی نہیں سکتی کہ وہ میرے پاس نہیں، وہ میرے پاس ہیں اور ہمیشہ میرا سہارا بن کر رہیں گے۔