حکومت کی امپورٹڈ چاکلیٹ، موبائل فونزو دیگر اشیاء درآمد کرنے پر پابندی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی تنزلی روکنے کیلئے وفاقی حکومت نے بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے لگژری اشیا کی امپورٹ پر مکمل پابندی عائد کر دی، بڑی گاڑیاں، امپورٹڈ چاکلیٹ ، موبائل فونز، ہوم اپلائنسز،کراکری آئٹمز، شوز ،ڈیکوریشن کا سامان، سینٹری ویئر، فش فروزن،کارپٹ ،ٹشو پیپر،فرنیچر، میک اپ اور شیمپو شامل ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ گزشتہ 4 سال میں ملکی معیشت کوتباہ برباد کر دیا گیا، 4 سال امپورٹڈ حکومت، امپورٹڈ مشیر اورترجمان تھے، شرم آنی چاہیے ڈالر 189 ان کے دورحکومت میں گیا،عالمی مالیاتی ادارے ( آئی ایم ایف) کے معاہدے پرعمران خان نے دستخط کیے، اس معاہدے کی وجہ سے آج مہنگائی ہے۔ملکی قرض 25 ہزار ارب سے 47 ہزار ارب تک پہنچ گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 90دن میں کرپشن ختم کرنے والوں نے 4 سال ملک کو لوٹا، جتنے امپورٹ ہو کر آئے تھے سب ایکسپورٹ ہو کر باہر چلے گئے، وزیراعظم شہبازشریف کو ڈالرکی قیمت کا ٹی وی سے نہیں پتا چلتا، شہبازشریف دن رات سوتے نہیں محنت کرتے ہیں، تمام غیرضروری لگژری آئٹمز کو بین کیا جا رہا ہے، تمام وہ آئٹمزجوعام آدمی کے استعمال نہیں ان کی امپورٹ پرمکمل پابندی لگادی گئی ہے۔
وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ تمام امپورٹڈ گاڑیاں بین کردی گئی ہے،4 سال معاشی دہشتگردی کی گئی اس کے لیے تمام انتظامات کیے جا رہے ہیں، اکنامک پلان کے تحت پاکستانیوں کو قربانی دینا پڑے گی، امپورٹ کو کم اور ایکسپورٹ پر زیادہ توجہ دی جائے گی۔ لوکل انڈسٹریز کو ترقی اور روزگارملے گا، امپورٹڈ ترجمانوں کوملک میں نوکریاں دی گئیں۔ چاکلیٹ پربھی مکمل بین لگادیا گیا ہے، ہنگامی بنیادوں پرپابندی عائد کی جارہی ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ کینٹینرپرچڑھنے والے شخص نے قرضوں کو 47 ہزارارب تک پہنچایا، امپورٹڈ موبائل، ہوم پلائنسز، کراکری کی تمام آئٹمز، شوز، ڈیکوریشن آئٹمز، سینٹری ویئر، فش فروزن، کارپٹ، ٹشوپیپر، فرنیچر، میک اپ، شیمپو، فروٹس، ڈرائی فروٹس کی درآمد پر بھی مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے16فیصد مہنگائی کی، عدم اعتماد کے ڈرکی وجہ سے پٹرولیم مصنوعات پرسبسڈی دے کرملک کے ساتھ کھلواڑکیا، الیکشن کب ہونگے فیصلہ حکومت کرے گی، آپ روئیں یا چیخیں الیکشن ہم کرائیں گے، صبح، دوپہرشام عدالتوں کو دھمکیاں دی گئیں، عدالتیں آئین شکنی کرنے والے خلاف کھلیں، دوہفتے پہلے سپریم کورٹ کو دھمکیاں دیتے تھے، جب ان کے حق میں فیصلہ آئے تو ٹھیک، عوام جانتی ہے اگر کسی کے پاس معاشی پلان ہے تو موجودہ حکومت ہے، شہبازشریف روزآٹے، چینی، پٹرول کی قیمت کو دیکھ کر سوتا ہے، شہبازشریف تمام اشیا کوسستا کرنے آیا ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ لگژری آئٹمز پر پابندی لگنے سے سمگلنگ زیادہ ہو گی، سمگلنگ کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن ہوں گے، دوکروڑلوگ چارسال غربت کی لکیرسے نیچے گئے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے میٹنگ جاری ہے، ہماری کوشش ہے عام آدمی پر بوجھ نہ ڈالا جائے، شہبازشریف دن رات عوام کوریلیف دینے کے لیے کوششیں کررہے ہیں، ہمارے اکنامک پلان کی آج شروعات ہے، وزیراعظم ایک یا دودن کے اندر قوم سے خطاب کریں گے۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے ججز نے خود کہا نیب کو سیاسی انتقام کے لیے استعمال کیا جاتا رہا، نیب کے اندر نیب گردی کو ہم نے چارسال دیکھا، نیب، نیازی گٹھ جوڑعمران کا ذیلی ادارہ تھا، نیب کے حوالے سے قانون سازی ہونی چاہیے، موجودہ چیئرمین نیب کی مدت بھی ختم ہورہی ہے، پہلی دفعہ ایسا ہوا جوکیسزنیب کے اندروہی کیسزایف آئی اے میں بھی چلے، بشیرمیمن کا انٹرویوبھی سب کے سامنے ہے، ہماری قانونی ٹیم مشاورت کررہی ہے،عدالت میں اپنا جواب دیں گے۔

عمر سرفراز چیمہ کی برطرفی درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ کا بنچ تشکیل

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کی برطرفی درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ کا بنچ تشکیل دے دیا گیا ہے۔
عمر سرفراز چیمہ کی درخواست رجسٹرار آفس نے اعتراضات کے ساتھ سماعت کے لئے مقرر کردی، اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ درخواست پر کل سماعت کریں گے۔
سابق گورنر نے برطرفی نوٹیفکیشن کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی ہے جبکہ انہوں نے بابر اعوان ایڈووکیٹ کے ذریعے درخواست دائر کی۔
گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کی برطرفی کا نوٹیفکیشن اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔ رجسٹرار آفس نے اعتراض عائد کر دیا گیا۔
گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے سینئر قانون دان بابر اعوان ایڈووکیٹ کے ذریعے دائر درخواست میں وفاق، سیکرٹری صدر پاکستان اور سپیکر پنجاب اسمبلی کو فریق بنا کر برطرفی نوٹیفکیشن کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو عہدے سے ہٹانا غیر قانونی ہے، پنجاب میں ایک شخص جو اختیارات استعمال کر رہا ہے وہ غیر قانونی ہے۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ وزیراعظم نے اپنے بیٹے کو فائدہ دینے کے لیے غیر قانونی عہدے سے ہٹایا، کابینہ ڈویژن کے نوٹیفکیشن جاری کروانے والوں کے خلاف بھی کارروائی کریں، گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کی برطرفی کا آرڈر کالعدم قرار دیا جائے، آئین کے مطابق گورنر صوبے میں وفاق کا نمائندہ ہے، گورنر پنجاب ایگزیکٹو کا حصہ نہیں ہوتا، صدر کی خوشنودی پر گورنر عہدے پر قائم رہ سکتا ہے۔ نوٹیفکیشن اختیار سے تجاوز اور ماورائے آئین ہے۔
درخواست میں کہا گیا کہ سپریم کورٹ کے فیصلوں کے مطابق صدر کے اختیارات کو رولز کے تحت ختم نہیں کیا جا سکتا، پنجاب میں آئینی بحران پیدا کر دیا گیا۔
ادھر ڈائری برانچ کے اسسٹنٹ رجسٹرار اسد خان نے مذکورہ درخواست پر اعتراض عائد کر دیاہے، جس میں کہا گیا کہ معاملہ پنجاب کا ہے، اس عدالت کا دائرہ کار نہیں بنتا، درخواست میں بنائے گئے دو فریقین کے خلاف درخواست قابل سماعت نہیں ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کل قوم سے خطاب کرینگے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف کل قوم سے خطاب کرینگے۔
ذرائع کے مطابق شہباز شریف نے سرکاری مصروفیات ترک کردیں، وزیراعظم کی پارٹی رہنماؤں کے ساتھ معاشی و سیاسی امور پر مشاورت جاری ہے، وزیراعظم کے قوم سے خطاب کے نکات پر مشاورت کی گئی۔
خیال رہے کہ 11 اپریل کو حلف اٹھانے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف کا قوم سے یہ پہلا خطاب ہو گا۔
واضح رہے کہ اس وقت ملک میں سیاسی و معاشی غیر یقینی صورتحال چھائی ہے، روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے کے لیے حکومت پر عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی طرف سے سخت دباؤ کا سامنا ہے جبکہ سابق وزیراعظم عمران خان نے نئے انتخابات کے لیے لانگ مارچ کا اعلان کیا ہوا ہے اور متواتر مختلف شہروں میں جلسے کر رہے ہیں۔

خیبرپختونخوا میں بارشوں کا سسٹم داخل،راولپنڈی اسلام آباد میں بارش اورتیزہوائیں

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) شدید گرمی کی لہر کے بعد ملک کے بالائی علاقوں میں تیز ہواوں اور بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔
اسلام آباد راولپنڈی اور گرد ونواح میں تیز اور گرد آلود ہواوں کے ساتھ بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔گلگت بلتستان، بالائی خیبر پختو نخوا، کشمیراور بالائی پنجاب میں مختلف مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا میں بارشوں کا نیاسلسلہ آج سے شروع ہو رہا ہے۔ خیبر پختونخوا میں ‎بارشوں کا سلسلہ منگل تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا ۔
پی ڈی ایم اے نے ‎خیبر پختونخوا میں ‎بارشوں سے متعلق ضلعی انتظامیہ کو مراسلہ جاری کر دیا۔ بارشوں اور ہواؤں کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات اٹھانے کی ہدایات کر دی گئیں ۔
بارشوں اور تیز ہواؤں سےگرمی کی شدت میں 4سے 6 سنٹی گریڈ کمی کا امکان ہے۔ اس دوران پنجاب کے وسطی اور جنوبی اضلاع میں آندھی اورگرد آلود ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔

ہائی پروفائل مقدمات میں تقرریاں ، تبادلے روکنے کا حکم، سپریم کورٹ نے تاریخی اقدام کیا: فواد

اسلام آباد: (ویب ڈیسک)  پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ پہلی بار ملک میں قانون کی حکمرانی کے حوالے سے ایک پائیدار اقدام اٹھایا گیا، سپریم کورٹ نے واضح کہا شہباز شریف اور دیگر کے مقدمات میں تفتیشی افسران کو تبدیل نہ کیا جائے۔
سپریم کورٹ کی جانب سے ہائی پروفائل مقدمات میں تقرریاں تبادلے روکنے کے حکم پر فواد چودھری نے رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے آج ایک تاریخی اقدام کیا گیا۔ پہلی بار پاکستان میں قانون کی حکمرانی کے حوالے سے ایک پائیدار قدم اٹھایا گیا۔ حکومت میں بڑے لوگوں کے خلاف مقدمات میں تفتیشی ٹیموں کو تبدیل کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کیسز کے ریکارڈز میں تبدیلی بھی کی جارہی ہے۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں لارجر بینچ نے اس حوالے سے جو احکامات جاری کیے، وہ خوش آئند ہیں، سپریم کورٹ نے واضح کہا شہباز شریف اور دیگر کے مقدمات میں تفتیشی افسران کو تبدیل نہ کیا جائے۔ نیب اور ایف آئی اے کو نوٹس جاری کیے گئے کہ جو تبدیلیاں ہوئیں وہ کیسے اور کس قانون کے تحت ہوئیں
سابق وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ مقدمات کے تمام تر ریکارڈ کو سیل کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔ چیف جسٹس نے جج صاحبان کو بھی تنبیہ کی ہے کہ وہ اپنے معاملات کو شفاف طریقے سے لے کر چلیں، ان تمام اقدامات سے عوام کا اعتماد عدلیہ پر بڑھے گا، ایسے اقدامات سے پاکستان میں قانون کی حکمرانی کی راہ ہموار ہوگی۔

پاک فوج کے نام سے جعلی اکاؤنٹس چلانے والے ملزمان پکڑے گئے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاک فوج کے نام سے جعلی اکاؤنٹس چلانے والے ملزمان کو پکڑ کر اکاؤنٹس بلاک کردیئے گئے۔
پاک فوج کے نام سے جعلی اکاؤنٹس چلانے والے ملزمان پکڑے گئے، اور انکشاف ہوا ہے کہ میجر جنرل فیصل مشتاق اور میجر جنرل اصغر کے ہینڈل سے چلائے جانے والے اکاؤنٹس فیک تھے، جب کہ جعلی اکاؤنٹس چلانے والوں کا تعلق ایک سیاسی جماعت سے ہے۔
پاک فوج کے سینئر آفیسرز کے جعلی اکاؤنٹس سے ایک خاص سیاسی بیانیہ بنایا جا رہا تھا اور تاثر یہ دیا جا رہا تھا کہ فوج کے اندر سے کسی ایک خاص جماعت کی حمایت کی جا رہی ہے، پی ٹی اے نے دونوں اکاؤنٹس کو بلاک کر دیا ہے اور ان جعلی اکاؤنٹس چلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔

ن لیگ والے اس وقت جلتے توے پر لیٹے ہوئے ہیں، چوہدری پرویز الہیٰ

لاہور: (ویب ڈیسک) ق لیگ کے صدر اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پروزی الہیٰ کا کہنا ہے کہ ن لیگ والے اس وقت جلتے توے پر لیٹے ہیں، وفاق سے ان کی گیم ختم ہوچکی اور انہیں پتہ بھی نہیں۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ میں وزارت اعلیٰ کے مقابلے سے ہٹا نہیں، کیوں کہ انتخاب تو ہوا ہی نہیں، یہ تو کہیں اسٹینڈ ہی نہیں کرتے کیوں کہ حمزہ کا تو حلف بھی نہیں ہوا، پنجاب میں ان کو سرپرائز دیں گے جیسے پہلے سرپرائز دئیے تھے، ن لیگ کی ٹکٹ اب فلم کی ٹکٹ بن گئی ہے، اور یہ فلم بھی فیل ہے۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ کبھی ایسا نہیں ہوا کہ پولیس اسمبلی کے اندر گھسے اور کارروائی ہاتھ میں لے، ہمارے پاس برطانوی ہائی کمشنر آئے تو انہوں نے بتایا کہ انگلینڈ میں سو سال پہلے ایسا واقعہ ہوا تھا، لیکن وہاں پر بادشاہ نے آکر معافی مانگی اور جتنے چھلانگ مار کر آ ئے وہ سارے قتل ہوگئے، حمزہ نے مجھ پر حملہ کرایا، اس کے برعکس جب اسے تکلیف ہوئی تو میں نے اس کے پروڈکشن آرڈر جاری کئے، عمران خان سے میرا جھگڑا یہی تھا وہ کہتے تھے حمزہ کو اجازت نہ دو۔
چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا کہ ہمارا شریفوں سے اس وقت بھی اچھا برتاؤ رہا جب یہ لوگ مشرف سے لڑ کر بھاگے تھے، ہم اب پیچھے ہٹے ہیں کیونکہ ان کے خاندان کے اندر سے حقیقت معلوم ہوگئی تھی، ہمیں معلوم ہوا کہ نوازشریف نے کہا ہے کہ ان کو وزارت اعلیٰ صرف سونگھائیں گے، اللہ تعالیٰ نے ان کو بے نقاب کرنا تھا اور شریفوں کی اصلیت دوبارہ سامنے آگئی، عمران خان واحد آدمی ہے جس نے کہا آپ وزیراعلیٰ بنیں اور پھر قائم رہے۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ شریفوں کی وفاق کی گیم ختم ہے ان کو سمجھ ہی نہیں آرہی، ن لیگ والے اس وقت جلتے توے پر لیٹے ہیں، اعتماد کے ووٹ سے پہلے سالک حسین اور طارق بشیر چیمہ کو واپس لے آئیں گے، یہ دونوں سو فیصد واپس آئیں گے اور ان کا دھڑن تختہ کرکے آئیں گے، کیوں کہ یہ ہمارے گھر کے بندے ہیں اور ان کو بھی پتہ ہے کہ شریفوں نے ہمارے ساتھ کیا کیا، چوہدری شجاعت ٹھیک ہیں اور میرے ساتھ ہیں، پوری امید ہے عمران خان کے اداروں سے معاملات ٹھیک ہوجائیں گے۔

سراج الحق کا آئندہ بجٹ غیر سودی پیش کرنے کا مطالبہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے آئندہ بجٹ غیر سودی پیش کرنے کا مطالبہ کردیا۔
سراج الحق نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس وقت عدم استحکام کا شکار ہے، ڈالر نے دوسو کی سرخ لکیر بھی عبور کرلی ہے، پاکستانی کرنسی بنگلہ دیش اور افغانستان سے بھی نیچے گر گئی ہے، معاشی تباہی کی وجہ سودی نظام ہے۔
سراج الحق نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے غیر سودی نظام معیشت کی بات کی، ملک کی ابتدا سے لیکر آج تک سود کے خاتمے کی بات کی گئی، سود کے خلاف اعلی عدالتیں فیصلے کرچکی ہیں مگر عمل نہیں کیا جارہا ہے۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ وفاقی شرعی عدالت نے 27 رمضان کو ربا و سود کو ہر شکل میں ختم کرنے کا فیصلہ سنایا ہے، حکومت فوری طورپر سودی نظام کو ختم کرے، آئندہ بجٹ غیر سودی پیش کیا جائے، اسٹیٹ بینک تمام بینکوں کو ایک سال میں 50 فیصد تک اسلامی بینکاری نظام نافذ کرنے کا حکم دے۔
امیر جماعت اسلامی نے بتایا کہ حکومتیں کب تک بیرونی خیرات پر چلیں گی، پاکستانی روزانہ چالیس ارب روپے کے صدقات دے رہے ہیں، باہر ممالک اور اداروں کی بجائے بیرون ملک پاکستانیوں اور اندرون ملک پاکستانیوں سے قرض لے لیا جائے، زکوۃ و عشر کا نظام نافذ کریں، 7 کروڑ لوگ زکوۃ و عشر دے سکتے ہیں، صدقات کا الگ بینک قائم کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سابق وزیر اعظم نوازشریف نے ماضی میں ایک بینک کو استعمال کرکے سود سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل کی، اب کوئی بینک اگر سود کے حق میں اپیل لیکر آیا تو ہم اس کے بائیکاٹ کا اعلان کریں گے، جاپان اور ڈنمارک سمیت بہت سے ممالک غیر سودی نظام سے الگ ہوچکے ہیں تو پاکستان کیوں نہیں ہوسکتا۔

تحریک عدم اعتماد سیاست کا حصہ ہے، مقابلہ کرنے کو تیار ہیں:وزیراعلیٰ بلوچستان

کوئٹہ: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کا کہنا ہے کہ دوستوں کو تحفظات تھے تو آگاہ کرتے، تحریک عدم اعتماد سیاست کا حصہ ہے مقابلہ کرنے کو تیار ہیں۔
کوئٹہ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے میر عبدالقدوس بزنجو کا کہنا تھا کہ تاریخ میں کبھی ایسا نہیں ہوا کہ جس کے خلاف تحریک پیش ہو وہ یہ کہے کہ اسکے پاس نمبر پورے نہیں ہیں ۔ گلے شکوے تھے تو اسے پہلے ختم کیا جاتا۔ تحفظات پر کابینہ ارکان کو ہمارے نکالنے سے پہلے ہی نکل جانا چاہیئے تھا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں عوامی مسائل کو حل کرنا تھا نہ کہ ہم اپنے ہی مسائل میں الجھے رہتے بجٹ قریب ہے عوامی مسائل کو ترجیحات بنانا چاہیئے تھا۔ تحریک عدم اعتماد پیش کرنے والوں میں سے کسی نے اپنے تحفظات سے آگاہ نہیں کیا ۔ اگر انکی خواہش ہے کہ وہ اقتدار میں آکر خود بجٹ پیش کریں تو وہ کوشش کر لیں ۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ہماری یہ کوشش ہے کہ کسی بھی تحریک کو طاقت کے زور پر نہ جیتا جائے تحریک کامیاب ہوتی ہے یا ناکام ہم بلوچستان کی روایات کے مطابق ساتھ ہی رہینگےانھوں نے کہا کہ ابھی ہماری حکومت شروع ہوئی تھی اس لئے کچھ مسائل تھے۔
عبدالقدوس بزنجو کا کہنا تھا کہ پارٹی کے اختلافات کو ختم کرنے کے لئے اپنی ہمت کے مطابق کوشش کی سردار یار محمد رند ہمارے بڑے ہیں ان سے احترام کا رشتہ رہے گا، آج اگر سردار یار محمد رند، جام کمال کے ساتھ ہیں تو کوئی مسئلہ نہیں۔ ہم نے کبھی وفاق کی سیاست میں حصے دار بننے کی کوشش نہیں کی چاہتے تھے کہ معاملات بلوچستان میں ہی حل ہوں۔
ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ اگر کوئی معاہدہ ہوا تھا مرکز میں پی ڈی ایم کو سپورٹ کرنے کا تو جام صاحب نے کیا ہو گا بلوچستان عوامی پارٹی میں جام کمال بھی ہیں اور ہم بھی ہیں میں اس وقت اپنی پارٹی کا پارلیمانی لیڈر ہوں۔

ماریو پول میں محصور یوکرینی فوجیوں کے ہتھیار ڈالنے کا سلسلہ جاری

کیف: (ویب ڈیسک) یوکرین کے شہر ماریو پول میں محصور یوکرینی فوجیوں کے ہتھیار ڈالنے کا سلسلہ جاری ہے، آج بھی 700 سے زائد اہلکاروں نے ہتھیار ڈال دیے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق آزوستال اسٹیل ملز میں محصور یوکرینی اہلکار کئی ماہ سے مزاحمت کر رہے تھے اور روس کے خلاف مزاحمت کی علامت بنے ہوئے تھے۔
چند دن پہلے زخمیوں کے انخلاء کے لیے جنگ بندی ہوئی تھی جس کےبعد باقی اہلکار بھی ہتھیار ڈال رہے ہیں۔
روسی حکام کے مطابق پیر سے اب تک 1730 یوکرینی اہلکار ہتھیار ڈال چکے ہیں، جنہیں جنگی قیدی بنا کر کیمپوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔