خطیب مسجد الاقصٰی اسرائیلی شرانگیزیوں کے آگے ڈٹ گئے

مقبوضہ بیت المقدس: (ویب ڈیسک) مقبوضہ بیت المقدس کے سابق مفتی اعظم اور مسجد اقصیٰ کے مرکزی خطیب شیخ عکرمہ صابری نے کہا ہے کہ قابض اسرائیلیوں کا انہیں سفر سے روکنے کا فیصلہ انہیں خوفزدہ نہیں کرسکتا اور وہ الاقصیٰ میں تبلیغ جاری رکھیں گے۔
فلسطینی خبررساں ادارے صفا نیوز کے مطابق 83 سالہ شیخ عکرمہ نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ خدا کے فضل سے اس نے ہمیں نعمتوں سے نوازا ہے اور انشاء اللہ ہم اس بابرکت سرزمین کو کبھی نہیں چھوڑیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلیوں کا یہ غیر منصفانہ فیصلہ میری پوزیشن کو تبدیل نہیں کرے گا اور نہ ہی مجھے اپنے لوگوں اور اپنی قوم کیلئے مذہبی فریضہ ادا کرنے سے نہیں روکے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسجد اقصیٰ کا میرا دفاع اس وقت تک جاری رہے گا جب تک میں زندہ ہوں۔
واضح رہے کہ اسرائیلی قابض حکام نے شیخ عکرمہ صابری پر چار ماہ کے لیے بیرون ملک سفر کرنے پر پابندی عائد کی ہے۔ حکام کا دعویٰ ہے کہ شیخ عکرمہ اسرائیلی ریاست کی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔
اس سے قبل اسرائیلی حکام نے شیخ کو گزشتہ برسوں میں ایک سے زائد مرتبہ سفر کرنے سے روکا ہے اور انہیں کئی مہینوں تک مسجد اقصیٰ میں داخل ہونے نہیں دیا۔

سماعت سے محروم سعودی نوجوان نے یوٹیوب چینل بنالیا

ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب کے سماعت سے محروم نوجوان نے بہرے اور گونگے افراد کو اشاروں کی زبان میں مختلف امور کی انجام دہی کی تربیت دینے کیلئے یوٹیوب چینل بنالیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی نوجوان عبداللہ الغامدی سماعت سے محروم ہیں جس کے باعث امور کی انجام دہی میں کافی مشکلات و دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد الغامدی کے والدین نے ڈاکٹر کے مشورے سے اسے آلہ سماعت لگوایا جو سعودی نوجوان کی زحمتوں میں کمی کا سبب بنا۔
اپنی مشکلات کو دیکھتے ہوئے عبداللہ نے عربی اور انگریزی اشاروں کی زبان میں مہارت حاصل کی اور اب یوٹیوب چینل کے ذریعے قوت گویائی اور سماعت سے محروم افراد کو اشاروں کی زبان سکھاتا ہے تاکہ وہ بھی اپنی مشکلات کا ازالہ کرسکیں۔
عبداللہ نے گونگے اور بہرے افراد کی صلاحیتوں کو نکھارنے کےلیے اپنی خدمات پیش کی، لیکن عبداللہ کی یہ کاوش یوٹیوب چینل دیکھنے والے پر شخص کیلئے اشاروں زبان سیکھنے میں مددگار ہے۔

لگژری آئٹمز پر پابندی سے قیمتی زرمبادلہ کی بچت ہوگی:شہباز شریف

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ان کے لگژری آئٹمز پر پابندی کے فیصلے سے ملک کے قیمتی زرمبادلہ کی بچت ہو گی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وزیراعظم نے لکھا کہ ہم کفایت شعاری پر عمل کریں گے اور مالی طور پر مضبوط لوگوں کو اس کوشش میں آگے بڑھنا چاہیے تاکہ ہم میں سے کم مراعات یافتہ لوگوں کو یہ بوجھ نہ اٹھانا پڑے جو پی ٹی آئی حکومت نے ان پر ڈالا ہے۔

فی تولہ سونا 50 روپے سستا

کراچی: (ویب ڈیسک) ملک میں مسلسل بڑھنے والی سونے کی قیمت کو بریک لگ گئی۔
تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں 14 امریکی ڈالر کا اضافہ دیکھا گیا اور نئی قیمت 1 ہزار 1830 امریکی کرنسی ہو گئی ہے۔
ملکی صرافہ مارکیٹوں لاہور، کراچی، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ، حیدر آباد، سکھر، گوجرانوالا، فیصل آباد، راولپنڈی سمیت دیگر جگہوں پر فی تولہ سونے کی قیمت میں 50 روپے کی کمی دیکھی گئی اور نئی قیمت 1 لاکھ 38 ہزار 350 روپے ہو گئی ہے۔
اُدھر دس گرام سونے کی قیمت میں 43 روپے کم ہو کر 1 لاکھ 18 ہزار 613 روپے ہو گئی ہے۔

ریٹائرڈ کرکٹرز کیلئے خوشخبری، پی سی بی کا پنشن میں اضافے کا اعلان

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) نے ریٹائرڈ کرکٹرز کو خوشخبری سناتے ہوئے پنشن میں اضافے کا اعلان کردیا ہے۔
چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے تمام کھلاڑیوں کی پنشن میں فی کس ایک لاکھ روپے اضافے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سابق کرکٹرز کی عزت ہی پی سی بی کی عزت ہے، پہلی کیٹیگری میں شامل ریٹائرڈ کھلاڑیوں کی پنشن 54 ہزار سے بڑھ کر ایک لاکھ 54 ہزار روپے ہوگئی، دوسری کیٹیگری میں پنشن 48 ہزار سے بڑھ کر ایک لاکھ 48 ہزار روپے، تیسری کیٹیگری میں پنشن 42 ہزار سے بڑھ کر ایک لاکھ 42 ہزار روپے ہوگئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ریٹائرڈ کرکٹر کی وفات کی صورت میں ان کی پنشن اہلیہ وصول کر سکتی ہیں، مہنگائی کی شرح کے مطابق ریٹائرڈ کھلاڑیوں کی پنشن میں بھی سالانہ اضافہ کیا جائے گا، سابق کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کے لیے پی سی بی کا بینوولنٹ فنڈ پہلے ہی موجود ہے، ریٹائرڈ کرکٹرز چاہیں تو اس فنڈ سے بھی مستفید ہوسکتے ہیں۔

عمران خان کی رہائش گاہ بنی گالہ ہاؤس کے عقب میں خیمے لگادیے گئے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سابق وزیراعظم عمران خان کی رہائش گاہ بنی گالہ ہاؤس کے عقب میں خیمے لگادیے گئے۔
خیمے میں 1500 سے 2000 افراد کو ٹھہرائے جانے کا انتظام ہے، خیموں میں ہوا کیلئے پنکھے اور بجلی کی فراہمی کیلئے جنریٹرز بھی لگائے گئے ہیں۔
یہ واضح نہیں کہ یہ خیمے کس کے کہنے پر اور کیوں لگائے گئے ہیں۔

باجوڑ میں پی ٹی آئی کے ورکرزکنونشن کے دوران کارکن آپس میں لڑ پڑے

باجوڑ: (ویب ڈیسک) باجوڑ میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ورکرز کنونشن کے دوران پارٹی کے 2 گروپوں میں جھگڑا ہوگیا، دونوں طرف سے لاتوں اورگھونسوں سے ایک دوسرے پر حملہ کیا گیا۔باجوڑ
رپورٹ کے مطابق باجوڑ کےگورنمنٹ کالج خار میں پی ٹی آئی ورکرکنونشن جاری تھا کہ اس دوران پارٹی کے 2 گروپوں میں جھگڑا ہوگیا ،کارکنان لاتوں اورگھونسوں سے ایک دوسرے پر حملےکرتے رہے ۔
جھگڑا اس وقت شروع ہوا جب ایم این اے گل ظفر خان کی تقریر کےدوران مخالفین نے نعرے لگاناشروع کردیے۔
ایم این اے گل ظفرخان اور ناظم باجوڑ ڈاکٹرخلیل الرحمان کے حمایتی ایک دوسرے کے خلاف نعرے بھی لگاتے رہے۔
پولیس نے کالج پہنچ کر مشتعل کارکنوں کو منتشرکیا، دونوں گروپوں میں کئی سالوں سےٹکٹوں کی تقسیم پر اختلافات چلے آرہے ہیں ۔

شمالی وزیرستان: سکیورٹی فورسز کا آپریشن، دہشتگرد ہلاک، جنوبی وزیرستان میں حوالدار شہید

میرانشاہ: (ویب ڈیسک) سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر آپریشن کرتے ہوئے دہشتگرد کو ہلاک کر دیا جبکہ جنوبی وزیرستان میں فوجی قافلے کی گاڑی دیسی ساختہ بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی ، 39 سالہ حوالدار شہید ہو گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا۔
بیان کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوا، ہلاک ہونے والے دہشت گرد کی شناخت محمد الطاف کے نام سے ہوئی ہے۔ مارے جانے والا دہشتگرد سکیورٹی فورسز کے خلاف کارروائیوں میں ملوث تھا، ہلاک دہشت گرد سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔
اُدھر جنوبی وزیرستان میں فوجی قافلے کی گاڑی دیسی ساختہ بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی، یہ واقعہ مکین میں پیش آیا۔،آئی ایس پی آر کے مطابق حادثےمیں 39سالہ حوالدار سانور شہید ہو گیا، علاقےمیں ممکنہ دہشتگردوں کےخاتمےکیلئےکلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

پی ٹی آئی کے منحرف ارکان پنجاب اسمبلی سے متعلق الیکشن کمیشن کل فیصلہ سنائےگا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 25 منحرف ارکان پنجاب اسمبلی کے مسقبل کا فیصلہ کل سنائےگا۔
الیکشن کمیشن کے پاس فیصلہ سنانےکے لیےکل آخری دن ہےکیونکہ الیکشن کمیشن ارکان کے خلاف ریفرنس پر تیس روز میں فیصلہ سنانےکا پابند ہے۔
خیال رہےکہ پی ٹی آئی کے منحرف ارکان اسمبلی نے وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب میں حمزہ شہباز کو ووٹ دیا تھا جس کے بعد تحریک انصاف کی جانب سے 25 منحرف اراکین کے خلاف ریفرنس بھیجا گیا تھا۔
الیکشن کمیشن نے اس ریفرنس کا فیصلہ منگل کو محفوظ کیا تھا اور فیصلہ کل تین بجے سنایا جائےگا۔

شفاف انتخابات کی تاریخ ملنے تک عوام کا سمندر واپس نہیں جائے گا، عمران خان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہم امپورٹڈ حکومت نہیں، الیکشن کے ذریعے آزادی چاہتے ہیں، ہماری منزل قریب، انسانوں کا سمندر اسلام آباد آنے والا ہے، صاف اور شفاف انتخابات کی تاریخ ملنے تک واپس نہیں جائیں گے۔
اسلام آباد میں نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے کہا کہ منزل قریب ہے امپورٹڈ حکومت نہیں ہم الیکشن چاہتے ہیں، یہ سیاست نہیں ہو رہی بلکہ انقلاب آرہا ہے، سارا بڑا مافیا، ڈاکو ایک طرف اور قوم دوسری طرف کھڑی ہوگئی ہے، بڑے ڈاکو، مافیاز کرپٹ سسٹم کے ذریعے لوگوں کا خون چوستے ہیں، ہم اس مافیا اور ڈاکوؤں کا مقابلہ کرینگے اور بری طرح شکست دینگے۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ باہر سے ڈکٹیشن دی جاتی ہے کہ روس سے گندم اور تیل نہیں لینا ہے اپنی قوم کو دوسروں کے لیے قربان نہیں کیا جاتا، مارچ کے لیے جوش اور اپنی توانائی بچائیں جب تک صاف و شفاف الیکشن کی تاریخ نہیں ملتی انسانوں کا سمندر اسلام آباد سے نہیں جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ میری کال پر پوری قوم نے اسلام آباد پہنچنا ہے، ہمارے مارچ کا مقصد حقیقی آزادی ہے، برصغیر کی تاریخ کا سب سے بڑا انسانوں کا سمندر آنے والا ہے، اسلام آباد مارچ سے پہلے ملتان میں ہمارا آخری جلسہ ہے، کل ہی کال دوں گا کہ کب قوم نے اسلام آباد پہنچنا ہے۔