اداکارہ کرینہ کپور کی زمانہ طالب علمی کی تصاویر وائرل

ممبئی: (ویب ڈیسک) کرینہ کپور اپنی اسکول کی سہیلی سے ملاقات کے بعد زمانہ طالب علمی کی یاد میں کھوگئی، اداکارہ نے اسکول میں دوستوں کیساتھ لی گئی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کردیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ سپر اسٹار کرینہ کپور ان دنوں مغربی بنگال کے علاقے کالمپونگ میں اپنی نئی فلم کی عکس بندی میں مصروف ہیں جہاں ان کی ملاقات اپنی اسکول کی ایک دوست ہوئی، جو کرینہ کو ماضی کے جھروکوں میں لے گئی۔
اپنی دوست سے ملاقات کے بعد کرینہ نے 1996 میں اپنے زمانہ طالب علمی کی کچھ تصاویر ویڈیو و تصویر شیئرنگ ایپلی کیشن انسٹاگرام پر شیئر کیں اور تصاویر دینے پر اپنی دوست کا شکریہ ادا کیا، تصاویر دہیرادوں کے ویلہیم اسکول کی طالبات کے دورہ راجھستان کی ہیں۔
مداحوں کی جانب سے تصاویر پر پسندیدگی کا اظہار کیا جارہا ہے، جب کہ صارفین کے تبصرے بھی جاری ہیں۔
کرینہ کپور کی بہن اداکارہ کرشمہ کپور نے بھی تصاویر پر محبت کا اظہار کیا جب کہ اداکارہ پریا ملک نے ویلہیم گرلز اسکول کے یورنیفارم کو لیجنڈری قرار دیا۔

آصف زرداری کی چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات، معاشی و سیاسی مسائل پر تبادلہ خیال

لاہور: (ویب ڈیسک) سابق صدر آصف علی زرداری نے ملک کی معاشی اور سیاسی صورتحال پر بات چیت کیلئے مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی
پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین و سابق صدر آصف علی زرداری کی مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات ہوئی، اس موقع پر سابق صدر نے شجاعت حسین کا قومی حکومت کا بھرپور ساتھ دینے پر شکریہ ادا کیا۔
سابق صدر نے کہا کہ آپ ہمارے بہت اہم اتحادی ہیں اور آگے بھی آپ کی مشاورت شامل رہے گی موجودہ سیاسی صورتحال پر سابق صدر نے چوہدری شجاعت کو اعتماد میں لیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین ، وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ ، چوہدری شافع حسین اور مسلم لیگ ق کی ایم این اے فرخ خان اور پی پی پی کی سابق ایم این اے رخسانہ بنگش بھی موجود تھیں۔

پاکستان کے خلاف بڑی سازش تیار کی جا رہی ہے، خورشید شاہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف بڑی سازش تیار کی جا رہی ہے، پاکستان کو ایسی کھائی میں دھکیلا جا رہا جہاں اندھیرا ہی اندھیرا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم خوشی سے اقتدار میں نہیں آئے، عوام، میڈیا سب نے عمران سے جان چھڑانے کی منت کی ہم نے آئینی طریقے سے عمران کو نکالا، ملکی مسائل کا تمام وزن اپنے اوپر لیا، ہم غیر آئینی راستے کی طرف نہیں گئے کہ کل لوگ کہیں کہ الیکٹڈ کو غیر آئینی طریقے سے نکالا۔
انہوں ںے کہا کہ اگر ہمیں اقتدار کا شوق ہوتا تو تین سال تک عمران خان کو چارٹر آف اکانومی کا نہ کہتے، پوری دنیا میں کہیں اپوزیشن یہ نہیں کرتی مگر حکومت ملک کے خلاف سازش کا حصہ تھی، جس نے ہماری آفر نہیں مانی۔
خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف یہ سازش چالیس سال پہلے کی ہے، پاکستان کے خلاف سازش کے تحت عمران خان کو تیار کیا گیا، ہو سکتا ہے ورلڈ کپ جتوانا بھی سازش کا حصہ ہو کہ بندہ تیار کرنا ہے، ہم نے تو وزن کندھے پر اٹھایا، ہم نے تو اس لیے حکومت لی کہ ہمارا حال بھی سری لنکا جیسا نہ ہو جائے۔

51 سالہ برطانوی شہری نے 36 گھنٹے جھولا جھول کر ورلڈ ریکارڈ بنادیا

لندن: (ویب ڈیسک) برطانوی شہری رچرڈ اسکاٹ نے 36 گھنٹے جھولا جھول کر گنیز ورلڈ ریکارڈز کی بک میں اپنا نام درج کروالیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانیہ کے علاقے کنروس سے تعلق رکھنے والے 51 سالہ شہری رچرڈ اسکاٹ نے ہفتے کی صبح 6 بج کر 10 منٹ پرایک میدان میں جھولنا شروع کیا اور اتوار کی شام کو ختم کیا۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز حکام کے مطابق اس دوران رچرڈ کو ہر گھنٹے بعد 5 منٹ کا وقفہ لینے کی اجازت تھی تاہم انہوں نے یہ وقفے ہر گھنٹے بعد نہیں بلکہ صبح 3 بجے مختصر نیند کرنے کیلئے استعمال کیے۔
رپورٹس کے مطابق اسکاٹ نے امریکی شہری کوئن لیوی کا 34 گھنٹے جھولا جھولنے کا ریکارڈ توڑا جو انہوں نے اکتوبر 2020 میں بنایا تھا۔
گنیز ورلڈ ریکارڈ بنانے کے بعد رچرڈ اسکاٹ کا کہنا تھا کہ’ میری ٹانگوں کے اوپری حصے میں ہلکی سی تکلیف ہے لیکن اس کے علاوہ میں بالکل ٹھیک ہوں۔ یہ ایک اچھا تجربہ رہا، میں کافی خوش ہوں’۔
روٹری کلب آف کنروس اینڈ ڈسٹرکٹ، جہاں اسکاٹ ایک رکن ہے نے فیس بک پر ریکارڈ کی ویڈیو شیئر کی۔

وہیل مچھلی کی سیاحوں کی کشتی پر چھلانگ، 4 مسافر زخمی

میکسیکو سٹی: (ویب ڈیسک) شمالی امریکا میں واقع ملک میکسیکو کے سمندر میں وہیل مچھلی نے اچانک سیاحوں کی کشتی پر چھلانگ لگا دی جس کے باعث 4 مسافر زخمی ہوگئے۔
غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق میکسیکو کی ریاست سینلاؤ کے سمندر میں ہمپیک نامی وہیل مچھلی نے غوطے کے دوران اتنی اونچی چھلانگ لگائی کہ وہ کشتی پر آگری، بعد ازاں کشتی اپنا توازن کھو کر دوبارہ سنبھل گئی اور وہیل پھر سے پانی میں چلی گئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ مذکورہ واقعے کے مناظر کیمرے کی آنکھ میں قید ہوگئے اور ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہے۔ اس حادثے کے نتیجے میں کشتی میں سوار 4 افراد زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی۔
اس واقعے میں کشتی کو بھی نقصان پہنچا، زخمیوں میں شامل ایک خاتون کی ہڈیاں بھی ٹوٹیں۔

بلوچستان: زیتوں اور چلغوزے کے جنگلات میں لگی آگ میں جھلس کر 3 افراد جاں بحق

شیرانی: (ویب ڈیسک) بلوچستان کے ضلع شیرانی میں زیتوں اور چلغوزے کے جنگلات میں لگی آگ میں جھلس کر 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔
ضلع شیرانی میں 10 روز سےلگی آگ پر تاحال قابو نہیں پایاجاسکا، زیتون اور چلغوزے کے سیکڑوں درخت آگ کی لپیٹ میں ہیں، جھلس کر تین افراد زخمی بھی ہوگئے۔
لاشوں اور زخمیوں کو سول ہسپتال ژوب منتقل کردیا گیا، آگ سےاموات کے بعد ضلع بھر کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

عمران نیازی سیاست کی آڑ میں انتشار پھیلا نے میں مصروف ہیں: حمزہ شہباز

سرگودھا: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ عمران نیازی سیاست کی آڑ میں انتشار پھیلانے میں مصروف ہیں، کبھی اداروں، کبھی دوست ممالک کو للکارا جا رہا ہے، یہ چار دن بھی جیل میں نہیں رہ سکتے، عوام جلاؤ، گھیراؤ کرنے والوں کو سمندر میں غرق کر دیں گے، پنجاب میں 10 کلو آٹے کا تھیلا 160 روپے سستا کردیا، روک سکو تو روک لو عوام کے دکھوں کا مداوا کریں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب میاں حمزہ شہباز شریف نے سرگودھا میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرگودھا کے شیروں نے ہرمشکل وقت میں نواز،شہبازشریف سےوفا کا رشتہ نبھایا، ایک شخص نے ایک کروڑ نوکریاں دینے کا جھوٹ بولا، عمران نیازی نے 50 لاکھ گھروں کا وعدہ کیا، ایک ہزار بھی نا بناسکا۔ پچھلے چارسالوں میں پاکستانی قوم کا خون چوسا گیا، عامر کیانی نے ادویات میں اربوں کمائے، عمران نیازی سیاست کی آڑمیں ملک میں انتشار پھیلانا چاہتا ہے، کبھی اداروں اور کبھی دوست ملکوں کو للکارتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران نیازی سیاست میں نوازشریف، شہبازشریف کا مقابلہ کرو، اگر تم نے انتشار، جلاؤ، گھیراؤ کیا تو سرگودھا کی عوام تمہیں سمندرمیں غرق کردیں گے۔ صدرعارف علوی عمران کی نوکری زیادہ کر رہا ہے، ایک ماہ سے کابینہ نہیں بنی کوئی بات نہیں، عوام کے دکھوں کا مداوا کروں گا، پورے پنجاب میں 10 کلو آٹے کا تھیلا 650 کا مل رہا تھا، 10کلوآٹے کے تھیلے کو490کا کردیا ہے۔ 10کلوآٹے کا تھیلا 160روپیہ سستا کیا ہے، چند دنوں میں چینی اورگھی بھی سستا ہو گا۔اس نے کسانوں سے کھاد چھین کر اپنے پیاروں کو نوازا، عمران نیازی تم سے انتقام نہیں لیں گے، عمران نیازی تم نے مزدوروں سے روٹی چھینی، عمران نیازی تم نے عوام کومہنگائی کی چکی میں پیسا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ کہتا ہے شہبازشریف کوجیل میں ڈالوں گا، اب جیل کا پھاٹک عمران نیازی کے لیے کھلے گا، اس ملک کی معیشت سسیکیاں لے رہی ہے، کہتا تھا آئی ایم ایف سے قرض لیا تو خود کشی کر لوں گا، یہ آئی ایم ایف کے سامنے لیٹ گیا، صرف 4 سالوں میں عمران نیازی نے 20 ہزارارب قرض لیا، الیکشن آنے والا ہے، نوجوان، کسان، مزدورتم سے الیکشن میں حساب مانگیں گے۔ 2018ء کے الیکشن میں ہر جگہ دھاندلی ہوئی۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ صدرعارف علوی جتنی آئین کی خلاف ورزی کرنی ہے کر لو، میں عوام میں نکل گیا ہوں تم میرا راستہ نہیں روک سکتے، کل اس نے کہا لانگ مارچ میں میرے ساتھ افواج پاکستان کے خاندان بھی جائیں گے، او بھائی! یہ فوج سب کی فوج ہے، شہدا کی ماؤں کو سلام پیش کرتے ہیں، اداروں کو بتانا چاہتا ہوں یہ شخص آئین کو نہیں مانتا، یہ یورپی یونین، چین کو ناراض کر رہا ہے، امریکا سپر پاورہے ہم اس سے برابری کے تعلقات چاہتے ہیں، یہ پاکستان کے خلاف سازش کے بیج بو رہا ہے، چارسال میں عمران نیازی کوئی ایک منصوبہ بتادے، پاکستان کوبدحال کر دیا، انقلاب کی باتیں کرتے ہو، عمران نیازی کس کودھمکیاں دیتے ہوتمہارے پلے کیا ہے، توشہ خانہ، فارن فنڈنگ کا حساب دینا ہوگا، تمہیں بنی گالہ کے پہاڑ سے اتار کر عدالت میں پیش کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ لانگ مارچ نہیں، جیل کے خوف کی وجہ سے مارچ ہے، عمران نیازی تم تین، چار دن بھی جیل نہیں رہ سکتے، پاکستان کا مستقبل نواز شریف، شہباز شریف کی قیادت میں روشن ہے، یہ وزارت اعلیٰ آنی جانی چیزہیں، اللہ نے موقع دیا توآپ کی خدمت کروں گا، وہ دن دورنہیں جب اسی پنڈال میں نوازشریف، شہبازشریف بھی ہونگے، عمران نیازی جب الیکشن کا میدان لگے گا، ایک طرف نوازشریف، دوسری طرف شہبازشریف دھاڑے گا توتمہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔

عوام کیلئے مہنگائی کا طوفان لانے سے بہتر ہے حکومت چھوڑ دی جائے: مریم نواز

سرگودھا: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ آج اگرڈالرآسمان پر اور معیشت وینٹی لیٹر پر ہے تو اس کے ذمہ دار پی ٹی آئی چیئر مین ہیں، اگر حکومت کو پٹرول کی قیمت بڑھانی پڑے تو اسکے ذمہ دارعمران خان ہیں۔ سابقہ حکومت کی تباہی کا ٹوکرا اپنے سر نہیں لے سکتے، عوام کیلئے مہنگائی کا طوفان لانے سے بہتر ہے کہ حکومت چھوڑ دی جائے۔
سرگودھا میں مسلم لیگ ن کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ یہ شہر سرگودھا سے پیار کرنے والوں کا شہر ہے، نوازشریف لندن میں بیٹھ کر جلسے کو دیکھ رہے ہیں، کہا جاتا تھا میرے والد کی سیاست ختم ہو گئی، آج ہر جگہ قائد ن لیگ کے نعرے لگ رہے ہیں، نوازشریف نے پاکستان سے لوڈ شیڈنگ کاخاتمہ کیا اور ملکی معیشت کو درست سمت میں گامزن کیاتھا۔
انہوں نے کہا کہ ایک کھلنڈرے اور نااہل کو پاکستان کےعوام پر مسلط کیا گیا، نااہل کے آنے کے بعد لوڈ شیڈنگ دوبارہ شروع ہو گئی، معیشت تباہ ہو گئی، 4سال میں ملک کوتباہ کرنے والا شہبازشریف سے 4 ہفتوں کا حساب مانگ رہا ہے، عمران خان ایک منٹ بھی اپنی کارکردگی پربات نہیں کر سکتا، لیگی قائد کو لوگ کہہ رہےہیں کہ واپس آجاوَآپ کی ضرورت ہے۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے لیگی نائب صدر نے کہا کہ پہلے اس جھوٹے شخص نے 35 پنکچر کا ڈرامہ کیا لیکن ثبوت نہیں دیا، جب سے شہبازشریف کی حکومت آئی یہ نالائق40تقریریں کرچکے ہیں، ایک تقریرمیں بھی یہ اپنی کارکردگی پرنہیں بولا، یہ ایک منٹ بھی اپنی کارکردگی پربولنے کے قابل نہیں، یہ ازل کا جھوٹا شخص ہیں۔ اب جعلی خط لے آیا اس کا بھی کوئی ثبوت نہیں دیا۔ غیر ملکی سازش کا بھی جھوٹا ڈرامہ کیا، اب ایک اورڈرامہ کیا کہ میرے قتل کی سازش ہو رہی ہے، آج اگرڈالرآسمان پراورمعیشت وینٹی لیٹرپرہےتواس کےذمہ دار پی ٹی آئی چیئر مین ہیں، اگر حکومت کو پٹرول کی قیمت بڑھانی پڑے تو اسکے ذمہ دارعمران خان ہیں، شریف برادران کیلئے کسی چیز کی قیمت ایک روپے بڑھانا بہت مشکل کام ہے، ان کو عوام کا احساس ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف آپ کی طرح نہیں وہ آلواور پیاز کی قیمت ٹھیک کرنے آئے ہیں، نوازشریف کہتا ہے حکومت چھوڑ دوں گا لیکن عوام پر بوجھ نہیں ڈالوں گا، عمران خان کی تباہی کا ٹوکرا اپنے سر نہیں لے سکتے، موجودہ حکومت کو خیر باد کہنا بہتر ہے، خیرباد کہہ کر میدان میں آ کر مقابلہ کر لو۔
عوام کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوازشریف اگر عوام کی خاطر حکومت چھوڑتا ہے تو پھر کیا دو تہائی اکثریت دوگے؟ عمران خان اگلے الیکشن میں دھاندلی کی تیاری کر چکا تھا، ہم نے ان کی حکومت گرا کر اس کے 12 سالہ پلان کو فیل کر دیا، عمران تم چاہے اُلٹے لٹک جاؤتمہارا کھیل ختم ، تم نے سرجھکا کرآئی ایم ایف کی شرائط کومانا۔
ان کاکہنا تھا کہ جس بندے نے ہمیشہ زکوٰۃ سے گزارا کیا اسے خود مختاری، آزادی کے بھاش نہیں دینے چاہئیں، یہ ناپاک زبان سے ریاست مدینہ کی بات کرتا ہے، حمزہ پر مرغی کے ریٹ بڑھانے کا الزام لگاتا ہے، مرغی کے ریٹ تب بڑھے تھے جب بنی گالہ میں منوں مرغیاں جلائی جاتی تھیں، کہتا ہے مریم نے امریکی سفارتکار کا استقبال کیا، عمران خان تم نے مریم نہیں تم نے پنجاب اور پاکستان کی ہر بیٹی کو گالی دی ہے، ہم مہمانوں کی قدرکرنا جانتے ہیں، تمہیں منہ توڑ جواب دے سکتی ہوں، عمران اس وقت سے ڈرو جب ماؤں، بہنوں کے ہاتھ تمہارے گریبان تک پہنچیں گے، عمران خان ایک فتنے کا نام ہیں۔
لیگی نائب صدر کا کہنا تھا کہجس، جس نے اس سانپ کو دودھ پلایا اس نے اسے ہی ڈس لیا، یہ اتنا بڑا فتنہ ہے، کہتا ہے اسٹیبلشمنٹ ساتھ نہ دے تو جانور ہیں، کہتا ہے میڈیا میرے جھوٹوں کو سپورٹ کرے تو ٹھیک نہ کرے تو غیرملکی ایجنٹ، کہتا ہے جب تک کُرسی پربیٹھا رہوں تو زندہ باد، اگرنہ رہوں تو ایٹم بم گرادو، عمران خان نے آئین توڑا، رات کو عدالتیں کھلی، اس دن سے لیکرججزکوگالیاں دیتا ہے۔ آج دوپہر تک سپریم کورٹ کو گالی اچانک انہوں نے سوموٹو لیا تو شادیانے بجا رہا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ اگر سپریم کورٹ نے شہبازشریف کے خلاف سوموٹولیا تو بڑی مہربانی، ایک سوموٹو بشیر میمن کے الزامات پر بھی لیا جائے، شہزاد اکبر نیب، ایف آئی اے کو استعمال کر رہا تھا، ایک سوموٹواس کے خلاف بھی ہونا چاہیے، فارن فنڈنگ کیس میں بھی ایک سوموٹوہونا چاہیے، سپریم کورٹ سے عرض کرنا چاہتی ہوں پاگل شخص کی خاطرعدلیہ کے ترازو کو جھکنے مت دیں، کہتا ہے سازشیوں کے چہرے پہچان لیے، وہ یہ بات نوازشریف، مجھے نہیں اداروں کو کہتا ہے، اپنے جلسوں میں افواج پاکستان کیخلاف باتیں کرتا ہے، صدرعلوی کا بیٹا عباد علوی کھلے عام فوج کیخلاف باتیں کر رہا ہے۔

پاکستان کے اندر امریکا مخالف نفرت پھیلانے والوں کے دباؤ میں نہیں آئینگے: بلاول

نیو یارک: (ویب ڈیسک) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بھیک مانگنے کے بجائے تجارت پر یقین رکھتے ہیں۔ پاکستان کے اندر امریکا مخالف نفرت پھیلانے والوں کے دباؤ میں نہیں آئیں گے۔
امریکی میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکا کے ساتھ دو طرفہ تجارتی تعلقات کافروغ چاہتے ہیں۔ چاہتے ہیں پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جو کامیابیاں حاصل کی ہیں، فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی شرائط کو جس طرح پورا کیا ہے، دنیا تسلیم کرے۔
امریکا کی جانب سے پاکستان کو مشکل حالات میں کوئی بیل آؤٹ پیکیج دیے جانے سے متعلق ایک سوال کے جواب پر انہوں نے کہا کہ ہمارا نظریہ ہے امریکا کے ساتھ تعلقات میں تجارت کو امداد پر فوقیت دی جائے۔ ہم تجارت پر یقین رکھتے ہیں، بھیک پر نہیں۔
انٹونی بلنکن کے ساتھ 45 منٹ تک جاری رہنے والی ملاقات کے بارے میں بلاول نے بتایا کہ یہ ملاقات بہت اچھی رہی۔ ملاقات میں باہمی تجارت پر بات کی گئی۔امریکا آنے سے قبل واضح کر دیا تھا تجارت کو امداد پر فوقیت دینا حکمت عملی ہے۔ اسی پر ہماری بات ہوئی۔ اب چاہے وہ زرعی شعبہ ہو یا توانائی کا، ٹیکنالوجی کا شعبہ ہو یا طب کا، ہر شعبے میں تعلقات میں بہتری لانے کی امید رکھتے ہیں۔ امریکا کیساتھ تعلقات میں جتنی وسعت ہونی چاہیے تھی وہ اب تک نہیں ہو سکی ہے۔ اس کی وجہ واقعات کے گرد گھومنے والا محدود رابطہ ہے۔
انہوں نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ امریکا اور پاکستان کے درمیان تعلقات دونوں کے مفاد میں ہے۔ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جس طرح کی کامیابیاں حاصل کی ہیں اور جس طرح ایف اے ٹی ایف کی شرائط کو پاکستان نے پورا کیا ہے، اس کے بعد امید ہے کہ دنیا ان کامیابیوں کو تسلیم کرے گی۔
پاکستان میں امریکا مخالف جذبات کے سوال پر وزیر خارجہ نے عمران خان کا نام لیے بغیر کہا کہ پاکستان میں امریکا مخالف نعرے اور جذبات کو پھیلایا جا رہا ہے لیکن ہم عوام کے مفادات کا تحفظ کریں گے۔ ہمارا مقصد ملکی عوام کو فائدہ پہنچانا ہے۔ کل کسی کے دباؤ میں آئے تھے اور نہ آئندہ آئیں گے۔ سفارت کاری ایک الگ طریقہ کار ہے، یہ ایک ہنر ہے جس میں محنت کرنا پڑتی ہے۔
بلاول نے مزید کہا کہ امریکی وزیر خارجہ کے ساتھ ملاقات میں افغانستان کی صورتِ حال پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔ ہم سمجھتے ہیں کہ پاکستان کا مستقبل افغانستان کے ساتھ جڑا ہوا ہے۔ افغانستان میں جو انسانی بحران پیدا ہوا ہے، اس میں بہت ضروری ہے ہم اپنا کردار ادا کریں۔ افغانستان کے 90 فیصد عوام غربت کی لکیر سے نیچے جا رہے ہیں، ہمیں اس عمل کو روکنا ہے۔ دنیا کو ساتھ مل کر کوشش کرنی چاہیے کہ افغان عوام غربت کی لکیر سے نیچے نہ جائیں اور افغانستان کے عوام کو یہ محسوس نہ کرنے دیا جائے کہ ان کو ایک بار پھر راستے میں چھوڑ دیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کے اندر انسانی مسئلہ ہو یا دہشت گردی، اگر پاکستان اور امریکہ مل کر کام کریں تو مسائل کا حل نکال سکتے ہیں۔پاکستان افغانستان میں استحکام اور امن کے لیے کردار ادا کر رہا ہے اور کردار کسی اور کے لیے نہیں بلکہ اپنا لیے کر رہے ہیں کیونکہ ہم افغانستان کے عوام کی ترقی چاہتے ہیں۔ اور چاہتے ہیں مک کو کسی بھی طرح کے منفی اثرات سے بچایا جا سکے۔
روس، یوکرین تنازع پر بلاول نے بتایا کہ تنازع کا اثر غذائی قلت پر ضرور ہوا ہے اور پاکستان جیسے ملک پہلے ہی سے خوراک کے حوالے سے عدم تحفظ کا شکار تھے۔ ملک میں پانی، بجلی اور توانائی کا بحران ایک حقیقت ہے۔ البتہ یوکرین بحران کی وجہ سے گندم اور یوریا کا بحران پیدا ہوا ہے لیکن پاکستان یہ مسائل پہلے بھی دیکھ رہا تھا۔ یوکرین روس تنازع کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارتکاری کو موقع دیا جائے۔اس جنگ کو ہمیں امن کی طرف لے جانا چاہیے تاکہ ہماری توجہ مل کر موسمیاتی تغیر جیسے چیلنجز اور دیگر اجتماعی مسائل کا مقابلہ کرنے پر ہو۔
انٹرویو کے دوران جب بلاول سے قریب کچھ روسی صحافیوں نے پوچھا کہ کیا آپ روس کا دورہ کرنا چاہیں گے تو مسکراتے ہوئے انہوں نے جواب دیا کہ کبھی ماسکو یا روس نہیں گیا لیکن اگر جانے کا موقع آیا تو ضرور جاؤں گا۔

عراق پر حملہ ظالمانہ اور بلاجواز تھا؛ بش نے یوکرین کی جنگ پر عراق کا ذکر کردیا

ڈیلاس: (ویب ڈیسک) سابق امریکی صدر جارج ڈبلیو بش نے یوکرین پر گفتگو کرتے ہوئے عراق پر امریکی حملے کو ’غیرمصنفانہ، بلاجواز اور وحشیانہ حملہ‘ قرار دیدیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکا کے سابق صدر جارج ڈبلیو بش ڈیلاس میں یوکرین پر روسی حملے سے متعلق گفتگو کررہے تھے کہ دوران خطاب عراق پر اپنے ہی حکم پر کیے ہوئے حملے کو بلاجوز اور وحیشانہ تسلیم کربیٹھے۔
جارج بش نے کہا کہ ’یہ روس میں احتساب کا مؤثر نظام نہ ہونے کا نتیجہ ہے اور عراق پر مکمل طور پر غیر منصفانہ، بلاجواز اور وحشیانہ حملہ کرنا ایک شخص کا فیصلہ ہے‘۔
صدر بش کو اپنا جملہ مکمل کرنے کے بعد احساس ہوا کہ وہ کچھ غلط بول گئے، جس پر انہوں نے فوراً اپنے جملے کی تصیح کرتے ہوئے کہا کہ ’میرا مطلب یوکرین تھا لیکن عراق کے ساتھ بھی ایسا ہی ہوا‘۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مشرق وسطیٰ کی تاریخ پر گہری نگاہ رکھنے والے میساچوسٹس انسٹیٹویٹ آف ٹیکنالوجی کے پویا علی مگھم نے کہا کہ ’واہ، بش نے ایک مرتبہ عراق پر حملے سے متعلق سچ کا اعتراف کرلیا‘۔
واضح رہے کہ جارج ڈبلیو نے 2003 میں عراق پر بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیار بنانے کا الزام لگاکر حملہ کردیا تھا اور امریکا کا یہ آپریشن 2011 تک جاری تھا جس کے بعد داعش جیسی عالمی دہشت گرد تنظیم نے جنم لیا لیکن بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیار کبھی نہیں ملے۔
ایک رپورٹ کے مطابق 2003 سے 2011 تک عراق پر امریکی حملے کے دوران 2 لاکھ 9 ہزار 422 عام شہری قتل ہوئے۔