بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں رہائشی عمارت میں آتشزدگی کے باعث 9 افراد ہلاک ہو گئے۔ یہ واقعہ وویک وہار کے علاقے میں پیش آیا، جہاں ایک عمارت کی دوسری منزل پر اچانک آگ بھڑک اٹھی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے تیسری اور چوتھی منزل کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس سے عمارت میں موجود افراد میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو ادارے فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق آگ بجھانے کے عمل میں 14 فائر ٹینڈرز نے حصہ لیا، جبکہ درجنوں افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا۔ تقریباً دو گھنٹے کی مسلسل کوشش کے بعد آگ پر قابو پا لیا گیا۔
انتظامیہ کے مطابق زخمی ہونے والے افراد کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ جاں بحق ہونے والے 9 افراد کی شناخت بھی کر لی گئی ہے۔
ابتدائی طور پر آگ لگنے کی وجہ واضح نہیں ہو سکی، تاہم مقامی رہائشیوں کا کہنا ہے کہ یہ حادثہ مبینہ طور پر ایئر کنڈیشنر پھٹنے کے باعث پیش آیا۔ حکام نے واقعے کی مکمل تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ اصل وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔



































