نیوزی لینڈ نے اچانک پاکستان کا دورہ ختم کرنے پر پی سی بی کو معاوضہ ادا کر دیا

نیوزی لینڈ: (ویب ڈیسک) نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے گذشتہ سال پاکستان کا اچانک دورہ ختم کرنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو معاوضہ ادا کر دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق پی سی بی نے معاوضے کی رقم کا اعلان نہیں کیا تاہم پی سی بی اب نیوزی لینڈ کے اگلے سال دورہ پاکستان سے بھاری منافع کمائے گا۔ پی سی بی نے کیوی بورڈ سے یہ رقم مالی نقصان کا معاوضہ، سیکیورٹی، ہوٹل کی بکنگ اور مارکیٹنگ براڈ کاسٹ کی مد میں وصول کی۔
واضح رہے کہ دونوں بورڈز کے درمیان تعلقات بھی معمول پر آگئے ہیں جبکہ پی سی بی نے آسٹریلیا میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل اکتوبر میں کرائسٹ چرچ میں سہہ فریقی سیریز میں شرکت کا دعوت نامہ قبول کر لیا ہے۔
پی سی بی انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز کا شیڈول ایڈجسٹ کرنے میں مصروف ہے جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ انگلینڈ کے خلاف 7 ہوم ٹی ٹونٹی میچز کے شیڈول کو حتمی شکل دینے کے لیے بھی کوشاں ہے۔
ذرائع کے مطابق ہوم سیریز کا شیڈول سامنے آنے پر نیوزی لینڈ کے ایونٹ کا حتمی فیصلہ ہو گا تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ نیوزی لینڈ میں ہونے والے سہہ ملکی ٹورنامنٹ میں قومی ٹیم بھیجنے کے لیے کوشاں ہے۔
پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ سہہ ملکی سیریز کے لیے نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے ساتھ رابطے میں ہیں، نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے 3 ملکی سیریز کی پیشکش آئی سی سی میٹنگ کے دوران اپریل میں کی تھی۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ نے 17 ستمبر 2021 کو راولپنڈی میں پہلے ایک روزہ میچ کے آغاز سے قبل عین وقت پر سیکیورٹی خدشات کا بہانہ بناتے ہوئے واپسی وطن روانگی کا اعلان کیا تھا جس کے بعد دونوں بورڈز کے درمیان روابط کشیدہ ہوگئے تھے۔
تاہم اب نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم رواں سال کے آخر میں 3 ایک روزہ اور 2 ٹیسٹ میچز کھیلنے کے لیے پاکستان کا دورہ کرے گی۔

گرمی کے ستائے شہریوں کیلئے خوشخبری، ملک کے مختلف حصوں میں بارش کی پیشگوئی

لاہور: (ویب ڈیسک) گرمی کے ستائے شہریوں کیلئے خوشخبری، محکمہ موسمیات نے آج (جمعرات کی شام) سے ملک کے مختلف حصوں میں بارش کی پیشگوئی کر دی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ آج ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوگا جو کہ 24 مئی تک موجود رہے گا۔ جس کے باعث خصوصاً دوپہر اور شام کے اوقات میں اسلام آباد، راولپنڈی سمیت خیبر پختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان اور پنجاب کے بیشتر علاقوں میں آندھی /تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت میں کمی کی توقع ہے۔
موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق آبی ذخائر، فصلوں، سبزیوں اور باغات کو پانی کی کمی کا خطرہ برقرار رہے گا جبکہ تیز ہواؤں سے بالائی خیبر پختونخوا، اسلام آباد سمیت بالائی پنجاب، گلگت بلتستان اور کشمیر میں اسٹرکچرز کو بھی نقصان ہو سکتا ہے۔

بھارتی عدالت کا متعصبانہ فیصلہ، حریت رہنما یاسین ملک جھوٹے کیس میں مجرم قرار

دہلی: (ویب ڈیسک) بھارتی عدالت کا ایک اور متعصبانہ فیصلہ سناتے ہوئے حریت رہنما یاسین ملک کو جھوٹے کیس میں مجرم قرار دے دیا۔
دہلی کی عدالت حریت رہنما کےخلاف سزا کا فیصلہ 25 مئی کو سنائے گی۔ یاسین ملک نے اپنے اوپر لگائے گئے الزامات کو جھوٹ قرار دیتے ہوئے اسے بھارتی حکومت کی انتقامی کارروائی قرار دیا ہے۔ پاکستان بھارت سے یاسین ملک کے خلاف جھوٹا کیس ختم کرنے کا مطالبہ کر چکا ہے۔

سپریم کورٹ: ہائی پروفائل کیسز کی تفتیش کرنیوالے افسران کے تبادلوں پر پابندی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ نے ہائی پروفائل کیسز کی تفتیش کرنے والے افسران کے تبادلوں پر پابندی لگا دی۔ عدالت نے چاروں صوبوں کے ایڈووکیٹ جنرلز کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تاحکم ثانی ہائی پروفائل کیسز کے تفتیشی افسران تبدیل نہ کئے جائیں۔
سپریم کورٹ میں حکومتی عہدیداروں کی جانب سے مداخلت کے از خود نوٹس کیس کی سماعت ہوئی۔ اٹارنی جنرل اشتر اوصاف عدالت میں پیش ہوئے۔ چیف جسٹس عمر عطا بنیال نے استفسار کیا کیا آپ نے پیپر بک پڑھا ہے ؟ جس پر اٹارنی جنرل اشتر اوصاف نے کہا کہ جی میں نے پڑھا ہے، پیپر بک میں عدالت کے معزز جج کی جانب سے مداخلت کے بارے میں ہے۔ چیف جسٹس نے اٹارنی جنرل کو ہدایت کی کہ وجوہات صفحہ نمبر 2 پر موجود ہیں، وہ پڑھیں، یہ نوٹس لینے کی وجوہات ہیں، پیپر بک نمبر 2 میں ڈاکٹر رضوان کی دل کا دورہ پڑنے سے موت کا ذکر ہے۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ لاہور میں ایک کیس کے دوران ایف آئی اے کے استغاثہ کو پیش نہ ہونے کی ہدایت کی گئی، ہم آپ سے گارنٹی چاہتے ہیں کہ استغاثہ کا ادارہ مکمل آزاد ہونا چاہیے، ڈاکٹر رضوان ایک قابل افسر تھے، انہیں کیوں ہٹایا گیا ؟ تمام اقدامات بظاہر کریمنل جسٹس سسٹم میں مداخلت کے مترادف ہیں، اٹارنی جنرل صاحب آپ اس ساری صورتحال کا جائزہ لیں۔
چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ ای سی ایل سے 4 ہزار سے زائد افراد کے نام نکالے گئے، نام نکالنے کا طریقہ کار کیا تھا ؟ اس وقت ہم کوئی رائے نہیں دے رہے، ہم رول آف لا کی حفاظت کرنیوالے ہیں، امید کرتا ہوں وفاقی حکومت پولیس کے ساتھ تعاون کرے گی، یہاں پوائنٹ اسکور کرنے کے لئے اکٹھے نہیں ہوئے، عدالت فیصلہ کرتے ہوئے کبھی نہیں گھبرائی، سماعت کا مقصد کسی کو خفا یا شرمندہ کرنا نہیں، یہ کارروائی قانون کی حکمرانی کو بچانے کیلئے ہے۔

سپریم کورٹ نے تمام ہائی پروفائل کیسز سے متعلقہ تبادلوں ، برطرفیوں کو روک دیا،سماعت آئندہ جمعے تک ملتوی

اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے ہائی پروفائل کیسز میں تفتیشی افسران کے تبادلے روکنے کا حکم جاری کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے عدالتوں میں جاری کیسز میں اعلیٰ حکومتی شخصیات کی جانب سے مداخلت پر از خود نوٹس لیا تھا، جس کی سماعت کرتے ہوئے آج عدالت نے اہم حکم جاری کر دیا ہے۔

کیس کی سماعت کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے خصوصی عدالت، ہائی پروفائل اور نیب کیسز میں تفتیشی افسران کے تبادلے روک دیے ہیں۔

سپریم کورٹ نے ایف آئی اے، نیب پراسیکویشن اور تفتیشی ریکارڈ سیل کرنے کا بھی حکم جاری کر دیا ہے، نیز نیب اور ایف آئی اے کو حکم دیا گیا ہے کہ تا حکم ثانی وہ کوئی بھی کیس عدالتی فورم سے واپس نہ لیں۔

کیس کی مزید سماعت کے لیے سپریم کورٹ نے سیکریٹری داخلہ، ڈی جی ایف آئی اے، چیئرمین نیب، پراسیکیوٹرز، ایڈووکیٹ جنرل، او رہیڈ آف پراسیکیوشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے از خود نوٹس کی سماعت آئندہ ہفتے کے جمعے تک ملتوی کر دی۔

کراچی: صدر دھماکے میں ملوث ملزم کے پڑوسی ملک کی دہشتگرد تنظیم سے رابطے کا انکشاف

کراچی : (ویب ڈیسک) کراچی کے علاقے صدر میں ہونیوالے دھماکے میں ملوث ملزم کے پڑوسی ملک کی دہشتگرد تنظیم سے رابطے کاانکشاف ہوا ہے۔
صوبائی مشیر اطلاعات مرتضیٰ وہاب کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس میں ڈی آئی جی سی ٹی ڈی خرم علی نے بتایا کہ صدر دھماکے میں ملوث اللہ ڈنوپڑوسی ملک کی دہشتگرد تنظیم سے رابطے میں تھا۔ اللہ ڈنو مختلف ریاست مخالف احتجاج اور دیگر سرگرمیوں میں بھی ملوث رہا ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ 12 مئی کو صدر میں ہونے والے بم دھماکے میں ملوث ایک ملزم اللہ ڈنو گزشتہ روز ماڑی پور میں سی ٹی ڈی اور حساس ادارے کی کارروائی میں ہلاک ہوا جب کہ اس دوران ملزم کا ایک ساتھی بھی مارا گیا۔
ڈی آئی جی سی ٹی ڈی خرم علی نے کہا کہ دہشت گردی کے واقعے اور دھماکوں میں مالی معاونت بھارت سے ہوتی ہے ۔دہشت گردی کے واقعے اور دھماکے کے لیےفون کالز ایران سے آپریٹ ہورہی ہیں۔ایران کے دہشت گردی کےواقعات میں ملوث ہونے کا ثبوت نہیں۔ایس آر اے کا سرغنہ اصغر شاہ ایران میں ہے جو وہاں سے احکامات دیتا ہے۔ آڈیو بھی موصول ہوگئی ہے جس میں سندھی میں گفتگو کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ملزم کی تمام فوٹیجز حاصل کی ہیں۔جو شواہد ملے ہیں وہ ثابت کرتے ہیں کہ حالیہ صدر بم دھماکے میں یہی دہشتگرد ملوث تھا۔عمر کوٹ سے تعلق رکھنے والا دہشتگرد اللہ ڈنو آئی ڈی بنانے کا ماہر تھا۔دہشت گر دنے ایران سے ٹریننگ لی تھی ۔ ریلوے لائن پر دھماکوں کے لیے بھی اللہ ڈنو نے ای آئی ڈیز تیار کی تھیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ملزم صدر بم دھماکے کیلئے ساڑھے پانچ کلو میٹر پیدل سائیکل لے کر آیا تھا۔ اس نے کئی مقامات پر سائیکل کھڑی کرنے کی کوشش کی۔ ملزم نے صدر میں ایک مقام پر سائیکل کھڑی کی اور قریبی ہوٹل پر بیٹھ گیا تھا۔ سرکاری گاڑی کو دیکھ کر ملزم نے ریموٹ کنٹرول سے دھماکا کیا۔
ڈی آئی جی سی ٹی ڈی کا کہنا تھا کہ اس کام کیلئے ملزم اور اس کے ساتھیوں کو دو لاکھ روپے کی فنڈنگ ہوئی جس کی ٹرانزیکشن بھی پکڑی گئی ہے۔بڑ ے دھماکے تقریبا50 ہزار روپے کے عوض کیا جارہے تھے۔ریلوے ٹریک پر چھوٹے دھماکے 10 سے پندرہ ہزار روپے کے عوض کیے جارہے ہیں۔

حمزہ شہباز خود پنجاب میں کابینہ نہیں چاہتے، مونس الہٰی

لاہور: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ق کے رہنما مونس الہٰی نے کہا ہے کہ حمزہ شہباز خود پنجاب میں کابینہ بنانا نہیں چاہتے۔
مسلم لیگ ق کے رہنما اور پی ٹی آئی کے اتحادی مونس الہٰی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ حمزہ شہباز پنجاب میں کابینہ خود نہیں چاہتے اور وہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے تمام اختیارات اپنے ہاتھ میں رکھنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حمزہ شہباز ایسی مرغی ہیں جو سارے انڈوں پر خود بیٹھنا چاہتی ہے لیکن یہ پنجاب ہے ان کا پولٹری فارم نہیں۔

نئے انتخابات کے اعلان سے ملک میں افراتفری کا ماحول ختم ہو جائے گا: اسد عمر

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسد عمر نے کہا ہے کہ قوم فیصلہ کرچکی کہ غلامی نامنظور ہے، نئے انتخابات کے اعلان سے ملک میں افراتفری کا ماحول ختم ہو جائے گا، فیصلہ سازی کرنیوالے کان کھول کر سن لیں تاریخ معاف نہیں کرتی۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ دوسری تجویز دی جا رہی ہے کہ طاقت کا استعمال کیا جائے، لانگ مارچ کو روکا جائے، پوری قوم فیصلہ کرچکی ہے کہ غلامی نامنظور ہے، بند کمروں کی سازش اور ضمیر خرید کر عمران خان کی حکومت کو گرایا گیا۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ زراعت سیکٹر میں 4.4 فیصد گروتھ ہوئی، ہمارے دور میں پیداواری سیکٹر میں بہتری آئی، پی ٹی آئی حکومت میں کورونا کے باوجود روزگار میں اضافہ ہوا، آج انٹر بینک میں ڈالر 200 روپے پر پہنچ چکا ہے، ہمارے دور میں ملکی معیشت بہتری کی جانب گامزن تھی، معیشت کیلئے غیر یقینی صورتحال زہر قاتل ہوتی ہے۔

سپریم کورٹ: پراسیکوشن نظام میں مبینہ مداخلت کا ازخود نوٹس، سماعت شروع

لاہور: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ میں حکومتی عہدیداروں کی جانب سے مداخلت کے ازخود نوٹس پرچیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں سماعت شروع ہو گئی۔
عدالت میں اٹارنی جنرل پیش ہوئے، چیف جسٹس نے پوچھا کہ کیا آپ نے پیپر بک پڑھا ہے؟ اٹارنی جنرل نے کہا کہ جی میں نے پڑھا ہے۔ اٹارنی جنرل نے چیف جسٹس کی ہدایت پر پیپر بک کا صفحہ نمبر ایک پڑھا۔
اٹارنی جنرل نے بتایا کہ پیپر بک میں عدالت کے معزز جج کی جانب سے مداخلت کے بارے میں ہے۔ چیف جسٹس نے اٹارنی جنرل کو ہدایتکی کہ کہ اس نوٹس لینے کی جو وجوہات ہیں، صفحہ نمبر دو پر موجود ہیں، وہ پڑھیں، پیپر بک نمبر دو میں ڈاکٹر رضوان کی اچانک دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے موت کا ذکر ہے۔ ازخود نوٹس کیس میں تیارکی گئی پیپر بک میں مختلف اخبارات کے تراشے شامل ہیں۔
چیف جسٹس نے کہا کہ لاہور میں ایک کیس کے دوران ایف آئی اے کے استغاثہ کو پیش نہ ہونے کی ہدایت کی گئی، ہم آپ سے گارنٹی چاہتے ہیں کہ استغاثہ کا ادارہ مکمل آزاد ہونا چاہیے، ایسا کیوں ہوا، ڈی جی ایف آئی جو خیبرپختونخوا کے آئی جی تھے اچھا کام کررہے تھے، انہیں کیوں ٹرانسفر کیا گیا؟ ڈاکٹر رضوان ایک قابل افسر تھا،اس کو کیوں ہٹایا گیا؟ یہ سب ڈویلپمنٹس بظاہر کریمنل جسٹس سسٹم میں مداخلت کے مترادف ہے۔ اٹارنی جنرل صاحب آپ اس ساری صورتحال کا جائزہ لیں، ای سی ایل سے چار ہزار سے زائد افراد کے نام نکالے گئے، نام نکالنے کا طریقہ کار کیا تھا؟کرمنل جسٹس سسٹم جو ہمارے ملک میں اس کے بارے میں خبریں آئیں، اس وقت ہم کوئی اوپینین نہیں دے رہے، ہم رول آف لا، جس کے بارے میں لوگوں سے وعدہ کیا ہے اس کی حفاظت کرنے والے ہیں، میں امید کرتا ہوں کی وفاقی حکومت پولیس کے ساتھ تعاون کریگی۔
چیف جسٹس نے مزید کہا کہ ان تمام کرمنل کیسز کو سنبھالنے رکھنا استغاثہ کی ذے داری ہے،اس سماعت کا مقصد کسی کو خفا کرنا نہیں، عدالت نوٹس جاری کرتی ہے۔
عدالت نے ڈی جی ایف ائی اے، چیئرمین نیب ، سیکریٹری داخلہ کو نوٹس جاری کر دئیے۔

پنجاب: دہشتگردوں کا تعلیمی اداروں میں خون کی ہولی کھیلنے کا منصوبہ

پنجاب کے تعلیمی اداروں کو الرٹ جاری
یونیورسٹیوں اور کالجز کو سکیورٹی الرٹ کرنے کی ہدایت،
ایچ ای سی کی تعلیمی اداروں کو فول پروف سیکیورٹی انتظامات کی ہدایات،
تعلیمی اداروں کو انتظامیہ، پولیس، حساس اداروں سے رابطہ رکھنے کی ہدایت
پنجاب کے کالجز اور سرکاری و نجی یونیورسٹیوں کے نام مراسلہ جاری