امپورٹڈ حکومت کا ایف آئی اے،نیب اوراے این ایف پردباؤ ڈالنا شرمناک ہے،شیخ رشید

راولپنڈی: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ امپورٹڈ حکومت کا ایف آئی اے، نیب اوراے این ایف پردباؤ ڈالنا شرمناک ہے۔

سابق وزیرداخلہ شیخ رشید نے ٹوئٹ میں کہا کہ امپورٹڈ حکومت اپنے خلاف کیسزخاتمے کرانے کے لئے ایف آئی اے، نیب اوراے این ایف پردباؤ ڈال رہی ہے جو شرمناک اورافسوسناک ہے۔

شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کا سوموٹو نوٹس لینا تاریخی اورسنہرا فیصلہ ہے۔ اب اداروں اورعدلیہ پراہم ذمہ داری آجاتی ہے تاکہ بیورو کریسی دیانت دارانہ اورایمان دارانہ فیصلے کرسکے۔ گزشتہ روز  سپریم کورٹ نے حکومتی شخصیات کی جانب سےتحقیقات میں مداخلت پرازخودنوٹس لیا تھا۔

حریت رہنما یاسین ملک کو عمر قید کی سزا سنائے جانے کا امکان

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارتی میڈیا کے مطابق حریت رہنما یاسین ملک کو عمر قید کی سزا سنائے جانے کا امکان ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق بھارتی عدالت کی جانب سے حریت رہنما یاسین ملک کے خلاف متعصبانہ فیصلہ آنے کا امکان ہے۔ بھارتی عدالت نے یاسین ملک کو ٹیرر فنڈنگ کے بے بنیاد کیس میں مجرم قرار دے دیا ہے۔
بھارتی عدالت نے یاسین ملک سے مالیاتی تخمینہ سے متعلق حلف نامہ بھی طلب کر لیا جبکہ بھارتی عدالت میں حریت رہنما یاسین ملک کے خلاف سزا پر دلائل 25 مئی کو ہوں گے۔
بھارتی عدالت کی جانب سے حریت رہنما یاسین ملک کو عمر قید کی سزا سنائے جانے کا امکان ہے۔

جوہری دھماکوں کے 24 سال مکمل، وزیراعظم کا 10 روزہ تقریبات منانے کا فیصلہ

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے جوہری دھماکوں کے 24 سال مکمل ہونے پر 10 روزہ تقریبات منانے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعظم نے قیام پاکستان کے 75 سال مکمل ہونے کی ڈائمنڈ جوبلی تقریبات کی طرز پر یوم تکبیر ملک بھر میں قومی جذبے سے منانے کی ہدایت کردی، وفاق، چاروں صوبوں، آزادکشمیراورگلگت بلتستان کی حکومتوں کے ساتھ مل کر تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا، جن کا آغاز 19 مئی سے ہوگا۔
وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ نوازشریف کی قیادت میں پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا تھا۔ اب معاشی قوت بنائیں گے، یہ وہ تاریخی دن ہے جب بیرونی طاقتوں کے دبائواور دھمکیوں یو کے باوجود قومی قیادت نے دفاع وطن کو ناقابل تسخیر بنانے کا فیصلہ کیا اور قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔
وفاقی، صوبائی اور ضلعی سطح پر یوم تکبیر کی تقریبات منعقد کی جائیں گی۔ تعلیمی اداروں، طالب علموں اور نوجوانوں کو خاص طور پر ان تقریبات کا حصہ بنایا جائے گا۔
یہ دن قوم کے بے مثال اتحاد، یکجہتی اور پاکستان کے لئے ایک ہونے کا دن ہے، اس دن کو اسی انداز میں منانے کی ضرورت ہے، میڈیا سے درخواست ہے کہ یوم تکبیر کے لئے خصوصی نشریات، پروگرامز اور تحریروں کے اہتمام سے اس قومی دن کی تقریبات میں اپنا حصہ ڈالیں۔

فن لینڈ اور سویڈن کی نیٹو میں شمولیت کے لیے درخواست جمع

فن لینڈ، سویڈن: (ویب ڈیسک) فن لینڈ اور سویڈن کہ جانب سے نیٹو میں شمولیت کے لیے مشترکہ درخواست جمع کرا دی گئی۔
ان ممالک نے یوکرین پر روسی حملے کے تناظر میں نیٹو میں شمولیت نہ اختیار کرنے کی پالیسی کو ترک کیا ہے۔
نیٹو کے سیکریٹری جنرل ژینس اسٹولٹن برگ نے فن لینڈ اور سویڈن کے سفیروں سے درخواستیں وصول کیں۔ اور اس پیش رفت کو تاریخی قدم قرار دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اتحادی ممالک نیٹو کی وسعت میں اضافہ کرنے پر اتفاق کرتے ہیں۔ تاہم اس عسکری اتحاد کے رکن ملک ترکی کی جانب سے فن لینڈ اور سویڈن کی نیٹو میں ممکنہ شمولیت کی مخالفت کی جا رہی ہے۔
ترکی کا کہنا ہے کہ یہ ممالک انقرہ مخالف مسلح گروہوں کو پناہ فراہم کرتے ہیں۔ اور دونوں ممالک دہشتگردی کے خلاف ناکام رہے ہیں۔

گورنر پنجاب کی برطرفی کا نوٹیفکیشن اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج

لاہور: (ویب ڈیسک) گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کی برطرفی کا نوٹیفکیشن اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔ رجسٹرار آفس نے اعتراض عائد کر دی اگیا۔
گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے سینئر قانون دان بابر اعوان ایڈووکیٹ کے ذریعے دائر درخواست میں وفاق، سیکرٹری صدر پاکستان اور سپیکر پنجاب اسمبلی کو فریق بنا کر برطرفی نوٹیفکیشن کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو عہدے سے ہٹانا غیر قانونی ہے، پنجاب میں ایک شخص جو اختیارات استعمال کر رہا ہے وہ غیر قانونی ہے۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ وزیراعظم نے اپنے بیٹے کو فائدہ دینے کے لیے غیر قانونی عہدے سے ہٹایا، کابینہ ڈویژن کے نوٹیفکیشن جاری کروانے والوں کے خلاف بھی کارروائی کریں، گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کی برطرفی کا آرڈر کالعدم قرار دیا جائے، آئین کے مطابق گورنر صوبے میں وفاق کا نمائندہ ہے، گورنر پنجاب ایگزیکٹو کا حصہ نہیں ہوتا، صدر کی خوشنودی پر گورنر عہدے پر قائم رہ سکتا ہے۔ نوٹیفکیشن اختیار سے تجاوز اور ماورائے آئین ہے۔
درخواست میں کہا گیا کہ سپریم کورٹ کے فیصلوں کے مطابق صدر کے اختیارات کو رولز کے تحت ختم نہیں کیا جا سکتا، پنجاب میں آئینی بحران پیدا کر دیا گیا۔
ادھر ڈائری برانچ کے اسسٹنٹ رجسٹرار اسد خان نے مذکورہ درخواست پر اعتراض عائد کر دیاہے، جس میں کہا گیا کہ معاملہ پنجاب کا ہے، اس عدالت کا دائرہ کار نہیں بنتا، درخواست میں بنائے گئے دو فریقین کے خلاف درخواست قابل سماعت نہیں ہے۔

قیام پاکستان ، 75 سال مکمل، ڈائمنڈ جوبلی تقریبات، یوم تکبیر پر “نہ جھکے تھے، نہ جھکیں گے” کا عنوان جاری: مریم اورنگ زیب

وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے یوم تکبیر پر “نہ جھکے تھے، نہ جھکیں گے” کا عنوان جاری کردیا

وزیراعظم شہباز شریف کا جوہری دھماکوں کے 24 سال مکمل ہونے پر 10 روزہ تقریبات منانے کا فیصلہ

قیام پاکستان کے 75 سال مکمل ہونے کی ڈائمنڈ جوبلی تقریبات کی طرز پر یوم تکبیر ملک بھر میں قومی جذبے سے منایا جائے: وزیراعظم کی ہدایت

وزیراعظم نے وفاق، چاروں صوبوں، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کی حکومتوں کے ساتھ مل کر تقریبات کے انعقاد کی ہدایت کی ہے

یوم تکبیر پر قومی تقریبات منانے کا آغاز 19 مئی سے ہوگا

28 مئی 1998 قومی افتخار اور پاکستان کے اپنی آزادی، خودمختاری اور قومی مفادات کی خاطر کبھی نہ جھکنے کی عظیم تاریخ کا دن ہے

محمد نوازشریف کی قیادت میں پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا تھا، اب معاشی قوت بنائیں گے

یہ وہ تاریخی دن ہے جب بیرونی طاقتوں کے دباؤ اور دھمکیوں یو کے باوجود قومی قیادت نے دفاع وطن کو ناقابل تسخیر بنانے کا فیصلہ کیا اور قوم کا سر فخر سے بلند کیا

وفاقی، صوبائی اور ضلعی سطح پر یوم تکبیر کی تقریبات منعقد کی جائیں گی

تعلیمی اداروں، طالب علموں اور نوجوانوں کو خاص طور پر ان تقریبات کا حصہ بنایا جائے گا

وزیراعظم نے تمام سیاسی جماعتوں، وکلاء، ڈاکٹر، میڈیا، محنت کش، سول سوسائٹی تنظیموں سمیت معاشرے کے تمام طبقات سے اپیل کی ہے کہ وہ اس قومی دن کو قومی جذبے کے ساتھ منائیں

یہ دن قوم کے بے مثال اتحاد، یکجہتی اور پاکستان کے لئے ایک ہونے کا دن ہے، اس دن کو اسی انداز میں منانے کی ضرورت ہے

میڈیا سے درخواست ہے کہ یوم تکبیر کے لئے خصوصی نشریات، پروگرامز اور تحریروں کے اہتمام سے اس قومی دن کی تقریبات میں اپنا حصہ ڈالیں

پنجاب حکومت کا 10 کلو آٹے کا تھیلا 650 سے کم کر کے 490 روپے کرنے کا اعلان

لاہور: (ویب ڈیسک) حکومت پنجاب نے عوام کو ریلیف دیتے ہوئے 10 کلو آٹے کا تھیلا 650 سے کم کر کے 490 روپے کرنے کا اعلان کر دیا۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ آٹے کیلئے پنجاب میں کہیں لائنیں نہیں لگیں گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حلف نہ لینے کی بیماری ایوان صدر سے چلی اور گورنر ہاؤس میں ڈیرے لگا لیے، پرویز الہٰی کسٹوڈین آف دی ہاؤس بنے بیٹھے ہیں، کسٹوڈین آف دی ہاؤس نے وردی میں بھرتی غنڈوں سے حملہ کرایا، اسپیکر نے آئین کے تحت قائم مقام گورنر کا حلف اٹھانے سے انکار کیا، ڈیڑھ ماہ ہوگیا میرے پاس کوئی کابینہ نہیں۔
حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ صوبے کی خدمت کے جذبے سے آگے بڑھتا رہوں گا، عمران نیازی 4 سال عوام کیساتھ کھلواڑ کرتے رہے، عمران نیازی سیاست نہیں کر رہے، سیاست کی آڑ میں انتشار پھیلا رہے ہیں، عمران نیازی افراتفری اور انتشار چاہتے ہیں، آج یہ انقلاب کے نعرے لگاتے ہیں، 4 سال میں ملک کو سونامی سے تباہ کر دیا، عمران خان اداروں کو تباہ کرنے کی سازش کر رہے ہیں، عمران خان نے ملک کی ہنستی بستی معیشت کو تباہ کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ معیشت وینٹی لیٹر، سیاسی انتشار عروج پر ہے، دشمن گھات لگائے بیٹھا ہے اور یہ شخص فوج کو تقسیم کرنے کی سازش کر رہا ہے، الیکشن کمیشن میں فارن فنڈنگ کیس کو 7 سال ہوگئے، اداروں سے کہنا چاہتا ہوں اس شخص پر کڑی نظر رکھیں، اگر رات 12 بجے عدالت نہ کھلتی تو ملک بنانا ری پبلک ہوتا، امریکا کیساتھ برابری کی سطح پر تعلقات روا رکھنا چاہتے ہیں، اس شخص نے پاکستان کے سفارتی تعلقات کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔

یوکرین کے دارالحکومت کیف میں3 ماہ بعد امریکی سفارت خانہ دوبارہ کھول دیا گیا

امریکا : (ویب ڈیسک) امریکا نے یوکرین کے دارالحکومت کیف میں تین ماہ کے بعد اپنا سفارت خانہ دوبارہ کھول دیا ہے۔
امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن نے سفارت خانہ دوبارہ کھولنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج ہم باضابطہ طور پر کیف میں سفارتی سرگرمیاں دوبارہ شروع کررہے ہیں۔
انھوں نے ایک بیان میں کہا کہ یوکرینی عوام نے روس کے بلاجواز حملے کے جواب میں اپنے وطن کا دفاع کیا ہے اور اس کے نتیجے میں امریکی پرچم ایک بار پھر سفارت خانے کے اوپر لہرا رہا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی اس لیے سفارتکاروں کے تحفظ کے لیے اضافی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے یوکرین کے ساتھ کھڑے رہنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم ان کے ساتھ فخر سے کھڑے ہیں اوران کی حمایت جاری رکھے ہوئے ہیں کیونکہ وہ کریملن کی وحشیانہ جارحانہ جنگ کے مقابلے میں اپنے ملک کا دفاع کررہے ہیں۔
یاد رہے کہ امریکا نے روس کے 24 فروری کو یوکرین پر حملے سے چند روز قبل اپنا سفارت خانہ بند کردیا تھا۔
گذشتہ ایک ماہ کے دوران میں فرانس، جرمنی اور برطانیہ سمیت بہت سے مغربی ممالک نے بھی کیف میں اپنے سفارت خانے دوبارہ کھول دیے ہیں۔

ملک میں بجلی کا شارٹ فال بڑھنے لگا، مختلف علاقوں میں 12 گھنٹے لوڈشیڈنگ جاری

لاہور: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں بجلی کا شارٹ فال بڑھنے لگا، ملک کے مختلف علاقوں میں 12 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ جاری ہے، ذرائع پاور ڈویژن کے مطابق بجلی کا شارٹ فال 5 ہزار53 میگاواٹ ہے، جبکہ بجلی کی مجموعی پیداوار 21 ہزار 447 میگاواٹ ہے۔
ذرائع پاور ڈویژن کے مطابق بجلی کی طلب 26 ہزار 500 میگاواٹ سے زائد ہے، پن بجلی ذرائع سے بجلی کی پیداوار 4 ہزار 868میگاواٹ ہے، سرکاری تھرمل پاور پلانٹس 1ہزار104میگاواٹ بجلی پیدا کررہے ہیں، نجی شعبے کے بجلی گھروں کی پیداوار 11 ہزار 695 میگاواٹ ہے۔
ہوا سے ایک ہزار260 میگاواٹ سولر سے بجلی کی پیداوار صفر ہے، بگاس سے چلنے والے پاور پلانٹس 153 میگاواٹ بجلی پیدا کررہے ہیں، جوہری ایندھن سے بجلی کی پیداوار 2 ہزار 251 میگاواٹ ہے، بجلی پیدا کرنے کی مجموعی صلاحیت 36 ہزار 39 میگاواٹ ہے۔

کراچی:نویں جماعت کا بیالوجی کا پرچہ بھی آوٹ

کراچی : (ویب ڈیسک) کراچی میں نویں جماعت کا بیالوجی کا پرچہ بھی آوٹ ہو گیا۔
کراچی میں میٹرک بورڈ کے امتحانات ایک بار پھر مذاق بن گئے۔وقت سے قبل پیپرآوٹ ہونے کی روایت آج بھی برقرار رہی۔
ثانوی تعلیمی بورڈ کے تحت آج ہونیوالا نویں جماعت کے بیالوجی کا پرچہ سوشل میڈیا کی زینت بنا رہا۔
امتحان کا وقت شروع ہونے سے پہلے پیپر طلبہ کے واٹس ایپ پر موجود تھا۔
یاد رہے کہ اس سے پہلے کمپیوٹر اسٹڈیز کا پرچہ بھی پیپر کا وقت شروع ہونے سے قبل ہی واٹس ایپ اور سوشل میڈیا پر دستیاب تھا۔
چیئرمین میٹرک بورڈ کا کہنا ہے کہ پرچہ بورڈ آفس سے نکل جانے کے بعد انتظامیہ کی ذمہ داری نہیں ہوتی۔
خیا ل رہے کہ بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن کراچی کے تحت امتحانات میں 3 لاکھ 60 ہزار سے زائد طلبہ شریک ہو رہے ہیں۔ میٹرک بورڈ کے مطابق کراچی کے 18 ٹاؤنز میں 448 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں جن کے اطراف دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے۔