بچوں میں پانی کی کمی بتانے والی ’اسمارٹ چوسنی‘

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) سائنسدانوں نے برقی سینسر سے مزین ایسی اسمارٹ چوسنی بنائی ہے جو بدن میں پانی اور دیگر اجزا کی کمی سے خبردار کرسکتی ہے۔
نومولود بچوں میں پانی کی کمی معلوم کرنے کے لیے ان کے بدن میں بطورِ خاص سوڈیئم، کیلشیئم اور پوٹاشیئم اور دیگر نمکیات کی مقدار نوٹ کی جاتی ہے۔ انہیں مجموعی طور پر الیکٹرولائٹ ہی کہا جاتا ہے۔ روایتی انداز میں خون ٹیسٹ کی بدولت ہی الیکٹرولائٹ کی کمی معلوم کی جاتی ہے۔ اب اسمارٹ چوسنی کی بدولت کسی تکلیف کے بغیر ہی بچے میں پانی اور نمکیات کی کمی معلوم کی جاسکتی ہے۔
بالخصوص قبل ازوقت پیدا ہونے والے بچوں میں قلتِ آب کے خطرات زیادہ ہوتے ہیں۔ خون کے ساتھ ساتھ انسانی تھوک میں بھی ان کی خاصی مقدار ہوتی ہے۔
واشنگٹن اسٹیٹ یونیورسٹی کے پروفیسر جونگ ہون کم نے عام چوسنی میں برقی سرکٹ اور سینسر لگائے ہیں۔ بچہ اسے چوستا ہے اور تو سینسر تھوک میں سوڈیئم اور پوٹاشیئم آئن کی مقدار درستگی سے معلوم کرتے ہیں۔ ماہرین نے اس کی کیلبریشن کے لیے کئی معیارات استعمال کئے ہیں۔ اس کا ڈیٹا بلیو ٹوتھ کے ذریعے ماں یا نگراں کے فون کی ایپ تک منتقل ہوجاتا ہے۔ ایپ اسکرین پر اس کی ساری معلومات ظاہر ہوجاتی ہیں۔
بچے کے لعاب سے پانی کی کمی بتانے والے نظام پہلے بھی بن چکے ہیں لیکن مہنگےاور وزنی ہونے کی بنا پر زیادہ مقبول نہ ہوسکے۔ جب ہسپتالوں میں نومولود بچوں پر اسمارٹ چوسنی آزمائی گئی تو اس نے عین روایتی خون ٹیسٹ کی طرح ہی درست اعدادوشمار ظاہر کئے۔ یعنی اسے دنیا بھر میں روایتی ٹیکنالوجی کی جگہ استعمال کیا جاسکتا ہے۔
اگلے مرحلے میں اسمارٹ چوسنی کو مزید مؤثر، کم خرچ اور ری سائیکل ہونے کے قابل بنایا جائے گا۔

رواں سال فائیو جی ٹیکنالوجی کا آغاز مشکل ہے، ٹیلی کام انڈسٹری

کراچی: (ویب ڈیسک) ٹیلی کام انڈسٹری نے پاکستان میں رواں سال فائیو جی ٹیکنالوجی کے آغاز کو مشکل قرار دے دیا ہے۔
حکومت نے دسمبر 2022 تک فائیو جی ٹیکنالوجی عام کرنے کا ہدف مقرر کیا تھا مہنگے فائیو جی سیٹس، انفرااسٹرکچر کی کمی اور فور جی کا محدود پھیلائو فائیو جی میں رکاوٹ بن گیا۔
ٹیلی کام کمپنی جاز کے سی ای او عامر ابراہیم کے مطابق پاکستان کا انفرا اسٹرکچر آئندہ دو سال تک 5G ٹیکنالوجی کیلیے تیار نہیں ہے پاکستان کی 10 فیصد ابادی تاحال ہر قسم کی ٹیلی کام خدمات سے محروم ہے۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان کی آدھی آبادی انٹرنیٹ سے محروم ہے، اس لیے فی الوقت اولین ترجیح ہر پاکستانی تک تیز ترین 4G پہنچانے پر ہونی چاہیے۔پاکستان کی صرف ایک فیصد آبادی فائیو جی ہینڈ سیٹ خریدنے کی استطاعت رکھتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایسی ٹیکنالوجی پر زر مبادلہ خرچ کرنا جو صرف امیروں کی دسترس میں ہو، پاکستان کے لیے موزوں نہیں ہے۔

اسٹیٹ بینک؛ آف شور پلیٹ فارمز سے خریداری پر کارروائی کا انتباہ

کراچی: (ویب ڈیسک) اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے غیرقانونی آف شور فارن ایکس چینج ٹریڈنگ ویب سائٹس، موبائل ایپلی کیشنز اور پلیٹ فارمز کے خلاف ہدایت جاری کردی ہیں۔
بینک دولت پاکستان کے علم میں آیا ہے کہ آف شور فارن ایکسچینج ٹریڈنگ ویب سائٹس، موبائل ایپلی کیشنز اور پلیٹ فارمز جیسے اوکٹافیکس، ایسی فاریکس وغیرہ پاکستان کے شہریوں کو اپنی مصنوعات اور خدمات فراہم کررہے ہیں۔
یہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز سوشل میڈیا اشتہارات کے ذریعے لوگوں کو اپنی مصنوعات اور خدمات خریدنے یا ان میں سرمایہ کاری کرنے پر آمادہ کرتے ہیں۔ ایسی مصنوعات کی مثالوں میں فارن ایکس چینج ٹریڈنگ، مارجن ٹریڈنگ، کنٹریکٹ فار ڈفرینسز اور دیگر شامل ہیں۔
مرکزی بینک نے عوام کے مفاد میں واضح کیا ہے کہ پاکستان میں مقیم کسی بھی شخص کے لیے مذکورہ بالا پلیٹ فارمز کی پیش کردہ مصنوعات اور خدمات خریدنا ممنوعہ اور ملکی قانون کے منافی ہے۔
پاکستان میں ایسے آف شور پلیٹ فارمز سے مصنوعات اور خدمات خریدنے اور کسی بھی پیمنٹ چینل سے انھیں بلا واسطہ یا بالواسطہ زرمبادلہ بھیجنے والے شخص کے خلاف فارن ایکسچینج ریگولیشنز ایکٹ (FERA) 1947 کی خلاف ورزی پر کارروائی کی جاسکتی ہے، چونکہ ایسے پلیٹ فارمز کی ریگولیشن نہ تو اسٹیٹ بینک کرتا ہے اور نہ سیکیورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان، اس لیے عوام کو ہدایت کی جاتی ہے کہ محتاط رہیں اور ایسے پلیٹ فارمز کی مصنوعات اور خدمات خریدنے یا ان میں سرمایہ کاری کرنے سے گریز کریں تاکہ کسی ممکنہ نقصان اور FERA کے تحت قانونی کارروائی سے بچ سکیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کو عہدے سے ہٹانے کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کو عہدے سے ہٹانے کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ پی ٹی آئی کے 25 منحرف ارکان کے معاملے پر سپریم کورٹ نے فیصلہ دے دیا، فیصلے کے بعد حمزہ شہباز اسمبلی میں اکثریت کھو چکے ہیں، حمزہ شہباز عہدے پر رہنے کا آئینی و قانونی جواز کھو چکے ہیں، حمزہ شہباز کے بطور وزیر اعلیٰ اقدامات غیر قانونی اور غیر آئینی ہیں۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز کے تقرر کا جاری نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے، عدالت حمزہ شہباز کو بطورِ وزیر اعلیٰ فرائض انجام دینے سے روکنے کا حکم دے، عدالت چیف سیکرٹری سمیت اعلیٰ حکام کو حمزہ شہباز کی بے جا حمایت سے روکنے کا حکم دے۔

پشاور،چمکنی، دہشتگردوں کی فائرنگ ،ایس ایچ او شہید

پشاور میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایس ایچ او شہید ہوگیا۔

پولیس کےمطابق فائرنگ کا واقعہ چمکنی  کے علاقے میں پیش آیا جہاں پولیس کی گاڑی پرنامعلوم ملزمان نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایس ایچ او تھانہ شاہ پور شکیل احمد شہید ہوگئے۔

پولیس کاکہنا ہےکہ واقعے کے بعد علاقے کی ناکہ بندی کرکے ملزمان کی تلاش  شروع کردی گئی ہے۔

کینز فلم فیسٹیول 2022 کی تصویری جھلکیاں

لاہور: (ویب ڈیسک) دنیا کے سب سے بڑے فلمی میلے کا اعزاز رکھنے والے معروف کینز فلم فیسٹیول کے 75 ویں ایڈیشن میں ستاروں نے فیشن کے جلوے دکھائے۔
آئیے دیکھتے ہیں فیسٹیول کی تصویری جھلک
پچھترویں کینز فلم فیسٹیول میں ٹام کروز نے بھی اسٹائلش انداز میں انٹری کی، فرانسیسی فضائیہ نے ٹام کروز کو شاندار خراج تحسین پیش کیا ، 8 طیاروں کا فضا میں خوبصورت فلائی پاسٹ آسمان رنگوں سے بھرگیا،
ٹام کروز تین دہائیوں میں پہلی بار کانز میں شرکت کررہے ہیں، جہاں انہیں فیسٹیول کی طرف سے خصوصی خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔
اس بار دنیا بھر میں کورونا کے کیسز میں نمایاں کمی اور کورونا ویکسینیشن ہونے کی وجہ سے فیسٹیول کا انعقاد بر وقت کیا گیا، کینز فلم فیسٹیول رواں ماہ 28 مئی تک جاری رہے گا۔

یہ لوگ اپنے مقدمات ختم کرنے آئے ہیں، شیخ رشید

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ اپنے مقدمات ختم کرنے آئے ہیں۔
سابق وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پروسیکیوٹر نے عدالت نے میں کہا ہمیں کیس میں دلچسپی نہیں ہے۔ یہ لوگ صرف اپنے کیسز ختم کرنے آئے ہیں اور انہوں نے مقتدر حلقوں سے ڈیڑھ سال کی گارنٹی مانگی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ثنا اللہ عباسی کو ہٹایا گیا اور انہوں نے حکومت میں آ کر اپنا وکیل مقرر کر دیا جبکہ خود رانا ثنا اللہ نے گزشتہ پیشی پر فرد جرم عائد نہ ہونے دی۔
دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب نے کہا کہ شہباز شریف، آصف علی زرداری اور مولانا فضل الرحمان کی اندھیر نگری چوپٹ راج ہے۔ سپریم کورٹ از خود نوٹس کے بعد این آر او کو بریک لگ گئی۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کا طاقت ور کو قانون کے نیچے لانے کے لیے اہم حکمنامہ ہے اور جلد لوٹ مار کرنے والوں کی اداروں پر دھونس کا خاتمہ ہو گا۔

معیشت کو روزانہ کی بنیاد پر اربوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے، حماد اظہر

لاہور: (ویب ڈیسک) سابق وزیر مملکت اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما حماد اظہر نے کہا ہے کہ معیشت کو روزانہ کی بنیاد پر اربوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر نے پریس کانفرنس میں حکومتی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایل این جی مہنگی خریدی اور اب معیشت کو روزانہ کی بنیاد پر اربوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دیہاتوں میں 17 سے 20 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے جبکہ مسلم لیگ ن نے پاور پلانٹس کے لیے امپورٹڈ ایندھن خریدا تھا۔
حماد اظہر نے کہا کہ سابق وزیر اعظم گزشتہ روز کہہ رہے تھے لوڈ شیڈنگ سے ڈالر بچتے ہیں، ایسے غیر ذمہ دارانہ بیانات نہیں دینے چاہیئیں۔ لوڈ شیڈنگ سنگین مسئلہ ہے اور یہ ان کی بد انتظامی ہے۔
انہوں نے کہا کہ معیشت دو ماہ پہلے ایسی نہیں تھی جیسی آج ہے اور ٹیکس کے پیئر کے پیسے سے انہوں نے جھوٹے اشتہار چلائے۔

عالمی سطح پر تمباکو نوشی کی شرح میں پہلی بار کمی، بچوں میں شرح بڑھ گئی

لاہور: (ویب ڈیسک) عالمی سطح پر پہلی بار تمباکو نوشی کی شرح میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے البتہ نوجوانوں اور کم عمر افراد میں اس کی شرح میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
الینوائے یونیورسٹی کے محققین اور وائٹل اسٹرٹیجز کی جانب سے کیے گئے سروے کے نتائج میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ عالمی سطح پر پہلی بار تمباکو نوشی کی شرح میں کمی دیکھی گئی ہے۔
رپورٹ میں اس تشویش ناک بات کا بھی اعتراف کیا گیا ہے کہ جن ممالک میں سروے کیا گیاہے ان میں 50 فیصد میں نوجوانوں میں تمباکو نوشی کے استعمال میں اضافہ سامنے آیا ہے ۔
رپورٹ کے مطابق جن 135 ممالک میں سروے کیا گیا ان میں سے 63 ممالک ایسے ہیں جہاں 13 سے 15 سال کی عمر کے بچوں میں بھی تمباکو نوشی کی شرح میں اضافے کو دیکھا گیا ہے۔ اس عمر کے گروپ میں تمباکو نوشی کرنے والوں کی تعداد 5 کروڑ کے قریب ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دنیا بھر میں تقریباً ایک ارب 10 کروڑ افراد سگریٹ نوشی کرتے ہیں جبکہ 20 کروڑ تمباکو سے بننے والی دوسری مصنوعات کا استعمال کر رہے ہیں۔
تمباکو نوشی کے عادی افراد کی یہ تعداد 2007 کے مقابلے میں 22.6 فیصد کم ہے ۔جبکہ 2019 کے مقابلے میں یہ تعداد 19.6 فیصد کم رہی ۔ یہاں یہ بات قابل ذکر اور خوش آئند ہے کہ تمباکو نوشی کی شرح میں پہلی بار کمی ہو ئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق افریقہ ، مشرقی بحیرہ روم اور مغربی اوقیانوس کے خطوں میں اب بھی تمباکو نوشی کرنے والے افراد کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔مگر افریقہ کے کم از کم 10 ممالک کے بالغ افراد اور نوجوانوں میں سگریٹ نوشی سے گریز کے رجحان میں اضافے کو بھی دیکھا گیا۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ تمبا کونوشی کے باعث دنیا بھر میں 2019 میں 87 لاکھ کے قریب اموات ہوئیں جبکہ 2 ہزار ارب ڈالرز کا معاشی نقصان ہوا۔

بھارتی سپریم کورٹ نے نوجوت سنگھ سدھو کو ایک سال قید کی سزا سنا دی

ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارتی سپریم کورٹ نے پنجاب کانگریس کے سابق صدر اور سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو کو ایک سال قید کی سزا سنا دی۔
سپریم کورٹ نے 1988 کے روڈ ریج کیس میں نوجوت سنگھ سدھو کو ایک سال جیل بھیج دیا، بھارتی میڈیا کے مطابق سدھو نے 1988 میں بھارتی پنجاب میں سڑک پرجھگڑے کے دوران ایک شخص کواپنے دوست کے ساتھ مل کر تشدد کا نشانہ بنایا تھا جس کے بعد اس کی موت ہوگئی تھی، نوجوت سنگھ سدھو اس وقت بھارتی کرکٹ ٹیم کا حصہ تھے، بھارتی سپریم کورٹ نے نوجوت سنگھ سدھو کو ایک ہزار روپے جرمانے کے ساتھ چھوڑ دیا تھا۔
حکم کے مطابق سدھو کو پنجاب پولیس اپنی تحویل میں لے گی۔
تاہم ستمبر 2018 میں، سپریم کورٹ نے مرنے والے شہری کے اہل خانہ کی طرف سے دائر نظرثانی کی درخواست پر سدھو کو نوٹس جاری کیا۔
دوسری جانب نوجوت سنگھ سدھو نے ٹوئٹ کی کہ قانون کی سربلندی کے سامنے سر تسلیم خم کریں گے۔