نیوزی لینڈ نے پاکستان کوسہ فریقی ٹی ٹونٹی سیریز میں شرکت کی دعوت دے دی

لاہور: (ویب ڈیسک) نیوزی لینڈ نے پاکستان کو سہ فریقی ٹی ٹونٹی سیریز میں شرکت کی دعوت دے دی، سیریز رواں سال ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سے قبل کھیلے جانے کے امکانات ہیں۔
نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ ٹی 20 ورلڈ کپ سے قبل تین ملکی سیریز کا انعقاد کرنا چاہتا ہے جس کے لیے بنگلا دیشی بورڈ نے رضامندی ظاہر کردی ہے۔
پی سی بی نے نیوزی لینڈ کو اب تک جواب نہیں دیا، پاکستان کرکٹ بورڈ ٹیم کا شیڈول دیکھ کر فیصلہ کرے گا۔

ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم رہے گا: محکمہ موسمیات کی پیشگوئی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک کے بیشترعلاقوں میں آج بھی موسم شدید گرم رہے گا۔ میدانی علاقے ہیٹ ویو کے زیر اثر رہیں گے۔ بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش کا امکان ہے۔ موسم کا حال بتانے والوں نے آج بھی ہیٹ ویو کی پیشگوئی کی ہے۔ لاہور میں درجہ حرارت تینتالیس، ملتان میں چوالیس، بہاولپور، ڈی جی خان میں پارہ چھیالیس تک جانے کی پیشگوئی ہے۔ نوابشاہ، دادو، موہنجو دڑو میں درجہ حرارت سینتالیس تک جانے کا امکان ہے۔ بلوچستان کے علاقے سبی میں درجہ حرارت 49 تک جانے کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ زیادہ سے زیارہ درجہ حرارت 32 سے 34، قلات میں 28 سے 30، گوادر میں 37 سے 39، جیونی میں 35 سے 37، نوکنڈی میں 41 سے 43، تربت میں 45 سے 47، سبی میں 47 سے 49 سینٹی گریڈ ریکارڈ تک رہنے کا امکان ہے۔ صوبہ کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا۔

جامعہ کراچی کے کنفیوشس انسٹیٹیوٹ کا ثقافتی اور تعلیمی سرگرمیوں کی بحالی کا اعلان

جامعہ کراچی کے کنفیوشس انسٹیٹیوٹ نے ثقافتی اور تعلیمی سرگرمیوں کی بحالی کا اعلان کردیا ہے۔

جامعہ کراچی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ادارے میں سرگرمیاں 23 مئی سے بحال ہوں گی،تاہم تدریسی عمل آن لائن ہوگا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کنفیوشس انسٹیٹیوٹ میں زیرتعلیم طلباء شیڈول کے مطابق کلاسز لیں گے۔

اس سے قبل گزشتہ دنوں جامعہ کراچی کے کنفیوشس انسٹیٹیوٹ میں پڑھانے والے تمام چینی اساتذہ وطن واپس روانہ ہوگئے تھے۔

تاہم ڈائریکٹرکنفیوشس انسٹیٹیوٹ ڈاکٹر ناصر نے کہا تھا کہ ملک کے دیگر شہروں سے  انسٹیٹیوٹ کے اساتذہ کو واپس بلالیاگیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کنفیوشس انسٹیٹیوٹ بند نہیں ہوگا، چینی زبان پڑھانے کیلئے پاکستانی اساتذہ کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں اور آن لائن کلاسز اور امتحانات کی تجویز بھی زیر غور ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں جامعہ کراچی کے اندرایک خاتون نے خود کش دھماکےکے ذریعے چینی باشندوں کی وین کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 3 چینی اساتذہ سمیت 4 افراد ہلاک اور 3 زخمی ہوئے تھے۔

21 سالہ بھارتی اداکارہ کاسمیٹک سرجری کرانے کے بعد چل بسیں

بھارت کی ٹی وی انڈسٹری کی 21 سالہ اداکارہ چھیتھنا راج چربی کم کرانے کی سرجری کے بعد ہونے والی پیچیدگیوں کے باعث چل بسیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کچھ دن قبل بھارتی شہر بینگلورو کے مقامی اسپتال میں اداکارہ نے وزن میں کمی کیلئے کاسمیٹک سرجری کرائی تھی۔

رپورٹس میں کہا گیا کہ آپریشن کے بعد اداکارہ پیچیدگیوں کا شکار ہوگئیں تھی اور پھیپھڑوں میں انفکیشن ہوگیا تھا۔

رپورٹس کے مطابق اداکارہ کئی روز اسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد چل بسیں۔

دوسری جانب اداکارہ چھیتھنا کے والدین بھی بیٹی کی جانب سے سرجری کرانے سے لاعلم تھے اور ان کے والدین نے اسپتال انتظامیہ پر غفلت برتنے کا مقدمہ بھی درج کرادیا ہے۔

چھیتھنا مقامی ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ تھیں اور کئی نامور ٹی وی شوز میں کام کیا تھا جبکہ ان کے انتقال نے مقامی انڈسٹری کو سوگوار کردیا ہے۔

لیڈی ریڈنگ اسپتال پشاور میں اربوں روپےکی سنگین مالی بےقاعدگیوں کا انکشاف

لیڈی ریڈنگ اسپتال پشاور میں 3 ارب 30 کروڑ روپےکی سنگین مالی بے قاعدگیوں کا انکشاف ہوا ہے۔

مالی بےقاعدگیاں آڈیٹرجنرل کی رپورٹ میں سامنے آئی ہیں، رپورٹ کے مطابق اسپتال میں 630 ملازمین کی بھرتیوں،آلات کی خریداری اور تعمیرات کی مد میں مالی بے قاعدگیاں ہوئیں، ادویات،طبی اورآئی ٹی آلات کی خریداری اور تنصیب کی مد میں ایک ارب 43 کروڑ روپےخرچ کیےگئے۔

رپورٹ کے مطابق کے تعمیراتی منصوبوں میں 1 ارب 39 کروڑ 20 لاکھ 21ہزارروپےکی بےقاعدگی رپورٹ ہوئی، بھرتیوں کی مد میں خزانےکو 47 کروڑ 85 لاکھ روپےکا نقصان ہوا، 241 نرسزکی بھرتیوں میں قواعد و ضوابط کا خیال نہیں رکھا گیا، نرسز کو خزانے سے 14 کروڑ 17 لاکھ 8 ہزار روپے تنخواہوں کی مد میں ادائیگی کی گئی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہےکہ 18فارماسسٹ کوبھرتی کرنے پر ایک کروڑ 6 لاکھ 2 ہزار روپےکی ادائیگی کی جاچکی ہے، اسکروٹنی کمیٹی ریکارڈ کے مطابق بھرتیوں میں قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کی گئی۔

اس حوالے سے ترجمان لیڈی ریڈنگ اسپتال کا کہنا ہےکہ آڈٹ رپورٹ میں اعتراضات کا ڈیپارٹمنٹل اکاؤنٹس کمیٹی میں جائزہ لیاجائےگا، زیادہ تر آڈٹ اعتراضات کو نمٹا دیا جاتا ہے، ان تمام آڈٹ پیرازکا جواب دیا جائےگا۔

سابق بھارتی کرکٹر وریندر سہواگ نے شعیب اختر کے بولنگ ایکشن کو غیر قانونی قرار دے دیا

سابق بھارتی کرکٹر وریندر سہواگ نے پاکستان کے سابق فاسٹ بولر اور راولپنڈی ایکسپریس کے نام سے مشہور شیعب اختر کے بولنگ ایکشن کو غیر قانونی قرار دے دیا۔

وریندر سہواگ نے  بھارتی ڈیجیٹل شو ‘ہوم آف ہیروز’ میں میزبان سنجے منجریکر کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے شعیب اختر کے بولنگ ایکشن کو غیرقانونی قرار دیا۔

بھارتی ڈیجیٹل شو کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شو کی کچھ جھلکیاں شیئر کی گئیں جس میں وریندر سہواگ کا کہنا تھاکہ شعیب اختر اپنا ہاتھ چھپاکر بولنگ کے وقت بھاگتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ شعیب اختر کو بھی معلوم ہے کہ ان کا بولنگ ایکشن  غیرقانونی تھا، وہ ہاتھ کو جھٹکا مارکر بولنگ کرواتے تھے۔

رپورٹس کے مطابق شو کی یہ قسط 19 مئی کو ریلیز کی جائے گی۔

کراچی دھماکوں میں ملوث ملزمان کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ، 2 دہشتگرد ہلاک

کراچی کے علاقے ماڑی پور میں حساس ادارے اور سی ٹی ڈی کی کارروائی کے دوران شہر میں حالیہ دھماکوں میں مبینہ طور پر ملوث دو دہشتگرد ہلاک جبکہ ان کا ایک ساتھی فرار ہو گیا۔

انچارج سی ٹی ڈی مظہر مشوانی کے مطابق ماڑی پور میں چھاپہ حالیہ دہشتگردی میں ملوث مطلوب ملزمان کی اطلاع پر مارا گیا تھا کہ ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کر دی، جوابی فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہو کر گرفتار  دہشتگرد اسپتال منتقلی کے دوران دم توڑ گئے۔

ذرائع کے مطابق ماڑی پور میں حساس ادارے اور سی ٹی ڈی کی مشترکہ کارروائی کے دوران صدر دھماکے کا مرکزی ملزم ساتھی سمیت ہلاک ہوا ہے۔

تاہم انچارچ سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشتگرد صدر دھماکے میں ملوث ہو سکتے ہیں، ملزمان کی شناخت اللہ ڈنو اور نواب کے ناموں سے ہوئی جبکہ کارروائی کے دوران زخمی دہشتگردوں کا ایک ساتھی موٹرسائیکل پر فرار ہو گیا۔

پولیس حکام کے مطابق دہشتگردوں کے قبضے سے برآمد بیگ سے ایک کلو دھماکا خیز مواد، بم بنانے کا سامان اور الیکٹرانک آلات برآمد کر لیے گئے ۔

روس نے یوکرین کے شہر ماریو پول کا کنٹرول حاصل کرلیا

 روس نے یوکرین کے شہرماریو پول کا کنٹرول حاصل کرلیا۔

روس نے یوکرین میں بڑی فتح حاصل کرلی، یوکرین کے شہرماریو پول کا کنٹرول حاصل کرلیا جبکہ 250 سے زائد یوکرینی فوجیوں نے ماریوپول اور کیف میں روسی فوج کے سامنے ہتھیار ڈال دئیے۔

روس نے ہتھیار ڈالنے والے یوکرینی فوجیوں کو سرحد کے قریب روسی قصبے میں منتقل کردیا۔

یوکرینی فوجی حکام نے کہا ہےکہ بندرگاہ سے فوجیوں کو نکالنے کےلیے حکمت عملی تیار کر رہے ہیں ۔زخمیوں اور دیگر افراد کو روس کے زیر قبضہ علاقوں سے منتقل کررہے ہیں۔ ماریوپول پر روسی قبضہ جنگ بندی کی کڑی ثابت ہوسکتا ہے۔

یورپی یونین کو مزید توسیع دینے کے اقدامات کو بڑا دھچکا ہوا، آسٹریا نے نیوٹرل رہنے کا اعلان کردیا ہے۔ ادھرعالمی سطح پر ڈالر کی قیمت میں اضافہ کے بعد سے دنیا بھر میں مہنگائی کی شرح بڑھ گئی، گندم کی قیمت بھی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔

کے الیکٹرک کا 2 ہزار میگاواٹ بجلی بنانے کا دعویٰ غلط نکلا

کے الیکٹرک کا 2 ہزار میگاواٹ بجلی بنانے کا دعویٰ غلط نکلا۔

شہر میں بجلی کی طلب 3 ہزار میگاواٹ تک پہنچ گئی، کے الیکٹرک کے پاور پلانٹس سے صرف 852 میگاواٹ بجلی کی پیداوار ہورہی ہے۔

کراچی کو اس وقت 2 ہزار 250 میگا واٹ بجلی کی فراہمی جاری ہے، کے الیکٹرک این ٹی ڈی سی اور دیگر ذرائع سے 1442 میگاواٹ بجلی خریدتا ہے۔

مہنگے فیول کی مد میں صارفین سے اضافی بلز بھی وصول کئے جا رہے ہیں۔ شہر میں 7سے 9 گھنٹے بجلی کی لوڈشیڈنگ بھی جاری ہے۔

روضہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے متولی وکلید بردار الشیخ نوری محمد احمد علی کی پاکستان آمد

روضہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کےمتولی وکلید بردار الشیخ نوری محمد احمد علی پاکستان پہنچ گئے، کراچی ایئرپورٹ پر ان کا پروقار استقبال کیا گیا۔

روضہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے متولی اورکلید بردار الشیخ نوری محمد احمد علی علی الصباح نجی پرواز کے ذریعے کراچی پہنچے۔ کراچی ایئرپورٹ پر ان کا پروقار استقبال کیا گیا۔ انہیں پورے اعزاز و اکرام کے ساتھ ایئرپورٹ سے گاڑی میں پہنچایا گیا۔ وہ نجی ہوٹل میں قیام پذیر ہیں دین سے محبت رکھنے والی شخصیات ان سے ملاقاتیں کریں گی۔

مترجم کا کہنا ہے کہ متولی وکلیدبردار روضہ رسول صلی اللہ وعلیہ وسلم کچھ دن پاکستان میں قیام کریں گے۔ پاکستان کی خوشخالی اور سلامتی کے لئے خصوصی دعائیں بھی کریں گے۔