دہشت گردوں کی فائرنگ سے لکی مروت میں 2 پولیس اہلکار شہید

 دہشت گردوں کی فائرنگ سے لکی مروت میں 2 پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق پولیس اہلکار لکی مروت کے امتحانی ہال پر ڈیوٹی سے واپسی پرفائرنگ کا نشانہ بنائے گئے۔ شہید ہونے والے اہلکاروں کی شناخت لطف الرحمان، زبیر خان کے ناموں سے کی گئی۔

اہلکاروں کی لاشیں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال لکی مروت منتقل کردیا گیا، حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

وزیراعظم کی پاکستان میں مقیم چینی شہریوں کو مکمل سکیورٹی فراہم کرنیکی ہدایت

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان میں مقیم چینی شہریوں کو مکمل سکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔ کہا کہ سی پیک کو نقصان پہنچانے کی کوشش کسی صورت قابل قبول نہیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان میں چینی شہریوں کی سکیورٹی کا جائزہ اجلاس ہوا، جس میں وزارت داخلہ اور سکیورٹی حکام نے شرکت کی۔

وزیراعظم کو چینی شہریوں کی سیکیورٹی سے متعلق بریفنگ دی گئی، وزیراعظم نے متعقلہ اداروں کو چینی شہریوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ چینی شہریوں کے ساتھ ساتھ ملک میں امن و امن کی صورتحال کو بہتر کرنے کیلئے بھی فوری اقدامات کئے جائیں۔ سی پیک کو کسی طرح بھی نقصان پہنچانے کی کوشش قابل قبول نہیں۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف سے چینی کمپنی سائنو ویک کے وفد نے بھی ملاقات کی، وزیرِاعظم کو کورونا کے دوران سائنو ویک کی طرف سے پاکستان کو فراہم کی گئی ویکسین کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

سائنو ویک نے پاکستان میں سرمایہ کاری کرکے بیماریوں کی تشخیص، بچاؤ اور علاج کے لیے ایک جوائنٹ وینچر بنانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے چینی کمپنی کی پاکستان میں سرمایہ کاری کی پیشکش کا خیر مقدم کرتے ہوئے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کا کی یقین دہانی کرائی۔

حکومت کا چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ

اسلام آباد : حکومت نے چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کرلیا۔

ذرائع کے مطابق جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کو تکنیکی طریقے سے چیئرمین نیب کے عہدے سے ہٹایا جائے گا۔ 2 جون کو نیب ترمیمی آرڈیننس کی میعاد ختم ہو رہی ہے۔

مجوزہ نیب ترمیمی بل کا مسودہ سامنے آگیا، سیاستدانوں اور بیوروکریسی کے خلاف نیب کے اختیارت تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیراعظم اور کابینہ ارکان کے خلاف کابینہ کمیٹیوں کے فیصلوں پر نیب کارروائی نہیں کرسکے گا۔ مسودہ میں 31 ترامیم شامل کی گئی ہیں، نیب آرڈیننس کی 7 شقیں ختم کرنے کی تجویز ہے۔

ٹک ٹاکرز نے ویڈیو کی خاطر ما رگلہ کو آگ لگادی،ایک گرفتار

سوشل میڈیا پر مقبولیت کے بھوکے نوجوان درختوں اور جنگلی جانوروں کی زندگیاں لینے پر اتر آئے

مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں آگ لگا کر ویڈیو بنانے والے ٹک ٹاکرز کی محکمہ وائلڈ لائف بورڈ کے حکام نے ملزمان کی نشاندہی کرلی ہے جبکہ پولیس نے ایک ٹک ٹاکر کوبھی ایبٹ آباد سے گرفتار کرلیا، خاتون ٹک ٹاکر سمیت دیگر ملزمان کی گرفتاری کیلئے کوشش کی جارہی ہے

تفصیلات کے مطابق پاکستان شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی معروف اداکارہ و ٹک ٹاکر ڈولی ،جو ایک فیشن سیلون بھی چلاتی ہیں گزشتہ دنوں اپنے مداحوں کیلئے ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کیلئے مری پہنچی تھی،جہاںان کی ٹیم نے ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کیلئے مارگلہ کی پہاڑی پر آگ لگا دی تھی،جسے ڈولی کی جانب سے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاﺅنٹ پر اپ لوڈ بھی کیا گیا۔

فیصلے کی کاپی آنے تک منصب نہ چھوڑیں،حمزہ شہباز کو مشورہ

لاہور: آئینی و قانونی ماہرین نے وزیراعلیٰ حمزہ شہباز کو فوری طور پر اپنے منصب سے استعفیٰ نہ دینے کا مشورہ دے دیا ہے جب کہ صوبہ پنجاب میں آئینی بحران شدت اختیار کر گیا ہے۔

ذرائع کۓ مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کو آئینی و قانونی ماہرین نے مشورہ دیا ہے کہ فوری طور پر اپنے منصب سے استعفیٰ نہ دیں، پہلے سپریم کورٹ کے فیصلے کی کاپی آنے دیں پھر فیصلہ کریں۔

بریفنگ میں کہا گیا ہے کہ گورنر کے پاس آئینی اختیار ہے کہ وہ اعتماد کا ووٹ لینے کے لیے کہہ سکتے ہیں لیکن قائم مقام گورنر کا عہدہ سنبھالتے ہی اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد آجائے گی۔

ماہرین کی آرا کے تحت وزیراعلی ٰکے خلاف اعتماد کے ووٹ یا عدالتی فیصلے پر عمل کرنے میں وقت درکار ہو گا۔

آخر یہ چار ایم این ایز کون ہیں؟

رپورٹ: امتنان شاہد
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں چہ مگوئیوں کا بازار گرم ہے‘ لیکن اس کے بیچ ہر طرف حکومتی اتحاد میں شامل 4 ایم این ایز جو اگلے الیکشن میں تحریک انصاف کے ٹکٹ یا کم از کم سپورٹ کے حامی ہیں کی بازگشت زوروں پر ہے۔ ہر کوئی ایک دوسرے سے پوچھ رہا ہے کہ یہ 4 ایم این ایز اگر لائن کی دوسری طرف چلے جاتے ہیں تو 174 کا نمبر رکھنے والی اتحادی وفاقی حکومت اقتدار میں رہ سکے گی یا نہیں۔ گزشتہ پورا دن سپریم کورٹ کا منحرف ارکان بارے فیصلہ پنجاب حکومت رہنے یا نہ رہنے کی بازگشت رہی وہیں ن لیگ‘ پیپلز پارٹی‘ مولانا فضل الرحمان بلکہ دوسری جانب تحریک انصاف‘ ق لیگ‘ تحریک انصاف کے حمایتی ان 4 ارکان کے نام جاننے کی کوشش کرتے رہے۔ آخر یہ 4 لوگ ہیں کون کیونکہ جیسے ہی 4 ایم این ایز فیصلہ کریں گے عین ممکن ہے اسی روز صدر عارف علوی وزیراعظم شہبازشریف کو اعتماد کا ووٹ لینے کیلئے کہیں گے۔

برطانوی رکن پارلیمنٹ جنسی زیادتی کے الزام میں گرفتار

لندن: (ویب ڈیسک) پولیس نے برطانوی رکن پارلیمنٹ کو عصمت دری اور جنسی تشدد کے الزام میں گرفتار کرلیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق برطانوی پولیس نے کنژرویٹو پارٹی سے تعلق رکھنے والے رکن پارلیمنٹ کو 2002 سے 2009 تک عصمت دری اور جنسی تشدد کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔
میٹروپولیٹن پولیس چیف کا کہنا ہے کہ الزامات کی تحقیقات مکمل ہونے تک برطانوی رکن پارلیمنٹ کو اسمبلی اجلاسوں میں شرکت کی اجازت نہیں ہوگی۔
پولیس نے رکن پارلیمنٹ کا نام ظاہر نہیں کیا ہے تاہم بتایا جارہا کہ ملزم پر اپنے عہدے اور سرکاری آفس کا غلط استعمال کرنے کا بھی الزام ہے۔
ترجمان میٹروپولیٹن پولیس نے گرفتار ایم پی کی شناخت ظاہر نہ کرتے ہوئے بتایا کہ جنوری 2020 میں پولیس کو ایک رپورٹ موصول ہوئی جس میں رکن پارلیمنٹ کے عصمت دری، جنسی تشدد، سرکاری آفس اور عہدے کے غلط استعمال سے متعلق معلومات درج تھیں۔

‘پراٹھا کھا کر آرہا ہوں’، آن لائن ٹیکسی ڈرائیور کا صارف کو جواب سوشل میڈیا پر وائرل

لاہور: (ویب ڈیسک) دنیا میں آئے روز عجیب و غریب واقعات کے ساتھ ایسے واقعے بھی رونما ہوتے ہیں کہ جن کو جان کر انسان حیران رہ جائے، ایسا ہی ایک واقعہ بھارت میں پیش آیا جہاں پر آن لائن ٹیکسی ڈرائیور کے رائید بک کرنے والے صارف کو دیئے گئے جواب نے ایمانداری کی مثال قائم کردی ۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کرشمہ مہروترا نامی ٹوئٹر صارف نے ٹٰیکسی ڈرائیور کے ساتھ اپنی چیٹ کے سکرین شاٹ شیئر کئے۔
سکرین شاٹ میں کی گئی چیٹ کے مطابق انہوں نے ٹیکسی ڈرائیور سے پوچھا کہ وہ اسے لینے اس کی مطلوبہ جگہ پر کب تک آرہا ہے، جواب میں ڈرائیور نے کہا کہ جس سے اس نے پوچھا کہ کیا وہ اسے لینے اس کے مقام پر آرہا ہے۔ جواب میں ڈرائیور نے کہا، آؤں گا 100 فیصد ایک پراٹھا کھا رہا ہوں، آدھا بچا ہے، سچائی میں بتا دیا۔
مہروترا نے ٹویٹر پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ یہ ایمانداری کی قسم ہے جس کی مجھے زندگی میں حاصل کرنے کی امید ہے۔
ٹویٹر صارفین کے سوالات کے جواب میں مہروترا نے یہ بھی شیئر کیا کہ ڈرائیور نے اپنی بات رکھی اور وہ اسے لینے آیا۔

مسلم لیگ ق کا پنجاب میں وزارت اعلیٰ کا انتخاب چیلنج کرنے کا فیصلہ

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ق) نے سپریم کورٹ کے منحرف ارکان اسمبلی کے حوالے سے پنجاب میں وزارت اعلیٰ کا انتخاب چیلنج کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ق ) نے اپنے وکلا کو درخواست تیار کرنے کی ہدایت کر دی۔
مسلم لیگ ق کے وکیل صفدر شاہین پیرزاہ کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کی تحریری رائے کے بعد حمزہ شہباز وزیر اعلیٰ نہیں رہے، فیصلے کے بعد پرانی کابینہ بحال ہو گئی ہے، حمزہ کی طرف سے جاری کیے جانے والے احکامات بھی کالعدم ہو ں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ کی رائے کی تصدیق شدہ نقل وصول کرنے کے بعد جائزہ لیا جائے گا۔

فوری الیکشن کا مطالبہ مسترد،مدت پوری کرینگے:وزیراعظم اور اتحادیوں کا فیصلہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) حکومتی اتحادیوں نے وزیراعظم شہباز شریف کو یقین دہانی کروائی ہے کہ حکومت کے ساتھ ہیں، معاشی استحکام کے لیے ہر فیصلے میں ساتھ ہوں گے جبکہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا عمران خان کا فوری الیکشن کرانے کا مطالبہ مسترد کرتے ہیں۔ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے آرٹیکل 63 اے کی تشریح سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد اتحادی جماعتوں کا اجلاس ہوا جس میں موجودہ صورتحال پر غور کیا گیا۔
وزیراعظم کی زیرصدارت حکومتی اتحاد کے اجلاس میں امیر جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمٰن، سابق صدر آصف زرداری، ایم کیو ایم کے کنونیئر خالد مقبول صدیقی، وفاقی وزراء اعظم نذیرتارڑ، خواجہ آصف، سعد رفیق اورمریم اورنگزیب بھی شریک ہوئے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر فوری قانونی رائے لی جائے اور آئندہ الیکشن کیلئے انتخابی اصلاحات جلد مکمل کی جائیں۔
ذرائع کے مطابق اتحادیوں نے وزیراعظم کو یقین دہانی کرائی کہ حکومت کےساتھ ہیں اور معاشی استحکام کے لیے ہر فیصلے میں ساتھ ہوں گے۔
اتحادیوں نے وزیراعظم کو مشورہ دیا کہ معیشت کےاستحکام کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں۔
ذرائع کے مطابق اتحادیوں نے مشورہ دیا کہ روپے کی قدر میں استحکام کیلئے معاشی ٹیم فوری اقدامات کرے، معیشت کی بہتری کیلئے آئی ایم ایف پروگرام کو فوری حتمی شکل دی جائے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی طرف سے فوری الیکشن کا مطالبہ مسترد کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔
اتحادی رہنماؤں نے معیشت کی بہتری کیلئے حکومت کے سخت فیصلوں پرساتھ دینےکی یقین دہانی بھی کرائی۔
اجلاس میں گفتگو کی گئی کہ سپریم کورٹ کےفیصلےکے بعد پنجاب میں ممکنہ سیاسی بحران سے نمٹنے کو تیار ہیں۔