وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نیویارک پہنچ گئے

نیویارک: (ویب ڈیسک) پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اپنے پہلے دورہ امریکہ پر نیویارک پہنچ گئے . وہ کمرشل پرواز کے ذریعے نیویارک کے جے ایف کے ایئرپورٹ پر پہنچے جہاں اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم ،امریکہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان، نائب مستقل مندوب سفیر عامر خان، قونصل جنرل نیویارک عائشہ علی اور پاکستان مشن اور سفارت خانے کے افسران سمیت پیپلز پارٹی کے مقامی رہنماؤں نے ان کا استقبال کیا.
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری گلوبل فوڈ سیکیورٹی کال فار ایکشن کے وزارتی اجلاس اور بین الاقوامی امن و سلامتی کی بحالی، تنازعات اور خوراک کی حفاظت پر سلامتی کونسل کی کھلی بحث میں شرکت کے لیے نیویارک پہنچے ہیں.

چلتی گاڑی کو درست نشانہ بنانے کیلیے چین کا ہائپر سونک میزائل کا منصوبہ

بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین ایسے ہائپر سونک میزائل بنانے کی جانب گامزن ہے جو ایک تیزی سے حرکت کرتی گاڑی کو بغیر چُوکے با آسانی آواز کی رفتار سے پانچ گُنا زیادہ رفتار سے نشانہ بنا سکیں گے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کی جانب سے کیا جانے والا یہ اقدام تیزی سے حرکت کرتے ہدف کو نشانہ بنانے کے مسئلے کو حل کرنے کے پیشِ نظر ہے۔
یینگ شیاؤگانگ کی رہنمائی میں کام کرنے والی پی ایل اے راکٹ فورس یونیورسٹی آف انجینیئرنگ کی محققین کی ٹیم کا کہنا تھا کہ ان کو ہائپر سونک ٹیکنالوجی کے پیچیدہ نظر آنے والے مسائل کے حل کرنے کے لیے 2025 تک کی مہلت دی گئی تھی۔
چینی جریدے انفرا ریڈ اینڈ لیزر انجینیئرنگ میں شائع ہونے والے مقالے میں سائنس دانوں کی ٹیم نے بتایا کہ ایک تیز رفتار میزائل سیکنڈ کے حصے میں طویل فاصلہ طے کر سکتا ہے اور ہدف کے تعین کرنے اور رہنمائی کے نظام میں معمولی سی غلطی ایک بڑے نقصان کا پیش خیمہ بن سکتی ہے۔
مقالے میں بتایا گیا کہ حرکت کرتے چھوٹے ہدف کا انفرا ریڈ نشان بغیر تفصیل والی چند پِکسلز کی تصویر بناتا ہے، جو شناخت اور پیچھا کرنے کے عمل کو نہایت مشکل کر دیتا ہے۔
سائنس دانوں نے بتایا کہ اس نئے ہائپر سونک میزائل کے ساتھ چینی فوج خطے کی جنگ میں ہائپر سونک اسلحوں کے استعمال کا دائرہ بڑی حد تک بڑھا سکتی ہے۔
یینگ شیاؤگانگ کے مطابق ٹیم کے پاس شناخت اور پیچھا کرنے کا نیا طریقہ کار ہے جس کو انہوں نے تیز حرکت کرتے ہدف کے لیے مزید بہتر بنایا ہے۔
گزشتہ برسوں میں چین نے اپنی توجہ کا مرکز حرکت کرتے اہداف کے حوالے سے اپنی صلاحیت کو بنایا ہے۔
اس کوشش میں ایک ایئر کرافٹ کیریئر کا نمونہ بھی شامل ہے جو صحرائے گوبی کی فائرنگ رینج میں پٹریوں پر بنایا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق چینی فوج کا ماننا ہے کہ ہائپر سونک ہتھیار جنگ کو بدل کر رکھ دیں گے۔ اس ہی لیے چین اس ٹیکنالوجی میں برتری حاصل کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کر رہا ہے۔
پی ایل اے کے ہائپر سونک پروگرام میں 3000 ہزار کے قریب سائنس دان شریک تھے جن کا کہنا ہے کہ یہ ایک انتہائی اہم پیش رفت ہے۔

تحریک انصاف پنجاب کی پارلیمانی ایڈوائزری کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب

لاہور: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ کا فیصلہ تحریک انصاف پنجاب کی پارلیمانی ایڈوائزری کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا۔ تحریک انصاف کے پارلیمانی ہوگی۔ ایڈ وائز ری کونسل میں سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں آئندہ لائحہ عمل پر مشاورت ہوگی
پنجاب میں نمبرز گیم تبدیل ہونے کے بعد نئے اپشنز پر غور،آئینی ماہرین سے بھی نئی صورتحال پر مشاورت، پارلیمانی لیڈر سبطین خان کی صدارت میں اجلاس جاری
پی ٹی آئی پنجاب کے بارہ سینئر رہنما اجلاس مئں شریک ہیں

ٹک ٹاکر کا مسجد کے صحن میں غیر اخلاقی ڈانس

ہارون آباد: (ویب ڈیسک) ہارون آباد کے نواحی علاقے فقیروالی کے گاوں 433 سکس آر میں ٹک ٹاکر محمد عثمان نے گاوں کی مسجد النور کے صحن میں غیر اخلاقی گانے پر ڈانس کیا اور اس کے دوست ہارون نے اسکی ویڈیو بنائی اور سوشل میڈیا پر وائرل کردی پولیس کے مطابق ٹک ٹاکر عثمان اور ویڈیو بنانے والا ہارون چک 433 سکس آر کے رہائشی ہیں گاوں کی مسجد النور کےصحن میں عثمان نے غیر اخلاقی ڈانس کیا اور ہارون نے۔ویڈیو بنائی مسجد کے صحن میں ڈانس کر کے ویڈیو بنا کر مذہبی جذبات مجروح کئے گئے تھانہ فقیروالی میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے عثمان اور ہارون تاحال فرار ہیں تاحال گرفتار نہیں کیے جاسکے۔

کور کمانڈر کوئٹہ کا دورہ پیر کوہ، ایف سی بلوچستان کی امدادی سرگرمیوں پر بریفنگ

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی نے پیر کوہ کا دورہ کیا، ایف سی بلوچستان نے سول انتظامیہ کی مدد سے جاری امدادی سرگرمیوں پر بریفنگ دی جبکہ کور کمانڈر نے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی نے پیرکوہ کا دورہ کیا، جہاں انہیں ایف سی بلوچستان کی سول انتظامیہ کی مدد سے جاری امدادی سرگرمیوں پر بریفنگ دی گئی، کور کمانڈر کوئٹہ نے مقامی افراد سے بھی ملاقات کی اور انہیں ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈر نے پاک فوج کی جانب سے متاثرین کو ہرممکن سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے ، متاثرین کو پانی، طبی سہولیات، ادویات اور علاج معالجہ کی فراہمی یقینی بنانے کا عزم دہرایا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ڈاکٹرز اور پیرامیڈکس اسٹاف ہیضے سے متاثرہ افراد کو علاج فراہم کر رہے ہیں۔

محمد یوسف ٹاپ سے لوئر آرڈر تک ٹیم کی بیٹنگ مستحکم کرنے کے خواہاں

لاہور: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ محمد یوسف ٹاپ سے لوئر آرڈر تک ٹیم کی بیٹنگ کو مستحکم کرنے کے خواہاں ہیں۔
محمد یوسف نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں کی کارکردگی کو بہتر کرنے کیلئے کنڈیشننگ کیمپ لگایا گیا ہے، کرکٹرز کو پورا سال اس طرح ٹریننگ کا موقع نہیں ملتا، ماضی میں بھی کھلاڑیوں پر مشکل وقت آتا رہا ہے، فواد عالم بھی ٹیسٹ سیریز میں پرفارم نہیں کرسکے، ون ڈے میچز میں ٹاپ آرڈر نے بہترین پرفارم کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹیم ون ڈے میچز میں ریکارڈ ہدف کا تعاقب کرنے میں کامیاب ہوئی، جب تمام کھلاڑی اپنے نمبر پر پرفارم کریں گے تب ہی ٹیم کی کارکردگی میں بہتری اور تسلسل آئے گا، ٹاپ اور مڈل کے ساتھ لوئر آرڈر پر بھی توجہ دے رہے ہیں۔
کوچ نے کہا کہ ہماری کوشش ہے اس کیمپ میں بیٹرز کو زیادہ مواقع فراہم کریں، کھلاڑیوں کی فٹنس پر بھی کام کیا جارہا ہے، فٹنس اچھی ہوگی تو گرم موسم سے کوئی فرق نہیں پڑے گا، اسد شفیق نے فرسٹ کلاس میں تسلی بخش کارکردگی نہیں دکھائی، کم بیک کرنے کے لیے آپ کو اچھی کرکٹ کھیلنی پڑتی ہے، بابر اعظم ورلڈ کلاس کھلاڑی ہیں اور دن بدن ان کی کارکردگی میں بہتری آرہی ہے۔
محمد یوسف کا مزید کہنا تھا کہ جس طرح کاؤنٹی میں شان مسعود کھیل رہے ہیں آج تک کوئی پاکستانی ایسا نہیں کھیلا، سلیکٹرز بھی یہ کارکردگی دیکھ رہے ہوں گے، ٹیسٹ سکواڈ میں تو وہ پہلے ہی موجود ہیں، ون ڈے کرکٹ میں دیکھنا ہوگا کہ ان کی کہاں جگہ بنتی ہے، ماضی کی کرکٹ اور آج کی کرکٹ میں کافی فرق ہے، عابد علی کے ساتھ پہلے کافی کام کیا ہے، میرے خیال سے جس طرح عابد علی ٹریننگ کررہا ہے ویسے ٹیم میں واپس آئے گا۔

عدالتی فیصلے کے بعد حمزہ شہباز نے قانونی ٹیم کو طلب کر لیا

لاہور: (ویب ڈیسک) منحرف اراکین کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد پنجاب میں آئینی بحران کے پیش نظر حمزہ شہباز شریف نے قانونی ٹیم کو طلب کرلیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی جانب سے طلب کردہ اجلاس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد کی صورتحال پر مشاورت ہوگی۔
خیال رہے کہ سپریم کورٹ کے لارجر بینچ نے آرٹیکل 63 اے کی تشریح سے متعلق صدارتی ریفرنس پر رائے سنا دی۔
عدالت کا کہنا ہے کہ منحرف ارکان کا ووٹ شمار نہیں کیا جاسکتا، تاہم ان کی نااہلی سے متعلق قانون سازی کرنا پارلیمان کا اختیار ہے۔
یہ بات قابل ذکر ہے وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب میں تحریک انصاف کے تقریباً 25 ناراض اراکین نے تحریک انصاف اور مسلم لیگ ق کے مشترکا امیدوار کے بجائے مسلم لیگ ن کے امیدوار حمزہ شہباز کو ووٹ دیا تھا۔

پٹرول اور ڈیزل کی قیمت بڑھائے بغیر ملکی معیشت دم توڑ جائے گی: مریم نواز

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمت بڑھائے بغیر ملکی معیشت دم توڑ جائے گی۔
سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ پیغام میں کہا کہ فیصلہ کرنا مشکل نہیں ہے مگر نوازشریف اور شہباز شریف کو عوامی دکھ و تکالیف کا اندازہ ہے جس کے بارے میں وہ فکرمند بھی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان ملکی معیشت کو وینٹی لیٹر پر پھینک گیا ہے مگر یہ جانتے ہوئے بھی فیصلہ ابھی اور اسی وقت ہوسکتا ہے، پٹرول اور ڈیزل کی قیمت بڑھائے بغیر ملکی معیشت دم توڑ جائے گی، عمران خان ملک کو تباہ کر گیا ہے۔

شریف خاندان کے کرپشن کیسز خود سنیں: عمران خان کی سپریم کورٹ سے اپیل

کوہاٹ: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ شہبازشریف نے وزیراعظم بننے کے لیے بڑی محنت کی، یہ پھنس گئے ہیں۔ گالیاں ن لیگ کو پڑ رہی ہیں اورزرداری مزے لے رہا ہے۔ عدالت نے ہماری اخلاقیات کو گرنے سےبچایا، اور آج کے فیصلے میں منحرف ارکان کے ووٹ کو مسترد کر دیا، جو لوگ اپنے حلقوں ، قوم اور جمہوریت سے غداری کرتے ہیں ، شکر ہے سپریم کورٹ نے فیصلہ دیا ہے۔ سپریم کورٹ سے ایک اور درخواست کروںگا شریف خاندان کے کرپشن کیسز خود سنیں۔ ہمیں کسی اور پر اعتماد نہیں۔
کوہاٹ میں پاکستان تحریک انصاف کے پاور شو سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ جلسے میں لائٹیں صحیح طریقے سے نہیں لگائی گئیں، یہ کوہاٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہے، شہبازشریف نے وزیراعظم بننے کے لیے بڑی محںت کی، یہ پھنس گئے ہیں، ان کے پیچھے ٹائیگر ہے، چیری بلاسم شہبازشریف کو وزیراعظم بننے کا بڑا شوق تھا، شہبازشریف نے بڑی دیرسے اچکن سلوائی ہوئی تھی۔ شہبازشریف کے پاس جوتے پالش کرنے کا بڑا اچھا فن ہے، فوجی بوٹ پالش بڑے اچھے طریقے سے کرتا ہے، امریکیوں کے بوٹ بھی پالش کرتا ہے، مسلم لیگ کے مقابلے میں زرداری ان پرواقعی بھاری ہے، آصف زرداری مہنگائی بڑھنے کا بڑے مزے لے رہا ہے، ایک پلان انسان، دوسرا پلان اللہ بناتا ہے، اللہ انسان کوکامیابی دیتا ہے، تھری سٹوجزنے بڑا مل کرپلان بنایا تھا، تینوں نے زورلگا کرہماری حکومت گرائی، آگے سمندراورپیچھے ٹائیگرشہبازشریف پھنس گئے ہیں۔
منحرف رکن کیخلاف سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمران خان نے کہا ہے کہ میں عدالت کا شکریہ ادا کرتا ہوں، عدالت نے ہماری اخلاقیات کو گرنے سےبچایا، اور آج کے فیصلے میں منحرف ارکان کے ووٹ کو مسترد کر دیا، جو لوگ اپنے حلقوں ، قوم اور جمہوریت سے غداری کرتے ہیں ، شکر ہے سپریم کورٹ نے فیصلہ دیا ہے، حمزہ شہباز اب اپنی اچکن کورکھ دواب پنجاب میں مرغی کی قیمتیں بھی نیچے آجائیں گی، سپریم کورٹ سے ایک اور درخواست کروںگا شریف خاندان کے کرپشن کیسز آپ سنیں۔ ایف آئی اے انہوں نے تباہ کر دیا، ڈاکٹر رضوان سے جاں بحق ہونے کی تفتیش ہونی چاہیے۔ دوسرا ایف آئی اے افسر بھی ہارٹ اٹیک میں ہوا۔ دونوں افسران کی تفتیش سپریم کورٹ کرے، 40 ارب روپے کے ان پر کیسز ہیں۔ سپریم کورٹ ان کے کیسز سنے، ان کو جب سزا ہونے لگی، ایف آئی اے کے لوگوں کو فارغ کر دیا گیا، اس لیے میری درخواست ہے شریف خاندان کے کیسز سنیں اورہمیں کسی پر اعتماد نہیں۔ باپ، بیٹے کو ایک سال پہلے سزا ہو جانی چاہیے تھی، انکے کیسز کو سنے۔
جلسے کے دوران پی ٹی آئی کارکنوں نے ڈیزل ڈیزل کے نعرے لگائے تو اس موقع پر انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت پٹرول، ڈیزل کی قیمتیں بڑھانے لگی ہے، جدھرسے امپورٹ ہوئے ادھرسے قیمتیں بڑھانے کا حکم ملا ہے، امپورٹڈ حکومت ڈری ہوئی ہے۔ اب امریکیوں کو کہیں گے خدا کے واسطے ڈالر دو ورنہ عمران خان پھر آ جائے گا۔ امریکیوں کو اچھے طریقے سے جانتا ہوں وہ ایسے ڈالرنہیں دیں گے، امریکی پہلے مزید غلامی کرائیں گے پھر ڈالردیں گے، امریکی کہیں گے خارجہ پالیسی ان کے حکم پرچلے گی، امریکا کہے گا روس سے سستا تیل نہیں منگوانا، ہماری حکومت نے روس سے 30 فیصد سستی گندم،تیل کا معاہدہ کرلیا تھا۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ امریکی غلامی کی زنجیریں ان پر ڈال کر ہر اپنا کام کروائیں گے، دہشتگردی کی جنگ کی وجہ سے 35 لاکھ قبائلیوں نے نقل مکانی کی، جو زکوٰۃ دیتے تھے وہ ایک ہی رات میں زکوٰۃ لینے والے بن گئے، پرویز مشرف نے گھٹنے ٹیک کرجنگ میں شرکت کی۔ دہشت گردی کی جنگ میں 80 ہزارپاکستانیوں نے قربانیاں دیں، جنگ کا سب سے زیادہ نقصان قبائلی علاقوں کو ہوا، قبائلی علاقوں میں ڈرون حملوں سے جو بھی مرتا تھا اسے دہشت گرد کہتے تھے، ڈرون حملوں کی کبھی تحقیقات نہیں ہوتی تھیں، یہ غلام کبھی آوازبلند نہیں کرتے تھے، آپ نے میرے ساتھ ملکرحقیقی آزادی کی جنگ لڑنی ہے، موٹروے کی سڑک اچھی ہوگئی ہے اسلام آباد کے لیے تیارہو؟21 سال کھیلتا رہا مجھے تو گرمی نہیں لگتی، ہم نے اپنے ملک کو چوروں سے بچانا ہے، جنہوں نے چوروں کو مسلط کیا انہیں پیغام دینا ہے ہم آزاد ملک ہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ کبھی غلام قوم عظیم قوم نہیں بن سکتی، غلام کبھی شاہین کی طرح پروازنہیں کرسکتے، ہمارے نبی ﷺ دنیا کی تاریخ کا سب سے بڑا انقلاب لے کر آئے، اللہ کے سوا کوئی خدا نہیں، جوانسان آزاد نہیں ہوتا وہ کبھی بڑے کام نہیں کرسکتا۔ کوئی سیاسی تقریرنہیں تبلیغ کررہا ہوں، ہمارے پاس دوراستے ہیں، ایک تباہی، دوسرا نبی ﷺ کی عظمت کا راستہ ہے، ایک طرف غلامی، دوسری طرف آزادی ہے، ایک طرف امربالمعروف، دوسری طرف چورہے، اللہ کا حکم ہے برائی کے خلاف جہاد کرو، ایک طرف ہم چاہتے ہیں پاکستان کا نظام ٹھیک ہو، دوسری طرف 30 سال سے مل لوٹنے والے کھڑے ہیں، اللہ نے ہمیں یہ اجازت ہی نہیں دی کہ آپ نیوٹرل ہوجاؤ۔
پی ٹی آئی چیئر مین کا کہنا تھا کہ چیری بلاسم بوٹ پالش کہتے رہے بڑے تجربہ کارہیں، ہمیں کہتے تھے جب عوام میں جائیں گے تو ہم چھپتے پھریں گے، اللہ کا کمال ہے اب یہ لوگ چھپتے پھر رہے ہیں، کدھرگیا ان کا تجربہ ملک کی معیشت تباہ کردی، مہنگائی مسلسل بڑھ رہی ہے، اینکر روزانہ ہمیں یاد دلاتے تھے مہنگائی بڑھ رہی ہے، آج وہی اینکرمیڈیا سے پوچھیں کتنی مہنگائی بڑھی ہے؟ جب میڈیا والے عوام کے پاس جائیں گے تو دو نعرے سنیں گے، ایک غدار، دوسرا چور۔ مدینہ منورہ میں ان کے خلاف نعرے لگے۔
انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں نے 31 ارب ڈالرہماری حکومت میں بھیجے، ہماری حکومت میں کسانوں کو پہلی دفعہ پورا معاوضہ ملا،60فیصد پاکستان میں خوشحالی آئی، 50 سال بعد ہماری حکومت میں ڈیم بننا شروع ہوئے، آنے والی نسلوں کے لیے ہم نے10ارب درخت لگائے، ہماری حکومت نے این ایچ اے میں کرپشن کو روکا، مرادسعید نے ایک ہزارارب کی این ایچ اے میں بچت کی، مرادسعید نے (ن) لیگ کے مقابلے میں سستی سڑکیں بنوائیں، ریکوڈک کیس میں ہم نے اپنے ملک کو جرمانے سے بچایا، کارکے کیس میں ترک صدر طیب اردوان کے ذریعے پاکستان کو 200 ارب کے جرمانے سے بچایا، ہماری حکومت پیسے نہیں بنارہی تھی اس حکومت کوانہوں نے گرایا، اب یہ دنیا بھرمیں جا کر بوٹ پالش کر رہے ہیں کہ پیسہ دیدو۔
عمران خان نے مزید کہا کہ بڑی مشکلوں سے ایک اسمبلی ڈیزل کے بغیر چل رہی تھی، سب کہتے تھے شہباز شریف صبح 7 بجے اٹھتا ہے اوربڑا کام کرتا ہے، اب شہبازشریف کدھرگئے ہیں، مہنگائی بڑھ رہی ہے، کورونا کے دوران مجھے بار بار کہتے تھے لاک ڈاؤن کرو، میں ان سے پوچھتا تھا لاک ڈاؤن کے دوران دیہاڑی دارکا کیا بنے گا، شہبازشریف، بلاول بھٹو لاک ڈاؤن نہ کرنے پرمجھے تنقید کا نشانہ بناتے تھے، اللہ کا کرم دیکھیں دنیا نے پاکستان کی کورونا پالیسی کوسراہا، ہم نے کورونا کے دوران معیشت اورغریبوں کوبچایا۔
چیئر مین پی ٹی آئی کاکہنا تھا کہ نوجوان مجھ سے وعدہ کریں جن پارٹیوں کی بیرون ملک جائیداد، پیسہ باہر انہیں کبھی ووٹ نہیں دینا، آصف زرداری جب بیرون ملک جاتا تھا وہ کہتے تھے دیکھ کر ہاتھ ملانا کہیں انگلیاں نہ چوری کرلے، مغرب کوسب پتا ہوتا ہے نواز شریف، زرداری کے پیسے کدھرپڑے ہیں، یہ کبھی ’ابسولیٹلی ناٹ‘نہیں کہہ سکتے، امریکا جب افغانستان میں ڈرون حملوں کے لیے بیس مانگے گا تویہ کبھی انکارنہیں کریں گے، ان میں جرات نہیں کیونکہ ان کا پیسہ باہرپڑا ہے۔ نوجوان اپنے ذہنوں میں ڈال لیں کبھی غلامی قبول نہیں کرنی، ہم اللہ کے آگے جھکنے والے لوگ ہے، یہ کمزورلوگ ہیں جب باہرجاتے ہیں توان کی کانپیں ٹانگتی ہیں، جب اسلام آباد جائیں گے تو پیسے کے غلاموں سے ہمیشہ کے لیے آزاد ہو جائیں گے، شاندارجلسے پردل سے شکرگزارہوں۔
انہوں نے کہا کہ مجھے سٹیڈیم میں لائٹیں صحیح نہ لگانے پرافسوس ہے، شہریارآفریدی، ضیااللہ بنگش کو مبارکباد دیتا ہوں، خیبرپختونخوا سے صرف ایک لوٹا نکلا، لوٹوں کوپیغام دیا تھا اپنے آپ کو ذلیل نہ کرو، سوشل میڈیا پران کی شکلوں کیساتھ ہمیشہ لوٹا لکھا جائے گا، ان کے بیٹوں کی جب شادی ہوگی توان کی بہو اپنے سسر کو لوٹا کہے گی، لعنت ہے ایسے پیسے پر جو ضمیربیچ کر لیے جائیں، یہ وہ چھانگے مانگے والا پاکستان نہیں رہا، ایک طرف پیپلزپارٹی، دوسری طرف (ن) لیگ خریدتی تھی، تحریک انصاف کسی لوٹے کو نہیں خریدتی۔

منحرف رکن کا ووٹ شمار نہیں ہوگا، تاحیات نااہلی کا فیصلہ پارلیمنٹ کرے: سپریم کورٹ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) آرٹیکل 63 اے کے صدارتی ریفرنس پر سپریم کورٹ آف پاکستان نے رائے سنا دی، منحرف رکن تاحیات نا اہلی سے بچ گئے۔ مستقبل میں انحراف روکنے کا سوال عدالت نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو واپس بھجوا دیا۔ رائے میں کہا گیا ہے کہ منحرف رکن اسمبلی کا پارٹی پالیسی کے برخلاف دیا گیا، ووٹ شمار نہیں ہو گا جبکہ تاحیات نااہلی یا نااہلی کے معیاد کا تعین پارلیمنٹ کرے۔
چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ نے آرٹیکل 63 اے کی تشریح سے متعلق صدارتی ریفرنس کی سماعت کی اور فیصلہ 2 کے مقابلے میں 3 کے تناسب سے سنایا گیا۔
چیف جسٹس عمر عطابندیال، جسٹس اعجازالاحسن اور جسٹس منیب اختر نے کہا کہ منحرف رکن کا دیا گیا ووٹ شمار نہیں کیا جائے جبکہ جسٹس مظہرعالم میاں خیل اور جسٹس مندوخیل نے اختلاف کیا۔
جسٹس مظہر عالم اور جسٹس جمال خان مندوخیل نے اکثریتی فیصلے سے اختلاف کیا، اقلیتی رائے میں کہا گیا کہ آرٹیکل 63 اے میں دیے گئے نتائج کافی ہیں، کوئی انحراف کرے تو ڈی سیٹ ہونےکے بعد اس کی نشست خالی تصور ہوگی۔
یاد رہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان عمر عطا بندیال، جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس مظہر عالم میاں خیل، جسٹس منیب اختر اور جسٹس جمال مندوخیل لارجر بینچ کا حصہ تھے۔
سپریم کورٹ کی رائے میں کہا گیا کہ انحراف کرنا سیاسی جماعتوں کو غیر مستحکم اور پارلیمانی جمہوریت کو ڈی ریل بھی کر سکتا ہے، آرٹیکل 17 کے تحت سیاسی جماعتوں کے حقوق ہیں۔ آرٹیکل 63- اے کا مقصد انحراف سے روکنا ہے، آرٹیکل 63- اے کی اصل روح ہے کہ سیاسی جماعت کے کسی رکن کو انحراف نہ کرنا پڑے۔ آرٹیکل 63- اے کا مقصد جماعتوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ ہے، منحرف رکن کا ووٹ شمار نہیں ہوگا، پارٹی پالیسی کے خلاف ڈالا گیا ووٹ شمار نہیں ہوگا۔
فیصلے میں صدر مملکت کے رکن اسمبلی کے انحراف کی صورت میں تاحیات نااہلی کے سوال پر رائے نہیں دی گئی اور مستقبل میں انحراف روکنے کا سوال عدالت نے صدر کو واپس بھجوا دیا۔
سپریم کورٹ کی اکثریتی رائے میں کہا گیا کہ منحرف رکن کی نااہلی کی معیاد کا تعین کا پارلیمنٹ کرے، صدر کے ریفرنس پر رائے دینا ہمارے لیے آئین دوبارہ تحریر کرنے کے مترادف ہے۔
چیف جسٹس آف پاکستان عمر عطاء بندیال نے کہا ہے کہ تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔
اس سے قبل چیف جسٹس عمرعطا بندیال کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بنچ نے صدارتی ریفرنس پر سماعت کی تو اٹارنی جنرل اشتر اوصاف نے صدارتی ریفرنس کے قابلِ سماعت ہونے پر سوال اٹھایا۔
جسٹس اعجازالاحسن نے کہا کہ صدر کو ریفرنس کیلئے اٹارنی جنرل سے قانونی رائے لینے کی ضرورت نہیں۔
جسٹس جمال مندوخیل نے سیاسی جماعتوں کے اقدام کا سوال اٹھایا تو اٹارنی جنرل نے بتایا کہ سینٹ میں ناکامی کے بعد سابق وزیراعظم نے کوئی ہدایات جاری نہیں کیں۔
جسٹس اعجازالاحسن نے کہا کہ پارٹی سربراہ کی مرضی ہے وہ ہدایات جاری کرے یا نہ کرے۔ اٹارنی جنرل نے کہا کہ سابق وزیراعظم نے اپنے پہلے موقف سے انحراف کیا، وزیراعظم حلف کے تحت اپنی بات سے پھر نہیں سکتے تاہم خیانت بڑا جرم ہے، اگر کوئی وزیراعظم وعدے پورے نہ کرے تو پھر کیا ہوگا ؟
جسٹس اعجازالاحسن نے کہا کہ اس صورت میں ارکان استعفے دے دیں، خیانت کی خوفناک سزا ہے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ کسی کو وزیراعظم پر اعتراض ہے تو پارلیمنٹ چھوڑ دے۔ عدالت نے سماعت مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا۔