الیکشن کمیشن: منحرف ارکان پنجاب اسمبلی کیخلاف ریفرنس، فیصلے کا وقت تبدیل

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی منحرف ارکان پنجاب اسمبلی کے خلاف ریفرنس کے فیصلے کا وقت تبدیل کردیا ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے کاز لسٹ تبدیل کردی گئی ہے جس کے مطابق ریفرنس پر کل فیصلہ نہیں سنایا جائے گا، فیصلہ سنانے سے پہلے فریقین کو نوٹسز جاری کیے جائیں گے۔
بیرسٹر علی ظفر نے موقف اختیار کیا کہ پارلیمانی پارٹی نے کوئی ہدایات جاری نہیں کیں، آرٹیکل 63 اے میں پارلیمانی پارٹی کی تشریح نہیں کی گئی۔ پارٹی کے ارکان اسمبلی ہی کثرت رائے سے فیصلہ کرتے ہیں، پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی اجلاس میں عمران خان نے وزارت اعلیٰ کیلئے پرویز الہیٰ کو امیدوار کا اعلان کیا۔ پی ٹی آئی پنجاب اسمبلی کے پارلیمانی پارٹی لیڈر اور چیف وہپ کے بیان حلفی جمع کرائے جا چکے ہیں۔
منحرف اراکین کے وکلا وکیل جاوید ملک اور دیگر نے کہا کہ کاغذات نامزدگی اور جواب الجواب میں عمران خان کے دستخط مختلف ہیں جس سے ان کی بدنیتی ثابت ہوتی ہے۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی خود وزیر اعلیٰ کے امیدوار تھے، وہ کیسے ارکان کے خلاف ریفرنسز بھیج سکتے تھے ؟ پرویز الہیٰ اس کیس میں متاثر فریق تھے، ریکارڈ میں کسی دستاویزات کی اصل کاپی بھی نہیں لگائی گئی، فوٹو کاپی دستاویزات کی قانون کی نظر میں کوئی اہمیت نہیں، الیکشن کمیشن ریفرنسزخارج کرے۔ الیکشن کمیشن نے سماعت مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

پاکستانی عوام کو مبارک، لوٹے فارغ، اسد عمر

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) آرٹیکل 63 اے صدارتی ریفرنس پر سپریم کورٹ کے فیصلے پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام کو مبارک ہو، لوٹے فارغ ہوگئے۔
خیال رہے کہ آرٹیکل 63 اے کے صدارتی ریفرنس پر سپریم کورٹ آف پاکستان نے رائے دی، منحرف رکن تاحیات نا اہلی سے بچ گئے، مستقبل میں انحراف روکنے کا سوال عدالت نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو واپس بھجوا دیا۔
اس رائے پر اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے لکھا کہ پاکستانی عوام کو مبارک، لوٹے فارغ، پنجاب حکومت کا جواز ختم، وفاقی حکومت فوری طور پر استعفیٰ دے، بیرونی مداخلت اور لوٹوں پر بنی حکومت کا ایک دن بھی اور چلنے کا کوئی جواز نہیں۔

مسلم لیگ ن کا 19 مئی کو سرگودھا میں پاور شو، تیاریاں جاری

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے پے در پے جلسوں کے بعد پاکستان مسلم لیگ بھی سیاسی پاور شو کے لیے متحرک ہو گئی، اٹک، صوابی، گجرات کے بعد سرگودھا میں بھی عوامی طاقت کا مظاہرہ کے لیے حکمران جماعت تیار ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان اپنے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کے بعد ملک بھر میں جلسے کر رہے ہیں، اسی دوران مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز بھی متحرک ہوئیں، انہوں نے اٹک ، صوابی اور گجرات میں جلسے کیے۔
دوسری طرف مسلم لیگ ن سرگودھا کا شیڈول بھی سامنے آ گیا ہے، پہلے یہ جلسہ 20 مئی کو ہونا تھا جو اب 19 مئی بروز جمعہ کو ہو گا۔ اس جلسے میں پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز اور میاں محمد حمزہ شہباز شریف سمیت دیگر سینئر رہنما شرکت کریں گے۔
جلسے کا اعلان ہونے کے بعد مسلم لیگ ن کے پاور شو کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔

پاک سری لنکا ویمن کرکٹ سیریز کا 24 مئی سے آغاز

لاہور: (ویب ڈیسک) پاک سری لنکا ویمن کرکٹ سیریز کا آغاز 24 مئی سے ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں 20 مئی سے ٹریننگ کا آغاز کریں گی، سیریز ساؤتھ اینڈ کلب ڈی ایچ اے میں کھیلی جائے گی۔
قومی خواتین کرکٹرز کا تربیتی کیمپ بدھ کو اختتام پذیر ہوگا، سری لنکا خواتین ٹیم جمعرات کو کراچی پہنچے گی، آخری روز قومی کپتان کا کیمپ جوائن کرنے کا امکان ہے، انہوں نے دبئی میں لیگ کے باعث شرکت نہیں کی۔
خیال رہے کہ سری لنکا خواتین ٹیم جمعرات کو کراچی پہنچے گی۔

سپریم کورٹ کے فیصلے کے نتیجے میں شہباز اور حمزہ کی حکومت ختم ہوگئی، فواد چوہدری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری کا دعویٰ ہے شہباز شریف اور حمزہ شہباز آج اکثریت کھوچکے ہیں۔
آئین کے آرٹیکل 63 اے کی تشریح سے متعلق صدارتی ریفرنس کے سپریم کورٹ کے فیصلے کے تناظر میں گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ ان لوگوں پر تاحیات نااہلی بھی آگئی ہے، شہباز شریف اور حمزہ شہباز آج اکثریت کھو چکے ہیں۔
فواد چوہدری نے مزید کہا کہ شہباز شریف کے پاس 173 ووٹ ہیں، 3 لوگ ن لیگ سےعلیحدہ ہوچکےہیں، صدر مملکت اعتماد کا ووٹ کا کہیں گے تو ان کے پاس 169 ممبران ہیں۔
سابق وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت میں حمزہ کے پاس 171 ارکان ہیں، 186 چاہئیں، فیصلے کے نتیجے میں شہبازشریف اور حمزہ شہباز کی حکومت ختم ہوگئی ہے، شہبازشریف اور حمزہ شہباز کو آج ہی عہدے سے علیحدہ ہوجانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی بھی وفاق میں اکثریت ختم ہوچکی ہے، صدر سے درخواست ہے کہ اسمبلی توڑ دیں، صوبائی اسمبلی توڑ دی جائے، نئے الیکشن کی طرف بڑھاجائے، اسمبلیاں برخاست ہورہی ہیں، ملک الیکشن کی طرف جارہا ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ یہ جیت عمران خان کا ساتھ دینے والوں کی ہے، کنفرم ہوگیا ہے کہ منحرف لوگ نااہل ہوگئے ہیں ان کاووٹ شمار نہیں ہوگا۔

آرٹیکل 63 اے پر سپریم کورٹ کا فیصلہ: وزیراعظم نے اتحادیوں کا اجلاس طلب کرلیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے آرٹیکل 63 اے کی تشریح سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد اتحادی جماعتوں کا اجلاس طلب کرلیا۔
ذرائع کے مطابق اتحادی جماعتوں کا اجلاس کچھ دیربعد وزیر اعظم ہاؤس میں ہوگا، اجلاس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر مشاورت ہوگی۔
ذرائع کے مطابق اتحادی جماعتوں کے اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال پر گفتگو ہوگی، وزیراعظم شہباز شریف جلد از جلد انتخابات کی تجویز پر مشاورت کریں گے۔
منحرف اراکین پارلیمنٹ سے متعلق آرٹیکل 63 اےکی تشریح کے صدارتی ریفرنس کا فیصلہ سپریم کورٹ نے سنادیا ہے۔
چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ صدارتی ریفرنس نمٹایا جاتا ہے، سوال تھا کہ منحرف رکن کا ووٹ شمار ہو یا نہیں، آرٹیکل 63 اے اکیلا پڑھا نہیں جاسکتا، آرٹیکل 63 اے اور آرٹیکل 17سیاسی جماعتوں کےحقوق کے تحفظ کے لیے ہے، سیاسی جماعتوں میں استحکام لازم ہے، انحراف کینسر ہے، انحراف سیاسی جماعتوں کو غیرمستحکم اور پارلیمانی جمہوریت کو ڈی ریل بھی کرسکتاہے، منحرف رکن کا ووٹ شمار نہیں ہوسکتا۔
سپریم کورٹ نے تاحیات نااہلی کا سوال واپس بھیج دیا، چیف جسٹس نے کہا کہ ریفرنس میں انحراف پر نااہلی کا سوال بھی پوچھا گیا، انحراف پر نااہلی کےلیے قانون سازی کا درست وقت یہی ہے، ریفرنس میں پوچھا گیا چوتھا سوال واپس بھیجا جاتا ہے۔
عدالت عظمیٰ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی درخواستیں خارج کردیں اور منحرف ارکا ن تاحیات نا اہلی سے بچ گئے۔

نواز شریف کو پاکستان واپس آنا چاہیے اور سیاست کرنی چاہیے: مولانا فضل الرحمان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) امیر جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ اس بات کا حامی رہا ہوں سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کو پاکستان واپس آ جانا چاہیے اور ملک میں رہ کر سیاست کرنی چاہیے۔
برطانوی خبر رساں ادارے بی بی سی کو انٹرویو دیتے ہوئے امیر جمعیت علمائے اسلام (ف) نے کہا کہ طے شدہ رائے ہے کچھ شعبوں میں اصلاحات کے بعد انتخابی میدان میں اُترا جائے، انتخابی اصلاحات میں کتنا وقت لگتا ہے اس بارے میں کوئی بات فوراً نہیں کہی جا سکتی، سوا سال کی مدت ہی تو ہے اس سے آگے تو نہیں جایا جا سکتا، گدلے پانی سے دوبارہ گدلے پانی میں اترنا کوئی معقول بات نہیں ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کا سب سے بڑا مسئلہ تباہ و برباد معیشت کو سنوارنا ہے۔ عمران خان نے پچھلے پونے چار سال میں تمام اداروں کو تباہ و برباد کر دیا، اب ہمارے سامنے ایک ہی سوال ہے کیا ہم ملک دوبارہ صحیح راستے میں لا سکتے ہیں، اس کے لیے کتنا وقت درکار ہو گا۔ عمران خان ایک تباہ حال معیشت دے کر گئے ہیں۔
مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ آرمی چیف کی تعیناتی کا معاملہ جلسوں میں زیر بحث نہیں لانا چاہیے، عمران خان اسٹیبلشمنٹ کو تقسیم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، سویلین اداروں میں کوئی تقسیم آ جائے تو ازالہ ممکن ہے، لیکن دفاعی اداروں میں تقسیم آ جائے یا سول اداروں کو قومی سلامتی کے اداروں سے لڑا دیا جائے تو پورا ملک اس کی قیمت ادا کرتا ہے، عمران خان کو سازش کے تحت اقتدار میں لایا گیا تھا،پی ٹی آئی چیئر مین جو چورن بیچنا چاہتے ہیں جوں جوں اس کی حقیقت عوام پر آ شکار ہو گی تو زیادہ دیر تک یہ چورن کسی مارکیٹ میں فروخت نہیں ہو سکے گا۔
امیر جمعیت علمائے اسلام (ف) کا کہنا تھا کہ اس بات کا حامی رہا ہوں کہ سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کو پاکستان واپس آ جانا چاہیے اور ملک میں رہ کر سیاست کرنی چاہیے، کوئی شخص نواز شریف سے ان کی پاکستانیت چھین نہیں سکتا، ذوالفقار علی بھٹو کو کوئی رعایت نہیں دی گئی۔ ن لیگی قائد نے جیل کاٹی۔ ان کا پورا خاندان جیل میں ڈال دیا گیا۔ عمران خان کون سا فرشتہ ہے کہ اس کے ساتھ کوئی خصوصی رعایت کی جائے۔ ان کی گرفتاری پر جواب آئین اور قانون خود اپنا راستہ بنائے گا۔

جس اسمبلی میں دین کا کام ہوا، اُسی کا تقدس پامال کیا گیا: پرویز الٰہی

لاہور: (ویب ڈیسک) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ جس اسمبلی میں دین کا کام ہوا، جہاں ختم نبوتﷺ پر پہرہ دیا گیا، اُسی کا تقدس پامال کیا گیا، یہ سب کروانے والے شہباز شریف اور حمزہ شہباز ہیں۔
اسمبلی افسران سے میٹنگ کے دوران خطاب میں سپیکر چودھری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ اسمبلی کے آئین اور قانون کے تقدس کو پہلی دفعہ پامال کیا گیا، قوم کے سامنے ایسا کرنے والوں کا مکروہ چہرہ عیاں ہوچکا ہے، اس سے پارلیمنٹ کی بالادستی بُری طرح متاثر ہوئی، جس کی اصلاح، سزا کے ساتھ ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بے گناہ اسمبلی ملازمین کو بلاوجہ انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، ان پر چوری اور ڈکیتی کے جھوٹے مقدمے بنا کر ہراساں کیا جا رہا ہے، انشا اللہ ہم اسمبلی کے تقدس کو پامال کرنے والوں کو کیفرِ کردار تک پہنچائیں گے۔
اس موقع پر ممبران پنجاب اسمبلی، راجہ بشارت، سبطین خان، سیکرٹری محمد خان بھٹی، سیکرٹری کوآرڈینیشن عنائت اللہ لک، چودھری عامر حبیب، علی عمران رضوی، ڈائریکٹر سکیورٹی میجر (ریٹائرڈ) فیصل حسین، چیف رپورٹر مہر عمر دراز، سینئر رپورٹر مبشر حسین، مختار جوئیہ سمیت و دیگر افسران بھی موجود تھے۔

اسلام آباد میں شدید آندھی اور بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں شدید آندھی اور بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔
اسلام آباد میں صبح سے موسم ابرآلود رہنے کے بعد شام کے وقت آندھی چلی جس کے بعد موسلادھار بارش ہوئی جس سے گرمی کی شدت میں نمایاں کمی آئی ہے۔
بارش سے قبل شدید آندھی چلنے سے سڑک کنارے درختوں کو نقصان بھی پہنچا ہے۔
دوسری جانب آئیسکو ریجن خصوصاََ اسلام آباد راولپنڈی اور گرد ونواح میں گردوغبار کے شدید طوفان کی وجہ سے متعلقہ علاقوں کو بجلی فراہم کرنے والے متعدد فیڈرز پر عارضی ٹرپپنگ اور فالٹ سامنے آئے ہیں۔
ترجمان کے مطابق متاثرہ فیڈرز میں بری امام، اقبال ٹاؤن، لوہی بھیر، کھنہ ڈاک تڑامڑی آئی ایٹ ٹو، ڈھوک حسو عید گاہ ،کھنہ روڈ شامل ہیں۔
عسکری چکری ایف بلاک جناح روڈ بی بلاک اصغر مال سیام مسلم ٹاؤن چوک پنڈوریاں سکھو شاہ پور پر بجلی کی فراہمی میں عارضی تعطل ہے۔
قائد اعظم کالونی مورگاہ سہالہ 502 ورکشاپ گلستان کالونی نیو روات سر سید روڈ مندرہ چک بیلی فیڈرز بھی متاثر ہوئے ہیں۔
ترجمان کے مطابق سائن بورڈ اور درختوں کے گرنے کے باعث مختلف مقامات پر بجلی کی تاریں ٹوٹ گئیں، آپریشن اور کنسٹرکشن کی ٹیموں نے متاثرہ علاقوں کی بجلی بحالی کا کام شروع کر دیا۔
چیف ایگزیکٹیو آئیسکو مانیٹرنگ روم سے بجلی بحالی کی کاروائیوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔

پی ٹی آئی کا بیرون ملک سے ممنوعہ فنڈنگ حاصل کرنے سے انکار

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف نے بیرون ملک سے ممنوعہ فنڈنگ حاصل کرنے سے انکار کر دیا۔ الیکشن کمیشن میں سماعت کے دوران پی ٹی آئی وکیل نے کہا کہ صرف پاکستانی افراد سے فنڈز اکٹھے کیے گئے۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ پی ٹی آئی فارن فنڈنگز کیس کی سماعت کی۔ پی ٹی آئی کے وکیل انور منصور کے دلائل جاری رکھتے ہوئے کہا کہ فارا امریکہ قانون اور امریکہ کے مقاصد کے لیے بنا ہے۔ امریکی قانون کا اطلاق پاکستان پرنہیں ہو سکتا۔صرف ملٹی نیشنل کمپنیاں ممنوعہ فنڈنگ میں آتی ہیں۔امریکا سے کوئی بھی ممنوعہ فنڈنگ نہیں آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سکروٹنی کمیٹی نے پی ٹی آئی اور اکبر ایس بابر دونوں کے دستاویزات مسترد کیے۔سکروٹنی کمیٹی نے میرے دستاویزات مسترد کرنے کی وجوہات نہیں بتائیں ۔کمیٹی ہمارے دستاویزات مسترد نہیں کر سکتی-سکروٹنی کمیٹی میں فارنزک کس نے کیا ؟۔ فارنزک کے لیے توایکسپرٹ درکار ہوتا ہے۔سکروٹنی کمیٹی نے فارنزک رپورٹ نہیں دی یہ آڈیٹرکی رپورٹ ہے۔
انور منصور کا کہنا تھا کہ دبئی میں ووٹن کرکٹ کلب کمپنی، برسٹل کمپنی ملٹی نیشنل نہیں ہیں۔ یہ دبئی میں مقامی کمپنیاں ہیں۔ ووٹن کمپنی کے مالک عارف نقوی نے بیان دیا کہ کمپنی فرد واحد کی ملکیت ہے اور ملٹی نیشنل نہیں۔
الیکشن کمیشن نے کیس کی مزید سماعت کل تک ملتوی کر دی۔