وفاقی کابینہ کی اصلاحات کے بغیر فوری الیکشن میں جانے کی مخالفت

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی کابینہ نے اصلاحات کے بغیر فوری طور پر الیکشن میں جانے کی مخالفت کر دی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، اجلاس کے دوران وفاقی وزراء نے بھی شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران ریٹائرمنٹ ڈائریکٹری رپورٹ کابینہ نے مسترد کر دی جبکہ کابینہ نے کراچی میں دہشتگردی کے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کو سندھ حکومت سے مل کر امن و امان کے لیے تمام اقدامات اٹھانےکی ہدایت کی۔
کابینہ اجلاس کے دوران انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کے شعبے کی برآمدات دو سال میں بڑھانے کی ہدایت کی۔ برآمدات بڑھانے سے متعلق وزارت آئی ٹی کی سفارشات منظور کر لی گئی۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر یادگاری نوٹ چھاپنے کی سٹیٹ بنک کی سمری مسترد کر دی گئی، ان یادگاری نوٹوں کے چھاپنے پر 6.64 ملین ڈالر لاگت آئے گی۔ یادگاری کرنسی نوٹ غیر ملکی کمپنی نے پرنٹ کرنے ہیں۔
اس موقع پر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملک شدید معاشی بحران کا شکار ہے ایسے میں اتنے بھاری اخراجات نہیں کیے جاسکتے، بدترین معاشی بحران میں ملک فضول خرچ کا متحمل نہیں ہو سکتا، ۔75 ویں سالگرہ پر موجودہ کرنسی نوٹوں کا ڈیزائن تبدیل کر کے کام چلایا جائے۔
وزیر اعظم کی صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کابینہ نے اصلاحات کے بغیر فوری الیکشن میں جانے کی مخالفت کر دی۔
کابینہ ذرائع کے مطابق ملک کی بہتری کےلیے سخت فیصلے ناگزیر ہوچکے ہیں۔ غریب عوام کو ریلیف دیا جائے، امیر طبقہ پسے ہوئے طبقے کی مدد کے لیے آگے آئے۔ معاشی بحران سے نمٹنے کے لئے سخت فیصلے کیے جائیں۔ ہمیں وقت ضائع کیے بغیر غریب آدمی کا سوچنا ہوگا۔

آرٹیکل 63 اے: منحرف اراکین کا ووٹ شمار نہیں کیا جاسکتا، صدارتی ریفرنس پر سپریم کورٹ کی رائے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) منحرف اراکین پارلیمنٹ سے متعلق آرٹیکل 63 اےکی تشریح کے صدارتی ریفرنس کا فیصلہ چیف سپریم کورٹ نے سنادیا ہے۔
چیف جسٹس عمر عطابندیال کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بینچ نے آرٹیکل 63 اےکی تشریح کے صدارتی ریفرنس پر سماعت کی۔
فیصلہ سناتے ہوئے چیف جسٹس عمر عطا بندیال کا کہنا تھا کہ تین دو کی اکثریت سے فیصلہ سنایا جاتا ہے، جسٹس جمال مندوخیل اور جسٹس مظہر عالم میاں خیل نے اختلافی نوٹ لکھے جب کہ چیف جسٹس، جسٹس اعجازالاحسن ، جسٹس منیب اختر نے اکثریتی رائے دی۔
چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ صدارتی ریفرنس نمٹایا جاتا ہے، سوال تھا کہ منحرف رکن کا ووٹ کاسٹ ہو یا نہیں، آرٹیکل 63 اے اکیلا پڑھا نہیں جاسکتا، آرٹیکل 63 اے اور آرٹیکل 17سیاسی جماعتوں کےحقوق کے تحفظ کے لیے ہے، سیاسی جماعتوں میں استحکام لازم ہے، انحراف کینسر ہے، انحراف سیاسی جماعتوں کو غیرمستحکم اور پارلیمانی جمہوریت کو ڈی ریل بھی کرسکتاہے، منحرف رکن کا ووٹ کاسٹ نہیں ہو سکتا۔
سپریم کورٹ نے تاحیات نااہلی کا سوال واپس بھیج دیا، چیف جسٹس نے کہا کہ ریفرنس میں انحراف پر نااہلی کا سوال بھی پوچھا گیا، انحراف پر نااہلی کےلیے قانون سازی کا درست وقت یہی ہے، ریفرنس میں پوچھا گیا چوتھا سوال واپس بھیجا جاتا ہے۔
عدالت عظمیٰ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی درخواستیں خارج کردیں اور منحرف ارکا ن تاحیات نا اہلی سے بچ گئے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے آرٹیکل 63 اے کی تشریح کا ریفرنس21 مارچ کو سپریم کورٹ بھیجا تھا، چیف جسٹس عمرعطا بندیال کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بینچ نے کیس سنا، جسٹس اعجازالاحسن،جسٹس مظہرعالم میاں خیل، جسٹس منیب اختر اورجسٹس جمال مندوخیل لارجر بینچ کا حصہ ہیں۔
صدارتی ریفرنس سپریم کورٹ میں 58 دن زیر سماعت رہا، سابق اٹارنی جنرل خالد جاوید کے دلائل سے ریفرنس کا آغاز ہوا اور اٹارنی جنرل اشتر اوصاف کے دلائل پرلارجربینچ میں سماعت مکمل ہوئی، سیاسی جماعتوں کے وکلا نے بھی صدارتی ریفرنس میں دلائل دیے، سپریم کورٹ نے صدارتی ریفرنس پر 20 سماعتوں کے بعد رائے محفوظ کی۔

خیبرپختونخوا حکومت کا بینظیرانکم سپورٹ پروگرام سے نکلنے کا فیصلہ

پشاور: (ویب ڈیسک) خیبرپختونخوا کابینہ نے بینظیرانکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) سے نکلنے کی منظوری دے دی۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا تھاکہ کابینہ اجلاس میں انصاف فوڈ کارڈ کے اجرا کی منظوری دی گئی ہے اور فوڈ کارڈ کا آغاز یکم جولائی سے ہوگا۔
ان کا کہنا تھاکہ انصاف فوڈ کارڈ کے ذریعے غریب گھرانوں کو آٹا اور دیگر اشیائے خورونوش مفت ملیں گی اور مجموعی طور پر 10 لاکھ گھرانے انصاف فوڈ کارڈ سے مستفید ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ مستحق گھرانوں کو ماہانہ 2100 روپے دیے جائیں گے اور احساس پروگرام کے اعداد و شمار کی بنیاد پر مستحق خاندانوں کوانصاف فوڈ کارڈ دیا جائے گا۔
بیرسٹر سیف کا کہنا تھاکہ 1.2میٹرک ٹن گندم کے بجائے 1.4میٹرک ٹن گندم کی خریداری پنجاب اور پاسکو سے کی جائے گی، پنجاب سے دو مختلف مراحل میں گندم کی خریداری کی جائے گی۔
ان کا کہنا تھاکہ صوبائی کابینہ نے بینظیرانکم سپورٹ پروگرام سے نکلنے کے فیصلے کی منظوری دے دی ہے۔

پاکستانی کوہ پیماعلی رضا سدپارہ تربیتی مشق کے دوران گر کر زخمی

اسکردو: (ویب ڈیسک) معروف پاکستانی کوہ پیماعلی رضا سدپارہ تربیتی مشق کے دوران گر کر زخمی ہوگئے
ریجنل ہیڈ کوارٹر اسپتال اسکردو کے آرتھوپیڈک سرجن ڈاکٹر ناصر کے مطابق علی رضا سدپارہ کی ریڑھ کی ہڈی پر گہری چوٹ لگی ہے، آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران ان کا آپریشن کریں گے۔
رپورٹ کے مطابق کوہ پیما علی رضا سدپارہ نے 8 ہزار میٹر سے بلند 4 چوٹیوں کو 17 بار سر کر رکھا ہے۔

تحریک انصاف کا کوہاٹ میں جلسہ: آندھی اور طوفان سے تیاریاں متاثر

کوہاٹ: (ویب ڈیسک) آندھی اور طوفان سے تحریک انصاف کے کوہاٹ میں جلسے کی تیاریاں متاثر ہوگئیں۔ تیز ہواؤں سے جلسہ گاہ میں کارپٹ بکھر گئے، جھنڈے اور پوسٹر اڑ گئے۔
خیال رہے حقیقی آذادی تحریک کے سلسلے میں تحریک انصاف آج کوہاٹ میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کرے گی، جلسے کے لئے اسپورٹس کمپلیکس میں مرکزی قائدین کے لئے چالیس فٹ چوڑا اور تیس فٹ لمبا اسٹیج تیار کیا گیا ہے۔ جلسے سے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان خطاب کریں گے، جلسے کی سیکیورٹی کیلئے ایک ہزار پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔
گذشتہ روز صوابی میں پی ٹی آئی کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ہم ان چوروں، غلاموں کو کبھی تسلیم نہیں کریں گے صرف الیکشن چاہتے ہیں ہم چاہتےہیں عوام فیصلہ کریں ملک کی قیادت کون کرے گا ؟ میرے خلاف یہ سب اکھٹے ہو گئے ڈیزل اور اسٹوجز ان سب کی سیاست کا جنازہ اکھٹا نکلے گا۔

سونے کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

کراچی: (ویب ڈیسک) عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت بڑھنے کے بعد پاکستان میں سونے کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔
بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 34 ڈالر کے اضافے سے 1833 ڈالر کی سطح پر پہنچنے کے باعث مقامی صرافہ مارکیٹوں میں منگل کو فی تولہ اور 10 گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 1500 روپے اور 1286 روپے کا اضافہ ہوگیا۔
نتیجے میں مختلف شہروں میں فی تولہ سونے کی قیمت بڑھ کر ایک لاکھ 38 ہزار 100 روپے اور فی 10 گرام قیمت بڑھ کر ایک لاکھ 18 ہزار 398 روپے کی سطح پر آگئی۔ اس اضافے کے بعد سونے کی قیمت ایک بار پھر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔
دریں اثنا فی تولہ چاندی کی قیمت 10 روپے بڑھ کر 1570 روپے اور دس گرام چاندی کی قیمت 8.58 روپے بڑھ کر 1346.02 روپے کی سطح پر آگئی۔

لبنان: عام انتخابات، حزب اللہ اور اتحادی جماعتیں اکثریت سے محروم

بیروت: (ویب ڈیسک) لبنان کے عام انتخابات کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا، حزب اللہ اور اتحادی جماعتیں پارلیمنٹ میں اکثریت سے محروم ہوگئیں۔
گزشتہ پارلیمنٹ میں حزب اللہ، امل تحریک اور مشال عون کی پارٹی کے پاس 71 نشستیں تھیں جو اب کم ہوکر 62 رہ گئی ہیں جبکہ حکومت سازی کے لیے کم از کم 65 نشستیں درکار ہیں۔
انتخابی نتائج کے مطابق کئی آزاد امیدوار کامیاب ہوگئے ہیں جو حکومت سازی میں اہم کردار ادا کر سکتےہیں، بیروت میں کامیاب امیدواروں کے حامیوں نے جشن منایا اور ہوائی فائرنگ کی۔

بھارت کا افغانستان میں سفارت خانہ کھولنے کا عندیہ

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت نے افغانستان میں اپنا سفارت خانہ دوبارہ کھولنے پر غور کر رہا ہے جس کے لیے ایک خصوصی مشن بھی حالات کا جائزہ لینے کابل گیا تھا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارت نے افغانستان میں طالبان حکومت کے ساتھ سفارتی سرگرمیوں کی بحالی پر غور کرنا شروع کردیا ہے اور ابتدائی طور پر افغان اہلکار ہی سفارت خانے میں ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
اس حوالے سے معروف بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی سیکیورٹی اہلکاروں کی ایک ٹیم ورکنگ انوائرمنٹ، امن و امان کی صورت حال اور سفارت خانہ کے تحفظ سے متعلق زمینی حقائق کا جائزہ لینے کابل بھی گئی تھی۔
انڈین ایکسپریس نے یہ بھی دعویٰ بھی کیا کہ ابھی سینیئر سطح کے سفارت کاروں کو بھیجنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے البتہ ابھی صرف مقامی اہلکار سفارت خانے میں فرائض انجام دیں گے تاہم ضرورت پڑنے پر قونصلر کی خدمات تک توسیع کی جا سکتی ہے۔
بھارتی وزارت خارجہ کے حکام نے انڈین ایکسپریس کو بتایا کہ مقامی افغان اہلکاروں کے ساتھ سفارت خانہ کھولنے کا مطلب طالبان حکومت کو تسلیم کرنا ہرگز نہیں ہے۔ تاحال طالبان حکومت کو تسلیم کرنے کا فیصلہ نہیں ہوسکا ہے۔
واضح رہے کہ بھارت نے گزشتہ برس اگست کے وسط میں افغانستان میں طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد سے کابل میں اپنا سفارت خانہ بند کر دیا تھا۔

بھارت میں انتہا پسندوں کا مسجد کو مندر بنانے کیلیے شیولنگ کی برآمدگی کا بھونڈا دعویٰ

بنارس: (ویب ڈیسک) بھارت میں انتہا پسندوں نے شہر بنارس کی قدیم گیان واپی مسجد کے سروے کے دوران وضو خانے سے ہندوؤں کے بھگوان شیو کی علامت ’’شیولنگ‘‘ کی برآمدگی کا بھونڈا دعویٰ کرکے مسجد کے احاطے کو سِل کروا دیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی عدالت نے ایک ہندو انتہا پسند کی درخواست پر بنارس میں واقع تاریخی مسجد گیان واپی کے وضو خانے کو سربمہر کرنے کا حکم دیا جس پر فوری طور پر عمل درآمد بھی کردیا گیا۔
بنارس کی مساجد کی انجمن انتظامیہ کے وکیل رئیس انصاری نے گیان واپی مسجد کے وضو خانے کو سِل کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے عدالتی فیصلے پر حکم امتناع لینے کے لیے درخواست دائر کردی ہے۔
انتہا پسند ہندوؤں کا دعویٰ ہے کہ گیان واپی مسجد کی جگہ بھگوان شیو کا مندر تھا جسے مغل بادشاہ اورنگزیب نے توڑ کر مسجد بنائی تھی۔
اس مسجد کو دوبارہ مندر بنانے کی مہم دہائیوں سے جاری ہے جس کو مودی سرکار کے دور حکومت میں تقویت ملی ہے۔
مسجد کا مقامی انتظامیہ نے سروے کرایا جس کے دوران ایک دھاتی چیز ملی جسے انتہا پسند ہندوؤں نے شیو بھگوان سے منسوب مقدس علامت شیولنگ قرار دیتے ہوئے عدالت سے رجوع کیا جس پر عدالت نے وضوخانے کو بند کرنے کا حکم دیدیا۔
دوسری جانب بھارت میں مسلمانوں کی نمائندہ تنظیم مسلم پرسنل لا بورڈ نے انتہا پسند ہندوؤں کے دعوے کو بھونڈا قرار دیتے ہوئے کہا کہ وضو خانے سے ملنے والی دھاتی چیز کچھ اور نہیں بلکہ پرانا فوارہ ہے۔
مسلم پرسنل لا بورڈ کے ترجمان نے مزید بتایا کہ 1937 میں مقامی عدالت نے زبانی شہادت اور دستاویزات کی روشنی میں دین محمد بنام اسٹیٹ سیکریٹری مینیہ اراضی کا پورا احاطہ مسلم وقف کی ملکیت قرار دیدی تھی اور عدالت نے یہ بھی طے کر دیا تھا کہ متنازع اراضی کا کتنا حصہ مسجد ہے اور کتنا حصہ مندر ہے اور اسی وقت وضو خانہ کو مسجد کی ملکیت تسلیم کیا گیا تھا۔

اوچ شریف: خاتون کی مخالفین نے کلہاڑی کے وار سے ناک کاٹ ڈالی

اوچ شریف: (ویب ڈیسک) تشدد کا نشانہ بننے والے نوجوان کو چھڑانے گئی خاتون کی مخالفین نے کلہاڑی کے وار سے ناک کاٹ ڈالی۔
اوچ شریف کے علاقہ موضع بختیاری میں ایک نوجوان کی جانب سے تیز رفتار موٹر سائیکل چلا کر گھروں سے گزرنے کے تنازع پر دو گروپوں میں جھگڑا ہو گیا، جھگڑے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔
اس دوران شمشاد نامی خاتون جب چھڑانے کے لیے آگے بڑھی تو کلہاڑی کے وار سے اس کی ناک کاٹ ڈالی، تصادم میں متعدد افراد زخمی ہو گئے ۔
خاتون کو تشویشناک حالت میں اوچ شریف رورل ہیلتھ سنٹر منتقل کر دیا گیا ہے، پولیس نے موقع پر پہنچ پر کارروائی شروع کر دی ہے۔