ٹی ٹونٹی ورلڈکپ سے قبل پاکستان کا سہ ملکی ٹورنامنٹ کھیلنے کا امکان

لاہور: (ویب ڈیسک) ٹی ٹونٹی ورلڈکپ سے قبل پاکستان کا سہ ملکی ٹورنامنٹ کھیلنے کا امکان ہے۔
آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سے قبل اکتوبر میں پاکستان کا نیوزی لینڈ میں سہ ملکی ٹی ٹونٹی سیریز کھیلے جانے کا امکان ہے۔
اس سیریز کیلئے بنگلا دیش اور نیوزی لینڈ کی دو ٹیمیں ہونے کی تصدیق ہوگئی ہے۔
بنگلادیش کرکٹ بورڈ ( بی سی بی) کے آپریشنز چیئرمین جلال یونس نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سہ ملکی سیریز میں پاکستان کی تیسری ٹیم ہونے کا امکان ہے اور سیریز کرائسٹ چرچ میں ہونے جا رہی ہے۔
نیوزی لینڈ پہنچنے سے پہلے بنگلہ دیش ایڈیلیڈ میں ایک ہفتہ طویل کیمپ کے لیے آسٹریلیا جائے گا جہاں وہ مقامی ٹیموں کے خلاف ٹی ٹوئنٹی پریکٹس میچ کھیلے گا۔یہ ستمبر میں ہوگا۔
سہ فریقی سیریز کی تاریخوں کا ابھی تک اعلان نہیں کیا گیا ہے لیکن ممکنہ ونڈو ستمبر کے آخر اور اکتوبر کے شروع کے درمیان ہے۔
ورلڈ کپ 16 اکتوبر کو سپر 12 کے ساتھ شروع ہو رہا ہے جس میں بنگلا دیش اور نیوزی لینڈ 22 اکتوبر کو آمنے سامنے ہوں گے۔

امام الحق نے کورونا پابندیوں سے آزادی ملنے کو عید قرار دے دیا

لاہور: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر امام الحق نے کورونا پابندیوں سے آزادی ملنے کو عید قرار دے دیا۔
پی سی بی کنڈیشنگ کیمپ کے دوران ایل سی سی اے گراونڈ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے بائیں ہاتھ کے نوجوان اوپنر امام الحق کا کہنا تھا کہ کوویڈ کے دنوں کی کرکٹ بہت مشکل تھی، اب شکر ہے کہ حالات نارمل ہوئے ہیں جس سے پہلے جیسا ماحول ملا۔
انہوں نے کہا کہ کیمپ میں کورونا پابندیوں کے خاتمے کو تمام کرکٹرز انجوائے کررہے ہیں، ہمارے لیے تو عید کا سماں ہے دعا ہے کہ زندگی اسی طرح چلتی رہے، امام نے کہا کہ لاہور کے سخت موسم میں ٹریننگ سے فائدہ ہوگا بطور پروفشنل کرکٹر گرمی کوئی بہانہ نہیں۔
ذاتی اہداف کے حوالے سے بات کرتے ہوئے امام کا موقف تھا کہ کوئی خاص ٹارگٹ سیٹ نہیں کیے، جس فارمیٹ میں موقع ملتا ہے کوشش ہوتی ہے کہ بہتر سے بہترین پرفارمنس دوں۔ میرا کام اچھی پرفارمنس دینا ہے باقی ٹیم مینجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی پر منحصر ہے کہ وہ کس فارمیٹ میں کھلاتی ہے۔

امریکی شہری 111 ٹی شرٹ پہن کر میراتھن میں شریک

اڈاہو: (ویب ڈیسک) امریکی شخص نے سائنس و ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے 111 ٹی شرٹ پہن کر نصف میراتھن دوڑ مکمل کی اور اپنا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل کروالیا ہے۔
ڈیوڈ ریشن پہلے ہی گنیز بک کے 200 ریکارڈ رکھتے
گنیز بک کے 200 ریکارڈ رکھنے والے ڈیوڈ رش نے سائنس، ٹیکنالوجی، انجینیئرنگ اور ریاضی (میتھ) کے فروغ کے لیے اس مہم میں حصہ لیا۔ ریاسٹ اڈاہو کے مشہور پوٹیٹو میراتھن میں انہوں نے 111 ٹی شرٹ پہن کر ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ واضح رہے کہ میراتھن دوڑ مکمل کرنے کے لیے 26 میل اور 300 گز کا فاصلہ طے کرنا ہوتا ہے تاہم ڈیوڈ نے نصف فاصلہ طے کیا ہے۔
نصف میراتھن مکمل کرنے میں ڈیوڈ کو دو گھنٹے 47 منٹ کا وقت لگا جبکہ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے مطابق انہیں تین گھنٹے میں یہ فاصلہ طے کرنا تھا۔ لیکن واضح رہے کہ 111 ٹی شرٹ کا وزن بہت زیادہ ہوتا ہے اور انہیں پہن کر دوڑنا ایک بڑا چیلنج ہوتا ہے۔
ایک پر ایک ٹی شرٹ پہن کر وہ خاصے موٹے لگ رہتے تھے جن کا کل وزن 40 پاؤنڈ یا 18 کلوگرام تھا۔ بلاشبہ اس کیفیت میں دوڑنا ایک بہت مشکل کام ہوتا ہے۔ ڈیوڈ نے بتایا کہ کپڑوں کے بوجھ سے ان میں خون کی روانی متاثر ہونے لگی تھی۔ پہلے بازو درد کرنے لگے اور اس کے بعد وہ سُن ہوکر سوجنے لگے یہاں تک کہ بازو اصل جسامت سے دوگنا موٹے ہوگئے اور ایک وقت ایسا آیا کہ وہ اپنا انگوٹھا اپنے ہی ہاتھ پر لگانے سے قاصر تھے۔
تاہم ڈیوڈ نے ہمت نہ ہاری اور نصف میراتھن مکمل کرلی

سونے کی قیمت میں اضافہ، اوپن مارکیٹ میں ڈالر 199 روپے پر پہنچ گیا

ملک میں ڈالر کی قیمت میں اضافے کے بعد سونے کی قیمت کے بھی تمام سابقہ ریکارڈ ٹوٹ گئے۔

آل پاکستان جیولرز مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے مطابق ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت 1400 روپے اضافے کے بعد ایک لاکھ 38 ہزار 300 روپے ہوگئی۔

اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت 1200 روپے اضافے کے بعد ایک لاکھ 18 ہزار 559 روپے ہوگئی۔

عالمی منڈی میں 28 ڈالر اضافے کے بعد سونا 1828 ڈالر فی اونس پر ٹریڈ ہوا۔

اوپن مارکیٹ میں ڈالر 2 روپے 50 پیسے مہنگا

دوسری جانب ڈالر کی قدر میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر 2 روپے 50 پیسے مہنگا ہوگیا۔

اوپن مارکیٹ میں ڈالر 199 روپے پر فروخت ہواجبکہ انٹر بینک میں ڈالر 195 روپے 74 پیسے پر فروخت ہوا، کرنسی ڈیلرز کا کہنا ہے کہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر نئی حکومت کے آنے کے بعد سے 14 روپے مہنگا ہوچکا ہے۔

‘نمل یونیورسٹی کو دی گئی زمین واپس لے لی گئی’

مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ نے کہا ہے کہ نمل یونیورسٹی کو پنجاب حکومت کی جانب سے دی گئی زمین کو واپس لے لیا گیا ہے۔

ایک بیان میں عطاتارڑ نے لکھا کہ نمل یونیورسٹی کیلئےجو زمین دی گئی تھی اس فیصلےکو منسوخ کرتے ہیں زمین کیلئے پنجاب حکومت کا نو ٹیفکیشن واپس لیتےہیں۔

عطاتارڑ نے کہا کہ عدالت کافیصلہ ہےکسی این جی اوکوسرکاری زمین نہیں دی جائےگی عمران خان نےنمل یونیورسٹی کیلئےپنجاب حکومت سےزمین لی تھی عمران خان نے8ہزارکنال زمین مانگی تھی جودی گئی۔

انہوں نے کہا کہ اپنےدورشاملات کی 6500 کنال مزید زمین لینےکامنصوبہ بنایا گیا نمل یونیورسٹی کیلئےعمران خان نے 6500 کنال زمین پرقبضہ کیا کسی غریب کوپیسےنہیں دیئےگئےسرکاری وسائل کااستعمال دیاگیا۔

امریکی ڈالر کی قیمت ڈبل سنچری کے قریب پہنچ گئی

کراچی: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت ڈبل سنچری کے قریب پہنچ گئی۔
رواں ہفتے کے دوسرے کاروباری روز کے دوران اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت میں اڑھائی روپے کا بڑا اضافہ دیکھا گیا اور قیمت 199 روپے کی سطح پر پہنچ گئی۔
اوپن مارکیٹ میں مسلم لیگ ن کی اتحادیوں پر مبنی نئی حکومت کے دور میں اوپن مارکیٹ میں ڈالر 14 روپے مہنگا ہوا ہے۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی کرنسی کی قیمت میں ایک روپیہ 56 پیسے کی بڑھوتری دیکھی گئی۔
اعداد و شمار کے مطابق انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت 194 روپے 18 پیسے سے بڑھ کر 195 روپے 74 پیسے ہو گئی ہے۔
انٹر بینک میں گزشتہ ایک ماہ کے دوران نئی حکومت بننے کے بعد ڈالر 12 روپے 81 پیسے مہنگا ہوا ہے۔

پاک امریکا تعلقات کی بحالی : وزیر خارجہ بلاول بھٹو تین روزہ دورے پرکل امریکا پہنچیں گے

پاکستان اور امریکا کی خارجہ پالیسی سربراہان دونوں ممالک کے تعلقات کو بحال کرنے کی کوششوں میں رواں ہفتے نیویارک میں متعدد ملاقاتیں کریں گے۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری فوڈ سیکیورٹی سے متعلق امریکا کے زیر اہتمام اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت اور امریکا کی خارجہ پالیسی کے سربراہ سیکریٹری آف اسٹیٹ انٹونی بلنکن کے ساتھ دو طرفہ ملاقات کے لیے آج امریکا پہنچیں گے۔

یاد رہے کہ انٹونی بلنکن نے بلاول بھٹو زرداری کو 18 مئی کو منعقد ہونے والے ’گلوبل فوڈ سیکیورٹی کال ٹو ایکشن‘ پر وزارتی اجلاس کے لیے مدعو کیا تھا۔

وزارت خارجہ کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق یہ اجلاس علاقائی طور پر متنوع ممالک کے گروپ کو اکٹھا کرے گا جن میں غذائی عدم تحفظ سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے اور اس سے نمٹنے کے لیے اقدامات کرنے کی پوزیشن میں ہونے والے ممالک شامل ہیں۔

دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ وزرا کو انسانی ضروریات اور زندگیوں کو بچانے اور مستقبل کے لیے لچک پیدا کرنے کے لیے درکار طویل المیعاد ترقیاتی کوششوں پر بات کرنے کے لیے مدعو کیا گیا ہے۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی امریکا کی صدارت میں ہونے والی بحث میں وزیر خارجہ پاکستان بلاول بھٹو زرداری بھی 19 مئی کو ’بین الاقوامی امن اور سلامتی کی بحالی و تنازعات اور غذائی تحفظ‘ پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی کھلی بحث میں شرکت کریں گے۔

تاہم، سفارتی مبصرین یوکرین پر روسی حملے کے نتیجے میں عالمی غذائی تحفظ کو لاحق خطرات سے متعلق کانفرنس میں وزیر خارجہ کی شرکت کو تنازع پر غیر جانبداری کے اپنے موقف سے الگ ہونے کے طور پر دیکھتے ہیں۔

دفتر خارجہ نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری اقوام متحدہ کے دو اجلاسوں میں پاکستان کے نقطہ نظر اور پالیسی ترجیحات کو اجاگر کریں گے اور تنازعات، غربت اور بھوک سے پاک دنیا کے مستحکم اور مشترکہ مقاصد کو آگے بڑھانے کے لیے بین الاقوامی کوششوں کی حمایت میں فعال کردار ادا کرنے کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کریں گے۔

سابق وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی 10 روز کیلئے حفاظتی ضمانت منظور

کراچی: (ویب ڈیسک) سابق وفاقی وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے ٹرانزٹ حفاظتی ضمانت کیلئے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔ عدالت نے دس روز کیلئے حفاظتی ضمانت منظور کرلی۔
عبد الحفیظ شیخ کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ عبدالحفیظ نے احتساب عدالت میں پیش ہونا ہے، درخواست گزار اس وقت دبئی میں رہائش پذیر ہیں، درخواست گزار نیب کے ساتھ مکمل تعاون کے لیے تیار ہے۔
وکیل درخواست گزار نے مزید کہا کہ نیب کی جانب سے کوئی کال اپ نوٹس جاری ہوا نا ہی کوئی وارنٹ جاری کیے گیے۔ خیال رہے عبد الحفیظ شیخ پر نجی کمپنی کو فائدہ دینے کا الزام ہے۔ نیب کے مطابق عبد الحفیظ شیخ کی وجہ سے 11.25 ملین ڈالر کا قومی خزانے کو نقصان ہوا ہے۔

پاکستان میں پابندی کا شکار فلم ‘جاوید اقبال’ کو برطانیہ میں دو ایوارڈز مل گئے

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی فلم ’جاوید اقبال: دا ان ٹولڈ سٹوری آف آ سیریل کلر‘ نے برطانوی ایشین فیسٹیول میں دو ایوارڈز جیت لیے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق 90 کی دہائی کے لاہور کے سب سے بدنام زمانہ سیریل کلر کی حقیقی زندگی کی کہانی پر بنائی گئی فلم جاوید اقبال کو پاکستان میں پابندی کے باوجود یوکے فلم فیسٹیول میں بہترین ہدایتکاری کا ایوارڈ مل گیا۔
یاسر حسین نے فلم میں مرکزی کردار ادا کرکے یوکے فلم فیسٹیول میں بہترین اداکاری کا ایوارڈ حاصل کیا جبکہ کرائم تھرلر کے مصنف اور ہدایت کار ابو علیحہ کو بہترین ہدایت کار کا ایوارڈ ملا۔
رپورٹ کے مطابق انٹرنیٹ مووی ڈیٹا بیس پر فلم جاوید اقبال کی ریٹنگ 10 میں سے 8.4 ہے۔
فلم کے ڈائریکٹر اور پروڈیوسر نے اتوار کی رات ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’پھر ایشین یوکے فلم فیسٹول میں یاسر حسین کو جاوید اقبال پر بہترین اداکار کا ایوارڈ مل گیا اور ابوعلیحہ کو بہترین ہدایت کار کا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ یہ اس فلم کو ملنے والے پہلے ایوارڈز ہیں اور اسے دنیا کے ہر معتبر فیسٹیول میں نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا۔
فیسٹول میں فلم میں جاوید اقبال کا کردار ادا کرنے والے اداکار یاسر حسین کا کہنا تھا کہ ’آٹھ سال قبل ایک شخص میرے پاس آیا، میں ان کا نام بھول گیا ہوں۔ وہ میرے پاس ایک سکرپٹ لے کر آئے جس کا نام جاوید اقبال تھا اور وہ ایک ڈاکیومنٹری ڈرامہ بنانا چاہتے تھے اور میں نے اس کے لیے ہامی بھر لی۔‘ اداکار کا کہنا تھا کہ ’پھر وہ غائب ہوگئے۔
’پھر دو، تین سال بعد ایک اور پروڈیوسر جاوید اقبال کے سکرپٹ کے ساتھ آئے اور وہ اس پر ایک ویب سیریز بنانا چاہتے تھے۔ میں نے پھر ہامی بھرلی اور پھر وہ بھی غائب ہو گئے۔‘
یاسر حسین کا کہنا تھا کہ ’پھر تیسری مرتبہ ابوعلیحہ میرے پاس ایک بہترین سکرپٹ کے ساتھ آئے۔ میں نے ہامی بھری اور ہم نے یہ فلم کرلی۔
پاکستانی سیریل کلر پر بننے والی فلم میں اداکارہ عائشہ عمر نے ایک پولیس افسر کا کردار ادا کیا ہے اور وہ بھی اس فلم کی کامیابی پر خوش ہیں، اداکارہ نے انسٹاگرام پر ’انٹرنیٹ مووی ڈیٹا بیس‘ کا سکرین شاٹ شیئر کیا جہاں اس فلم کی ریٹنگ 10 میں سے 8.4 ہے۔
اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’اب تک صرف چند ہزار لوگوں نے یہ فلم دیکھی ہے کیونکہ اس فلم کی ریلیز کے لیے پاکستانی حکومت کی اجازت کا انتظار ہے اور اسے بس یوکے ایشین فلم فیسٹول میں افتتاحی تقریب کی فلم کے طور پر چلایا گیا ہے۔‘
یاد رہے کہ اس فلم کو رواں سال جنوری میں ریلیز کیا جانا تھا لیکن اس کی ریلیز سے صرف دو دن پہلے ہی پنجاب کی حکومت نے اس پر پابندی عائد کردی تھی جس کے بعد فلم کی نمائش کو مؤخر کر دیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ لاہور کے رہائشی جاوید اقبال کا نام 100 بچوں کے سفاک قاتل کے طور پر لیا جاتا ہے۔ اس وقت کے اخبارات اور جاوید اقبال کے اپنے اعترافی بیان کے مطابق اس نے 1998 اور 1999 کے دوران تقریباً 100 بچوں سے زیادتی کرنے کے بعد انہیں موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔

ایلون مسک کا ٹویٹر کو پیشکش کردہ رقم سے کم قیمت پر خریدنے کا عندیہ

میامی: (ویب ڈیسک) اپریل میں ٹویٹر کو خریدنے اور مئی میں خریداری کو عارضی طور روکنے کے اعلان کے بعد اسپیس ایکس اور ٹیسلا کے بانی ایلون مسک نے عندیہ دیا ہے کہ وہ مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ کو طے شدہ رقم 44 ارب ڈالرز سے کم قیمت پر خریدنا چاہتے ہیں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا کے شہر میامی میں پریس کانفرنس میں ایلون مسک نے ٹویٹر کو طے شدہ رقم سے کم قیمت میں خریدنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ 54.20 ڈالرز فی حصص کی پیشکش میں کمی خارج از امکان نہیں ۔
ایلون مسک نے طے شدہ رقم کی پیشکش میں کمی سے متعلق بتایا کہ اس کا انحصار ٹوئٹر پر جعلی اکاؤنٹس کی تعداد سمیت متعدد عناصر پر ہے اور وہ تاحال جعلی اکاؤنٹس کے حوالے سے کمپنی کی منطقی وضاحت کے منتظر ہیں۔
ٹویٹر کی خریداری میں دلچسپی لینے والے ایلون مسک نے اس بات پر حیرانی کا اظہار کیا کہ ٹوئٹر انتظامیہ جعلی اکاؤنٹس کی تعداد بتانے سے حیلے بہانے سے کام کیوں لے رہی ہیں۔ یہ ایک بہت عجیب بات ہے۔
خیال رہے کہ ٹویٹر کی خریداری پیشکش کردہ رقم سے کم میں کرنے کا عندیہ ایلون مسک نے گزشتہ دنوں ٹویٹر انتظامیہ کی جانب سے جعلی یا اسپام اکاؤنٹس کی تعداد 5 فیصد یا اس سے کچھ زیادہ ہونے کا بتانے کے بعد دیا ہے۔
ایلون مسک کے ٹویٹر کی خریداری میں بار بار بدلتے مؤقف پر ٹویٹر انتظامیہ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ممکن ہے دنیا کے امیر ترین آدمی ایلون مسک نے اپنا ارادہ تبدیل کرلیا ہو۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو ایلون مسک کو معاہدے کی خلاف ورزی پر بینک فیس ایک ارب ڈالر ادا کرنا ہوگی۔
اسی طرح ٹویٹر کی خریداری کے معاہدے کی ایک شق کے مطابق ٹویٹر ٹیسلا کے بانی کو 54.20 فی حصص کی قیمت پر کمپنی کی خریداری پر مجبور بھی کرسکتی ہے۔
واضح رہے کہ 26 اپریل کو ایلون مسک نے ٹویٹر کو 44 ارب ڈالر میں خریدنے کا معاہدے طے پانے کا اعلان کیا تھا تاہم 13 مئی کو خریداری کے عمل کو عارضی طور پر روکتے ہوئے صارفین کی تعداد 22 کروڑ 90 لاکھ میں سے 5 فیصد سے زیادہ جعلی ہونے پر اعتراض اُٹھاتے ہوئے درست اعداد و شمار بتانے کا مطالبہ تھا۔