لڑکیوں کے سیکنڈری اسکول کھولنے سے متعلق اچھی خبر جلد سنائیں گے، طالبان

کابل: (ویب ڈیسک) افغانستان میں طالبان نے لڑکیوں کے سیکنڈری اسکول کھولنے سے متعلق اچھی خبر جلد سنانے کا اعلان کردیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کو دیئے ایک انٹرویو میں افغان وزیر داخلہ سراج الدین حقانی نے بتایا کہ لڑکیوں کے سیکنڈری اسکول کھولنے سے متعلق اچھی خبر کا جلد اعلان کرینگے، انہوں نے کہا کہ ہم میں ایسا کوئی نہیں جو خواتین کی تعلیم کے خلاف ہو۔
افغان وزیر داخلہ نے کہا کہ افغانستان میں لڑکیاں پرائمری تعلیم حاصل کرنے کے لیے اسکول جا رہی ہیں البتہ ہائی اسکولنگ سسٹم میں لڑکیوں کی تعلیم جاری رکھنے کے حوالے سے میکنزم بنارہے ہیں۔
سراج الدین حقانی نے مزید کہا کہ لڑکیوں کی اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے درس گاہوں میں لباس افغان ثقافت اور اسلامی قوانین اور اصولوں کے مطابق ہی ہوگا۔
اس سے قبل رواں سال مارچ کے مہینے میں طالبان نے اسکول، کالجز کھولنے کے چند گھنٹوں بعد ہی بند کروادیئے گئے تھے۔
واضح رہے کہ اقتدار پر کنٹرول حاصل کرنے کے بعد طالبان نے خواتین سے کہا تھا کہ وہ حجاب لیں جس میں سر کو ڈھانپا جاتا ہے جبکہ چہرے کو کھلا رکھا جا سکتا ہے۔ تاہم رواں ماہ مئی کے آغاز پر طالبان کی جانب سے خواتین کو مکمل برقع اوڑھنے کی ہدایت کی گئی۔

انوشکا شرما اپنی آنے والی فلم ‘چکڑا ایکسپریس’ کیلئے کس سے ٹریننگ لے رہی ہیں؟

ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارتی اداکارہ انوشکا شرما نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اپنی آنے والی فلم چکڑا ایکسپریس کے لیے ویرات کوہلی سے بیٹنگ ٹپس لے رہی ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق اداکارہ انوشکا شرما ایک بچے کی پیدائش کے بعد اپنی نئی فلم چکڑا ایکسپریس کے ساتھ اداکاری کے میدان میں واپسی کے لیے تیار ہیں۔
ایک حالیہ انٹریو میں انوشکا شرما نے انکشاف کیا کہ وہ اپنی فلم کے لئے اپنے کرکٹر شوہر ویرات سے بیٹنگ کی تجاویز لے رہی ہیں اور ساتھ ہی انہیں اپنی کرکٹ ویڈیوز بھی دکھا رہی ہیں۔
انوشکا شرما نے کہا کہ وہ فلم میں بہترین اداکاری اور کرکٹ کھیلنے کے لئے سخت تیاری اور تربیت کر رہی ہیں کیونکہ وہ فلم میں مشہور بھارتی کرکٹر بولر جھولن گوسوامی کا کردار ادا کرنے والی ہیں۔
بھارتی میگزین سے بات کرتے ہوئے اداکارہ نے کہا کہ ویرات اور میں، میری تیاری اور پیش رفت پر تبادلہ خیال کرتے ہیں، میں ویرات کے ساتھ اپنی ویڈیوز شیئر کرتی ہوں تاکہ ان کی رائے حاصل کر سکوں، مجھے بولر کا کردار ادا کرنا ہے جس کے لئے میں اپنے کوچ کی زیادہ سُنتی ہوں جبکہ ویرات سے بیٹنگ کی ٹپس لیتی ہوں۔
خیال رہے کہ سال کے آغاز میں چکڑا ایکسپریس میں اپنی اداکاری کا اعلان کرتے ہوئے انوشکا نے ایک خصوصی نوٹ بھی لکھا تھا۔
اداکارہ نے کہا تھا، “یہ واقعی ایک خاص فلم ہے کیونکہ یہ بنیادی طور پر زبردست قربانی کی کہانی ہے۔ چکڑا ایکسپریس سابق ہندوستانی کپتان جھولن گوسوامی کی زندگی سے متاثر ہے اور یہ خواتین کرکٹ کی دنیا میں آنکھ کھولنے والی فلم ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ جب جھولن نے کرکٹر بننے اور عالمی سطح پر اپنے ملک کا نام روشن کرنے کا فیصلہ کیا، اُس وقت خواتین کے لیے اس کھیل کو کھیلنے کا سوچنا بھی بہت مشکل تھا۔
واضح رہے کہ انوشکا شرما کی مذکورہ فلم 2 فروری 2023 کو ریلیز کی جائے گی۔

ٹائیگر کے بچوں کی کتیا کے ساتھ کھیلنے اور دودھ پینے کی ویڈیو وائرل

بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین میں ٹائیگر کے بچوں کی کتیا سے محبت نے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ اپنی جانب مبذول کرالی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق چین کے چڑیا گھر میں مادہ ٹائیگر نے تین بچوں کو جنم دیا مگر جنم دیتے ہی انہیں خود سے دور کردیا اور دودھ پلانے سے بھی انکار کردیا۔
بچوں کی کمسنی کو دیکھتے ہوئے چڑیا گھر انتظامیہ نے بچوں کو لیبریڈر نسل کے کتیا کے قریب کیا، جس نے ٹائیگر کے بچوں کو فوری طور پر اپنایا اور ان کی بھوک بھی مٹائی۔
کتیا کے ساتھ بچوں کا لگاؤ اور اردگرد کھیل کود کی ویڈیو مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر ہوئی تو صارفین بھی ہکا بکا رہ گئے اور کتیا اور ٹائیگر کے بچوں کا آپس میں لگاؤ اور محبت کو قدرت کا کرشمہ قرار دیا۔
اصل ویڈیو 17 اپریل کو انسٹاگرام پر شیئر کی گئی تھی جسے 16 ہزار سے زائد مرتبہ دیکھا گیا تھا۔
ایک صارف کا کہنا تھا کہ ’بچے اپنی نئی ماں سے بہت محبت کرتے ہیں‘ جبکہ ایک اور صارف نے کہا کہ ’ٹائیگر اور کتا دو الگ الگ جانور ہیں لیکن محبت دونوں میں ایک جیسی ہے‘۔
نیشنل ٹائیگر کنزرویشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ اگر بچے کمزور ہوں، زخمی یا بیمار ہوں تو ماں انہیں چھوڑ دیتی ہے جبکہ کچھ مائیں اپنے بچوں کو اس لیے چھوڑ دیتی ہیں کیونکہ چوٹ لگنے کی وجہ سے ان میں اپنے بچوں کو فیڈ کروانے کی صلاحیت نہیں رہتی۔

ویڈیو گیمز سے بچوں کی ذہانت پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں، تحقیق

اسٹاک ہوم: (ویب ڈیسک) عموماً والدین اس بات پر ناگواری کا اظہار کرتے ہیں کہ ان کے بچے گھنٹوں تک کمپیوٹر یا ٹی وی اسکرین کے سامنے بیٹھے رہتے ہیں، کچھ والدین کو یہ فکر بھی لاحق ہوتی ہے کہ ایسا کرنا ان کے بچوں کو کند ذہن کر سکتا ہے۔
لیکن ایک نئی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ ویڈیو گیمز کا اوسط وقت سے تھوڑا زیادہ کھیلا جانا بچوں کی ذہانت بڑھانے میں مدد دے سکتا ہے۔
سوئیڈن کے کیرولِنسکا اِنسٹی ٹیوٹ کے محققین نے ایک تحقیق میں یہ مطالعہ کیا ہے کہ کس طرح امریکی بچوں کے اسکرین سے متعلق عادات کا تعلق ان کی وقت کے ساتھ ابھرتی ہوئی سمجھ بوجھ کی صلاحیت کے ساتھ ہوتا ہے۔
تحقیق میں انہیں معلوم ہوا کہ جن بچوں نے ویڈیو گیمز کھیلنے میں اوسط وقت سے زیادہ وقت گزارا ان میں اوسط وقت گزارنے والے بچوں سے زیادہ ذہانت کا اضافہ ہوا جبکہ ٹی وی دیکھنے یا سوشل میڈیا کا کوئی مثبت یا منفی اثر سامنے نہیں آیا۔
محققین کی جانب سے کی گئی اس تحقیق کے نتائج سائنٹفک رپورٹ نامی جریدے میں شائع کیے گئے ہیں۔
بچوں کی اسکرینز کے سامنے زیادہ سے زیادہ وقت صرف کرنے کی یہ عادت کس طرح ان کی صحت کو متاثر کر سکتی ہے اور آیا اس چیز کے سمجھ بوجھ کی صلاحیت پر کوئی مثبت یا منفی اثرات ہیں، یہ موضوعات ایک گرما گرم بحث ہیں۔
اس حالیہ مطالعے میں کیرولِنسکا انسٹیٹیوٹ اور ورِیژے یونیورسٹی ایمسٹرڈم کے محققین نے اسکرین پر وقت صرف کرنے کی عادات اور ذہانت کے درمیان تعلق دیکھنے کے لیے مطالعہ کیا۔
امریکا کے 9000 سے زائد لڑکے لڑکیوں نے اس تحقیق میں شرکت کی۔ نو یا دس سال کی عمر کے بچوں کی ذہنی صلاحیتوں کی پیمائش کے لیے کئی نفسیاتی ٹیسٹ لیے گئے۔
بچوں اور ان کے والدین سے یہ پوچھا گیا کہ وہ کتنا وقت ٹی وی اور ویڈیوز دیکھنے، ویڈیو گیم کھیلنے اور سوشل میڈیا پر صرف کرتے ہیں۔
دو سال بعد اس تحقیق میں شریک ہونے والے 5000 بچوں سے تھوڑی زیادہ تعداد کے بچوں کا دوبارہ جائزہ لیا گیا، جس میں ان کو وہی نفسیاتی ٹیسٹ دہرانے کے لیے کہا گیا۔
اس سے محققین کو یہ تجزیہ کرنے کا موقع ملا کہ کس طرح بچوں کی ایک ٹیسٹ کی دوسرے ٹیسٹ سے کارکردگی مختلف تھی۔

نیو انارکلی دھماکہ کیس میں اہم پیشرفت دھماکہ میں ملوث مرکزی ملزم سمیت 2ملزمان گرفتار

نیو انارکلی دھماکہ کیس میں اہم پیشرفت۔

دھماکہ میں ملوث مرکزی ملزم سمیت 2ملزمان گرفتار۔

ملزمان میں ثنا ء اللہ اور عبدالرزاق شامل ہیں۔

ملزمان کے قبضہ سے 2عدد تیار IEDاور ڈیٹونیٹر، پرائما کارڈ، ریموٹ کنٹرول اور بیٹریاں برآمد۔

دھماکہ خیز مواد برآمد ہونے پر ملزمان کے خلاف دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔

ملزمان لاہور شہر میں ایک ہی دن دو دھماکوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

ملزمان کے بلوچستان سے بذریعہ ٹرک لاہور آنے کی خفیہ اطلاع تھی۔

لاہور پہنچتے ہی ملزمان کو انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے ذریعے گرفتار کیا گیا۔

جدید ٹیکنالوجی اور فرانزک شواہد کے ذریعے دہشت گردوں کو ٹریس کر کے ان کے ناپاک ارادوں کو ناکام بنایا گیا۔

ویرات کوہلی کو کشمیر پریمئیر لیگ میں شرکت کی پیشکش

مظفر آباد: (ویب ڈیسک) کشمیر پریمئیر لیگ (کے پی ایل) کے صدر عارف ملک نے بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ویرات کوہلی کو ایونٹ میں شامل کرنے کی پیشکش کردی۔
کشمیر پریمئیر لیگ (کے پی ایل) کے صدر عارف ملک نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ لیگ میں شمولیت کے حوالے سے ویرات کوہلی کو باقاعدہ طور پر دعوت نامہ بھیج رہے ہیں اب یہ ان پر منحصر ہے کہ وہ چاہیں تو کھلاڑی کی حیثیت سے لیگ کا حصہ بنیں یا پھر بطور مہمان خصوصی میچز میں شرکت کریں۔
انہوں نے کہا کہ ہم لیگ کے ذریعے ذریعے امن کا پیغام دے رہے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ بھارتی کرکٹر بھی لیگ کا حصہ بنیں اور کرکٹ کے ذریعے دونوں جانب کشیدگی کم ہو۔
صدر کے پی ایل عارف ملک کا کہنا تھا کہ کشمیر پریمیئر لیگ کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں، پہلے سیزن کی طرح مظفرآباد اسٹیڈیم میں ہی دوسرا سیزن بھی منعقد ہوگا، کشمیر پریمیئر لیگ سیزن ٹو کا یکم اگست سے باقاعدہ آغاز کرنے جارہے ہیں، 14 اگست کو جب پاکستان کا 75 واں جشن آزادی منایا جائے تب فائنل ہوگا جو تاریخی ہوگا۔
عارف ملک کا کہنا تھا کہ کے پی ایل کیساتھ ساتھ شائقین کرکٹ کو فینٹسی لیگ بھی دیکھنے کو ملے گی جس میں مظفرآباد اور سری نگر کی ٹیمیں ورچوئلی ایک دوسرے کیساتھ کھیلتی نظر آئینگی۔
انہوں نےکہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ دونوں طرف کے لوگوں کو ملائیں تاکہ امن کا پیغام عام ہو، سیزن ٹو کی پلاننگ بہت واضح ہے لیگ کے پہلے ایک، دو سیزن میں صورتحال آئیڈیل نہیں ہوتیں لیکن دو، تین سیزن ہونے کے بعد چیزیں خود بخود بہتر سے بہتر ہوتی چلی جاتی ہیں۔

مالیاتی استحکام کی فوری ضرورت، معاشی ترقی کیلیے تجارتی خسارہ کم کرنا ہوگا، عالمی بینک

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان میں تعینات عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجی بن حسائن نے کہا ہے کہ طویل مدتی معاشی استحکام اور اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کے لیے ریونیو کو متحرک کرنے اور برآمدی مسابقت کو بہتر بنانے کے لیے ڈھانچہ جاتی اصلاحات کی ضرورت ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں ناجی بن حسائن نے مزید کہا کہ حال ہی میں عالمی بینک نے پاکستان ڈیولپمنٹ کی ششماہی اپ ڈیٹ جاری کی ہے مالی سال 2021 میں بھرپور معاشی بحالی کا تسلسل مالی سال 2021 کی پہلے ششماہی میں برقرار رہا، پھر بھی پائیدار معاشی ترقی کو معاشی ڈھانچے کے مسائل کی وجہ سے خطرات لاحق ہیں، بڑھتی ہوئی طلب کا دباؤ اور عالمی سطح پر قیمتوں میں بڑھتا ہوا اضافہ دو ہندسی افراط زر اور جولائی سے دسمبر 2021 کے درآمدی بل میں تیزی سے اضافہ جس نے بیرونی پائیداری کے خطرات اور روپے کی قدر میں کمی کے دباؤ کو مزید بڑھا دیا۔
انہوں نے کہاکہ سٹیٹ بینک نے طلب پر دباؤ کم کرنے کے لیے شرح سود میں 525 بیس پوائنٹس کا اضافہ کیا ہے تا ہم موجودہ مالیاتی سختی کو بہتر کرنے کیلئے مالیاتی استحکام کی فوری ضرورت ہے۔
ناجی بن حسائن نے کہا کہ بیس ایفیکٹ کی بنیاد پر موجودہ مالیاتی سختی اور مہنگائی میں تیزی سے مالی سال 2022 اور 2023 میں حقیقی قومی پیداوار میں بالترتیب 4.3 فیصد سے 4.0 فی صد رہنے کا امکان ہے۔مالی سال 2024 میں معاشی ترقی کا 4.2 فی صد بہتر ہونا متوقع ہے۔ اس کا انحصار مسلسل میکرو اکنامک استحکام اور مالیاتی اور بیرونی تجارتی خسارے کو کم کرنے پر ہے۔

گدوپلانٹ میں گیس ٹربائن کی خرابی سے 40 ارب کانقصان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) گدوپلانٹ میں گیس ٹربائن کی خرابی سے ملک کو 40 ارب کا نقصان ہوگیا۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے وزارت توانائی میں گدو تھرمل پاور پلانٹ میں گیس ٹربائن کی خرابی کے باعث 40 ارب نقصان کی تحقیقات کیلیے نیب اورایف آئی اے کوخط لکھ کر ریکوری کرانے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ نیب اور ایف آئی اے کوخط لکھ کرکمیٹی چیئر مین کو آگاہ کیا جائے۔
چیئرمین توانائی کمیٹی سینیٹر سیف اللہ ابڑو کی زیر صدارت قائمہ کمیٹی برائے توانائی کا اجلاس گزشتہ روزہوا۔ اجلاس میں چیئر مین کمیٹی نے گیس ٹربائن انکوائری رپورٹ پرعمل درآمدنہ ہونے کے باعث اظہار برہمی کیا اور کہا کہ پلانٹ میں گیس ٹربائن کی خرابی سے ملک کو 40 ارب کا نقصان اٹھانا پڑا۔

ایپل اور گوگل لاکھوں ایپلی کیشنز کیوں ہٹانے جارہے ہیں؟

کراچی: (ویب ڈیسک) رواں سال کے ابتداء میں ایپل اور گوگل کی جانب سے ایسے ایپلی کیشن ڈیویلپرز کو تنبیہ جاری کی گئی تھی جنہوں نے اپنی ایپلی کیشنز کو طویل مدت سے اپ ڈیٹ نہیں کیا تھا۔
متعدد رپورٹس کے مطابق ایپل کی جانب سے کچھ ڈیویلپرز کو نوٹس بھیجے گئے ہیں اور انتباہ جاری کیا گیا ہے کہ اگر انہوں نے اپنی ایپلی کیشنز کو مخصوص مدت میں اپ ڈیٹ نہیں کیا تو ان کی ایپلی کیشنز کو ایپ اسٹور سے ہٹا دیا جائے گا۔
اب ایک تجزیاتی کمپنی پِکسلیٹ کی رپورٹ کے مطابق ایپ اسٹور اور پلے اسٹور پر موجود تقریباً 30 فی صد ایپلی کیشنز پر اسٹورز سے ہٹائے جانے کی تلوار لٹک رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق گوگل پلے اسٹور اور ایپل ایپ اسٹور میں 15 لاکھ ترک شدہ ایپلی کیشنز سامنے آئیں ہیں۔دیگر الفاظ میں کہا جائے تو ان ایپلی کیشنز کو دو سالوں سے اپ ڈیٹ نہیں کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ ترک شدہ ایپلی کیشنز کا تعلق تعلیم، ریفرینس اور گیمز سے ہے جو اکثر بچوں میں مقبول ہوتی ہیں۔
ایپل پہلے کہہ چکا ہے کہ وہ ایپ اسٹور سے ان ایپلی کیشنز کو ہٹا دے گا لیکن وہ صارفین جنہوں نے یہ ایپلی کیشنز ڈاؤن لوڈ کی ہوئی ہیں، جب تک یہ ان کی ڈیوائس پر موجود ہیں ان پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
گزشتہ ماہ گوگل نے بھی ایسا ہی ایک اعلان کیا تھا جس کے مطابق وہ اپنے پلے اسٹور کے ٹارگٹ لیول اے پی آئی ضروریات کو پھیلانے جا رہا ہے۔
ان ایپلی کیشنز کو ہٹائے جانے کی وجوہات کیا ہیں؟
ایسا کرنے کی متعدد وجوہات ہیں۔ وہ ایپس جو باقاعدگی سے اپ ڈیٹ نہیں کی جاتیں، ان کے حوالے سے ہمیشہ سیکیورٹی کا خطرہ لاحق رہتا ہے۔
اس کے علاوہ اگر ڈیویلپر ایڈورٹائزرز سے ریوینیو حاصل کرنے کا خواہاں ہے تو اس کو باقاعدگی سے ایپلی کیشن اپ ڈیٹ کرتے رہنا ہوگی۔
ان ایپلی کیشنز کا ہٹایا جانا کب تک متوقع ہے؟
اپنی تنبیہی ای میل میں ایپل نے ڈیویلپرز کو اپنی ایپلی کیشنز کو اپ ڈیٹ کرنے کے لیے 30 دن کی مہلت دی تھی، ورنہ وہ ایپ اسٹور سے ہٹا دی جائیں گی۔ لہٰذا یہ بات واضح نہیں کہ ایپل ان ایپلی کیشنز کو کب اور کیسے ہٹائے گا۔
دوسری جانب گوگل نے واضح کہہ دیا ہے کہ یکم نومبر 2022 سے جو بھی اپلی کیشن اے پی آئی لیول کے دو سالوں کے زمرے میں نہیں آئے گی، وہ اینڈرائیڈ کے تازہ ترین ورژن میں انسٹال کرنے کے لیے دستیاب نہیں ہوگی۔

الیکشن کمیشن: 25 ارکان پنجاب اسمبلی کے نااہلی ریفرنسز پر فیصلہ محفوظ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن نے 25 ارکان پنجاب اسمبلی کے نااہلی ریفرنسز پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی نے پی ٹی آئی منحرف ارکان کیخلاف ریفرنس الیکشن کمیشن بھیجا تھا۔
الیکشن کمیشن میں منحرف ارکان کے خلاف سماعت ہوئی۔ بیرسٹر علی ظفر نے اپنے دلائل میں کہا کہ میڈیا اور سوشل میڈیا پی پی ٹی آئی کی پارٹی پالیسی کی تشہیر کی۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے دونوں فریقین کے دلائل سنے، منحرف ارکان نے کہا کہ انہیں یہ نہیں کہا گیا کہ پرویز الٰہی کو ووٹ نہیں دینا۔ جس پر وکیل بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ اسد عمر نے بطور پارٹی سیکریٹری جنرل تمام ارکان کو خط لکھ کر آگاہ کیا، منحرف اراکین نجی ہوٹل میں اکٹھے ہوتے رہے، 7 اپریل کو ارکان کو دوبارہ شوکاز نوٹس جاری کیے گئے۔
پاکستان تحریک انصاف نے دستاویزات کورئیر کرنے کا اوریجنل ریکارڈ الیکشن کمیشن میں جمع کرا دیا۔ علیم خان کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے نئی دستاویزات جمع کرانے پر اعتراض کیا۔ ممبر نثار درانی نے استفسار کیا اس موقع پر نیا ریکارڈ جمع کرانے کی کیا ضرورت ہے؟ جس پر وکیل فیصل چودھری نے کہا کہ پہلے فوٹو کاپیز تھیں اب اصل ریکارڈ جمع کرا رہے ہیں۔
وکیل بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ 16 اپریل کو تمام منحرف ارکان نے وزیراعلٰی کیلئے حمزہ شہباز کو ووٹ کاسٹ کیا، پی ٹی آئی منحرف ارکان کے ووٹ سے حمزہ شہباز وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہوئے، 16 اپریل کو پنجاب اسمبلی میں جو ہوا اس سے اسمبلی کا وقار کم ہوا۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ کسی رکن نے ووٹ کاسٹ کرنے سے انکار نہیں کیا۔