کھارادر کراچی میں بم دھماکا: قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے شواہد اکٹھے کرلیے

کراچی: (ویب ڈیسک) قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کھارا در کراچی میں بم دھماکے کی جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرلیے۔ جاں بحق خاتون کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔
پیر کو ہونے والے کھارا در دھماکے میں جاں بحق خاتون کی نماز جنازہ ادا کر کے مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ اہل خانہ، عزیز واقارب، اہل محلہ سمیت صوبائی وزیر سعید غنی نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔
35 سالہ ثانیہ دو بیٹے اور دو بیٹیوں کی ماں تھی۔ خاتون ڈوپٹوں کا کام کرتی تھی اسی کیلئے کپڑا لینے بیٹے کے ہمراہ گئی تھی۔ والد کے مطابق دھماکے میں بیٹی کو سینے کے قریب زخم لگا جو جان لیوا ثابت ہوا۔
صبح بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیم اور قانونی نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوعہ کا دورہ کر کے شواہد اکھٹے کئے۔ پولیس کے مطابق آئی ای ڈی ڈیوائس بم موٹرسائیکل کی ٹینکی میں نصب تھا۔ چارکلو وزنی بم میں تقریباً آدھا کلو بال بیئرنگز استعمال ہوئے۔ دھماکے کا ہدف گزرنے والی پولیس موبائل تھی۔ واقعے میں پولیس موبائل، رکشہ اور 5 موٹر سائیکلوں کو نقصان ہوا۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعلی سندھ کو فون کر کے دہشتگردوں کیخلاف کریک ڈاؤن کے حوالے سے معلومات لیں۔ شہباز شریف نے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ چیئرمین پی پی و وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو یقین دلاتا ہوں، کراچی کے امن و ترقی پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔

تحریک انصاف کا کوہاٹ میں جلسہ: آندھی اور طوفان سے تیاریاں متاثر

کوہاٹ: (ویب ڈیسک) آندھی اور طوفان سے تحریک انصاف کے کوہاٹ میں جلسے کی تیاریاں متاثر ہوگئیں۔ تیز ہواؤں سے جلسہ گاہ میں کارپٹ بکھر گئے، جھنڈے اور پوسٹر اڑ گئے۔
خیال رہے حقیقی آذادی تحریک کے سلسلے میں تحریک انصاف آج کوہاٹ میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کرے گی، جلسے کے لئے اسپورٹس کمپلیکس میں مرکزی قائدین کے لئے چالیس فٹ چوڑا اور تیس فٹ لمبا اسٹیج تیار کیا گیا ہے۔ جلسے سے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان خطاب کریں گے، جلسے کی سیکیورٹی کیلئے ایک ہزار پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔
گذشتہ روز صوابی میں پی ٹی آئی کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ہم ان چوروں، غلاموں کو کبھی تسلیم نہیں کریں گے صرف الیکشن چاہتے ہیں ہم چاہتےہیں عوام فیصلہ کریں ملک کی قیادت کون کرے گا ؟ میرے خلاف یہ سب اکھٹے ہو گئے ڈیزل اور اسٹوجز ان سب کی سیاست کا جنازہ اکھٹا نکلے گا۔

یمن میں 6 سال بعد پہلی کمرشل پرواز

یمن : (ویب ڈیسک) یمن میں قیام امن کے بعد پہلی پرواز، یمنی درالحکومت صنعا سے چھ سال بعد پہلی پرواز نے اردن کے دارالحکومت عمان کے لیے اڑان بھری۔
اس پہلی پرواز کے طیارے میں 126 مسافر سوار تھے، صنعا کا ہوائی اڈا 2016 سے کمرشل پراوزوں کے لیے بند تھا، اقوام متحدہ کی ثالثی سے ساٹھ روزہ امن معاہدہ گزشتہ ماہ ہوا تھا۔ اسی کے ایک حصہ کے طور پر یہ پہلی کمرشل پرواز چلی ہے۔
اس طیارے پر مریض اور ان کے اہل خانہ سوار تھے، جنہیں علاج کی غرض سے بیرون ملک جا رہے تھے۔ ڈیل کے تحت افتتاحی پرواز 24 اپریل کو صنعا سے عمان کے لیے طے تھی لیکن یمن کی جانب سے ضروری اجازت نامے نہ ملنے کے بعد اسے منسوخ کرنا پڑ گیا۔
یاد رہے یمن میں رمضان کے آغاز سے امن معاہدے پر عمل درآمد جاری ہے، جس سے عوام کو کافی سہولت ملی ہے۔ 2015 سے سعودی عرب اور یمنی حوثیوں میں جنگ جاری ہے، جس سے سب سے برا اثر عام عوام پر پڑا۔
اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق اس جنگ میں ڈیڑھ لاکھ سے زائد افراد ہلاک اور لاکھوں بے گھر ہو چکے ہیں۔ یمنی تنازعے کو دنیا کا بدترین انسانی بحران بھی قرار دیا جاتا رہا ہے۔

نگران حکومت کیلئے تحریک انصاف کو اعتماد میں لینا ضروری ہے: فواد چودھری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) فواد چودھری نے کہا ہے کہ نگران حکومت کیلئے تحریک انصاف کو اعتماد میں لینا ضروری ہے۔
تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ تحریک انصاف کے اعتماد کے بغیر کوئی نگران حکومت بن سکتی ہے نہ الیکشن کمیشن الیکشن کرا سکتا ہے، انتخابی عمل کا با آعتماد ہونا بھی ضروری ہے۔ انہوں نے ایک اور ٹویٹ میں کہا کہ شریف اور زرداری جن کے پیسے ڈالرز میں ہیں وہ امیر ہوگئے ہیں اور عام آدمی اور غریب ہوگیا۔

آرمی چیف کا دورہ متحدہ عرب امارات: نومنتخب صدر سے ملاقات

یواے ای: (ویب ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی متحدہ عرب امارات کے نومنتخب صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات ہوئی ہے۔
یواے ای کے سفارتخانے کے مطاق نومنتخب صدر شیخ محمد بن زید النہیان سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملاقات کی، آرمی چیف شیخ خلیفہ بن زاید ال نہیان کی وفات پرتعزیت کے لیے متحدہ عرب امارات میں موجود ہیں۔

یادگار فوٹوشوٹ کی خواہش، دلہا دلہن نے خود کو آگ لگا لی

امریکا: (ویب ڈیسک) ہر جوڑے کی خواہش ہوتی ہے کہ اس کی شادی کا ہر لمحہ یادگار ہو، جس کے لیے ہر کوئی مہینوں پلاننگ کر کے منفرد انداز اپناتے ہیں۔ خاص کر دلہا دلہن ایسا فوٹو شوٹ کرانا چاہتے ہیں، جو ان کے سمیت ہر کسی کے ذہن میں نقش ہو جائے، جس کے لیے وہ مختلف انداز کے ساتھ مختلف مقامات کا بھی انتخاب کرتے ہیں۔
لیکن آج کل ایک ایسا امریکی جوڑا سوشل میڈیا پر وائرل ہوا ہے، جس نے اپنے فوٹو شوٹ کو منفرد بنانے کے لیے خود کو ہی آگ لگا لی، چند تصاویر کے لیے خود کو آگ میں جھونکنے نے سب کو حیران و پریشان کر دیا۔
لیکن خاص بات یہ ہے کہ یہ امریکی جوڑا اسٹنٹ آرٹسٹ ہیں، جو خطرناک صورتحال کا سامنا کرنا خوب جانتے ہیں، دونوں کی ملاقات بھی اسٹنٹ پرفارم کرتے ہی ہوئی، جو شادی تک جا پہنچی۔
جوڑے نے اپنی پیشہ ورانہ تربیت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی شادی کو خود کے لیے اور وہاں موجود کئی لوگوں کے لیے ہمیشہ کے لیے یادگار بنادیا۔
اس حیران کن ویڈیو میں دلہن کے عروسی لباس سمیت اس کے ہاتھ میں موجود گلدستے میں بھی آگ لگی ہوئی ہے، جبکہ دلہے کے تھری پیس پر بھی پیچھے آگ لگی ہوئی ہے۔
اس فوٹو شوٹ کے دوران ان کے ساتھ ساتھ آگ بجھانے کا عملہ بھی موجود رہا۔

قرض پروگرام کی بحالی:حکومت اور آئی ایم ایف کے مذاکرات کل ہوں گے

لاہور: (ویب ڈیسک) قرض پروگرام کی بحالی کے لیےآئی ایم ایف اور حکومت کے درمیان پالیسی مزاکرات کل دوحا میں ہونگے۔
مزاکرات میں شرکت کیلئے وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل وفد کے ہمراہ دوحا پہنچیں گے۔مزاکرات میں قرض کی اگلی قسط کی فراہمی سے متعلق تفصیلی بات چیت کی جائے گی۔
واضح رہے پی ٹی آئی حکومت نے آئی ایم ایف سے چھ ارب ڈالر قرض کے حصول کے لیے ایک پروگرام طےکیا تھا جس میں تین ارب ڈالر ملک کو وصول ہو چکے ہیں۔
تاہم گذشتہ حکومت کی جانب سے تیل پر سبسڈی کے خاتمے اور تنخواہ دار طبقے پر مزید ٹیکس کے بارے میں واضح یقین دہانی نہ کرانے پر یہ پروگرام کچھ مہینوں سے تعطل کا شکار تھا۔
آئی ایم ایف کی جانب سے پروگرام کی بحالی کے لیے کچھ شرائط رکھی گئی ہیں جن میں ڈیزل و پیٹرول پر دی جانے والی سبسڈی کا خاتمہ، صنعتوں کے لیے ٹیکس ایمنسٹی سکیم کا خاتمہ، بجلی کے نرخوں میں اضافہ، ٹیکس وصولی کی شرح میں اضافہ اور مالیاتی خسارہ کم کر نا شامل ہیں۔
یاد رہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان نے بجلی کے نرخ میں پانچ روپے فی یونٹ کمی کے ساتھ ساتھ پیٹرول و ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں دس، دس روپے کمی کرتے ہوئے قیمتوں کو اگلے مالی سال کے بجٹ تک منجمد کر دیا تھا۔
نئی حکومت بھی پیٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی ختم کرنے کا فیصلہ نہیں کر سکی ہے۔وزارت خزانہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق باضابطہ طور پر نوٹی فکیشن جاری کیا جس کے تحت قیمتوں کو آئندہ 15 روز کے لیے برقرار رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

شمالی وزیرستان: سکیورٹی فورسز سے فائرنگ کا تبادلہ، 2 انتہائی مطلوب دہشتگرد ہلاک

وزیرستان: (ویب ڈیسک) شمالی وزیرستان کے علاقے بویا میں سکیورٹی فورسز سے فائرنگ کے تبادلے میں دو انتہائی مطلوب دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کا تعلق کالعدم ٹی ٹی پی سے تھا۔ شمالی وزیرستان کے علاقے بویا میں فورسز اور دہشتگردوں میں رات گئے فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا، جس میں انتہائی مطلوب دہشت گرد رشید عرف جابر اور عبدالسلام عرف چمٹو ہلاک ہوگئے۔
دہشتگردوں سے اسلحہ اور گولیاں بھی برآمد کرلی گئیں، دونوں دہشتگرد علاقے میں دہشتگردی کی مختلف سرگرمیوں میں مطلوب تھے۔

آرٹیکل 63 اے کی تشریح: صدارتی ریفرنس کی سماعت مکمل، فیصلہ محفوظ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ نے آرٹیکل 63 اے کی تشریح سے متعلق صدارتی ریفرنس کی سماعت مکمل کر کے فیصلہ محفوظ کرلیا۔ سپریم کورٹ کا پانچ رکنی لارجر بنچ شام ساڑھے پانچ بجے فیصلہ سنائے گا۔
سماعت کے دوران چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیئے کہ ڈیڑھ ماہ سے صدارتی ریفرنس کو سن رہے ہیں، صدارتی ریفرنس کے قابل سماعت ہونے سے معاملہ کافی آگے نکل چکا، تکنیکی معاملات پر زور نہ ڈالیں۔ اس پر اٹارنی جنرل نے کہا کہ یہ ٹیکنیکل نہیں آئینی معاملہ ہے، عدالتی آبزرویشنز سے اتفاق نہیں کرتا لیکن سر تسلیم خم کرتا ہوں۔
اٹارنی جنرل اشتراوصاف نے عدالت کو بتایا کہ آرٹیکل 63 اے کے انحراف سے رکن خود بخود ڈی سیٹ نہیں ہو جاتا، سربراہ وضاحت سے مطمئن نہ ہو تو ریفرنس بھیج سکتا ہے۔ جس پر جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ کیا انحراف کرنا امانت میں خیانت نہیں ہوگا ؟ خیانت کی ایک خوفناک سزا ہے۔

گرمی کی شدت میں اضافہ: ملک میں بجلی کا شارٹ فال 5 ہزار میگاواٹ پر پہنچ گیا

لاہور: (ویب ڈیسک) گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی بجلی کا شارٹ فال بھی بڑھنے لگا ہے۔ ملک میں بجلی کا شارٹ فال 5 ہزار میگاواٹ پر پہنچ گیا ہے۔
پاور ڈویژن ذرائع کے مطابق ملک میں بجلی کی مجموعی پیداوار 21 ہزار پانچ سو میگاواٹ اور کل طلب 26 ہزار پانچ سو میگاواٹ سے زائد ہے۔ اس وقت پن بجلی ذرائع سے بجلی کی پیداوار پانچ ہزار نوے میگاواٹ اور سرکاری تھرمل پاور پلانٹس سے نو سو ساٹھ میگاواٹ ہیں۔ شارٹ فال کے باعث ملک کے مختلف علاقوں میں 12 گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔