بالی وڈ میں کوئی اس لائق نہیں جسے گھر بلایا جائے: کنگنا رناوت

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی وڈ کوئن کنگنا رناوت نے نیا شوشہ چھوڑتے ہوئے کہا ہے کہ بالی وڈ میں کوئی شخص اس لائق نہیں جسے گھر بلایا جائے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ایک یوٹیوب چینل پر انٹرویو کے دوران جب کنگنا سے پوچھا گیا کہ بالی وڈ کی کس شخصیت کو وہ اتوار کو ظہرانے پر دعوت دیں گی، اس پر کنگنا رناوت نے کہا کہ بالی وڈ میں تو اس مہمان نوازی کے کوئی بھی لائق نہیں ۔
انہوں نے اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ انہیں گھر تو بالکل بھی مت بلاو، باہر کہیں ملو تو ٹھیک ہے۔ میرے دوست بننے کے یہ لوگ لوئق نہیں ہیں، اس کیلئے قابلیت چاہئے۔

اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی ڈبل سنچری: 200 روپے 50 پیسے پر فروخت

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستانی روپے کے مقابلے ڈالر پھر تگڑا ہو گیا، امریکی کرنسی کے ریٹ میں 2 روپے ایک پیسے کا بڑا اضافہ ہوا ہے۔
سیاسی عدم استحکام سے روپے کو رگڑا لگ گیا، انٹر بینک میں ڈالر پھر تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا، قیمت میں 2 روپے ایک پیسے کے اضافے سے ڈالر 197 روپے 75 پیسے پر ٹریڈ ہونے لگا۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر200 روپے 50 پیسے پر فروخت ہو رہا ہے۔
گذشتہ روز پہلے ہاف میں ڈالر ایک روپیہ 82 پیسے مہنگا ہوا تھا جس کے بعد انٹر بینک مارکیٹ میں پہلی بار ڈالر کا ریٹ 196 روپے 80 پیسے پر جا پہنچا تھا۔

کنڈیشنگ کیمپ کا دوسرا روز، قومی کھلاڑی نیٹ سیشنز میں ان ایکشن ہوں گے

لاہور: (ویب ڈیسک) نیشنل ہائی پرفارمنس میں کنڈیشنگ کیمپ کے دوسرے روز قومی کھلاڑی نیٹ سیشنز میں ان ایکشن ہوں گے، فاسٹ بولر وہاب ریاض بھی کیمپ کا حصہ بن گئے۔
سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کی تیاریوں کے لیے قومی ٹیم کا کنڈیشننگ کیمپ جاری ہے، قومی کھلاڑی پاور ہٹنگ، بیٹنگ اور بولنگ کی بھرپور مشقیں کر رہے ہیں۔
قومی ٹیم کا آج پریکٹس سیشن سہ پہر ساڑھے تین بجے شروع ہو گا، دوسری جانب قومی فاسٹ بولر وہاب ریاض بھی خود درخواست دے کر کیمپ کا حصہ بن گئے ہیں، انہیں کیمپ کے لیے بلائے جانے والے ساٹھ کھلاڑیوں میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔

مدھیہ پردیش میں ہندوؤں کی شرارت، مزار کے باہر بت نصب کرنے کی کوشش، حالات کشیدہ

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت میں ہندو مسلم فسادات معمول بننے لگے، ریاست مدھیہ پردیش میں انتہا پسند ہندوؤں کے مزار کے باہر بت نصب کرنے کی کوشش پر حالات کشیدہ ہو گئے۔
واقعہ نیم مچھ ضلع میں پیش آیا، جھڑپوں کے دوران پتھروں اور ڈنڈوں کا آزادانہ استعمال ہوا جس کے بعد پولیس نے آنسو گیس کے شیلز برسا دئیے۔ پرتشدد واقعات میں کئی گھروں اور پاس کھڑی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔
فورسز نے نو افراد کو حراست میں لے کرمقدمات درج کر لیے۔ واقعہ کے بعد علاقے میں کچھ دیر کیلئے کرفیو لگا دیا گیا۔

کراچی: ایم اے جناح روڈ پر کسٹم کا چھاپہ، کروڑوں روپے مالیتی آرٹیفیشل جیولری ضبط

کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی میں ایم اے جناح روڈ پر واقع آرٹیفیشل جیولری مارکیٹ کے گودام پر کسٹم نے چھاپہ مار کر کروڑوں روپے مالیت کی آرٹیفیشل جیولری قبضے میں لے لی ۔
کسٹم حکام کے مطابق کارروائی کے دوران برآمد شدہ سامان چھ ٹرکوں کے ذریعے کسٹم ہاؤس منتقل کیا گیا ۔ گودام میں نان کسٹم پیڈ سامان موجود تھا۔ دکاندار دستاویزات فراہم کر کے سامان واپس لے جا سکتے ہیں۔
تاجروں نے کسٹم کی کارروائی کیخلاف شدید احتجاج کیا اور کہا کہ دستاویزات فراہم کرنے کے باوجود چھاپہ مارا گیا، کسٹم حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی عدالتی حکم کے بعد کی گئی۔

وفاقی حکومت ایک ووٹ پر کھڑی ہے جو قائم نہیں رہے گی: شیخ رشید

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) شیخ رشید نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت ایک ووٹ پر کھڑی ہے جو قائم نہیں رہے گی، اس وقت یہ اداروں سے مدت پوری کرنے کی بھیک مانگ رہے ہیں۔
سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تکلیف کہیں اور درد کہیں اور اٹھ رہا ہے، ان سے حکومت نہیں چل رہی، یہ اس وقت بھیک مانگ رہے ہیں کہ لانگ مارچ روکا جائے، قوم عمران خان کیساتھ لانگ مارچ کیلئے نکل رہی ہے، ملتان جلسے میں عمران خان لانگ مارچ کی کال دیں گے، نگران وزیراعظم کیلئے معیشت دانوں کے انٹرویوز ہو رہے ہیں۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ یہ جتنی دیر کریں گے اتنی ہی اپنی سیاسی قبر کھودیں گے، آصف زرداری نے انہیں وہاں مارا ہے جہاں پانی نہ ملے، یہ ہنڈیا بیچ چوراہے پھوٹے گی، ایف آئی اے کو شہباز، حمزہ اور زرداری کے کیسز واپس لینے کا کہا جا رہا ہے، ایف آئی اے پراسیکیوٹر عدالتوں میں کہیں گے کہ کیس نہیں لڑنا چاہتے، 31 مئی سے پہلے فیصلے آجائیں گے، عمران خان نے سندھ الیکشن مہم خود چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

کراچی میں دہشتگردی کے بڑھتے واقعات، آئی جی سندھ کو عہدے سے ہٹا دیا گیا

کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی میں دہشتگردی کے بڑھتے واقعات کے پیش نظر سندھ میں بڑی تبدیلی کر دی گئی۔ آئی جی سندھ مشتاق مہر کو عہدے سے ہٹا دیا گیا۔
مشتاق مہر کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کا حکم دے دیا۔ چیف سیکریٹری سندھ کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ ڈاکٹر کامران فضل کو آئی جی سندھ کا عارضی چارج دے دیا گیا۔
دوسری جانب کراچی کے علاقے ماڑی پور میں سی ٹی ڈی اور حساس ادارے کی مشترکہ کارروائی میں صدر دھماکے میں ملوث ملزم ساتھی سمیت مارا گیا۔
انچارج سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک دہشتگردوں کا تعلق کالعدم علیحدگی پسند تنظیم سے ہے۔ کراچی میں حالیہ دہشتگردی کی وارداتوں میں ملوث دہشت گردوں کی تلاش میں کارروائی کی گئی۔ ہلاک دہشتگردوں میں صدر دھماکے کا مرکزی ملزم اور اسکا ساتھی شامل ہے۔
انچارج سی ٹی ڈی مظہر مشوانی کے مطابق ملزمان کی شناخت کرلی گئی ہے۔ کریمنل ریکارڈ بھی جلد حاصل کیا جائے گا۔ فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک دہشت گرد فرار ہوگیا۔

امریکا کی پاکستانی معیشت کی تعمیرِ نو کیلئے مضبوط تعاون کی پیش کش

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے گزشتہ روز امریکا پہنچنے کے چند گھنٹے بعد امریکی سیکٹریٹری اسٹیٹ انٹونی بلنکن سے ملاقات کی، اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان نے پاکستان کو ملکی معیشت کی تعمیر نو کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

 ترجمان نے واشنگٹن میں ڈان کو بتایا کہ امریکا ’ایک خوشحال اور مستحکم پاکستان کی تعمیر کے لیے سرمایہ کاری اور تجارتی مواقع بڑھانے کے طریقوں پر دوطرفہ طور پر کام جاری رکھے گا‘۔

ان کا کہنا کہ امریکا پاکستان کے ساتھ جاری بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے مذاکرات کا بھی خیر مقدم کرتا ہے۔

علاوہ واشنگٹن میں آئی ایم ایف کے ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان اور آئی ایم ایف ایک توسیعی فنڈ سہولت (ای ایف ایف) کے تحت ایک ارب ڈالر کی قسط کے اجراء کے معاہدے پر دستخط کرنے کے لیے (آج) بدھ کو دوحہ میں دوبارہ شروع کریں گے۔

ہفتہ بھر جاری رہنے والا جائزہ پاکستان کے لیے ایک موقع ہو گا کہ وہ آئی ایم ایف کو اس بات پر راضی کرے کہ وہ اپنی نقدی کی قلت سے دوچار معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے 6 ارب ڈالر کے معطل شدہ پیکج کو بحال کرسکے۔

امریکی حمایت کا عوامی اظہار پروگرام کو بحال کرنے کے لیے اسلام آباد کی کوششوں کو تقویت دے گا اور مارکیٹ میں تیزی کے رجحانات کو بھی ہموار کر سکتا ہے۔

ترجمان نے سیکریٹری انٹونی بلنکن اور بلاول بھٹو زرداری کے درمیان ملاقات کی میڈیا رپورٹس کی بھی تصدیق کی۔

امریکی عہدیدار نے کہا تھا کہ ’ہم تصدیق کرتے ہیں کہ انٹونی بلنکن اور وزیر خارجہ بھٹو زرداری ون آن ون ملاقات کریں گے اور ان کی 6 مئی کی کال کے بعد متعدد دو طرفہ خدشات کا احاطہ کریں گے‘۔

قبل ازیں وزیر خارجہ نے نیویارک میں صحافیوں کو بتایا تھا کہ وہ اقوام متحدہ میں عالمی برادری کے ساتھ مختلف مسائل پر پاکستان کا نقطہ پیش کریں گے۔

بلاول بھٹو زرداری اقوام متحدہ کے عالمی فوڈ سیکیورٹی کال فار ایکشن کے وزارتی اجلاس اور بین الاقوامی امن کی بحالی پر سلامتی کونسل کے اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں، جس میں تنازعات اور غذائی تحفظ پر توجہ دی جائے گی۔

کراچی: سی ٹی ڈی کی کارروائی، صدر دھماکے کا ملزم ساتھی سمیت مارا گیا

کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی کے علاقے ماڑی پور میں سی ٹی ڈی اور حساس ادارے کی مشترکہ کارروائی میں صدر دھماکے میں ملوث ملزم ساتھی سمیت مارا گیا۔
انچارج سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک دہشتگردوں کا تعلق کالعدم علیحدگی پسند تنظیم سے ہے۔ کراچی میں حالیہ دہشتگردی کی وارداتوں میں ملوث دہشت گردوں کی تلاش میں کارروائی کی گئی۔ ہلاک دہشتگردوں میں صدر دھماکے کا مرکزی ملزم اور اسکا ساتھی شامل ہے۔
انچارج سی ٹی ڈی مظہر مشوانی کے مطابق ملزمان کی شناخت کرلی گئی ہے۔ کریمنل ریکارڈ بھی جلد حاصل کیا جائے گا۔ فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک دہشت گرد فرار ہوگیا۔

پشاور:سرکی گیٹ کے قریب فائرنگ سے حساس ادارے کا اہلکار شہید، دوسرا زخمی

پشاور: (ویب ڈیسک) پشاور کے علاقے سرکی گیٹ کے قریب فائرنگ سے حساس ادارے کا ایک اہلکار شہید جبکہ ایک اہلکار سمیت ایک راہگیر زخمی ہو گیا۔
ابتدائی تفصیلات کے مطابق پشاور کے علاقے سرکی گیٹ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے حساس ادارے کا ایک اہلکار نجیب شہید جبکہ دوسرا اہلکار امان اللہ شدید زخمی ہو گیا۔ فائرنگ کے نتیجے میں ایک راہ گیر جنید بھی زخمی ہوا ہے جس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
نامعلوم کار سوار ملزمان فائرنگ کے بعد فرار ہو گئے، واقعے کے بعد پولیس نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر آپریشن شروع کردیا۔