تازہ تر ین

ملکی برآمدات بڑھانے میں آئی ٹی سیکٹر کا کلیدی کردار ہے، سید نوید قمر

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر نے کہا ہے کہ آئی ٹی سیکٹر ملک کے روشن مستقبل کی کنجی ہے، ملک کی برآمدات بڑھانے میں یہ سیکٹر کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔
پاکستانی سفارتخانے واشنگٹن ڈی سی میں زوم میٹنگ کے ذریعے پاک امریکن آئی ٹی شعبے سے تعلق رکھنے والے ماہرین اور کاروباری شخصیات سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ آئی ٹی سیکٹر وہ شعبہ ہے جو سہولت کاری اور درست پالیسیوں کی بدولت مستقبل قریب میں مزید تیزی سے ترقی کر سکتا ہے۔
اجلاس میں معروف آئی ٹی انٹرپرینیورز اور پروفیشنلز بشمول نوید شیروانی، محمد انور خان، نعیم رضا، جنید قریشی، علی فہد، معظم چودھری اور دیگر نے شرکت کی، ملاقات میں امریکہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان، سیکرٹری بورڈ آف انویسٹمنٹ اسد گیلانی، ڈپٹی چیف آف مشن سید نوید بخاری، ٹریڈ منسٹر عظمت محمود اور سینئر افسر بھی موجود تھے۔
شرکاء نے اجلاس کے دوران متعدد تجاویز پیش کیں جن کا مقصد ملک میں آئی ٹی سیکٹر کی ترقی کے لیے سازگار ماحول کو یقینی بنانا اور پاک امریکہ تجارتی تعلقات بالخصوص آئی ٹی اور ٹیک سیکٹر میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم بنانا ہے۔
ان تجاویز میں آئی ٹی کے کاروبار کے لیے ٹیکس نظام کو آسان بنانا، آئی ٹی پروفیشنلز کی تربیت اور استعداد کار میں اضافہ، فنڈز کی وصولی اور ترسیل کے عمل کو آسان بنانا، سکولوں اور کالجوں میں آئی ٹی مضمون متعارف کرانا، منظم بین الوزارتی رابطہ کاری اور ڈیجیٹلائزیشن کا عمل شامل ہیں۔
شرکا نے سان فرانسسکو میں ایک قونصل خانہ قائم کرنے کی تجویز بھی دی، وزیر تجارت نے ان کی تجاویز کا خیرمقدم کیا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ آئی ٹی پروفیشنلز اور ٹیک سیکٹر کو سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ ہمارا مستقبل آئی ٹی سیکٹر ہے اور اگر ہم نے آئی ٹی انڈسٹری کو سہولتیں فراہم نہیں کیں تو پاکستان کی برآمدات کو بڑھانے کا ہدف ادھورا رہے گا، ملک میں آئی ٹی اور ٹیک سیکٹر کی ترقی کی راہ میں حائل تمام رکاوٹوں کو دور کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
وزیر تجارت نے مزید کہا کہ آئی ٹی کے شعبے میں پاک امریکہ تعاون کو مضبوط بنانا پاک امریکہ تجارتی اور سرمایہ کاری فریم ورک ایگریمنٹ (ٹیفا) مذاکرات کے ایجنڈے کا حصہ ہے، انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کو بڑھانے کے لیے اعلیٰ سطحی مذاکرات سے آئی ٹی اور ٹیک سیکٹر سمیت تمام متعلقہ شعبوں میں نمایاں پیش رفت ہو گی۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain