اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ آف پاکستان نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات کے التوا سے متعلق کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے الیکشن کمیشن کا 8 اکتوبر کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔
فیصلے کے مطابق الیکشن کمیشن کو کوئی اختیار نہیں کہ وہ انتخابات میں 90 روز سے تاخیر کرے، سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کا 22 مارچ کا انتخابات ملتوی کرنے کا حکم کالعدم قرار دیتے ہوئے پنجاب کا الیکشن شیڈول کچھ ترامیم کے ساتھ بحال کردیا۔
عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ انتخابات ملتوی کرنے پر شیڈول میں 13 روز کی تاخیر ہوئی، پنجاب میں انتخابات 14 مئی کو ہوں گے جبکہ کاغذات نامزدگی 10 اپریل تک جمع کروائے جائیں گے۔
وزارت دفاع نے سپریم کورٹ کے حکم پر رپورٹ جمع کروا دی
قبل ازیں وزارت دفاع نے عدالتی حکم پر سپریم کورٹ میں تحریری رپورٹ سربمہر لفافے میں جمع کروائی جس میں پنجاب اور خیر پختنوخوا انتخابات میں فورسز کی تعیناتی کے حوالے سے تفصیلات شامل تھیں، رپورٹ میں موجودہ صورتحال پر انتخابات میں سکیورٹی کی عدم فراہمی کی وجوہات پر مبنی تفصیلات بھی شامل تھیں، وزارت دفاع کی رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد سپریم کورٹ نے اپنا فیصلہ سنانا تھا۔
الیکشن التوا کیس: سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا
