کراچی: آٹے کی قیمتوں میں اچانک اور بڑے اضافے نے عوام کی چیخیں نکلوا دی. ایک ہفتے کے دوران مختلف شہروں میں 20 کلو تھیلے کی قیمت میں 200 روپے تک اضافہ ریکارڈ ہوا۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں بنیادی اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو پر لگ گئے۔ وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ حالیہ اعداد و شمار میں بتایا گیا کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران مختلف شہروں میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 200 روپے تک کا بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ملک کے مختلف شہروں میں آٹے کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا۔ لاہور، حیدرآباد اور لاڑکانہ میں آٹے کی قیمت میں سب سے زیادہ یعنی 200 روپے تک کا اضافہ ہوا۔
لاہور میں 20 کلو تھیلے کی قیمت 1810 روپے سے بڑھ کر 2 ہزار روپے تک پہنچ گئی۔ جبکہ سرگودھا میں آٹے کا تھیلا 190 روپے اور سکھر میں 160 روپے تک مہنگا ہوا۔
بلوچستان میں آٹے کی قیمتوں میں 80 سے 90 روپے تک کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ کراچی میں آٹے کا تھیلا سب سے مہنگا یعنی 2500 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔
وفاقی دارالحکومت میں قیمت 2 ہزار 373 روپے ریکارڈ کی گئی۔ جبکہ پشاور میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 2 ہزار 350 روپے تک پہنچ گئی۔
آٹے کی قیمتوں میں اچانک اور بڑے اضافے نے غریب اور متوسط طبقے کی چیخیں نکلوا دی ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ آٹے جیسی بنیادی ضرورت کی قیمت میں ایک ہی ہفتے کے دوران اتنا بڑا اضافہ حکومتی کنٹرول اور پرائس چیکنگ میکانزم پر سوالیہ نشان ہے۔ عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ بڑھتی ہوئی قیمتوں کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔





































