پنجاب میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شدید گرمی اور ہیٹ ویو کی صورتحال برقرار رہنے کا امکان ہے، جس کے پیش نظر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) نے ہیٹ ویو الرٹ جاری کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق شمالی پنجاب میں درجہ حرارت 39 سے 43 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ جنوبی پنجاب میں 43 سے 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ خشک اور گرم موسم کے باعث گرمی کی شدت میں مزید اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے جبکہ لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، ملتان، بہاولپور اور ڈی جی خان سمیت مختلف شہروں میں شدید لو چلنے کا خدشہ ہے۔
پی ڈی ایم اے نے شہریوں، خصوصاً بچوں، بزرگوں اور خواتین کو غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز، زیادہ پانی پینے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ریسکیو 1122 اور ضلعی انتظامیہ کو بھی الرٹ رہنے کا حکم جاری کر دیا گیا ہے۔






































