لاہور (این این آئی) پنجاب میں سموگ سیزن
سے قبل آلودگی کے خلاف کارروائیاں مزید سخت کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ، اس ضمن میں ڈی جی ادارہ تحفظ ماحول پنجاب عبداللہ نیئر شیخ نے متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کر دیں ۔ انہوں نے ستھرا پنجاب اتھارٹی کو سڑکوں کی خشک صفائی فوری ترک کرنے کا حکم، مکینیکل یا گیلی صفائی یقینی بنانے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے کہا کہ خشک صفائی سے سڑکوں کی گرد و غبار دوبارہ فضا میں شامل ہوتی ہے، فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے متبادل صفائی نظام اپنایا جائے، کچرا، پتے اور دیگر فضلہ کھلے عام جلانے پر سخت پابندی، خلاف ورزی کی صورت میں کارروائی کی جائے گی۔انہوںنے زیر تعمیر سڑکوں اور عمارتوں پر ڈسٹ کنٹرول ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کا حکم، پانی کا چھڑکائو اور تعمیراتی سامان کو ڈھانپنا لازمی قرار دیا اور کہا کہ تعمیراتی منصوبوں کے اطراف ڈسٹ کنٹینمنٹ بیریئرز نصب کیے جائیں، گرد و غبار کو آبادی اور سڑکوں تک پھیلنے سے روکا جائے۔ڈسٹ کنٹرول ایس او پیز پر عملدرآمد کو تعمیراتی منصوبوں کی منظوری اور تکمیل کی شرائط کا حصہ بنانے کی تجویز دی گئی ہے ۔ ڈی جی ادارہ تحفظ ماحول پنجاب عبداللہ نیئر شیخ نے کہا کہ اسموگ سے پہلے آلودگی کے ذرائع کو کنٹرول کیا جائے، ماحولیاتی خلاف ورزیوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ترجمان ادارہ تحفظ ماحول پنجاب ساجد بشیر نے کہا کہ خشک صفائی، تعمیراتی گرد و غبار اور کچرا جلانے کے خلاف مانیٹرنگ مزید سخت کی جارہی ہے۔صاف ہوا کے لیے آلودگی کے ذرائع کو اسموگ سیزن سے پہلے ہی کنٹرول کرنا اولین ترجیح ہے۔
