لاہور (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی صاحبزادی ماہ نور صفدر کا معروف صنعت کار کے بیٹے اذان جبار کے ساتھ نکاح جاتی امرا میں ہوگیا۔اس خاندانی تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف، سربراہ مسلم لیگ ن نواز شریف اور دیگر اہم سیاسی و خاندانی شخصیات نے شرکت کی۔ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی صاحبزادی کے نکاح کی تقریب شام 5 بجے سے جاتی امرا کے مقام پر منعقد کی جا رکی گئی۔خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس خوشی کے موقع پر سادگی کو ترجیح دی گئی اور تقریب کو انتہائی محدود رکھا گیا جس میں صرف شریف خاندان کے افراد، قریبی رشتہ داروں اور عزیز و اقارب کو ہی مدعو کیا گیا تھا۔اس پرمسرت موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف خصوصی طور پر نکاح میں شرکت کے لیے جاتی امرا پہنچے۔ان کے علاوہ سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف، ماہ نور کے والد کیپٹن (ریٹائرڈ) محمد صفدر، حسن نواز اور حسین نواز بھی وہاں موجود تھے۔تقریب میں حکومتی سطح سے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے بھی شرکت کی۔خاندانی ذرائع کے مطابق ماہ نور صفدر کے جیون ساتھی اذان جبار کا تعلق ایک معروف کاروباری اور تجارتی گھرانے سے ہے۔ ان کے والد جبار خالد ملک کے نامور صنعت کار ہیں اور ان کا خاندان فلور ملز کی وسیع صنعت سے وابستہ ہے۔واضح رہے کہ یہ تقریب ایک ایسے وقت میں منعقد ہوئی ہے جب ماہ نور صفدر حال ہی میں لندن کی ایس او اے ایس یونیورسٹی سے اپنی اعلی تعلیم اور گریجویشن مکمل کر کے وطن واپس لوٹی ہیں
