کراچی (این این آئی) کراچی میں رینجرز اور پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے گینگ وار اور سٹریٹ کرائم میں ملوث
3 ملزمان کو گرفتار کرلیا، جن کے قبضے سے منشیات، اسلحہ، موٹرسائیکل اور موبائل فون برآمد ہوئے۔کیماڑی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے گینگ وار کاشف ڈاڈا گروہ کے 2 کارندوں نعمان اور شاہ میر کو گرفتار کرکے لاکھوں روپے مالیت کی منشیات برآمد کرلی۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان منشیات اور رقم کی ترسیل کے لیے ”ٹپالی” کا کوڈ ورڈ استعمال کرتے تھے اور روزانہ 4 سے 5 لاکھ روپے کی منشیات فروخت کرتے تھے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ گروہ میں خواتین بھی منشیات فروشی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں جبکہ گروہ کا سب سے کم عمر کارندہ 14 سالہ جلال ہے۔ ملزمان نے بتایا کہ کاشف ڈاڈا ایک واردات کے عوض 2 سے 3 ہزار روپے یا بعض اوقات منشیات فراہم کرتا تھا۔ دوسری جانب پاکستان رینجرز سندھ نے خفیہ اطلاع پر شیر پاؤ کالونی کے علاقے لالاباد میں کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی اور سٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث مبینہ ”شیرو گروہ” کے کارندے ارسلان شاہ ولد عبدالصمد کو گرفتار کرلیا۔
