یمن کے صوبہ تعز میں ایک مارکیٹ پر فضائی حملے کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق اور 40 زخمی ہوگئے، جن میں بچے بھی شامل ہیں۔ حوثیوں کے زیرانتظام وزارتِ صحت کے مطابق حملہ مَویہ جنکشن کے قریب مارکیٹ میں قائم تجارتی دکانوں پر ہوا۔
دوسری جانب یمن کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت نے مختلف مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ کارروائی میں اسی مقام پر موجود حوثی فوجی کیمپ اور گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ حکومت سے وابستہ تین فوجی ذرائع نے رائٹرز کو بتایا کہ حوثیوں نے حال ہی میں مارکیٹ کے قریب ایک فوجی کیمپ قائم کیا تھا۔
واقعے کی آزادانہ طور پر مکمل تصدیق نہیں ہوسکی۔ یہ حملہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب سعودی عرب اور حوثیوں کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے اور خطے میں میزائل و ڈرون حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔

