راولپنڈی (خصوصی رپورٹر) چکلالہ کینٹ بورڈ کے افسران و اہلکاروں کی مبینہ غفلت اور لاپروائی کے باعث رحیم آباد راولپنڈی میں پل کے قریب سڑک پر بہت بڑا کھڈا پڑ گیا ہے، جس کے باعث متعدد حادثات رونما ہو چکے ہیں اور کئی شہری زخمی بھی ہو چکے ہیں۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ مذکورہ کھڈا دن کے وقت بھی شہریوں کے لیے مشکلات کا باعث بنا ہوا ہے جبکہ رات کے وقت روشنی کم ہونے کے باعث اس کا اندازہ نہ ہونے سے موٹر سائیکل سوار اور گاڑیاں حادثات کا شکار ہو جاتی ہیں، جس سے شہریوں کے زخمی ہونے کے ساتھ ساتھ گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے۔ علاقہ مکینوں نے کہا کہ اگر فوری طور پر کھڈا پر نہ کیا گیا تو کسی بھی وقت بڑا حادثہ پیش آ سکتا ہے اور قیمتی انسانی جان ضائع ہونے کا خدشہ ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ چکلالہ کینٹ انتظامیہ سول آبادی کے چھوٹے چھوٹے مسائل پر بھی توجہ نہیں دیتی، حالانکہ یہی معمولی نوعیت کے مسائل شہریوں کے لیے بڑے مسائل اور حادثات کا سبب بن جاتے ہیں۔ علاقہ مکینوں کے مطابق شہری باقاعدگی سے ٹیکس ادا کرتے ہیں، اس کے باوجود بنیادی سہولیات اور سڑکوں کی مرمت پر خاطر خواہ توجہ نہیں دی جا رہی، جبکہ بعض مخصوص علاقوں میں کام فوری طور پر کر دیے جاتے ہیں۔ شہریوں نے چکلالہ کینٹ بورڈ کے اعلی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ رحیم آباد پل کے قریب سڑک پر موجود بڑے کھڈے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے اسے پر کیا جائے تاکہ مزید حادثات کا سدباب اور شہریوں کو محفوظ آمدورفت کی سہولت فراہم کی جا سکے۔ ویڈیو اور تصاویر میں بھی سڑک پر موجود کھڈے کی صورتحال اور وہاں سے گزرنے والے شہریوں کو پیش آنے والی مشکلات واضح طور پر دیکھی جا سکتی ہیں۔
