بھارتی ریاست پنجاب کے شہر امرتسر میں معروف سوشل میڈیا انفلوئنسر اور میک اپ آرٹسٹ مدھو سودن المعروف میڈ سندھو کو نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ ہفتے کی شام تقریباً 6 بجے لوہارکا روڈ پر پیش آیا، جہاں میڈ سندھو اپنی گاڑی لینے کیلئے کار واش سینٹر کے باہر موجود تھے۔ اسی دوران موٹر سائیکل سوار دو نامعلوم افراد نے ان پر فائرنگ کردی اور موقع سے فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق حملہ آوروں نے تقریباً 2 سے 3 فائر کیے، جس کے نتیجے میں میڈ سندھو شدید زخمی ہوگئے۔ انہیں فوری طور پر نجی اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
پولیس نے مقدمہ درج کرکے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں جبکہ علاقے کی سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لیا جارہا ہے تاکہ حملہ آوروں کی شناخت اور گرفتاری ممکن بنائی جاسکے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ قتل کی وجوہات تاحال واضح نہیں اور مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔
میڈ سندھو میک اپ، فیشن، لائف اسٹائل اور صنفی مسائل سے متعلق مواد کے باعث سوشل میڈیا پر خاصی مقبولیت رکھتے تھے۔ انہیں ماضی میں اپنے سوشل میڈیا مواد اور لباس کے حوالے سے تنقید اور دھمکیوں کا بھی سامنا رہا تھا، تاہم پولیس نے ان سابقہ تنازعات کو قتل کی وجہ قرار نہیں دیا اور تمام پہلوؤں کی تحقیقات جاری ہیں۔
بھارتی سوشل میڈیا انفلوئنسر میڈ سندھو فائرنگ سے قتل

