برمودا سے امریکا کے شہر بوسٹن جانے والا کینیڈین رجسٹرڈ طبی طیارہ گلف اسٹریم G100 بحرِ اوقیانوس میں دورانِ پرواز لاپتا ہوگیا۔ طیارے میں 4 کینیڈین عملے کے ارکان اور 2 برموڈین شہری سوار تھے، جن میں ایک مریض اور اس کے اہلخانہ میں سے ایک فرد شامل تھا۔
امریکی کوسٹ گارڈ کے مطابق طیارے نے برمودا کے ایل ایف ویڈ انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے بوسٹن کیلئے پرواز کی تھی، تاہم نیو یارک ایئر ٹریفک کنٹرول سے اس کا رابطہ پرواز کے تقریباً ایک گھنٹہ 45 منٹ بعد منقطع ہوگیا۔ پرواز کے دوران پائلٹ نے بجلی کے نظام میں خرابی کی اطلاع دیتے ہوئے ہنگامی صورتحال کا اعلان کیا تھا۔
ایئر ٹریفک کنٹرول کی ریکارڈنگ کے مطابق طیارے کے پائلٹ نے ممکنہ طور پر خراب موسم کے دوران طیارے کے آلات سے متعلق مشکلات کا سامنا کیا۔ فلائٹ ڈیٹا کے مطابق طیارہ تقریباً 24 ہزار فٹ کی بلندی سے چند منٹ میں 10 سے 11 ہزار فٹ تک نیچے آیا، جس کے بعد اس کا رابطہ منقطع ہوگیا۔
امریکی کوسٹ گارڈ نے طیارے کی تلاش کیلئے ہوائی اور سمندری ٹیمیں، ہیلی کاپٹر اور دیگر ریسکیو وسائل تعینات کیے۔ بعدازاں میساچوسٹس کے قریب نان ٹکٹ جزیرے کے ساحل سے طیارے کا ملبہ بھی مل گیا۔ تاہم حکام کے مطابق طیارے میں سوار چھ افراد تاحال لاپتا ہیں اور تلاش جاری ہے۔
برمودا سے بوسٹن جانے والا طبی طیارہ لاپتا، 6 افراد سوار تھے

