انڈونیشیا کے صوبے مشرقی نوسا تنگارا کے علاقے جنوب مغربی سمبا میں 5.9 شدت کا زلزلہ آیا، جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ انڈونیشیا کی موسمیاتی، آب و ہوا اور جیو فزکس ایجنسی (BMKG) کے مطابق زلزلہ اتوار کی صبح مقامی وقت کے مطابق 5 بج کر 55 منٹ پر آیا۔
زلزلے کا مرکز سمندر میں کوڈی کے جنوب مغرب سے تقریباً 59 کلومیٹر دور اور 30 کلومیٹر گہرائی میں تھا۔ کوڈی کے بعض علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے شدت سے محسوس کیے گئے اور کئی افراد خوف کے باعث گھروں سے باہر نکل آئے۔
BMKG کے مطابق زلزلے سے سونامی کا کوئی خطرہ نہیں۔ تاہم، پیرو کونڈا کے علاقے میں ایک اسلامی پرائمری اسکول اور دو گھروں سمیت بعض عمارتوں کو نقصان پہنچنے کی اطلاع ہے، جبکہ ایک شخص معمولی زخمی ہوا ہے۔
زلزلے کے بعد دو گھنٹے سے زائد عرصے میں 62 آفٹر شاکس بھی ریکارڈ کیے گئے، جن کی شدت 1.5 سے 4.3 کے درمیان رہی۔ حکام نے شہریوں کو متاثرہ اور دراڑوں والی عمارتوں سے دور رہنے اور آفٹر شاکس کے حوالے سے محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔

