لاہور(آئی این پی)پنجاب میں سبسڈیز اور سرکاری فیسوں سے متعلق پالیسی سخت کرنے کی تیاری کرلی گئی۔وفاقی محاصل میں کمی کے باعث صوبائی مالی پالیسی مزید سخت ہوگی،صوبائی محکموں کو سروسز پر فیسوں میں کمی یا چھوٹ کی تجاویز نہ دینے کی ہدایت کردی گئی۔محکمہ خزانہ کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ سروسز کی مد میں سرکاری فیس میں کمی یا معافی تجویز نہ کی جائے، تمام سرکاری محکموں کو ٹیکس اور غیر ٹیکس آمدن بڑھانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے،محکمہ خزانہ کی جانب سے کہاگیاہے کہ محکمے سروسز پر تجاویز میں فیسوں کی رعایت یا معافی شامل نہیں کریں گے۔ ذرائع کے مطابق سرکاری فیسوں، سروسز چارجز اور دیگر وصولیاں ذرائع آمدن ہیں،پنجاب حکومت رواں مالی سال میں اپنے ذرائع آمدن سے مالی ہدف پورا کرے گی،نئی شرحوں اوررعایتوں کے خاتمے کا فیصلہ متعلقہ محکموں کی تجاویز اور منظوری کے بعد ہوگا۔
