سرینگر(این این آئی)غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں قابض حکام نے ہندوؤں کے تہوار دیوالی کے موقع پر امن وامان کو برقراررکھنے کی آڑ میں نام نہاد سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے ہیں اور اس سلسلے میں اہم مقامات، شاہراہوں اور دیگر حساس مقامات پر بھارتی فورسز کی اضافی نفری تعینات کرنے کے ساتھ ساتھ نگرانی کا عمل تیز کر دیا گیا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ایک سرکاری عہدیدار نے بتایا کہ سرینگر، قاضی گنڈ، رام بن، ادھم پور، جموں، کٹھوعہ ، سانبہ اور دیگر مقامات پر سکیورٹی کے وسیع انتظامات کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اہم چوراہوں، داخلی اور خارجی راستوں اور دیگر حساس مقامات پر خصوصی چیک پوسٹیں اور ناکے قائم کیے گئے ہیں، جبکہ لوگوں اور گاڑیوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے لیے گشت میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے۔پولیس کے اسپیشل آپریشنز گروپ (ایس او جی) کے اہلکاروں کو بھی سرینگرـجموں شاہراہ پر گاڑیوں کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھنے کے لیے تعینات کیا گیا ہے۔ مقررہ چیک پوسٹوں پر گاڑیوں کو تلاشی کے لیے روکا جا رہا ہے، جبکہ مسافروں کی جامہ تلاشی اور دستاویزات کی جانچ پڑتال بھی کی جا رہی ہے۔ علاقے کی دیگر سڑکوں پر بھی اسی طرح کی چیکنگ کی کارروائیاں جاری ہیں۔
