سنچورین(ویب ڈیسک) پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان سنچورین ٹیسٹ کے تیسرے روز میزبان ٹیم کی بیٹنگ جاری ہے۔ پاکستان کی جانب سے دیے گئے 149 رنز کے ہدف کے تعاقب میں میزبان ٹیم کے اوپنرز میدان میں اترے تو دوسرے ہی اوور میں حسن علی کی گیند پر اوپننگ بلے باز ایڈن مرکرم ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔دوسری وکٹ پر ہاشم آملہ اور ڈین ایلگر نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 60 رنز بنالیے، دونوں بلے باز اب بھی کریز پر موجود ہیں اور میزبان ٹیم کا جیت کی جانب سفر گامزن ہے جب کہ پاکستان کو پہلا ٹیسٹ جیتنے کے لیے 9 وکٹیں درکار ہیں۔اس سے قبل پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 181 اور دوسری میں 190 رنز بنائے جب کہ جنوبی افریقا کی ٹیم پہلی اننگز میں 223 رنز بناسکی تھی۔ٹیسٹ کا پہلا اور دوسرا دن بولرز کے نام رہا اور دونوں دن 15،15 وکٹیں گریں۔