نیویارک : ( ویب ڈیسک ) امریکا کے سابق سٹار فٹبالر اور ہالی ووڈ ایکشن ہیرو جم براؤن87 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سابق امریکی سٹار فٹبالر نے اداکاری اور شہری حقوق کی خاطر اپنا فٹبال کیریئر جلد ختم کر دیا تھا۔ جم براؤن نے فٹبال کو اپنے کیریئر کے عروج پر خیرباد کہہ دیا تھا جس کے بعد انہوں نے اداکاری شروع کی اور وہاں بھی کامیابی کے جھنڈے گاڑے ، ہالی ووڈ سٹار نے اپنے شوبز کیرئیر میں 50 سے زیادہ فلموں اور ٹی وی پراجیکٹس میں کام کیا۔ جم کی اہلیہ مونیک نے بتایا کہ ان کا انتقال لاس اینجلس میں ان کے گھر پر ہوا اور وہ ایک بہترین ساتھی سے محروم ہو گئی ہیں۔ ان کی اہلیہ کا کہنا تھا کہ جم بہترین شوہر ، والد اور دادا تھے جو ہم سب کا بہت خیال رکھتے تھے۔ جارجیا میں پیدا ہونے والے براؤن نے 1964 میں کلیولینڈ براؤنز کو نیشنل فٹ بال لیگ ٹائٹل تک پہنچایا اور تین بار این ایف ایل کے سب سے قیمتی کھلاڑی کے طور پر منتخب ہوئے۔ ان کی اہلیہ نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں لکھا کہ دنیا کے لیے جم ایک کارکن، اداکار اور فٹبال سٹار تھے۔ واضح رہے کہ ایسوسی ایٹڈ پریس نیوز ایجنسی اور سپورٹنگ نیوز نے جم براؤن کو دو بار امریکی فٹبال کا 20 ویں صدی کا عظیم ترین کھلاڑی قرار دیا تھا۔
سابق امریکی فٹبالر جم براؤن87 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

