پشاور(آئی این پی )سابق مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے نئے صوبوں کے قیام
کے معاملے پر عوامی ریفرنڈم کا مطالبہ کردیا ۔اپنے ایک بیان میں بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ موجودہ تناظر میں نئے صوبوں کا قیام ایک آئینی تقاضا ہے، نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر ریفرنڈم کے ذریعے براہِ راست عوامی رائے معلوم کی جانی چاہیے، دنیا بھر میں اہم قومی اور عوامی معاملات پر ریفرنڈم کے ذریعے عوام کی رائے معلوم کی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کو موجودہ مسائل سے نکالنے کیلئے نئے صوبوں کا قیام اور مضبوط بلدیاتی نظام ناگزیر ہے، موجودہ اسمبلیاں اپنی ساکھ کھو چکی ہیں اور ان کی کوئی وقعت باقی نہیں رہی۔ان کا کہنا تھا کہ ملک کے سیاسی نظام پر چند خاندانوں کا قبضہ ہے، یہی چند سیاسی خاندان پاکستان کو درپیش موجودہ مسائل کے ذمہ دار ہیں۔
