پاکستانی نوجوان تائیکوانڈو کھلاڑیوں کا شاندار کارنامہ، 3 گولڈ اور 2 کانسی کے تمغے
پاکستان کے پانچ نوجوان تائیکوانڈو کھلاڑیوں نے تائیکوانڈو گرینڈ سلم یوتھ لیگ سنگاپور 2026 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر 3 طلائی اور 2 کانسی کے تمغے جیت لیے۔ یہ مقابلہ 25 اور 26 جولائی کو سنگاپور کے Our Tampines Hub میں منعقد ہوا، جس میں مختلف ممالک کے نوجوان کھلاڑیوں نے شرکت کی۔
پاکستان کی جانب سے عبدالقادر خان، وجاہت علی خان اور ارحم مناف نے اپنی اپنی کیٹیگریز میں گولڈ میڈلز حاصل کیے، جبکہ ایان معراج اور سید احمد ایاز نے کانسی کے تمغے جیتے۔ یوں پاکستان کے پانچوں کھلاڑی میڈل جیتنے میں کامیاب رہے۔
گرینڈ سلم یوتھ لیگ نوجوان کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر تجربہ حاصل کرنے اور دنیا کے مختلف ممالک کے ایتھلیٹس کے خلاف اپنی صلاحیتیں آزمانے کا موقع فراہم کرتی ہے۔ سنگاپور کا ایڈیشن اس سیریز کے ان چند مقابلوں میں شامل ہے جو چین سے باہر منعقد ہوتے ہیں۔
پاکستانی کھلاڑیوں کی اس کامیابی کو ملک کے لیے ایک حوصلہ افزا پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب نوجوان تائیکوانڈو ایتھلیٹس بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی مضبوط بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

