ایئر ٹریفک کنٹرولرز کی کمی، سڈنی ایئرپورٹ پر پروازیں منسوخ و تاخیر کا شکار
آسٹریلیا کے مصروف ترین سڈنی ایئرپورٹ پر ایئر ٹریفک کنٹرولرز کی کمی کے باعث جمعہ کی صبح فضائی آپریشن شدید متاثر ہوا، جس کے نتیجے میں متعدد پروازیں منسوخ جبکہ کئی پروازیں ایک گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار ہوئیں۔
آسٹریلیا کی فضائی ٹریفک مینجمنٹ ایجنسی Airservices Australia نے فضائی ٹریفک کو محفوظ طریقے سے منظم کرنے کے لیے عارضی فلائٹ فلو پابندیاں نافذ کیں۔ حکام کے مطابق صرف آنے والی تقریباً 14 پروازیں منسوخ ہوئیں جبکہ روانگی کی پروازیں بھی متاثر ہوئیں۔
ایئر سروسز آسٹریلیا کے ڈپٹی چیف ایگزیکٹو پیٹر کرن کے مطابق رات گئے غیر متوقع طور پر عملے کی غیر حاضری کے باعث کنٹرول ٹاور میں مطلوبہ تعداد سے ایک کنٹرولر کم رہ گیا، جس سے صبح کے اوقات میں نمایاں تاخیر ہوئی۔ سڈنی میں مجموعی طور پر 49 ایئر ٹریفک کنٹرولرز تعینات ہیں، تاہم مکمل آپریشن کے لیے 41 کی ضرورت ہے اور ان میں سے 8 طویل مدتی غیر حاضری کے باعث دستیاب نہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ عملے کی کمی کا مسئلہ گزشتہ چند ہفتوں، خصوصاً جولائی سے، مسلسل موجود ہے اور بعض اوقات صورتحال اچانک سنگین ہوجاتی ہے۔ ایئر سروسز نے مزید کنٹرولرز بھرتی کرنے اور اضافی عملے کو ضرورت کے وقت فوری طور پر دستیاب بنانے کے اقدامات شروع کر دیے ہیں۔
سڈنی ایئرپورٹ پر عملے کی کمی کا معاملہ اس وقت مزید توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے جب گزشتہ ماہ متعدد قریباً حادثاتی واقعات (near-misses) بھی رپورٹ ہوئے۔ جولائی میں دو Qantas طیارے ممکنہ ٹکراؤ کے قریب پہنچ گئے تھے، جبکہ حکام دیگر واقعات کی بھی تحقیقات کر رہے ہیں۔
تاہم حکام کے مطابق صبح 8:15 بجے فضائی ٹریفک سے متعلق عائد پابندیاں ختم کردی گئیں اور دوپہر تک پروازوں کا شیڈول بڑی حد تک معمول پر آگیا، اگرچہ صبح کے دوران معمولی تاخیر جاری رہی۔

