گوجرخان (نمائندہ خبریں) شرقی گوجرخان کے رہائشی علاقے تھاتھی سہر میں 15 سالہ محنت کش
لڑکے کو مبینہ طور پر اغوا کے بعد جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کا واقعہ سامنے آیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق، تھاتھی کے ایک سروس اسٹیشن پر کام کرنے والا کمسن لڑکا روز مرہ کی طرح کام ختم کر کے گھر لوٹ رہا تھا کہ راستے میں رکشہ سوار دو افراد نے اسے لفٹ دینے کے بہانے بٹھا لیا۔ ملزمان لڑکے کو زبردستی جاڑی گاؤں میں واقع ایک ویران مکان میں لے گئے اور اسے غیر فطری جنسی تشدد کا نشانہ بنایا لڑکے کے بروقت گھر نہ پہنچنے پر اہل خانہ نے تلاش شروع کی اور سراغ لگاتے ہوئے ویران مکان تک جا پہنچے۔ لواحقین کو اچانک سامنے دیکھ کر دونوں ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ اطلاع ملتے ہی تھانہ گوجرخان پولیس نے کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے متاثرہ لڑکے کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا۔ پولیس کے مطابق واقعے میں ملوث نامزد ملزمان نیئر خالد (سکنہ گوڑھا تھاتھی) اور شبریز کی گرفتاری کے لیے مختلف ٹھکانوں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں، جبکہ کیس کی مزید تفتیش جاری ہے
