راولپنڈی(خصوصی رپورٹر) سول جج جوڈیشل مجسٹریٹ سدر النسا نے کلرسیداں مدرسے میں تشدد سے 11 سالہ طالب علم کے قتل میں نامزد 3 مرکزی ملزمان کو جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھجوادیا ہے جبکہ عدالت سے فرار ہو کر دوبارہ گرفتار ہونے والے 3 شریک ملزمان کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دے دیا ہے گزشتہ روز جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر قاری ثنا اللہ، مجتبی اور حمزہ طیب پر مشتمل 3 مرکزی ملزمان کو عدالت میں پیش کیا گیا اس موقع پر مقتول فیضان کے وکیل وقاص کیانی ایڈووکیٹ بھی عدالت میں موجود تھے اس موقع پر پولیس نے بتایا کہ ملزمان سے تفتیش مکمل ہوچکی ہے مزید جسمانی ریمانڈ کی ضرورت نہیں ہے لہذا ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوادیا جائے جس پر عدالت نے تینوں ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیج دیا دریں اثنا مقدمے میں ضمانت خارج ہونے پر فرار ہونے والے 3 ملزمان کو بھی دوبارہ گرفتاری کے بعد عدالت پیش کیا گیا جہاں پر پولیس نے حاجی شریف، عاصم شریف اور عمران پر مشتمل 3 شریک ملزمان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے تینوں ملزمان کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر تھاںہ کلر سیداں پولیس کے حوالے کر دیا۔
