کلرکہار (نمائندہ خبریں)کلرکہار کے قریب موٹروے پر موٹروے پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں منشیات پنجاب اسمگل
کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔ کارروائی کے دوران موٹروے پولیس افسران نے دو مشکوک گاڑیوں کو روکنے کی کوشش کی، تاہم گاڑیوں میں سوار ملزمان گاڑیاں چھوڑ کر موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، موٹروے پولیس کے مطابق تلاشی کے دوران دونوں گاڑیوں سے مجموعی طور پر 155 کلوگرام افیون اور 88 کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔ ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر شبہ ہے کہ منشیات خیبر پختونخوا سے پنجاب منتقل کی جا رہی تھی۔برآمد ہونے والی منشیات اور دونوں گاڑیاں مزید قانونی کارروائی کے لیے اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کے حوالے کر دی گئی ہیں۔ کارروائی کے موقع پر موٹروے پولیس کلرکہار بیٹ کی ایڈمن ملک اسلم، اے این ایف کی میڈم شہناز اور دیگر موٹروے پولیس اہلکار موجود تھے، کارروائی کے نتیجے میں بھاری مقدار میں منشیات کی پنجاب منتقلی ناکام بنانے پر اہل علاقہ نے موٹروے پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔
