بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز نے آپریشن ردالفساد 3 (Radd-ul-Fitna 3) کے تحت کارروائیاں کرتے ہوئے 11 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائیاں پنجگور اور چاغی کے اضلاع میں کی گئیں۔ پنجگور کے علاقے گوارگو میں کارروائی کے دوران 5 دہشت گرد مارے گئے جبکہ ان کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق چاغی کے امین آباد اور سیاہ چنگ کے علاقوں میں بھی سیکیورٹی فورسز نے کارروائیاں کیں، جہاں مزید 6 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ کارروائیوں کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا جبکہ علاقوں میں کلیئرنس آپریشن جاری رہنے کی اطلاع ہے۔
سیکیورٹی ذرائع نے ہلاک ہونے والے افراد کو ریاست کی جانب سے فتنۃ الہندوستان قرار دیے جانے والے گروپ سے وابستہ دہشت گرد قرار دیا ہے۔ یہ اصطلاح پاکستانی حکام بلوچستان میں سرگرم مسلح گروہوں کے لیے استعمال کرتے ہیں۔
سیکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں جاری ہیں۔

